کس سے مانگیں‘ کہاں جائیں‘ کس سے کہیں اور دنیا میں حاجت روا کون ہے
سب کا داتا ہے تو‘ سب کو دیتا ہے تو‘ تیرے بندوں کا تیرے سوا کون ہے
کون مقبول ہے‘ کون مردود ہے‘ بے خبر! کیا خبر تجھ کو کیا کون ہے
جب تُلیں گے عمل سب کے میزان پر‘ تب کُھلے گا کہ کھوٹا کھرا کون ہے
کون سنتا ہے فریاد مظلوم کی‘ کس کے ہاتھوں میں کنجی ہے مقسوم کی
رزق پر کس کے پلتے ہیں شاہ وگدا‘ مسند آرائے بزمِ عطا کون ہے
اولیاءتیرے محتاج اے ربِّ کل‘ تیرے بندے ہیں انبیاءو رُسل
اِن کی عزت کا باعث ہے نسبت تری‘ ان کی پہچان تیرے سوا کون ہے
میرا مالک مری سُن رہا ہے فُغاں‘ جانتا ہے وہ خاموشیوں کی زباں
اب مری راہ میں کوئی حائل نہ ہو‘ نامہ برکیا بلا ہے‘ صبا کون ہے
ہے خبر بھی وہی مبتدا بھی وہی‘ ناخدا بھی وہی ہے‘ خدا بھی وہی
جو ہے سارے جہانوں میں جلوہ نُما‘ اس اَحَد کے سوا دُوسرا کون ہے
وہ حقائق ہوں اشیاءکے یا خُشک و تر‘ فہم وادراک کی زد میں ہیں سب مگر
ماسوا ایک اُس ذاتِ بے رنگ کے‘ فہم و ادراک سے ماوریٰ کون ہے
انبیائ‘ اولیائ‘ اہل بیتِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ‘ تابعین و صحابہ پہ جب آبنی
گر کے سجدے میں سب نے یہی عرض کی‘ تو نہیں ہے مشکل کُشا کون ہے
اہلِ فکر و نظر جانتے ہیں تجھے‘ کچھ نہ ہونے پہ بھی مانتے ہیں تجھے
اے نصیر اِس کو تُو فضل باری سمجھ‘ ورنہ تیری طرف دیکھتا کون ہے
حمدیہ کلام
علامہ پیر سید نصیرالدین نصیر گیلانی رحمة اللہ علیہ زیب سجادہ گولڑہ شریف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں