قارئین! آج سے چند سال پہلے مجھے ایک وظیفہ ملا کہ سورۂ فتح کی آیت نمبر 27 روزانہ تین مرتبہ صبح و شام اول و آخر درودشریف پڑھنا ہے۔ میں عمرہ کی نیت سے یہ عمل کرنا شروع کردیا۔ اللہ نے غیب سے اسباب پیدا فرمائے۔ اللہ نے نہایت سہولت کے ساتھ عمرہ کروایا‘ اپنے حبیب ﷺ کے در کی حاضری نصیب کروائی۔ یہ تو تھی فضیلت قرآن کی سورۂ الفتح کی آیت نمبر 27 کی۔ بار بار سفر حج پر جانے کے خواہش مند: اب جو وظیفہ مکہ شریف غار حرا سے ملا کہ بار بار حج و عمرہ کریں‘ اللہ تعالیٰ اپنے پیارے محبوب ﷺ کے صدقے سے سبب بنائیں گے وہ ملاحظہ فرمائیں۔ جو عازمین حج یعنی حاجی یا عمرہ کرنے والا اپنی شہادت کی انگلی سے بغیر سیاہی حرم کعبہ یا حرم مسجد نبوی ﷺ کی کسی بھی دیوار پر قرآن شریف کے بیسویں پارے کی سورۂ القصص کی پچاسویں آیت لکھے، لکھتے ہوئے نیت اور دعا بھی کرے کہ اللہ مجھے بار بار حج و عمرہ کی سعادت نصیب کرے۔ آیت یہ ہے:۔ ۔بندہ نے ایک نہیں متعدد حاجیوں اور عمرہ کرنے والوں سے تصدیق کی۔ اکثر نے بتایا کہ سوفیصد ایسا ہی ہے۔ حق اور سچ ہے۔ ایک حاجی تو بتارہے تھے کہ مجھے چھٹا سال ہے ہر سال ایسا ہی کرتا ہوں تو حج بھی اور عمرہ بھی کرلیتا ہوں۔ میرے سفر حج کرنے والوں کو چندمفید مشورے: جب ہم غیرملکی سفر کرتے ہیں تو عموماً سفر میں ہوا اور موسم کی تبدیلی یا ایئرکنڈیشن کے استعمال سے نزلہ، زکام، گلے پڑنا، کھانسی کا ہوجانا عام سی بات ہے۔ اس کیلئے بھی اللہ عزوجل کی لاریب کتاب قرآن شریف ہی پڑھیں۔ اس مرض سے چھٹکارے کیلئے سورۂ یٰسین کی آیت نمبر 77 آدھے گلاس پانی پر سات مرتبہ پڑھ کر دم کریں اول وآخردرود شریف بھی پڑھیں اور یہ پانی پی لیں۔ انشاء اللہ کسی میڈیسن کی ضرورت نہ رہے گی۔ جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ایک وقت میں عام دنوں میں (حج کےعلاوہ) تقریباً لاکھوں لوگ عمرہ یا زیارت مسجد نبوی روضہ رسول ﷺ پر حاضر ہوتے ہیں۔ عموماً زائرین اپنی فیملی کے ساتھ تشریف لاتے ہیں‘ زیادہ رش ہونے کی وجہ سے یا مغالطے میں آگے پیچھے ہوجانا‘ گم ہوجانا عام سی بات ہے۔ پردیس میں گم ہوجانا معمولی بات نہیں‘ بہت بڑی پریشانی ہوتی ہےتب بھی اللہ تعالیٰ سےرجوع کریں اس کیلئے گھبرائیں نہیں قرآن شریف کے تیسویں پارے کی سورۂ کوثر سات مرتبہ پڑھیں۔ انشاء اللہ مطلوب بندہ آپ کو مل جائے گا۔ ایسے ہی بعض اوقات سواری کی تلاش ہوتی ہے نہیں ملتی تب بھی سورۂ کوثر سات مرتبہ پڑھیں سواری جلد مل جائے گی۔ بعض اوقات حرم شریف سے نماز پڑھ کر باہر اپنے ہوٹل پر جانا ہوتا ہے تولاکھوں زائرین یکدم باہر نکلتے ہیں یا چند سو میٹر دور ہوٹل تک سفر کرنے میں پیدل یا سواری کےذریعے گھنٹوں لگ جاتے ہیں ایسے میں بھی اللہ تعالیٰ سے رجوع کریں۔ قرآن شریف کی تیسویں پارے کی سورۃ القریش کثرت سے پڑھیں انشاء اللہ آپ کا مطلوبہ راستہ ایسا کشادہ اور کھلا ہوجائے گا جیسا کسی سکیورٹی پارٹی نے حاکم کیلئے راستہ کھلا کشادہ کرایا ہو اور آپ آسانی سے اپنی مطلوبہ رہائش پر پہنچ جائیں گے یا حرم شریف پہنچ جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ کا شکرانہ پڑھیں۔ اگر خدانخواستہ کسی زائر کو دل کا عارضہ ہے‘ والو بند ہیں‘ شریان بند ہے‘ دل بڑھ گیا ہے‘ دل میں سوراخ ہے تو بھی اپنے پیدا کرنے والے رحمٰن ہی کی ثنا کریں۔ ایسا مریض پیدا نہیں چل سکتا‘ دل میں درد، انجائن پن ہوتا ہے‘ دل گھبراتا ہے‘ سانس چڑھ جاتا ہے‘ ایک قدم بھی چلنا محال ہوجاتا ہے تو سبحان اللہ وبحمدہ ایک سو گیارہ بار پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرے اور اپنے دل پر پھیرے انشاء اللہ تعالیٰ فوراً اللہ شافی شفا فرمائیں گے۔مقدس مقامات پہاڑوں میں واقع ہیں ظاہر ہے پہاڑوں پر اوپر بھی چڑھنا ہے اور نیچے بھی اترنا ہے تو ہر وقت اللہ عزوجل اور اس کے پیارے حبیب ﷺ کی اتباع کو دل و جان سے کریں۔ یعنی بلندی پر چڑھتے ہوئے اللہ اکبر پڑھیں اور نیچے اترتے ہوئے سبحان اللہ کہتے رہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کا ارشاد جس نے میری ایک سنت کو زندہ کیا وہ ایک سو شہیدوں کا ثواب پائے گا۔ ہر وضو میں مسواک شریف کو لازم قرار دے تو بہت پیاری بلکہ تمام انبیاء علیہ السلام کی سنت ہے۔ یعنی اس کو تمام انبیاء کی سنت ادائیگی کا ثواب ملے گا۔ویسے تو مسواک کے لاتعداد فوائد ہیںمگر میں یہاں ایک بتاتا چلوں جس کے پاس مسواک ہوگی اگر اس کاایکسیڈنٹ ہوجائے تو اس کی ہڈی نہیں ٹوٹے گی۔ ایسے ہی جس کسی کو چھینک آئے اور وہ الحمدللہ رب العالمین علی کل حال پڑھے تو اسے کبھی دانت اور کان میں درد نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو اپنےاور پیارے حبیب ﷺ کے پیارے پیارے گھروں کی بار بار حاضری نصیب فرمائے۔ (ڈاکٹر الطاف حسین خان یوسفزئی‘ ملتان)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں