مختلف مساجد میں نماز کا ثواب:
(حدیث انس رضی اللہ عنہ) جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: آدمی کا اپنے گھر میں نماز پڑھنا ایک نماز کے برابر ہے اور اس کا قبیلوں (اور محلوں) کی مسجد میں نماز پڑھنا پچیس نمازوں کے برابر ہے، اور جس مسجد میں جمعہ کی جماعت ہوتی ہے اس میں پانچ سو گنا اور مسجد اقصیٰ کی ایک نماز پچاس ہزار گنا اور میری مسجد کی ایک نماز پچاس ہزار گنا اور مسجد حرام کی ایک نماز ایک لاکھ گنا(ثواب کا درجہ رکھتی ہے)
(ابن ماجہ حدیث نمبر ۳۱۴۱)
مسجد قباءکی نماز کا ثواب
(حدیث اسید بن ظہیررضی اللہ عنہ) جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا : مسجد قباءمیں نماز پڑھنا ایک عمرہ(کے ثواب) کے برابر ہے۔ (ابن ماجہ، ترمذی)
(فائدہ) حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں اگر میں مسجد قباءمیں نماز پڑھوں تو یہ مجھے زیادہ محبوب ہے اس سے کہ میں مسجد بیت المقدس میں نماز پڑھوں۔
(حاکم وقال علی شرط البخاری و مسلم)
عورت کا گھر میں نماز پڑھنے کا ثواب
(حدیث ام سلمہ رضی اللہ عنہا) جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عورت کا اپنے کمرہ میں نماز پڑھنا بہتر ہے اپنے حجرہ میں نماز پڑھنے سے، اور اس کا اپنے حجرہ میں نماز پڑھنا بہتر ہے اس کے اپنے گھر میں نماز پڑھنے سے اور اس کا اپنے گھر میں نماز پڑھنا بہتر ہے گھر سے باہر نماز پڑھنے سے (مطلب یہ ہے کہ عورت جتنا چھپی ہوئی جگہ پر نماز پڑھے اتنا افضل ہے۔)(طبرانی)
(حدیث) حضرت ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہ کی بیوی جناب کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا یا رسول اللہ !میں آپ کے ساتھ نماز پڑھنے کو پسند کرتی ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا میں جانتا ہوں تم میرے ساتھ نماز پڑھنے کو پسند کرتی ہو حالانکہ تمہارا اپنے کمرہ میں نماز پڑھنا تمہارے حجرہ میں نماز پڑھنے سے بہترہے اور تمہارا اپنے حجرہ میں نماز پڑھنا بہتر ہے تمہارے گھر میں نماز پڑھنے سے اور تمہارا اپنے گھر میں نماز پڑھنا بہتر ہے تمہاری قوم کی مسجد(محلہ کی مسجد) سے اور تمہارا اپنی قوم کی مسجد میں نماز پڑھنا بہتر ہے میری مسجد میں نماز پڑھنے سے راوی کہتا ہے کہ پھر اس خاتون نے خواہش کی تو اس کیلئے گھر کے انتہائی اندھیرے کونے میں مسجد(کی جگہ) بنائی گئی اور وہ اس میں نماز پڑھتی رہی حتیٰ کہ وہ اللہ تعالیٰ سے جا ملی(یعنی فوت ہو گئی)(احمد،ابن خزیمہ،ابن حبان)
(فائدہ) حضرت ابو عمر و شیبانی رحمتہ اللہ علیہ نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ آپ عورتوں کو جمعہ کے دن مسجد سے نکال رہے تھے اور فرما رہے تھے تم اپنے گھروں کی طرف چلی جاﺅ (تمہاری نماز کیلئے) تمہارے گھر بہتر ہیں۔(طبرانی)
مسجد بنانے کا ثواب
اللہ کی رضا کیلئے مسجد بنوانا
(حدیث عثمان رضی اللہ عنہ) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :جو شخص اللہ عزوجل کی رضا کی جستجو میں کوئی مسجد تعمیر کرائے اللہ تعالیٰ اس کیلئے جنت میں محل بناتے ہیں۔(بخاری،مسلم)
جنت میں یاقوت کا محل
(حدیث)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جناب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : جو شخص کوئی ایسی مسجد حلال مال سے تعمیر کرے جس میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کی جائے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کیلئے جنت میں موتی اور یاقوت سے محل بناتے ہیں۔ (طبرانی، بزار)
(حدیث انس رضی اللہ عنہ)جناب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص اللہ کیلئے چھوٹی مسجد بنائے یا بڑی اللہ تعالیٰ اس کیلئے جنت میں محل بناتے ہیں۔(ترمذی باسنادہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں