محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! رب العزت سے دعاگو ہوں کہ آپ کے قلم‘ علم‘ عمل میں مزید ترقی ہو‘ آپ کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر تک قائم و دائم رہے۔ محترم شیخ الوظائف! میں اپنی آپ بیتی لکھ رہا ہوں واقعہ کچھ یوں ہے کہ مجھے ایک کتابی عمل ملا لیکن استاد نہ ملا‘ میں نے یہ عمل استاد کے بغیر ہی شروع کردیا کیونکہ مجھے جنات کی قوم کے بارے معلومات حاصل کرنے کا بہت شوق تھا‘ وہ عمل یہ تھا: اجب یاجبرائیل بحق بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ اس کی مخصوص تعداد اور مخصوص ایام تک ایک ہی جگہ پڑھنا تھا تیسرے دن کوئی چیز میرے ساتھ رات کو آکر لیٹ گئی اورمیرے جسم کے ساتھ مَس کرنے لگی اور پھر تھوڑی دیر کے بعد غائب ہوگئی‘ دس‘ پندرہ دنوں کے بعد چھوٹے بچے کے سامنے حاضری ہوگئی یہ حاضری میں اپنے ہاتھ پر دیکھا دیتا اور گفتگو ہوجاتی اور سوال جواب کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجات ایک باباجی بچے کے سامنے آئے اور سوالات کا جواب دیتے رہے۔ اسی عمل کے دوران میرا بلڈپریشر ہائی ہوجاتا بلکہ ایک رات کو تو مجھے ایمرجنسی کا منہ دیکھنا پڑا۔ لیکن میں نے عمل نہ چھوڑا۔ اس عمل کے دوران کچھ مفید کام دیکھنے کو ملے ایک دن میں کہیں بیٹھا ہوا تھا ایک دوست نے اچانک پیچھے سے آکر میری آنکھوں پر ہاتھ رکھ دئیے مجھے کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا اسی وقت اس عمل کی روحانی چیزوں نے میرے ذہن میں اس دوست کا نام لے کر بتادیا میں نے فوراً کہا (ف) ہاتھ اٹھالے میں خود حیران یہ کیسے ہوا؟ اس کے بعد میرے ایک دوست کو اس بات کا علم ہوا‘ تو اس نے آزمانے کیلئے ایک دن اسی طرح اچانک پیچھے سے آکر
میری آنکھوں پر ہاتھ رکھ دئیے پھر وہی ہوا میں نے کہا (س، صاحب) میری آنکھوں سے ہاتھ اٹھالے۔ اب (س، صاحب) میری ٹانگوں کو ہاتھ لگا کر کہنے لگے: ’’باباجی!‘‘ یہ عمل میں نے سردیوں میں شروع کیا تھا ایک دن میں فجر کی نماز پڑھنے کیلئے مسجد گیا‘ سردی بہت تھی‘ میں نے وضو گھر نہ کیا کیونکہ پانی بہت ٹھنڈا تھا مسجد میں گیزر اور ہیٹر کی سہولت میسر تھی اس لیے میں مسجد چلا گیا کہ پانی گرم ہوگا۔ لیکن جب میں مسجد گیا‘ گرم پانی ختم ہوچکا تھا اور ٹھنڈے پانی سے وضو کیا اور یہ خیال کیا کہ کمرے میں ہیٹر چل رہا ہوگا جلدی ہی گرم ہوجاؤں گا مگر مسجد کا ہیٹر بھی بند تھا اب ٹھنڈی آہ بھر کر نماز میں شامل ہوگیا۔ جناب! یقین کیجئے چند لمحے ہی گزرے تھے کہ میرا جسم گرم ہوگیا اور مجھے سوفیصد یقین تھا کہ کسی نمازی نے ہیٹر چلادیا ہے اور سکون سے نماز پڑھی مگر میری حیرانی کی انتہا نہ رہی جب میں نے دیکھا تو ہیٹربند تھا لیکن افسوس کہ استاد کے بغیر یہ میرا عمل پورا نہ ہوسکا۔ (محمدعبداللہ‘ اوکاڑہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں