ایک تعلیم یافتہ نوجوان کی شادی ہوئی‘ بیوی آئی تو وہ شکل و صورت کے اعتبار سے گھر والوں کے معیار سے کم تھی
دوسروں کے درمیان جگہ حاصل کرنے کا راز صرف ایک ہے’’آپ دوسروں کی ضرورت بن جائیں‘‘ اگر آپ دوسروں کو یقین دلا دیں کہ آپ ان کی ضرورت ہیں تو دوسروں کے لیے ناممکن ہوجائے گا کہ وہ آپ کو نظرانداز کریں۔ایک تعلیم یافتہ نوجوان کی شادی ہوئی‘ بیوی آئی تو وہ شکل و صورت کے اعتبار سے گھر والوں کے معیار سے کم تھی‘ چنانچہ نوجوان کی بہنوں نے اس کو ناپسند کردیا۔ ہر ایک اس کو حقیر نظروں سے دیکھنے لگا۔ سب کے نزدیک وہ ایسی بن گئی جیسے کہ وہ کوئی نامطلوب چیز ہے جو گھر کے اندر غیر ضروری طور پر داخل ہوگئی ہے۔ خاتون اگرچہ شکل و صورت کے اعتبار سے زیادہ اچھی نہ تھی مگر وہ عقل کے اعتبار سے کافی سمجھ دار تھی۔ اس نےلوگوں کے سلوک کو برا نہیں مانا۔
وہ جانتی تھی کہ شکل و صورت وقتی چیز ہے اور زیادہ پائیدار چیز انسان کا عمل ہے۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اگرچہ صورت کے اعتبار سے گھر والوں کے لیے محبوب نہ بن سکی مگر وہ عمل کے اعتبار سے گھر والوں کے لیے محبوب بنے گی۔اس نے خاموشی سے گھر کا سارا کام سنبھال لیا گھر کی دیکھ بھال‘ مہمانوں کی خدمت‘ باورچی خانہ کا انتظام‘ ہر ایک کی ضرورت ہر فرمائش کہے بغیر پوری کرنا‘ یہ اس کا روزانہ کا معمول بن گیا۔ اس نے گھر کےہر کام کو اپنی ڈیوٹی سمجھ لیا خواہ اس کے لیے اس سے کہا گیا ہو یا نہ کہا گیا ہو۔خاتون نے زبان سے کچھ نہیں کہا اور نہ کسی کی بات کا جواب دیا۔ اس نےساری توجہ صرف اپنے عمل پر لگا دی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بہت جلد گھر کی فضا بدلنے لگی۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ جس گھر میں وہ ایک نامطلوب شخصیت بنی ہوئی تھی وہاں وہ لوگوں کے درمیان سب سے زیادہ مطلوب شخصیت بن گئی۔یہی زندگی کا راز ہے۔ گھر کا معاملہ ہو یا بستی کا معاملہ یا پورے ملک کا معاملہ ہر جگہ عزت کا مقام حاصل کرنے کا واحد بے خطا راز یہ ہے کہ آپ یہ ثابت کردیں کہ آپ لوگوں کی ضرورت ہیں اور لوگ یقینی طور پر آپ کو نہ صرف عزت کا مقام دیں گے بلکہ وہ آپ کے پرستار بن جائیں گے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں