خواب: میں روزانہ رات کو سوتے وقت 21 بار بسم اللہ 4 بار سورة فاتحہ تین بار سورہ اخلاص تین بار درود شریف‘ چار بار تیسرا کلمہ‘ دس بار استغفار‘ سونے کی دعا‘ تین بار آیة الکرسی پڑھ کر سوتی ہوں۔ لیکن ہمیشہ ایک ہی خواب دیکھتی ہوں یا تو صاف شفاف پانی ہوتا ہے (دریا‘ سمندر‘ ندی نالے کا) یا پھر مٹی سے گدلا ہوا یا پھر کیچڑ کا اور ساتھ میں بچہ ضرور دیکھتی ہوں۔ کبھی کبھی بیری کا درخت یا پھر امرود کا درخت بھی دیکھ لیتی ہوں اس کی کیا وجہ ہے؟ لیکن جمعہ کی رات کو کچھ انوکھا خواب دیکھا ہے کہ میں دریا کے کنارے بیٹھی ہوں اور وہاں بچے کھیل رہے ہیں ان میں سے ایک بچہ اس پانی میں کپ پھینکتا ہے اور پھر خود بھی پانی میں تیرنے کے انداز سے چلا جاتا ہے لیکن تھوڑا آگے جاکر وہ ڈوبنے لگتا ہے اور میں پہلے تو اسے دیکھ رہی ہوتی ہوں لیکن پھر اسے نکال دیتی ہوں اور پھر وہ صحیح ہوجاتا ہے۔
تعبیر: اس خواب کی تعبیر یہ ہے کہ آپ اعمال کی کمی بیشی کا شکار ہیں ‘ بعض اوقات جب نیکی کا رجحان بڑھتا ہے تو صاف شفاف پانی دیکھتی ہیں اور یہ خوشحالی کی علامت ہے اور جب اچھے اعمال میں کمی آتی ہے تو گدلا پانی نظر آتا ہے۔کچھ آپ پر بداثرات بھی ہیں۔ روزانہ صبح و شام 101 بار سورة الفلق اور سورة الناس پابندی سے پڑھیں ۔انشاءاللہ زندگی میں راحت اور سکون ہوگا۔
مالی خوشحالی کا اشارہ ہے (ا۔ خ۔ پشاور)
خواب؛ میں دو مہینے سے یہ خواب دیکھ رہا ہوں۔ میرے بال بہت گھنے اور سیاہ اور خوبصورت ہیں جبکہ حقیقت میں میرے بال بہت کم ہیں مسلسل گررہے ہیں‘ پلیز مجھے اس کی تعبیر بتائیں۔
تعبیر: آپ کی مالی خوشحالی کا اشارہ ہے‘ انشاءاللہ تنگدستی اور مالی پریشانی سے نجات ملے گی‘ بشرطیکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد میں ہرگز کوتاہی نہ کریں۔
بدخواہ اور ظالم (ساجدہ‘ قصور)
خواب: میں نے دیکھا کہ میری پھوپھو بالکل چڑیل بن کر آئی ہیں ‘ ان کے بال کھلے ہوئے ہیں‘ دانت بھی بڑے ہیں‘ کہتی ہیں کہ میں تمہیں نہیں چھوڑوں گی (یعنی ہماری فیملی کا کہتی ہیں) اسی طرح ان کی بیٹی آتی ہے اور وہ بھی یہی کہہ کر چلی جاتی ہے اور اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کی پھوپھی اور اس کی اولاد آپ لوگوں کے ہمدرد نہیں ہیں بلکہ نہایت بدخواہ اور ظالم لوگ ہیں‘ اس لیے ان سے محتاط رہیں ہر نماز کے بعد تیرہ دفعہ سورہ کوثر تمام بدن پر دم کرلیا کریں۔
نیک مقصد پائیں گے (محمد الیاس‘ بلوچستان)
خواب: دیکھا کہ میں جس لڑکی کو بہت چاہتا ہوں وہ میرے سامنے اپنے گھر کے دروازے پر کھڑی ہے اور میں بھی وہاں کھڑا ہوگیا ہوں اور اس کو دیکھ کر یہ دعا پڑھ رہا ہوں ”رَبِّ اِنِّی لِمَا اَنزَلتَ اِلَیَّ مِن خَیرٍ فَقِیر “ سات بار اور سورہ فیل تین بار پڑھی تو میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اللہ تعالیٰ آپ کیلئے بہترین رشتے کا انتظام کردیگا‘ اور دشمنوں حاسدوں کے شر سے محفوظ رہ کر آپ اپنے نیک مقصد کو پالیں گے بہرکیف آپ خواب میں دیکھی ہوئی دعا روزانہ 313 دفعہ پڑھ کر دعائے خیرکرلیا کریں۔
کیمرہ چھننا‘ تصویر کے حرام ہونیکا اشارہ (زوبیہ ملک‘ راولپنڈی)
خواب: میں نے دیکھا کہ ہماری بڑی چاچی‘ امی کی خالہ زاد اور ہم سب خانہ کعبہ میں عبادت کررہے ہیں کہ اچانک مجھے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نظر آئے‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پورا جسم کفن میں ہے‘ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہونٹ مبارک دیکھے جو کہ گلاب کی پنکھریوں کی طرح تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پائوں مبارک بھی نظر آئے جو کہ بالکل صاف شفاف تھے میں اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تصویر کیمرے سے اتارنا چاہتی ہوں کہ وہاں سے کوئی شخص آکے میرا کیمرہ چھین لیتا ہے اس کے بعد میں نے دیکھا کہ سعودی عرب میں کسی پہاڑی پر ہم سب کھانا کھارہے ہیں اور دوپہر کا وقت تھا اورموسم بہت اچھا تھا۔
تعبیر: آپ میں دین اسلام کے اصولوں پر عمل کرنے میں کوتاہی پائی جاتی ہے خصوصاً اللہ کی رحمت کو دور کرنے کا آپ سامان کرنے میں بہت بے باک ہیں جو یقیناً دنیا و آخرت میں ناکامی کا باعث ہے جیسا کہ کیمرے کا چھن جانا تصویر کشی اور فوٹوگرافری کے ناجائز اور حرام ہونے کا بین ثبوت ہے کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کیمرہ چھینا گیا اور فوٹو کھینچنے کی اجازت نہیں دی گئی‘ بہرکیف جب امام الانبیاءحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تصویر نہیں کھینچنے دی گئی تو ہماشما کی کیا حیثیت ہے کہ یہ کہہ کر تصویر کشی کی جائے کہ یادگار کے طور پر فلاں کی تصویر بنائی ہے وغیرہ وغیرہ....
ازدواجی زندگی خوشگوار ہوگی (ب....لاہور)
خواب: رات میں نے اپنے بھائی کے کام کیلئے استخارہ کیا خواب میں دیکھتی ہوں کہ میں دلہن بنی ہوئی ہوں اور میری شادی ہے‘ میری تمام سہیلیاں بھی میرے پاس ہیں لیکن بارات واپس چلی جاتی ہے اور میں ویسے ہی بیٹھی رہتی ہوں۔ پھر دیکھتی ہوں میرے نانا ابو جو فوت ہوگئے ہیں میرے پاس کھڑے ہیں اور مجھے کہتے ہیں کھانا کیوں نہیں کھارہی؟ میں کہتی ہوں کھالیتی ہوں‘ پھر منظر بدل جاتا ہے اور میں اپنے استاد کے گھر جاتی ہوں میرے یہ استاد جن کے گھر میں جاتی ہوں کچھ عرصہ ہوا فوت ہوگئے ہیں میں ان کے گھر جاتی ہوں اور ساتھ دو پانی کی بڑی بوتلیں میرے ہاتھ میں ہیں وہ مجھے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کی ازدواجی زندگی خوشحال ہوگی اور جو رشتہ آپ کے حق میں بہتر نہیں ہوگا وہ خودبخود واپس چلا جائے گا انشاءاللہ صحیح تر رشتہ طے پاجائے گا۔ آپ ہرگز پریشان نہ ہوں نیز نانا اور استاد کیلئے ایصال ثواب کیا کریں‘ باقی بھائی جو کام کرنا چاہتے ہیں اس سے باز آئیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 444
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں