Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

شاہ سراج الحق وسطی رحمتہ اللہ علیہ کے وظائف

ماہنامہ عبقری - مارچ 2012

 

نامعلوم امراض سے نجات

اگر کوئی شخص بیمار رہتا ہے اور مختلف امراض نے گھیر رکھا ہے اور سر چکراتا ہے علاج پر علاج ہورہا ہے لیکن فائدہ نہیں ہورہا ہے تو اس کیلئے یہ عمل بہت مجرب اور تیربہدف ہے۔

ایک بوتل پانی پر باوضو پندرہ سو بار

سَلٰم قَولًا مِّن رَّبِّ رَّحِیمٍo

پڑھ کر دم کرکے رکھ لیں اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف ضرور پڑھ لیں۔ اس کے بعد اس پانی کو اکیس دن تک بلاناغہ صبح کو نہار منہ رات کو سوتے وقت ایک ایک گھونٹ پانی پی لیا کریں اور اسی پانی کے چند قطرے سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی پر لگا کر دونوں ہاتھوں اور چہرے پر مل لیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ تمام بیماریوں سے نجات ملے گی اور جلد صحت حاصل ہوگی۔

 

گھر سے اثرات بدختم کرنا

اگر گھر میں اثرات ہوں‘ پریشانی رہتی ہو اور گھر میں وحشت معلوم ہوتی ہو۔ گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا ہو۔ ڈرائونے خواب نظر آتے ہوں۔ گھر میں خیروبرکت ختم ہوگئی ہو اور گھر میں کسی کا دل نہ لگتا ہو تو اس کیلئے سورہ بقرہ کم از کم چالیس روز بلند آواز سے باوضو مقررہ وقت پر پڑھوائیں یا خود پڑھ لیں۔ عورت بھی پڑھ سکتی ہے لیکن ایام کے دوران ناغہ کرکے پاک ہونے پر غسل کرکے دوبارہ شروع کردیں اور چالیس دن پورے کرلیں۔ اگر ایسا کرنا مشکل ہو تو چالیس آدمی یا عورتیں جمع ہوں‘ باوضو ایک ایک مرتبہ پڑھ لیں اورایک بڑے مٹکے پر دم کرکے رکھ لیں اور روزانہ چار وقت مکان کے ہرکونے میں وہ پانی ہلکا ہلکا چھڑکیں غسل خانہ اور پاخانہ میں نہ چھڑکیں پڑھنے کی حالت میں روزانہ ایک بڑے مٹکے پر دم کرکے وہ پانی مکان کے ہر کونے میں چھڑکیں اور سب اہل خانہ کو چاروقت پلائیں اگر ایسا ممکن نہ ہو تو صبح اور رات سوتے وقت پلادیں۔

چھڑکنے اور پانی پینے کے چار اوقات یہ ہیں:۔

صبح ناشتہ سے قبل‘ دوپہر گیارہ بجے‘ بعد نمازعصر‘ بعدنمازعشائ۔ اس عمل کی برکت سے گھر میں رونق بحال ہوگی سب گھر والے باہم محبت و اتفاق سے رہیں گے اور گھر میں خیروبرکت ہوگی۔ پریشانیاں دور ہوں گی ہر مقصد میںکامیابی حاصل ہوگی۔

 

جادو سفلی کی کاٹ کا عمل

اگر کسی پر کوئی شخص سفلی جادو کراتا رہتا ہو جس سے کاروبار تباہ ہوگیا ہو اور صحت برباد ہوگئی ہو اور ہر قسم کے ڈاکٹری اور حکیمی علاج سے فائدہ نہ ہوتا ہو تو اس کیلئے پانچوں وقت یعنی ہر نماز کے بعد سورة الفلق اور سورة الناس مکمل تین تین بار پڑھ کر اپنی دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں اور انگلیوں پر دم کرکے دونوں ہاتھ تمام جسم پر پھیرلے۔ بدن کا کوئی حصہ ہاتھ پھیرنے سے نہ رہ جائے تو انشاءاللہ تعالیٰ سحر‘ جادو‘ سفلی‘ جنات سے محفوظ رہے گا اور اگر مبتلا ہو جائے تو ان سورتوں کے عمل کی برکت سے تمام سحر‘ سفلی‘ جادو اور جنات سے کامل نجات حاصل ہوجائے گی اور جادو کرانے والے کا عمل ضائع ہوجائے گا۔

 

خوف سے نجات کیلئے

اگر کسی آدمی کو رات کو انجانا خوف محسوس ہوتا ہو یا اسے ڈرائونے خواب نظر آتے ہوں تو اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے یہ عمل بہت مفید ہے۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے رات کو ڈر‘ خوف محسوس نہ ہوگا۔

عمل یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے تازہ وضو کرلیں اور دائیں کروٹ سوئیں اگر نیند میںکروٹ بدل جائے تو کچھ حرج نہیں۔ اگر ڈرائونا خواب دیکھنے سے آنکھ کھل جائے تو فوراً بائیں کروٹ کی طرف تھتھکار دیں۔ رات کو سونے سے قبل ایک سومرتبہ سَلٰم قَولًا مِّن رَّبِّ رَّحِیمٍo پڑھ لیا کرے۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے صحیح نیند آئے گی اور ڈر اور خوف ختم ہوجائے گا اسی طرح ڈرائونے خواب بھی بند ہوجائیں گے۔

 

ہاتھ پائوں میں یا جسم میں درد کیلئے

اگر کسی کے ہاتھ پائوں میں درد رہتا ہے اور کسی دوا علاج سے فائدہ نہیں ہوتا تو اس کیلئے پچاس گرام زیتون کا تیل لے کر اس پر مندرجہ ذیل آیات باوضو گیارہ بار پڑھ کر دم کرکے رکھ لیں اور رات کو سوتے وقت روزانہ اس تیل کو درد کی جگہ ہلکے ہلکے مالش کریں۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے چند دن میں درد ختم ہوجائے گا۔ وہ آیات یہ ہیں:۔

اَفَمَن یَّمشِی مُکِبًّا عَلٰی وَجھِہ اَھدٰی اَمَّن یَّمشِی سَوِِیًّا عَلٰی صِرَاطٍ مُّستَقِیمٍo

اِنَّ السَّمعَ وَالبَصَرَ وَالفُوَا دَکُلُّ اُولٰٓئِکَ کَانَ عَنہُ مَسئُولًاoاور سورہ اخلاص ساتھ پڑھنی ہے۔

 

حاسدین کے حسد اور شر سے حفاظت

دنیا میں جو شخص ترقی کرتا ہے۔ آگے بڑھتا ہے اور روزبروز بلندی پر چڑھتا جاتا ہے اس کی ترقی سے بعض لوگ حسد کرنے لگتے ہیں اور اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ یہ شخص دوبارہ بھوکا ننگا ہوجائے اور پائی پائی کا محتاج ہوکر بیکار ہوجائے ذہنی مریض بن جائے۔ اس کا علاج اور حاسدین کے حسد سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ نماز‘ روزہ‘ حج‘ زکوٰة کی پابندی کرے اللہ کے دئیے ہوئے رزق میں سے صدقہ خیرات کرتا رہے۔ ہر شخص سے ہنس کر ملے اور کسی سے تلخ کلامی نہ کرے اس کے علاوہ یہ عمل بھی کرے انشاءاللہ تعالیٰ حاسدین کے ہر قسم کے شر سے محفوظ رہے گا۔

 اول گیارہ بار درود شریف پڑھے اس کے بعد سورة الفلق اور سورة الناس مکمل سورةایک سوبار اس کے بعد درود شریف گیارہ بار پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے تمام بدن پر پھیر لے۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 781 reviews.