Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

قارئین کی خصوصی تحریریں

ماہنامہ عبقری - فروری 2017ء

نہ کوئی پرہیز کیا نہ ورزش اور میرا موٹاپا ختم
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! آپ اپنی ہر تحریر میں فرماتے ہیں کہ اپنے تجربات و مشاہدات لکھیں تاکہ لاکھوں انسانوں کا بھلا ہو اور آپ کیلئے صدقہ جاریہ بنے۔ قبلہ حکیم صاحب کا حکم کیسے انظر انداز کیا جاسکتا ہے کیونکہ حکیم صاحب جیسے اللہ تعالیٰ کے بندے خال خال نظر آتے ہیں۔ میں زندگی میں پہلی بار کسی شمارے میں لکھ رہی ہوں۔ اس سے پہلے کہ اپنے سینے کے راز لکھوں عرض یہ ہے کہ میں تو عبقری نہیں پڑھتی‘ مجھے کوئی شوق نہیں لیکن میری والدہ مرحومہ کو عبقری سے بے حد و حساب محبت تھی‘ عبقری کا تازہ شمارہ ان کے سرہانے رہتا‘ ہم سب بہن بھائیوں کو بٹھا کر پڑھ کر سناتیں‘ اس میں سے وظیفے کرتیں‘ نسخہ جات بنا کر استعمال کراتیں۔ جب تک پورا نہ پڑھ لیتیں انہیں سکون نہ آتا اور تب تک نہ ہمیں پڑھنے کیلئےدیتیں۔ آج جو میں سینے کا راز لکھ رہی ہوں یہ اپنی والدہ مرحومہ کے نام کرتی ہوں تمام عبقری کے میٹھے اور پیارے قارئین سے درخواست ہے کہ جب بھی نسخہ استعمال کریں میری والدہ مرحومہ کیلئے ضرور بالضرور دعائے مغفرت کریں اللہ پاک آپ کو جزائے خیر عطا فرمائےگا اور حضرت حکیم صاحب کو اجرعظیم عطا فرمائے آمین!جسمانی ورم اور موٹاپا کیلئے: میں جب بھی بیمار ہوتی تو انگریزی ادویات استعمال کرتی‘ اس کا نقصان یہ ہوا کہ میرے پورے جسم پر ورم ہوگیا‘ پورا جسم بہت زیادہ موٹا ہوگیا‘ میرے چھوٹے بھائی نے یہ نسخہ کہیں پڑھا تھا اس نے مجھے کہا کہ یہ نسخہ استعمال کرو‘ میں ٹالتی رہی پھر تکلیف مزید بڑھی تو آخر یہ نسخہ استعمال کرہی لیا۔ اگر آپ کے جسم پر ورم اور پیٹ بھی بڑھا ہوا تو کسی بھی کمپنی کا عرق مکولے لیں اور ایک کپ صبح، ایک کپ دوپہر، ایک کپ شام پی لیں۔ تقریباً ستر روپے کی بوتل ہے۔ 25 یا 30 بوتلیں پی لیں۔ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ایسے سلم وسمارٹ ہوجائیں گے کہ آپ کو یقین نہیں آئے گا۔ بوتل دو دن میں ختم کرنی ہے کسی قسم کا کوئی پرہیز نہیں۔ ورم اور موٹاپا دور ہوجائے گا۔
حد درجہ پریشانی اورحصول مقاصد کیلئے
نماز عصر کے بعد تنہا جگہ پر لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ اَللہُ یَرْزُقُ مَنْ یَّشَآءُ بِغَیْرِ حِسَابٍ 313 بار سات دن تک پڑھیں۔ انشاء اللہ الکریم کامیابی حاصل ہوگی۔
حل المشکلات کیلئے سجدات تلاوت کا عمل
حضرت شیخ امام حافظ الدین عبداللہ بن احمد بن محمود نسفی (متوفی 710 ہجری) اپنی کتاب’’ کافی شرح دانی‘‘ میں فرماتے ہیں جس نے قرآن پاک کی تمام آیات سجدہ کیا تو اس کی جو بھی مصیبت و حاجت ہوگی اللہ تعالیٰ اس کیلئے کفایت فرمائیں گے (لمحطاوی علی المراقی من 272 باب سجدہ التلاوۃ) دفع مصائب اور قضائے حاجات کیلئے یہ ایک بہترین عمل ہے اور اہل ایمان کیلئے تحفہ بے بہا‘ حاجت مند اس کو عمل میں لائیں اور قدرت کا کرشمہ دیکھیں۔
طریقہ: پہلے وضوکریں پھر رسول پاک ﷺ پر سو بار درود شریف پڑھیں پھر تعوذ و تسمیہ (یعنی اعوذ باللہ وبسم اللہ) پڑھ کر سجدے کی تمام آیات کی تلاوت اورسجدہ ایک ہی مجلس میں کریں پھر گیارہ بار درود شریف پڑھ کر اپنی حاجت کیلئے خلوص دل سے اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کریں۔ دعا ہے اللہ پاک سب کوصحت وتندرستی عطا فرمائے اور سب کی مشکلات‘ پریشانیاں دور فرمائے‘ ایمان سلامت رہے۔ آمین! ۔ اللہ تبارک و تعالیٰ محترم حضرت حکیم صاحب کا سایہ اور فیضان تادیر سلامت رکھے۔ آمین! حکیم صاحب کے حکم کے مطابق اپنے آزمودہ نسخہ جات عبقری میں ضرور شائع کروائیں۔ صدقہ جاریہ ہے زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں۔ (سیدہ یاسمین ہاشمی‘ راولپنڈی)
عرق النساء کیلئےمیرے معمول کے آزمودہ نسخہ جات
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میری عبقری قارئین سے گزارش ہے کہ در ج ذیل نسخہ جات میرے معمول کے استعمال میں ہیں۔ آزمودہ اور مجرب ہیں‘ بے فکر ہوکر بنائیں ‘ استعمال کریں‘ بعدازشفاء بندہ ناچیز اور عبقری کی پوری ٹیم کے حق میں دعائے خیر کریں‘ جن کی انتھک محنت کی وجہ سے آپ کو گھر بیٹھے ازراں قیمت پر اتنے قیمتی نسخہ جات باآسانی مل جاتے ہیں‘ ان کی قدر کریں۔ حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کریں جن کی کاوشوں کی وجہ سے عبقری کا ہر قاری حکیم بن گیا ہے بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ حضرت حکیم صاحب تو حکیم بنانے والی مشین ہیں جن کے ورق اور محنت سےعبقری کا رسالہ آج اس مقام پر پہنچا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کو اپنی پناہ میں رکھے اور حاسدین کی نظربدسے بچائے۔ آمین۔ عرق النساء کے بارے میں عرض: وجع المفاصل کو عرف عام میں گنٹھیا یا جوڑوں کا درد کہتے ہیں‘ یہ درد جسم کے بڑے جوڑوں یعنی گھٹنوں اور کہنیوں میں ہوتا ہے‘ جو درد ٹخنے یا پاؤں کی انگلیوں کے جوڑوں یا انگوٹھے میں ہوتا ہے اسے نقرس کہتے ہیں۔ اسی طرح جو درد کولہے کے جوڑ میں ہوتا ہے اسے وجع الورک کہتے ہیں۔ جو درد کولہے سے پیدا کر پاؤں میں نیچے تک اُتر آتا ہے‘ وہ عرق النساء کہلاتا ہے‘ اردو میں اسے لنگڑی کا درد کہتے ہیں۔ وجع المفاصل کے جملہ اقسام کے اسباب اور علاج عموماً ایک ہی جیسے ہوتے ہیں۔ وجع المفاصل کا سبب سوئے مزاج مادہ ہو‘ خون کی کثرت ہو‘ صفراء ہو‘ بلغم ہو‘ سودا ہو یا ریح‘ سورنجان ہر قسم کے وجع المفاصل میں عموماً اور وجع المفاصل بلغمی میں خصوصاً مفید ہے۔ کھانے کیلئے بھی اور بیرونی مالش یا خماد کے طور پر بھی سورنجان انتہائی مفید دوائی ہے لیکن سورنجان کے ساتھ زیرہ سفید اور زنجبیل ملا کر کھائیں۔ ورنہ معدہ کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔
ھوالشافی: سورنجان شیریں‘ پوست ہلیلہ زرد‘ صبرسقوطری‘ تینوں ادویات ہموزن لے کر سفوف بنالیں۔ صبح، دوپہر، شام چار ماشہ دوا تازہ پانی سے مریض کو کھانے کیلئے دیں۔ دوا کھانے کے دوران جوڑوں پر موم روغن کی مالش کریں تاکہ جوڑوں کے عضلات کو تکلیف نہ پہنچے۔
اے ون معجون عشبہ: یہ معجون جوڑوں کے درد‘ آتشک‘ بواسیر‘ فساد خون اور خارش میں مفید ہے۔ ھوالشافی: عشبہ، بسفائج فستقی، افیتمون ولائتی، کباب چینی، دارچینی، گاؤزبان ہرایک کا وزن دو تولہ‘ گل سرخ‘ چوب چینی‘ صندل سفید‘ صندل سرخ‘ ہر ایک کا وزن تین تولہ‘ سناءمکی چار تولہ‘ پوست بہیڑہ سنبل الطیب ہر ایک کا وزن ایک تولہ‘ ہلیلہ سیاہ سات ماشہ‘ پوست ہلیلہ زرد چھ ماشہ‘ سب ادویات کو کوٹ پیس کر سفوف بنالیں اور تین گنا وزن شہد خالص کا قوام بنا کر اس میں شامل کرلیں اور یک جان کرلیں۔
خوراک: روزانہ ایک تولہ عرق عشبہ سات تولہ کے ساتھ استعمال کریں اس کے علاوہ قبض دور کرنے کیلئے یہی نسخہ ہر چوتھے دن رات سوتے وقت دودھ کے ساتھ تین سے چار تولہ کھائیں۔اے ون معجون سورنجان: پوست ہلیلہ زرد‘ فلفل دراز‘ زنجبیل‘ زیرہ سیاہ ہر ایک کا وزن ایک تولہ‘ برگ سناء مکی‘ سورنجاں شیریں ہر ایک کا وزن دو تولہ‘ کوٹ چھان کر شہد ملا کر معجون بنائیں۔ مقدار خوراک: ایک تولہ روزانہ عرق بادیان یا نیم گرم دودھ کے ساتھ کھائیں۔اے ون سفوف اسپند: عرق النساء وجع المفاصل، نقرس نیز اعصابی دردوں کیلئے ازحدمفید ہے۔ ھوالشافی نسخہ: تخم اسپند چار تولہ‘ مالکنگی دو تولہ‘ سورنجان تلخ ایک تولہ‘ مقل دو تولہ‘ پہلی تین ادویات کو خوب باریک پیس کر مقل میں ملا کر خوب کوٹیں اور یکجان کرلیں۔ خوراک: چار رتی سے ایک ماشہ تک پانی کے ساتھ دن میں دو سے تین خوراک مریض کودیں۔(ایم اے قریشی‘ ملتان)
درود شریف کے کمالات
سورۂ احزاب آیت نمبر55 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’بے شک اللہ اور اس کے فرشتے نبیﷺ پر درود بھیجتے ہیں اے لوگو! جو ایمان لائے ہو تم بھی ان پر درود و سلام بھیجتے رہا کرو۔‘‘ عام پڑھا لکھا انسان بھی اگر قرآن پاک ترجمہ سے پڑھے تو اسے یہ معلوم ہوگا کہ نماز پڑھنے کا حکم بار بار آیا ہے اسی طرح زکوٰۃ، روزہ اور حج کا حکم آیا ہے لیکن کسی عمل کے متعلق اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ یہ میں بھی کرتا ہوں اور میرے فرشتے بھی کرتے ہیں۔ لہٰذا اے ایمان والو! تم بھی کرو سوائے درودشریف پڑھنے حکم کے۔ اسی لیے اسے وظیفہ خداوندی کہا جاتا ہے۔ پس یہی اللہ جل شانہٗ، فرشتوں اور مسلمانوں کا مشترکہ وظیفہ ہے۔ ہر وہ درود شریف جس میں صلوٰۃ و سلام کے الفاظ ہوں‘ پڑھا جائے تو اللہ کے حکم کی بجاآوری ہوجائے گی۔ درود شریف پڑھنےکا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان باوضو ہوکر قبلہ کی طرف منہ کرکے دو زانو بیٹھے اور خوشبو لگائے تو بہتر ہے‘ درودشریف پڑھتے وقت کسی غیر کی طرف متوجہ نہ ہو‘ کیونکہ بندہ جو نیک عمل کرے جب وہ حضورِ دل سے ہو تووہ زندہ عمل ہے اور جو غفلت سے ہو یعنی دل کسی غیر کی طرف لگا ہوا ہو تو وہ مردہ کی طرح بے جان ہوتا ہے‘ درودشریف پاک جگہ پربیٹھ کر‘ کھڑے ہوکر اور سفر کے دوران باوضو اور بے وضو بھی پڑھا جاسکتا ہے۔
درود شریف کے فضائل پر تو لاتعداد احادیث مبارکہ اور واقعات ہیں مگر میں یہاں صرف تین احادیث مبارکہ بیان کررہی ہوں:۔1۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ جب وہ بارگاہ الٰہی میں حاضر ہو تو اللہ تعالیٰ اس پر راضی ہو اسے چاہیے کہ مجھ پر درودپاک کی کثرت کرے۔ 2۔ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ قیامت کے دن لوگوں میں سے میرے قریب وہ ہوگا جس نے دنیا میں مجھ پر درود شریف زیادہ پڑھا ہوگا۔ 3۔ حضور نبی کریم رؤف الرحیم ﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ جو شخص مجھ پرایک مرتبہ درودشریف پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں‘ اس کے دس گناہ معاف اور دس درجے بلند فرماتے ہیں۔
تیسری حدیث پاک پر غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ جس شخص نے ایک بار درودشریف پڑھا وہ اللہ تعالیٰ کی دس رحمتوں کا مستحق ٹھہرا‘ آئیں غور کریں کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے کیا؟ قرآن مجید کی سورۂ اعراف کی آیت نمبر 156 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اور میری رحمت ہر چیز پر پھیلی ہوئی ہے‘‘ اسی طرح سورۂ المومن کی آیت نمبر8 میں ارشاد فرمایا:’’جو فرشتےعرش کو اٹھائے ہوئے ہیں اور اس کے گرد حلقہ باندھے ہوئے ہیں وہ اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرتے ہیں اور مومنوں کیلئے بخشش مانگتے ہوئے کہتے ہیں اے ہمارے پروردگار تیری رحمت اور علم نے ہر چیز کو گھیر رکھا ہے۔‘‘ ان آیات مبارکہ کو سامنے رکھیں تو درود خواں کو خوش قسمتی کی سند مل جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جو شخص درود شریف کو اپنا وظیفہ صبح و شام بنالیتا ہے اس کو فائدہ ہی فائدہ پہنچتا ہے اور ہر شر و ضرر سے محفوظ رہتا ہے۔ اس کا ہر کام بنتا ہی چلا جاتا ہے کیونکہ ہر چیز کو اللہ تعالیٰ کی رحمت نے گھیر رکھا ہے۔ ایک بار درود پڑھا دس رحمتیں نازل ہوئیں‘ سو بار پڑھا ہزار رحمتیں‘ ایک ہزار بار پڑھا دس ہزار رحمتوں کا نزول ہوا اور ایک لاکھ پڑھا دس لاکھ رحمتیں نازل ہوئیں۔ انسان اپنی اس عارضی زندگی میں جتنا زیادہ درود شریف پڑھے گا اتنی ہی زیادہ اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کواپنےساتھ قبر میں لے جائے گا۔ کتنا قابل رشک اور خوش قسمت ترین وہ انسان ہوگا جس کی لحد اربوں‘ کھربوں رحمتوں سے جگمگا رہی ہوگی اور میرا گمان ہے کہ وہ وہاں بھی قیامت تک درودشریف ہی پڑھتا رہے گا۔ قیامت کے آغاز و اختتام پر اس کا وظیفہ درودشریف ہوگا اور جنت الفردوس میں بھی اس کا ورد درودشریف ہی ہوگا۔ انشاء اللہ تعالیٰ ۔دوسرا انعام درود خوان کو گناہوں کی معافی کی صورت میں ملتا ہے کہ ایک مرتبہ درود پڑھا اور دس گناہ معاف‘ درود شریف پڑھ کر انسان کم از کم ایسے روزمرہ گناہوں کا ساتھ ساتھ کفارہ ہی ادا کرسکتا ہے اور انشاء اللہ درودشریف کی برکات سے وہ ان روزمرہ کے گناہوں سے بچ بھی جائے گا۔ تیسرا انعام: تیسرا انعام دس درجات کی بلندی ہے۔ درجہ کیا ہے؟ اس کا مفہوم نبی کریم ﷺ کی اس حدیث پاک سے باخوبی سمجھ آجاتا ہے۔حضرت کعب بن مرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے کہا میں نے حضور نبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ تم تیراندازی کیا کرو‘ جس کا ایک تیر بھی دشمن کے لگ گیا اللہ تعالیٰ اس کا درجہ اس تیر کی وجہ سے بلند کردےگا‘ حضرت عبدالرحمٰن بن نحام رضی اللہ عنہٗ نے عرض کیا: یارسول اللہ ﷺ درجہ کیا ہے؟ فرمایا: درجہ تمہاری ماں کی چوکھٹ کی طرح نہیں ہے بلکہ دو درجوں کے درمیان سو برس کا فاصلہ ہے۔ (ابن کثیر اسد الغابہ فی معرفت الصحابہ جلد ششم)
اس حدیث پاک سے واضح ہوا کہ ایک درجہ اور دوسرے درجہ کے درمیان سو برس کا فاصلہ ہے جبکہ ایک بار درودشریف پڑھنے سے دس درجات بلند ہوتے ہیں سمجھنے والے کیلئے کتنا بڑا انعام اور کتنی بڑی کرم نوازی ہے۔ یقیناً درجات کا بڑھنا بارگاہ رب العزت ہی کی طرف ہے لہٰذا جو شخص درودشریف کثرت سے پڑھتا رہے گا انشاء اللہ وہ اللہ تعالیٰ کا مقرب بندہ بن جائے گا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جو شخص کثرت سے درودشریف پڑھتا ہے نبی کریم ﷺ اس پر خصوصی نظرکرم فرماتے ہوئے بیداری میں اسے اپنی زیارت سے مستفیض فرماتے ہیں۔(مہوش رحمان‘ پشاور)

 

 

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 497 reviews.