محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ سےدعا ہے کہ آپ جیسے تمام نیک لوگوں کو لمبی زندگی دے اور آپ کی نسلیں آگے سے ہماری نسلوں کو ایسے ہی ہدایت والی راہیں دکھائیں۔ ماہنامہ عبقری سے ہمارا تعارف تقریباً نو ماہ قبل ہوا اس سے ہم نے جینے کا ڈھنگ سیکھا‘ میں بھی اپنےایک دو تجربات و مشاہدات تمام عبقری قارئین سے شیئر کرنا چاہتی ہوں۔ایک تویہ ہے کہ ہر فرض نماز کے بعد ایک مرتبہ درودشریف تین مرتبہ یہ آیت
اور گیارہ مرتبہ رب زدنی علما اور ایک مرتبہ درودشریف پڑھ کر سینے پر دم کریں۔اب اس کے مشاہدات بتاتی ہوں:۔ پہلا مشاہدہ:پہلاتو میرا ذاتی تجربہ ہے کہ میں نے ایم اے کیلئے کئی مرتبہ داخلہ بھیجا۔ ہر دفعہ کوئی نہ کوئی مسئلہ ہوجاتا جس کی وجہ سے میں پیپر نہ دے پاتی۔ بی اے کیے ہوئے مجھے آٹھ سال ہوگئے۔ اللہ کی کرنی کہ یہ دعا میں نے اس سال جنوری میں شروع کی۔ مارچ میں اپنا ایڈمیشن بھیجا اور پیپر دینے سے پہلے میرا خیال تھا کہ کوئی نہ کوئی مسئلہ ضرور ہوگا مگر کوئی مسئلہ نہ ہوا۔ الحمدللہ پیپرز بہت اچھے ہوئے اور امید ہے کہ نتیجہ بھی بہت ہی اچھا آئے گا۔ ہوسکتا ہے کہ یہ بات کئی لوگوں کو خاص نہ لگے مگر یہ بات وہ سمجھ سکتے ہیں جو خود پڑھائی کے بہت شوقین ہوں مگر ریگولر پڑھ نہ سکے ہوں اور پرائیویٹ آٹھ سال کوشش کریں اور پیپرز نہ دے سکتے ہوں۔ دوسرامشاہدہ: دوسرا تجربہ میری بہن کا ہے اس کی نظر بہت کمزور ہے بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ اس کو کتابیں ہم کیسٹ میں ریکارڈ کرکے دیتے تھے وہ یاد کرتی تھی اور پیپرز دیتی تھی۔بی اے تک اس نے پڑھائی کی اب آگے ہم اسے کہیں کہ اور پڑھو تو وہ بولے کہ میں نے پڑھ کر کیا کرنا ہے۔ نظر تو میری ہے نہیں تو کیا میں نوکری کروں گی۔ خیر وہ یہ دعا تقریباً دو سالوں سے پڑھ رہی تھی۔ خدا کی قدرت کہ ہمیں ایک ٹیچر ملے جو خود تو نابینا تھے انہوں نے میری بہن کی ہمت بندھائی اور اب میری بہن لاہور میں گورنمنٹ کے ادارے سے سپیشل ایجوکیشن میں بی ایڈ کررہی ہے۔ اس نے ان ٹیچر سے بریل سیکھی اور ان ٹیچر کو اجر خیر ملے کہ انہوں نے ہمیں راستہ دکھایا کہ فلاں جگہ داخلہ لے لو۔ تیسرا مشاہدہ: تیسرا مشاہدہ یہ ہے کہ میری بہن کی کلاس میں ایک لڑکی آئی اس کا کہنا تھا کہ اسے کچھ بھی یاد نہیں ہوتا۔ سارا دن پڑھ پڑھ کر بمشکل ایک پیراگراف یاد ہوتا ہے اب میری بہن نے اسے یہ عمل دیا اس نے اتنے یقین سے کیا کہ کچھ دن بعد اس نے کلاس میں تمام لیکچر سنایا۔ کلاس کی لڑکیاں حیران کہ یہ تو بمشکل ایک پیرا گراف سناتی تھی اور وہ بھی ٹوٹا پھوٹا۔ بس یہ عمل تعلیمی میدان میں ہر رکاوٹ (خواہ وہ مالی ہو یا ذہنی) دور کرنے کیلئے اکسیر ہے۔ پابندی اور یقین شرط ہے۔
دوسرا آزمودہ عمل: دوسرا جو میرا آزمودہ عمل ہے وہ نبی کریم ﷺ کی مسنون دعا ہے۔
تین تین مرتبہ صبح و شام اول و آخر درود شریف ایک ایک مرتبہ۔ یہ دعا درج بالا ترتیب سے پڑھنے کی ہم سب بہن بھائیوں کی پکی عادت ہے۔ اس کی وجہ سے ہم کئی مرتبہ ایکسیڈنٹ سے بچے۔ گاؤں میں ہوتے ہیں تو گرمیوں میں بھڑ وغیرہ کافی ہوتی ہیں ان کی وجہ سے کئی مرتبہ ہمارے اوپر بیٹھ کر بھڑ گئی مگر ڈنگ نہ مار سکی۔ ایک مرتبہ میں اور میرا بھائی موٹرسائیکل پر تھے ایک گدھا گاڑی سے ٹکر ہوئی میں نیچے گری تو مجھے صرف ہلکی سے خراش آئی حالانکہ ہماری بہت زورسے ٹکر ہوئی تھی۔ میرا آزمودہ تیسرا عمل: تیسرا عمل قرض سے چھٹکارے کیلئے ہے اور یہ عمل ہم نے خود بھی کیا ہے اور الحمدللہ چالیس دن میں قرض ختم ہونے کی سبیل بنی۔ عمل یہ ہے: اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف‘ اکتالیس مرتبہ سورۂ نصر فجر کے بعد جہاں نماز ادا کی ہے اسی جگہ بیٹھ کر پڑھنا ہے جن سے ہم نے قرض لیا انہوں نے خود گیارہویں دن فون کرکے کہا کہ آپ واپسی کی کوئی پریشانی نہ لیں اور زندگی میں جب بھی رقم فالتو ہو تو دے دیں مگر اللہ کی قدرت کچھ ہی دن بعد قرض کی ادائیگی کیلئے رقم مل گئی۔دعاؤں میں ضرور یاد رکھیے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں