حیران ہیں! دل کا مریض ایک آیت سے ٹھیک!
شادی کا عمل: سوا دو کلو گندم کے دانے جَو نکال کر وزن کرلیں گندم کے ہر دانے پر سورئہ اخلاص پڑھنی ہے‘ وہ شخص خود اور گھر والے مل کر پڑھیں‘ دانے مکمل نہیں ہوں گے اور رشتہ ہو جائے گا یہ عمل میں نے خود بھی کیا اور بہت سے ملنے والوں کو بھی بتایا جس کو بھی بتایا اس کا رشتہ ہوگیا۔ یہ گندم کے دانے صدقہ بھی کیے جاسکتے ہیں اور گھر میں برکت کے لیے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
دل کی بیماری کے لیے: میرے والد کو ہارٹ اٹیک آیا ‘ اٹیک بہت ہی شدید تھا گوجرہ اور فیصل آباد کے ڈاکٹروں نے جواب دے دیا پھر ہم نے ان کو سی ایم ایچ راولپنڈی لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کرکے بتایا کہ ان کے دل کی جھلی جسے کارڈیک جھلی کہتے ہیں ختم ہوگئی ہے‘ صرف ایک انچ کے برابر رہ گئی ہے جب تک یہ جھلی ہے تب تک ہی یہ ہیں‘ اب کچھ نہیں ہوسکتا‘ ہمارے عزیز نے ہمیں سوا لاکھ دفعہ یہ وظیفہ پڑھنے کو دیا اور ہم نے اس وظیفہ کو 2دن میں سوا لاکھ پڑھا تو دو دن بعد جو ٹیسٹ ہوا اس میں ڈاکٹروں نے کہا کہ اب جھلی آہستہ آہستہ ٹھیک ہورہی ہے اور کہا کہ ہم حیران ہیں کہ جھلی کیسے صحیح ہونا شروع ہوگئی ہے۔مزید ٹیسٹ پر پتہ چلا کہ جھلی مکمل ٹھیک ہوگئی ہے۔ یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ دِلْ مَارَکُنْ بِحَقِّ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ
3اسم پڑھے زیرناف مسائل حل
اَلْمَلِکُ اَلْقُدُّوْسُ اَلسَّلَامُ: اس کو سانس روک کر پڑھنے سے زیر ناف کے مسائل حل ہوگئے۔ میری بیٹی کو شدید لیکوریا تھا اس کا لیکوریا ختم ہوگیا۔ میری بہن کو دو سال سے مسلسل خونی و بادی بواسیر رہی‘ اس عمل کی بدولت اس کو سکون ملا۔ میری بہن کا بڑا آپریشن ہوا اس کے آپریشن میں جب بھی درد ہوتا وہ یہی عمل کرتی رہتی حتی کہ چار سے پانچ منٹ میں درد رک جاتا۔(سمیرا یوسف، ٹوبہ ٹیک سنگھ)
اللہ بخشے میری اماں کے آزمودہ ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو عبقری اور سارے سٹاف کو تاقیامت قائم و دائم رکھے۔ چند ٹوٹکے خدمت میں پیش کررہی ہوں۔
چھپاکی: یہ ایک طرح کی جلدی بیماری ہے جس میں بہت خارش ہوتی ہے دھپڑ سرخ رنگ کے پڑ جاتے ہیں۔ سارے جسم پر آگے سے آگے بڑھتی جاتی ہے دھپڑختم بھی جاتے ہیں اور پھر نمودار ہو جاتے ہیں جیسے مچھر کے کاٹے کی خارش ہوتی ہے ایسے بہت خارش ہوتی ہے۔ میری امی کو میرے بچپن میں چھپاکی ہوگئی تھی انہوں نے گیرو ایک چمچ میں ایک چمچ شہد ملاکر چاٹا تھا۔ دو سے تین دن ایسے کیا پھر ایک ماہ کے بعد دوبارہ دو سے تین دن کیا ساری زندگی چھپاکی نہیں ہوئی۔
زخموں کے لیے دوائی: ہم شروع سے ابو کی پوسٹنگ کی وجہ سے ایسی جگہوں پر رہے جہاں ڈاکٹر آسانی سے میسر نہیں تھا ہم چھوٹے بچے بہت چوٹیں لگواتے تھے ہاتھ پائوں‘ ٹانگیں زخمی ہو جاتی تھیں۔ امی پینسلین 1 ٹیکہ جو کہ پائوڈر فارم میں ہوتا ہے عام فارمیسی سے مل جاتا ہے۔ ویزلین گلاب کے پھول والی پیلے رنگ والی میں آدھی ویزلین نکال لیتی تھی اس کو ویسے Dry shin کے لیے استعمال کرتی تھیں اور آدھی ویزلین جو کہ بوتل میں ہوتی تھی اس میں پینسلین کا ٹیکہ ملالیتی تھی اچھی طرح مکس کرکے رکھ لیتی تھیں۔ چوٹ لگنے اور زخم آنے پر دن میں ایک دفعہ یا دو دفعہ لگالیتی تھیں۔ کچھ لوگوں کو پینسلین سے سخت قسم کی الرجی ہوتی ہے کہ حالت مرنے والی ہو جاتی ہے ایسے لوگ ڈاکٹر سے الرجی ٹیسٹ کروالیں۔ الرجی والے لوگ بالکل بھی یہ دوائی استعمال نہ کریں۔ زخم بہت جلدی بھرتا ہے۔ کھرنڈ آنے کے بعد دوائی استعمال نہ کریں زخم بہت ڈیپ ہوتو بھی یہ دوائی استعمال نہ کریں یہ روز مرہ کی عام بچوں کی چوٹوں کے لیے بہت مؤثر ہے پائوں کی انگلیاں جو بوٹوں میںبند رہنے کی وجہ سے گیلی ہوکر گلنے لگ جاتی ہیں اس کے لیے بھی یہ دوائی استعمال کی بہت مؤثر ہے۔ بس پائوں زیادہ سے زیادہ خشک رکھیں جب بھی لگایا کریں اچھی طرح خشک کریں اور یہ دوائی دن میں دو دفعہ لگائیں۔
پٹی زخموں پر نہ چپکے: اللہ بخشے میری ماں کا ایک اورٹوٹکہ ہے ا کثر ڈاکٹر مرہم لگا کر پٹی باندھ دیتے ہیں جس سے پٹی زخم پر چپک جاتی ہے پھر روز پٹی بدلنے سے زخم چھیلے جاتے ہیں۔ امی ہمارے زخموں پر ویزلین والی دوائی لگا کر صاف کاغذ کا ٹکڑا کاٹ کر زخم پر رکھ کر اوپر سے پٹی باندھ دیتی تھیں کاغذ چکنی دوائی لگ کر Butter Paperکی طرح ہو جاتا ہے جو بیکنگ میں کیک چپکنے سے بچاتا ہے اگر صاف کاغذ نہ ہوتو Butter Paper کا رول بھی لاکر رکھ سکتے ہیںجو صرف اسی کام کے لیے استعمال ہو۔(ارم سیف اللہ،یو ایس اے)
عمر43سال‘ بال ایک بھی سفید نہیں!
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو اور آپ کی اولاد کو ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھے آپ نے جو لوگوں کی اصلاح کا کام شروع کیا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کی نسلوں کو اس کا اجر عطا کریں۔ آپ کے درس نے تو میری زندگی بدل دی ہے‘ اللہ تعالیٰ کا مجھ پر خاص کرم ہے کہ اس نے مجھے ہمیشہ اپنی حفاظت میں رکھا اور شیطان اور انسان کے شر سے بچائے رکھا۔ باقی تربیت آپ کے درس نے کردی ہے۔ میں اپنا ذاتی مشاہدہ آپ کو لکھ رہی ہوں۔ میری عمر 43سال ہے اور میرے بال ابھی تک سیاہ ہیں اور اس کی وجہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے اور میں جب بھی کنگھی کرتی ہوں تو میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں اور کہتی ہوں کہ یااللہ تیرا شکر ہے تو نے میرے بال سیاہ رکھے ہیں ان کو ہمیشہ سیاہ رکھنا۔ میں نے عبقری میں پڑھا تھا کہ کچن میں برتنوں پر سورئہ الم نشرح پڑھ کر پھونک دیں تو برتن کم استعمال ہوتے ہیں اب میں ایسا ہی کرتی ہوں تو میرے برتن کم سے کم استعمال ہوتے ہیں۔
تسبیح فاطمہ سے فیض
میرے کندھوں میں بہت درد ہوتا تھا‘ میں نے عبقری میں پڑھا تھا کہ رات کو سونے سے پہلے تسبیحات فاطمہ پڑھ لیں تو درد نہیں ہوگا میں نے جب سے یہ عمل شروع کیا ہے اب تو یہ عالم ہے کہ بستر پر جاتے ہی نیند آجاتی ہے۔
بیٹے کی پیدائش کیلئے شرطیہ عمل
جب حمل ٹھہر جائے تو جو پہلا جمعہ آئے توجمعہ کے دن سات مرتبہ سورئہ یوسف پڑھنی ہے ‘اسی طرح چھ جمعۃ المبارک کو ہر مرتبہ‘ سات مرتبہ پڑھنی ہے‘ پڑھ کر پانی پر دم کرنا ہے اور وہ پانی پینا ہے اگر عورت خود پڑھے تو بہت اچھا ہے ورنہ کسی سے پڑھوا کر پانی دم کروا کر پی لیں۔ان شاء اللہ بیٹا ہی ہوگا۔ جب بچہ پیدا ہوجائے اور چھلہ مکمل کرلیں تو پھر ساتویں مرتبہ جمعہ والے دن سات مرتبہ سورۂ یوسف پڑھنی ہے۔ الحمدللہ! اس کے پڑھنے سے چار بیٹے پیدا ہوئے ہیں۔(ثمینہ اقبال، بھیرہ)
بال لمبے کرنے کا میرا آزمودہ راز
محترم حضرت حکیم صاحب السلام وعلیکم! آپ نے جو دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے یہ نایاب ماہنامہ عبقری نکالا ہے اس کیلئے آپ کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے‘ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آپ ایسے ہی دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں۔ عبقری دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے ۔آمین! میں عبقری رسالے کی پچھلے ڈیڑھ سال سے قاریہ ہوں میں اپنے تجربات قارئین کی نذر کرتی ہوں۔ بال لمبے گھنٹے کرنے کا راز: ہر نماز کے بعد تین بار سورئہ والیل پڑھنے سے میرے بال ماشاء اللہ لمبے اور گھنے ہوگئے ۔ ہر جائز دعا قبول: اوّل و آخر درود شریف ایک بارسورۂ فاتحہ‘ تین بار سورۂ اخلاص پڑھنے سے ہر جائز دعا قبول ہوتی ہے۔ چہرے کی رنگت نکھارنے کیلئے: دو چمچ دودھ میں ایک چمچ عرق گلاب لگانے سے چہرے کی رنگت نکھر جاتی ہے۔ پلکیں لمبی اور گھنی کرنے کا راز:رات کو سوتے وقت پلکوں پر سرسوں کا تیل لگانے سے پلکیں بہت لمبی اور گھنی ہو جاتی ہیں اور آنکھیں خوبصورت لگتی ہیں میرا آزمودہ ہے۔(حمیرا ارشاد، ملتان)
بیری کا عمل! اب جادو ٹوٹ چکا ہے!
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ پر اور آپ کے ساتھیوں پر اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے اور آپ کا سایہ ہم جیسے لوگوں پر سدا قائم رکھے۔ آمین! عبقری کی میں دو سال سے قاریہ ہوں۔ ہر ماہ بے چینی سے انتظار رہتا ہے
کہ کب رسالہ ہاتھوں میں آئے اور میں اس سے فیض یاب ہوں۔ محترم حکیم صاحب دو دفعہ آپ کے روحانی اجتماع میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوچکی ہوں۔ 2015 والے اجتماع میں آپ سے ملاقات اور بیعت ہونے کا شرف بھی حاصل ہوا تھا۔ محترم حکیم صاحب! عبقری کی کونسی خوبی تحریر کروں اور کونسی چھوڑدوں یہ بہت مشکل کام ہے کہ عبقری رسالے کی تعریفوں کو الفاظ کی شکل میں تبدیل کرسکوں۔ اس کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ بہرحال کچھ مشاہدات اور تجربات جو عبقری رسالے میں آپ کی طرف سے دیئے گئے وظائف کی وجہ سے حاصل ہوئے ہیں وہ آپ کی خدمت میں عرض کرنا چاہوں گی۔(1)میرے پاس اکثر ایسی عورتیں آتی تھیں جن کو اکثر بندش وغیرہ کی شکایت ہوتی تھی یا ان کو گھریلو پریشانیوںاور الجھنوں نے گھیر رکھا ہوتا تھا تو میں نے ان کے کپڑوں (قمیص) کی پیمائش کی اور اس حساب سے اگر کسی پر کوئی سایہ ہے یا کسی پر جادو ہے تو میں نے عبقری رسالے میں موجود وظائف انہیں پڑھنے کیلئے بتائےاور خود انہیں پانی بھی دم کرکے دیتی رہی۔ الحمد اللہ جس جس کو دیا سب کو بہت فائدہ ہوا۔ (2)جادو ٹونے والے تو بہت تھے سب کو میں نے عبقری کے وظائف بتائے اور سب کو حیرت انگیز طور پر بہت فائدہ ہوا۔(3)آپ کے رسالے میں ایک آرٹیکل میں بیری کے پتوں سے عمل برائےجادو کا توڑ پڑھا تھا۔ میں نے وہ بھی استعمال کیا الحمد اللہ بہت فائدہ ہوا۔ میری نند کے بیٹے کی شادی کو آٹھ سال ہوچکے ہیں ان کے گھر کوئی اولاد نہیں بہت زیادہ پریشان ہیں ہر جگہ سے علاج کروایا مگر بے سود، مجھے بتانے لگے میں نے حساب کتاب چیک کیا تو ان پر جادو نکلا، میں نے ’’بیری کے پتوں‘‘ والا عمل بھی کیا اور پانی بھی دم کرے پلایا۔ اور الحمد اللہ اس عمل کی برکت سے جادو بالکل ٹوٹ چکا ہے میں دوبارہ بھی چیک کیا اور الحمداللہ اب کوئی جادو ٹونا نہیں مگر اولاد کی پریشانی باقی ہے۔ طریقہ:40 بیری کے پتے لیں ہر پتے پرپہلا کلمہ اور آیت کریمہ 3،3 مرتبہ پڑھ لیں پھر ان پتوں کو پانی میں اُبالیں۔مریض اس پانی سےنہائے۔ چند دن،چند ہفتے،چند مہینے اس عمل کو کریں اور اس کا کمال دیکھیں۔(4)عبقری کے ٹوٹکوں کی اگر بات کی جائے تو ان ٹوٹکوں نے بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔ میرے پاس آپ کی کتاب ’’میرے طبی رازوں کا خزانہ‘‘ ہے۔ اس میں دل کی گھبراہٹ کے متعلق سفید پائوڈر کا نسخہ موجود تھا۔ میں نے وہ نسخہ بنایا تو اس نے بھی ناقابل یقین فوائد فراہم کیے
ہمارے محلے کی عورت جسے راولپنڈی ہسپتال والوں نے لاعلاج قرار دے دیا تھا‘ ان کو منہ کی خشکی، دل کی گھبراہٹ اور چھوٹے پیشاب کی کثرت اس قدر تھی کہ وہ تنگ تھیں۔ ان کے بقول کہ راولپنڈی کے ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ ’’اب آپ لاعلاج ہیں‘‘ مجھے ایک دن انہوں نے بتایا تو میں نے انہیں سفید پائوڈر استعمال کرنے کیلئے دیا، چند دنوں بعد ملیں تو کہنے لگیں کہ بہت حد تک کنٹرول ہوچکا ہے مسئلہ اب مزید پائوڈر دیں میں نے اور دیا اور پھر استعمال کے بعد اب وہ بالکل صحت یاب ہیں (الحمدللہ)نسخہ سفید پاؤڈر:چینی باریک ایک پائو پسی ہوئی‘ میٹھا سوڈا ایک چھٹانک اور ست پودینہ ایک تولہ (12 گرام)‘ چینی اور میٹھا سوڈا آپس میں ملائیں اور پھر ست پودینہ اس میں ملا کر خوب رگڑیں اتنا کہ چینی میٹھا سوڈا اور ست پودینہ آپس میں یکجان ہوجائیں۔ کسی ہوا بند ڈبے میں بوتل میں محفوظ رکھیں۔ زیادہ مقدار میں نہ بنائیں‘ نمی کے موسم میں جم جاتا ہے۔ بناتے رہیں‘ استعمال کرتے رہیں‘ آدھا چمچ کھانے کے بعد‘ دن میں تین دفعہ بھی لے سکتے ہیں‘ اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو بار بار بھی لے سکتے ہیں۔(زوجہ سید کاظم حسین شاہ، کوٹلی آزاد کشمیر)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں