Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

میں نے’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ سے کیا فیض پایا...؟ حصہ3

ماہنامہ عبقری - جولائی 2014ء

موتی مسجد میں جنات نے مجھ سے بات کی
(عظمیٰ سعید)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میری دعا ہے کہ آپ جیسے انسانیت کے خدمت گاروں کو اللہ تعالیٰ لمبی عمر عطا فرمائے تاکہ لوگوں کے سالوں کے بگڑےہوئے کام دنوں میں سنور جائیں۔ آمین!میں آپ کا رسالہ تقریباً چار سال سے پڑھ رہی ہوں اس سے بہترین رسالہ عملیات اور نسخہ جات میں میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ خاص کر رسالے میں موجود مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست ‘‘ کی تو کیا ہی بات ہے۔
 میں کچھ دن پہلےاپنی دو مرادیں لے کر موتی مسجد گئی تھی۔  مجھے پرہیزگار مخلوقات کو دیکھنے کا شوق تھا تو اپنی مراد کے ساتھ ساتھ میں نے مخلوقات کو دیکھنے کیلئے دعا کی۔ جیسے ہی میں نے نوافل ادا کرکے سلام پھیرا۔ مجھے لگا کہ میرے ذہن میں کچھ آوازیں آنے لگیں ہیں۔ وہ آوازیں کہہ رہی ہیں کہ ہم تمہیں نظرآجائیں گے لیکن تم کسی کو بتاؤگی نہیں۔ کسی حال میں نہیں‘ مجھے لگا کہ اگر میرے منہ سے زندگی میں کبھی سچ یعنی یہ بات نکل گئی تو ہوسکتا ہے کہ میرے والدین یا بہنوں میں سے کسی کو نقصان پہنچ جائے تو میں نے اپنے ذہن میں ہی کہہ دیا کہ میں آپ لوگوں کو دیکھنا نہیں چاہتی۔
اس کے تھوڑی دیر بعد حضرت حکیم صاحب وہاں تشریف لے آئے‘ وہ اتوار کا دن تھا۔ مجھے تھوڑی ڈھارس بندھی کہ حکیم صاحب! بھی وہاں تشریف لے آئے ہیں۔ آپ نے وہاں آکر دعا کرائی اور دونفل والی دعا کا بھی کہا اور دعا میں
رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ(بقرہ127) وَتُبْ عَلَیْنَا اِنَّکَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ(بقرہ128) والی آیت کو پڑھنے کا کہا تھا۔ البتہ درس میں آنے اور موتی مسجد میں جاکر نوافل پڑھنے کی برکت ہے کہ مجھے اب اپنا آپ بہت ہلکا پھلکا محسوس ہوتا ہے۔
ہر اٹکا کام ہوجائے
(پوشیدہ‘ فیصل آباد)
محترم جناب حکیم صاحب السلام علیکم! عرض خدمت یوں ہے کہ آپ کا رسالہ ’’عبقری‘‘ گزشتہ چار ماہ سے میرے زیر مطالعہ ہے یہ ہمارے ہمسائیوں کے توسط سے مجھے ملا جب پڑھا تو آنکھیں کھل گئیں اور مجھے افسوس ہوا کہ اتنے اچھے اور پاکیزہ رسالہ سے پہلے کیوں محروم رہے۔ میں نےاس سے بہت فیض حاصل کیا۔ سب سے پہلے میں شکریہ ادا کرتی ہوں علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا کہ ان کے مضمون میں بتائی ہوئی آیت وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی ﴿والضحیٰ۵﴾  کثرت سے پڑھی‘ رزلٹ بہت ہی اچھا پایا۔ میرے بہت سے مسائل اوراٹکے ہوئے کام اس وظیفے کی وجہ سے ہوئے‘ گھر میں سکون اور برکت آگئی ہے۔ اس کے علاوہ میں نے علامہ صاحب کا ہی وظیفہ یَاقَھَّارُ بھی بہت کثرت سے پڑھا جس کی وجہ سے مجھے جو بھی مشکل پیش آتی ہے اللہ کے حکم سے حل ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ میں نے عبقری رسالے میں سورۂ انعام کی آیت فَقُطِعَ دَابِرُ الْقَوْمِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْاوَ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ ﴿الانعام۴۵﴾ کو آزمایا لاجواب پایا۔ یعنی جب بھی کسی بات پر لڑائی جھگڑا شروع ہوا‘ خاموشی سےا کیس مرتبہ پڑھ لیا جھگڑا منٹوں میں ختم گویا ہوا ہی نہیں۔ الحمدللہ! پھر جب کوئی کام اٹک جائے مثلاً سلائی مشین چلتے چلتے رک جائے یاموٹرسائیکل اچانک خراب ہوجائے غرضیکہ کسی کام میں بھی رکاوٹ ہو تین‘ پانچ‘ سات یا اکیس مرتبہ پڑھا‘ کام سدھر گیا۔ سبحان اللہ! اس کے علاوہ آٹا گوندھتےوقت یا جب گھر میں راشن آئے‘ آٹا پس کر آئے‘ بازار سے سبزی گھر میں آئے‘ پانی کا کین آئے اسمائے حسنہ یَاقَادِرُ یَانَافِعُ 40 بار پڑھ کر دم کرلیا‘ بفضل خدا کام احسن طریق سے ہوگیا۔
جنات کے رونے کی آوازیں
(مسزآصف)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری رسالہ پیچھے دو سال سے پڑھ رہی ہوں۔ خاص کر پچھلے سال جون کا خاص شمارہ پڑھا تو پتہ چلا کہ لوگوں کو ’’جنات کے پیدائشی دوست‘‘ سے کتنا فیض مل رہا ہے۔ میں نے جب یَاقَھَّارُ کے فوائد پڑھے تو میرے دل میں بھی خیال آیا کہ میں بھی اپنی پریشانیوں کے حل کیلئے یَاقَھَّارُ پڑھوں۔ میں نے صبح و شام گیارہ تسبیح اور کبھی ایک ہی بار میں بائیس تسبیح پڑھنا شروع کردیا۔ جیسے ہی میں نے پڑھنا شروع کیا مجھے ہروقت ڈر لگنا شروع ہوگیا۔رات کے وقت مجھے اپنے کمرے سے باقاعدہ جاگتے ہوئے رونے کی آوازیں آتیں اور جیسے مجھے کوئی کہہ رہا ہو کہ یہ نہ پڑھو۔ایک مرتبہ میں یَاقَھَّارُ پڑھتے پڑھتے سوگئی‘ جسم پر بہت زیادہ دباؤ پڑگیا۔ میں بڑی مشکل سے یَاقَھَّارُ پڑھتی رہی اور اچانک دیکھا کہ جیسے میں قبر میں ہوں‘ گلاب کے پھول میرے اوپر ہیں اچانک قبر میں ایک اور میت آئی اس نے مجھ سے کہا ڈرو نہیں باہر کی دنیا الگ ہے یہاں اچھےلوگوں کیلئے اچھی جگہ ہے۔ پھر میری آنکھ کھل گئی۔
چھوٹے سے وظیفے کے کمال
(ایک بہن‘ ہری پور ہزارہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! عبقری رسالہ میں پچھلے تین سال سے پڑھ رہی ہوں‘ اس رسالے نے میرے بہت طبی ‘ نفسیاتی اورروحانی مسائل حل کیے ہیں۔مجھے یہ رسالہ بہت پسند ہے خاص کر اس میں موجود مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ تو میں سب سےپہلے پڑھتی ہوں۔ اس مضمون میں ایک دفعہ سورۂ تکویر کی آیت ایک تاچار کا وظیفہ چھپا جو کہ طاق اعداد میں صبح و شام یا دن میں کئی مرتبہ بھی پڑھ سکتے ہیں تین دفعہ‘ سات دفعہ‘ گیارہ  دفعہ ۔میں نے یہ وظیفہ کیا تو اس سے میرے اتنےبڑے اور چھوٹے مسائل حل ہوئے کہ میں حیران رہ گئی‘ اب بھی میں یہی پڑھ رہی ہوں۔میں نےبہت مختصر لکھا ہے ‘ اگر میں یہ لکھنے بیٹھ جاؤں کہ کیا کیا مسئلے حل ہوئے ہیں تو ایک چھوٹا کتابچہ بن جائے۔میں اب بھی حیران ہوتی ہوں کہ چھوٹے سے وظیفے نے کیا کیا کمال کردکھائے۔
یَاقَھَّارُ اور جن سے لڑائی
(توقیر غفار‘ فیصل آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو خیریت سے رکھے اور آپ کا سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم رہے۔ میں عبقری رسالہ 2012ء سے ہر ماہ لے رہا ہوں اور خوب مطالعہ کرتا ہوں۔ خاص کر علامہ لاہوتی پراسراری کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ تو میرا پسندیدہ مضمون ہے۔ اس میں موجود وظائف کرتا رہتا ہوں‘ خاص کر وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی﴿والضحیٰ۵﴾  ہروقت پڑھتا رہتا ہوں اور یَاقَھَّارُ کی تسبیح صبح و شام کرتا ہوں ۔ ایک مرتبہ خواب میں ایک جن سے لڑائی ہوئی کہنے لگا کہ تم یہ وظیفہ پڑھنا چھوڑ دو مگر میں نے پڑھائی جاری رکھی جس سے میرے بہت سے مسائل حل ہورہے ہیں۔اس میں برکت ہی برکت ہے۔ یَاقَھَّارُ  کا وظیفہ میں نے جس کو بھی بتایا اس کو فائدہ ہوا۔
موتی مسجد سے موتی ملے
(اسماء خالد‘ واہ کینٹ)
محترم و مکرم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی امان میں رکھے اور آپ بخیرو عافیت ہوں۔ محترم حکیم صاحب! میں تو بہت بھٹکی ہوئی تھی پر آپ کے رسالہ عبقری  اور درس نے میرا اللہ کی طرف رجوع کردیا ہے۔ میں بھی اللہ کی معرفت چاہتی ہوں۔ میں رسالہ میںعلامہ لاہوتی پراسراری کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں۔ اس میں سے موتی مسجد کا عمل پڑھ کر میں موتی مسجد میں نفل ادا کرنے گئی۔ جب میں واپسی پر موتی مسجد کے دروازے پر کھڑی تھی تو اچانک چھ عدد موتی نمودار ہوئے اور میں نے وہ موتی اٹھا لیے۔ وہ موتی اب بھی میرے پاس ہیں۔
 ہفتہ میںکئی سال کا بیمار صحت یاب
(منزہ لطیف‘ رحیم یارخان)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! 2009ء سے ہمارے گھر عبقری آرہا ہے‘ میری امی بہت شوق سے پڑھتی ہیں‘ میں اُن سے سنتی تھی‘ خود کبھی کبھی پڑھ لیتی تھی‘ اچھا لگتا تھا۔ مگر جب سے علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون آیا ہے‘ بہت دلچسپی ہوگئی ہے‘ ہم نے کتاب منگوائی اور میں نے پوری کتاب پڑھ لی ہے۔ میں اب عبقری کافی مہینوں سے سارا پڑھتی ہوں‘ بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ میری امی اور میں آپ کے بتائے ہوئے اعمال کرتے ہیں۔علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا یَاقَھَّارُ  کا وظیفہ کررہی ہوں اس وظیفے کے کرنے سے مجھے ایک ہفتے میں ہی فرق پڑگیا ہے۔ اس سے پہلے میں کئی سالوں سے بیمار ہوں اور ادویات کھارہی ہوں۔ مگر اب میری طبیعت کافی بہتر ہے۔اللہ تعالیٰ علامہ لاہوتی پراسراری اور آپ کے درجات بلند فرمائے‘ اللہ تعالیٰ کے بعد آپ میری آخری امید ہیں اللہ نے آپ کو میری شفا کا وسیلہ بنایا ہے۔ میری بہت ساری دلی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
موتی مسجد میں خوشبو
(فرزانہ خلیل احمد‘ لالہ موسیٰ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! خدا آپ کو خوش رکھے۔ آپ کے بارے میں کچھ نہ کہنا آپ کی حق تلفی ہوگی۔ آپ نے صحیح سمت قدم اٹھایا ہے۔ رسالہ عبقری دو سال سے پڑھ رہی ہوں۔ اس نے واقعی لوگوں کی زندگی بدل دی ہے۔ اللہ آپ کو لمبی عمر عطا فرمائے آمین۔ عبقری رسالہ میں موجود ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موجود موتی مسجد کا عمل پڑھا۔ میں اور میری چھوٹی بیٹی موتی مسجد میں گئے۔ علامہ لاہوتی پراسراری کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق نفل ادا کیے۔ نفل ادا کرتے ہوئے مجھے تین بار بہت ہی پیاری خوشبو محسوس ہوئی‘ نفل اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد مجھے اور میری بیٹی کو جائے نماز سے دو عدد خوبصورت موتی بھی ملے جو کہ ہم نے اٹھالیے۔ اس کے بعد رات کو خواب میں کچھ اجنبی لوگوں نے مجھے کلمہ کا نصاب پڑھنے کی تلقین کی۔ میں نے اسی دن سے کلمہ کا نصاب شروع کردیا۔ اس کے علاوہ میں اپنے لیے یَاقَھَّارُ کی گیارہ گیارہ تسبیح صبح و شام پڑھتی ہوں۔ میری تکلیف اب پہلے سے بہت بہتر ہے۔ مجھے بہت سکون ہے۔
بے روزگار کو روزگار ملا
(ڈاکٹر مہناز اکبر ہمدانی)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ رب العزت آپ کو صحت کاملہ سے نوازے اور آپ کا سایہ ہمارے سر پر قائم رکھے۔ میں عبقری میں موجود وظائف اکثر کرتی رہتی ہوں اور بھرپور فائدہ پاتی ہوں۔ خاص طور پر ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں موجود وظائف سے میں نے بہت کچھ پایا ہے۔ علامہ لاہوتی پراسراری صاحب نے اپنے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں جولائی 2013ء کے رمضان والے شمارے میں سحری و افطاری کے وقت اول و آخر ایک مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 دفعہ  بِیَدِکَ الْخَیْرُ اِنَّکَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ﴿آل عمران۲۶﴾ والا عمل شائع ہوا تھا۔میرا ایک بھائی اور میرے بہنوئی دونوں بیروزگار تھے جس کی وجہ سے دونوں گھروں میں بہت زیادہ پریشانی تھی۔ وہ وظیفہ ہم سب گھر والوں نے رمضان میں اول روزے سے آخری تک کیا تھا۔ اس کا ہم سب کو بہت فائدہ ہوا ہے۔ میرے بھائی کورمضان میں ہی نوکری مل گئی اور  میرے بہنوئی کو بھی نوکری رمضان کریم میں ہی مل گئی۔ الحمدللہ دونوں گھروں کا سب سے بڑا مسئلہ حل ہوگیا۔
پیدائشی دوست نے گھر آباد کردئیے
(سید اللہ قادری‘ کوٹری)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا عبقری رسالہ 2009ء سے پڑھ رہا ہوں۔ علامہ لاہوتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے انمول وظائف میںفِیْ سَمِّ الْخِیَاطِ (اعراف40) اور وَاللہُ اَشَدُّ بَاْسًا وَّاَشَدُّ تَنْکِیْلًا (النساء 84)اور بہت سے ورد کیے ہیں۔ جس سے مجھے بہت فائدہ ہوا ہے۔ میں نے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کتاب جلد اول کا مطالعہ کیا بہت ہی اچھی کتاب ہے۔ اس میں سے وظائف لے لے کر میں نے لوگوں کو دئیے جس کی وجہ سے بہت سے گھر آباد ہوئے اور خاص کر اس ایک آیت وَاللہُ اَشَدُّ بَاْسًا وَّاَشَدُّ تَنْکِیْلًا(النساء 84) نے تو مجھے حیران ہی کردیا۔ میری بیوی کو کینسر ہوگیا تھا میں یہی آیت پڑھتا رہا جس سے میری بیوی کو بہت فرق پڑا۔آیت فِیْ سَمِّ الْخِیَاطِ(اعراف40)کے شمسی مؤکلات سامنے آئے‘شمسی مؤکلات میرے بہت کام آئے ہیں میں ان کا شکریہ ادا کرتا رہوں گا۔
یَاقَھَّارُاور خوفناک چڑیل
(م،خ۔ اسلام آباد)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری پچھلے چند سالوں سے پڑھ رہی ہوں اور ساتھ عبقری دواخانہ کی ادویات بھی استعمال کررہی ہوں ۔ ویسے تو ماہنامہ عبقری سارے کا سارا بہت اچھا ہے لیکن ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کی تو کیا ہی بات ہے۔اس میں موجود وظائف سے مجھے میری ہر پریشانی کا حل مل جاتا ہے۔میری بہن نے ایک رات خواب میں دیکھا کہ کوئی کہتا ہے کہ تم پر جادو ہے(یعنی میری بہن پر) میری اسی بہن نے ایک اور خواب دیکھا کہ ایک لمبے بالوں والی چڑیل ہے جو بہت ہی خوفناک ہے‘ اس کے اوپر بیٹھی ہوئی ہے اور اس پر چٹکیاں کاٹ رہی ہے۔ میری امی خواب میں ہی میری بہن کو کہتی ہیں کہ یَاقَھَّارُ پڑھو اور جب میری بہن خواب میں یَاقَھَّارُ کا ذکر کرتی ہے تو وہ چڑیل اور بھی سخت چٹکی کاٹتی ہے۔ اتنے میں میری بہن جاگ جاتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ میں جاگی مجھے محسوس ہوا کہ کوئی بھاری چیز میرے اوپر سے اترگئی ہے۔ یَاقَھَّارُ کے بارے میں میری امی نے عبقری میں ہی پڑھا اوراس دوران وہ یہ وظیفے کا ذکر بھی کررہی تھیں لیکن اس بات کا ذکر انہوں نے ہم بہنوں سے نہیں کیا تھا۔ جب میری بہن نے خواب کا بتایا پھر میری امی نے کہا کہ میں نے یہ وظیفہ شروع کیا ہوا ہے آپ بھی پڑھیں۔ الحمدللہ اس کے بعد کسی چیز نے ہمیں تنگ نہیں کیا اور ہماری بہت سی پریشانیوں سے نجات ملی۔
یَاقَھَّارُ سے بدبو کا خاتمہ
(ٹ،ش)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!مجھے عبقری رسالہ بہت پسند ہے۔اس میں موجود مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بہت پسند ہے۔ اس میں یَاقَھَّارُ کا وظیفہ ہم سب گھر والے کررہے ہیں اور مشکلا ت سے نجات پارہے ہیں۔ ہم جس گھر میں رہتے ہیں وہاں درخت ہیں اور ان درختوں پر چیلوں کا بسیرا بھی جو بہت ہی گندے کپڑے لاکر ہمارے گھر میں پھینکتی ہیں اور بہت عجیب وغریب آوازیں نکالتی ہیں اور اکثر و بیشتر ایسی شدید بدبو آتی ہے کہ دماغ پھٹنے لگتا ہے۔ مگر جب سے ہم نے یَاقَھَّارُ کا ورد شروع کیا ہے بدبو بالکل ہی ختم ہوگئی ہے۔ اب تو ہم نےیَاقَھَّارُ کے ساتھ کلمہ طیبہ کا ورد بھی شروع کردیا ہے جس سے ہمیں بہت فائدہ ہورہا ہے۔اللہ پاک علامہ لاہوتی پراسراری صاحب اور حکیم صاحب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین!
   سورۂ اخلاص کے عمل نے رنگ دیا
(ا۔ص)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! سب سے پہلے تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے۔ آمین!دوسال قبل ہماری فیکٹری میں اخبار والا کھڑا تھا اس کے پاس عبقری دیکھا‘ وہ میں نے خرید لیا۔ یقین کریں اتنا اچھا لگا کہ دو سال سے ہر ماہ عبقری خرید رہا ہوں۔ میں اور میرے سارے گھر والے پڑھ رہے ہیں۔ پھر میں نے عبقری میں سے وظائف شروع کیے اور پڑھتا رہا۔ میں نے کچھ عرصہ پہلے ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں سے سورۂ اخلاص والا وظیفہ پڑھنا شروع کیا۔ اس کے بہت زیادہ کمالات دیکھے‘ اللہ نے مجھے بہت ساری برائیوں سے بچایا۔
ایک دفعہ میرے بیوی بچے گاؤں گئے ہوئے تھے اور میں گھر میں اکیلا تھا۔ ہمارے پڑوس سے ایک خاتون ہمارے گھر پانی لینے کیلئے آئی۔ ہم نے گھر میں بور کروایا ہوا ہے ہمارے علاقے میں پانی کا بہت مسئلہ ہے۔ وہ عورت گھر پر آئی جب اسے پتہ چلا کہ ان کے گھر میں کوئی نہیں ہے یہ اکیلا ہے تو وہ بار بار آتی رہی اور ایسی ادائیں دکھاتی کہ میں کسی طرح برائی کی طرف مائل ہوجاؤں مگر اس دوران میری زبان پر سورۂ اخلاص کا وظیفہ جاری رہتا اور میرا دل بالکل بھی برائی کی طرف مائل نہ ہوتا اور میں اللہ سےد عا کررہا تھا یااللہ اس برائی سے مجھے بچالے اور میرے ذہن میں ہروقت یہی آتا رہتا کہ اللہ دیکھ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس برائی سے بچالیا۔شام چار بجے میں ڈیوٹی پر چلا گیا رات بارہ بجے چھٹی کرکے گھر آیا اور سورۂ اخلاص پڑھتے پڑھتے سوگیا۔ رات کو خواب میں دیکھا کہ آسمان پر چاند بہت روشن ہے۔ اس چاند کے اندر اور اس کے چاروں طرف روضہ رسول ﷺ دیکھ رہا ہوں۔ مجھے بڑی خوشی ہوئی۔ ایک دفعہ ایسے ہی بیٹھے بیٹھے میں نے آسمان کی طرف دیکھا اور دل میں دعا کی یااللہ میرے اوپر بھی اپنا فضل اور کرم کردے یک دم میرے دل میں خیال آیا کہ تم ڈاڑھی رکھ لو۔ پھر میں نے اسی وقت ڈاڑھی کا ارادہ کرلیا اور ڈاڑھی رکھ لی۔ پھر میں سورۂ اخلاص پڑھتا رہا۔ اس کے بعد مجھے بہت سارے اچھے خواب نظر آئے۔ ایک دن دیکھتا ہوں کہ گاؤں میں قبرستان کے قریب ایک بزرگ قرآن پاک کھول کر بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کے گرد پھولوں سے دیوار بنی ہوئی ہے اور ان کے پاس میں اور ایک آدمی بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کا قرآن پاک سونے سے لکھا ہوا ہے اور قرآن پاک پڑھ کر سنا رہے ہیں۔ ایک دفعہ دیکھتا ہوں ہمارے گاؤں کی ایک چھوٹی سی مسجد ہے ‘میں نہا کر مسجد میں جاتا ہوں وہاں بہت لمبی ڈاڑھی والے بزرگ بیٹھے ہوئے ہیں اور اللہ تعالیٰ کا نام بہت بڑا لکھا ہوا ہے اور میں نے وہ نام اٹھارکھا ہے۔گزشتہ محرم الحرام کی 18 اور 19 کی درمیانی شب میں سورۂ اخلاص پڑھتے پڑھتے سوگیا مجھے خواب میں بزرگ ملے اور فرمانے لگے آج کی رات جو مانگوگے اللہ تعالیٰ عطا فرمائیں گے‘ اٹھو اور دعا کرو۔
محترم حکیم صاحب! میں علامہ لاہوتی پراسراری کا بہت زیادہ شکرگزار ہوں کہ ان کے دئیے سورۂ اخلاص کے وظیفے سے مجھے بہت کچھ ملا‘ بہت روحانیت ملی۔
پچھلے دنوں میں نے خواب دیکھا کہ آپ(حکیم صاحب) بہت بڑے اجتماع سے خطاب کررہے ہیں اور آگے رسہ لگا ہوا ہے سارے لوگ رسے کے پاربیٹھے ہوئے ہیں جو لوگ آپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور میں بھی آپ کے ساتھ بیٹھا ہوا ہوں حکیم صاحب! میں آپ کے ہاتھ پر توبہ کرتا ہوں اور کوئی برا کام‘ یا کوئی برائی نہیں کروں گا۔ اس سے پہلے بھی کافی عرصہ سے ہر برائی سے بچنے کی کوشش کرتا ہوں۔  محترم حکیم صاحب! میرا نام شائع مت کیجئے گا۔
سورۂ اخلاص کا عمل درج ذیل ہے:۔
 رات ایک بجے کے بعد 4 نفل اکٹھے ایک ہی سلام کے ساتھ پڑھنے کی نیت کرے پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 101 بار سورۂ اخلاص مع تسمیہ پڑھے اس طرح ہر رکعت میں پڑھے بس دھیان اور توجہ اللہ کی طرف اور خاص حضوری ہو (ہاتھ میں تسبیح لے سکتے ہیں) سلام کے بعد سربرہنہ کرلیں اور دائیں بازو سے قمیص نکال کر بازو اور کندھا ننگا کرلیں جیسے حالت احرام میں ہوتا ہے پھر 500 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اول و آخر درود شریف 11 بارپھر جتنی دیر سارے عمل میں لگتی ہے اتنی دیر خوب گڑگڑا کر بھکاری بن کر دعا کریں رو رو کر مانگیں کہ جسم کا رواں رواں کھڑا ہوجائے بہت لمبی اورعاجزانہ دعا کرکے پھر 100 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اور پھر سورۂ اخلاص پڑھتے ہوئے لیٹ جائیں۔ یہ عمل کچھ عرصہ یا کچھ دن مستقل کریں۔اور قدرت کے کمالات اور حمایت اپنی طرف متوجہ ہوتے دیکھیں آپ حیران رہ جائیں گے۔
موتی مسجد کے بزرگ نے دیا وظیفہ
(م۔ن)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری صرف چار ماہ سے پڑھ رہی ہوں مگر ان چار ماہ میںمیں نے عبقری سے بہت کچھ پایا ہے۔ خاص کر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘کی تو کیا ہی بات ہے۔ علامہ صاحب کی کتاب ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ جلد اول پڑھ کر میری تو روح تک بیقرار ہوگئی کہ کسی طرح علامہ صاحب سے ملاقات ہوجائے جب میں عبقری کے دفتر گئی تو پتہ چلا کہ ان سے صرف خط پر ہی ملاقات ہوسکتی ہے۔ علامہ صاحب کا کالم میں بہت شوق سے پڑھتی ہوں اس میں جو وظائف آتے ہی ان پر عمل کرتی ہوں۔ اپنی مشکلات کے حل کیلئے میں موتی مسجد میں نوافل ادا کرنے گئی۔ میںجب موتی مسجد گئی تو اسی رات خواب میں کوئی بزرگ آئے اور انہوں نے فرمایا کہ اپنی مشکلات کے حل کیلئے زیادہ سے زیادہ تیسرا کلمہ پڑھو۔ میں تب سے تیسرا کلمہ پڑھ رہی ہوں اور الحمدللہ بہت فائدہ ہورہا ہے۔
پیدائشی دوست سے مشکلات آسان
(ش،ہری پور ہزارہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ بڑے شوق سے پڑھتی ہوں‘ اس میں موجود وظائف اور نسخہ جات نے میرے بہت سے طبی و روحانی مسائل حل کیے ہیں خاص طور پر علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ کے وظائف میں بڑے شوق سے کرتی ہوں۔جون 2013ء کے ماہنامہ عبقری میں ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں ایک وظیفہ دیا گیا یَالَطِیْفُ یَاعَلِیْمُ یَاخَبِیْرُ میں نے یہ وظیفہ سوا لاکھ مرتبہ پڑھا ہے۔ میں رات کو جس وقت بھی اٹھتی ہوں‘ یہ وظیفہ پڑھنا شروع کردیتی ہوں اس وقت میرا وضو تو نہیں ہوتا مگر میں دل میں پڑھتی رہتی ہوں۔ یہ پڑھنے سے مجھے بہت سکون ملتا ہے۔ اس کے علاوہ علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کا یَاقَھَّارُ والا وظیفہ بھی میں نے سوا لاکھ مرتبہ پڑھا ہے اس سے میری چھوٹی چھوٹی بہت سی مشکلات آسان ہوئی ہیں۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 888 reviews.