خوبصورت ہیئر سٹائل
خوبصورت ہیئر سٹائل تمام خواتین کی اولین خواہش ہوتی ہے کیونکہ ایک اچھا ہیر سٹائل آپ کی شخصیت کو پرکشش بنا دیتا ہے۔ میک اپ چاہے کتنا ہی اچھا کیا ہوا ہو اگر ہیئر اسٹائل اچھا نہ ہو تو پوری شخصیت کا غلط تاثر پڑتا ہے۔ کوئی نیا ہیئر اسٹائل بنانا ہو تو یہ کام چند ہیئر اسپریز، جیلز (Gels) اور مائوسز کی مدد سے بآسانی کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ہیئر اسپرے، جیلز اور مائوسز کا استعمال کب اور کیسے کرنا ہے یہ جاننا سب سے اولین کام ہے کیونکہ ان کا زائد استعمال بالوں کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔ آئیے ان بنیادی معلومات پر نظر ڈالیں کہ جن کی بدولت آپ خوبصورت ہیئراسٹائل بنا سکتی ہیں۔
ہیئرسپرے Hair Spray
سب سے پہلی چیز ہیئراسپرے کہ جو بالوں کو خوبصورت اسٹائل دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ آپ کو بالوں کا جو اسٹائل بنانا ہو وہ اسٹائل بنا لیجئے اور پھر اس پر اسپرے کر دیجئے۔ آپ کا ہیئر سٹائل گھنٹوں ویسا ہی رہے گا اس لیے یہ الجھن بآسانی دور ہو سکتی ہے کہ نہ جانے صبح بنایا ہوا ہیئرسٹائل رات تک ویسا رہے گا یا نہیں۔کچھ عرصہ پہلے یہ شکایت رہتی تھی کہ ہیئر اسپرے کے استعمال سے بال خراب ہو جاتے ہیں اس لیے اب اسپرے بنانے والی صنعتوں میں اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ ایسے ہیئر اسپریز بنائے جائیں کہ جن میں نامیاتی مرکبات کا استعمال نہ ہو کیونکہ یہی مرکبات بالوں کو خراب کرنے کا باعث ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی اسپریز میں موجود روایتی خوشبو ختم کر دی گئی ہے۔ اب نئی تحقیق کے مطابق اچھی کوالٹی کے اسپریز بالوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے بالوں کو مضبوط بنا دیتے ہیں۔
ہیئر سپرے کا استعمال کب کریں
(1)کوئی مخصوص ہیئراسٹائل بنانا ہو۔ (2) اگر گیلے بالوں میں اسپرے کیا جائے تو زیادہ مو ثر رہتا ہے اس طرح بالوں کی رولنگ اچھی ہوتی ہے اور خوبصورت بھی لگتی ہے۔(3) اگر بالوں گھنگھریالے بنانے ہوں تو اسپرے کیے ہوئے بالوں کو اپنی انگلی کے گرد لپیٹ لیجئے اور ان پر کلپ لگا دیجئے۔ تھوڑی دیر بعد جب آپ کلپ ہٹائیں گی تویکھیں گی کہ آپ کے بال کس خوبصورتی سے گھنگھریالے ہو چکے ہوں گے۔(4) آپ کے بال سوکھ گئے ہوں اور آپ ہیئراسٹائل بھی بنا چکی ہوں تو پانی ملے ہیئر اسپرے کا استعمال ہرگز نہ کیجئے کیونکہ اس طرح آپ کاہیئر اسٹائل چھپ جائے گا۔ اس کے بجائے الکحل والا اسپرے استعمال کیجئے اور یہ سوچ کر مت ڈرئیے کہ الکحل حل پذیری کی وجہ سے بالوں کو نقصان پہنچائےگا۔ جب آپ الکحل ملے اسپرے کا استعمال کرتی ہیں توالکحل بالوں کی جڑوں تک پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں تحلیل ہو جاتا ہے اور بالوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ جب کہ پینتھنول (Penthanol) اور دوسرے کنڈیشنرز بالوں کو چمکدار تو بناتے ہیں لیکن انہیں موئسچرائز نہیں کرتے۔ ہیئر اسپرے یہ تمام کام کرتا ہے۔(5) بالوں کو گھنا کرنے کیلئے بھی ہیئر اسپرے استعمال کر سکتی ہیں۔ اس کیلئے بالوں کو آگے کی طرف کرکے اوپر سے نیچے حرکت دیتے ہوئے بالوں کی جڑوں سے سروں تک اسپرے کیجئے۔ جب بال خشک ہو جائیں تو ان پر برش پھیر دیجئے۔ اس طرح بال گھنے اور خوبصورت نظرآئیں گے۔
ہیئر سپرے کے استعمال میں احتیاط بھی ضروری ہے
ہیئر اسپرے کا زیادہ استعمال نہ کرنا ہی بہتر ہے کیونکہ اس سے بال کمزور اور روکھے ہو جاتے ہیں۔ اگر غلطی سے ہیئر اسپرے کا زیادہ استعمال کر بھی لیں تو کسی برش کی مدد سے زیادہ اسپرے صاف کر دیجئے یا پھر انہیں دھو لیجئے۔ اسپرے کرتے وقت اسپرے کے ڈبے کو اپنے بالوں سے تقریباً 30سینٹی میٹر کے فاصلے پر رکھئے تاکہ بالوں کا جھنڈ نہ بن جائے۔ قریب سے اسپرے کرنے سے بال کمزور ہوتے ہیں۔ اس لیے اسپرے کا مناسب استعمال ہی بہتر ہے۔
ہیئرسپرے کا استعمال کب زیادہ ضروری ہے؟
ہیئر اسپرے کا زیادہ تر استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب بالوں کو اونچا باندھنا ہو یا کوئی اسٹائل بنانا ہو۔ نمی والے موسم میں بھی اسپرے کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ بالوں کا اسٹائل ویسا ہی رہے جیسا بنایا ہوا۔
جیلز Gels
کا استعمال اس لیے کیا جاتا ہے کہ بال اچھی طرح سیٹ ہو جائیں اور خاص کر ان بالوں کیلئے جو آنکھوں پر آتے ہوں۔ جیل (Gels) کا استعمال بالوں کی مضبوطی اور چمک کیلئے بھی موثر رہتا ہے۔ اگر بال گھنگھریالے ہوں تو ان پر بھی جیل (Gel) کا استعمال اچھا رہتا ہے اور ہر ہیئر اسٹائل بڑی آسانی سے بن جاتا ہے۔ بازار میں طرح طرح کی جیلز دستیاب ہیں جن میں موجود Cellulose اور Resins کی بدولت بال چمکدار بن جاتے ہیں اور کرلز بھی اچھے بنتے ہیں۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا ہیئر اسٹائل اچھا بنے تو اس کیلئے سب سے پہلے بالوں کو سلجھا لیجئے۔ پھر جس رخ میں اسٹائل بنانا ہو اسی رخ میں بالوں کو پکڑ کر جیل (Gel) لگائیے۔ اس طرح آپ جس طرح کا ہیئراسٹائل بنانا چاہئیں گی آسانی سے بن جائےگا۔
جیل (Gel )کا استعمال
جیل اس وقت استعمال کریں جب آپ گیلے بالوں کو باندھنا چاہتی ہوں۔ جیل چونکہ بالوں کو سیٹ کرنے میں اچھا رہتا ہے اس لیے بالوں کو کرل کرنے میں بھی اس کا استعمال مو ¿ثر رہتا ہے اوربال جب خشک ہو جائیں تو انہیں انگلیوں کی مدد سے الگ کر لیجئے۔ اس طرح بالوں کا اچھا Look آئے گا اور بال گھنے لگیں گے۔
اگر بالوں کو بالکل سیدھا رکھنا چاہتی ہیں تو اس کیلئے جیل (Gel) کو اپنی ہتھیلی پر لگا کر دونوں ہتھیلیوں کو رگڑئیے اور پھر بالوں کی جڑوں سے سروں تک جیل (Gel)لگائیے۔
سوکھے ہوئے بالوں میں بھی جیل کا استعمال کر سکتی ہیں۔ جس سے آپ کے بال چمکدار ہو جائیں گے اور آپ بالوں کوجس طرح بنانا چاہیں گی بنا لیں گی۔ سوکھے بالوں میں جیل کا استعمال اس طرح کیجئے کہ اپنی انگلیوں پر جیل رگڑئیے اور بالوں کے سروں تک اچھی طرح لگائیے۔ پھر جو چاہے اسٹائل بنا لیجئے آسانی سے بن جائے گا۔
مائوس (Moues)
مائوس ایک ایسا نام کہ جو کم و بیش ہی سننے میںآتا ہے لیکن آخر یہ کیا ہے؟مائوس دراصل پھینٹی ہوئی کریم کی طرح ہلکا اور پھولا ہوا ہوتا ہے جو جیل کی طرح بالوں کو سیٹ کر دیتا ہے۔ مائوس کا استعمال بالوں کو گھنا اور لمبا کرتا ہے۔ جس طرح جیلز (Gels) اورسپرے میں Resins بالوں کی جڑوں تک پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں تحلیل ہو جاتے ہیں بالکل اسی طرح مائوس کے استعمال سے بھی ہوتا ہے اور بال زیادہ وزنی نہیں ہوتے۔ مائوس میں موجود کنڈیشنر بالوں کی جڑوں تک پہنچ کر بالوں کو غذائیت فراہم کرتا ہے۔ مائوس کا استعمال ان خواتین کیلئے زیادہ موثر رہتا ہے کہ جن کے بال روکھے، خراب، فرم کیئے ہوئے یا گھنگھریالے ہوں۔
عموماً مائوس کا استعمال گیلے بالوں میں زیادہ اثر دکھاتا ہے۔ کیونکہ اس طرح بال نرم ہونے کے ساتھ ساتھ گھنے بھی لگتے ہیں۔ اگر آپ اپنے بالوں میں کرلز بنانا چاہتی ہیں تو مائوس کے استعمال سے اچھے کرلز بنیں گے۔ مائوس بالوں میں چمک بھی لاتا ہے۔اگر آپ کے بال چھوٹے ہیں تو مائوس کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس کے استعمال سے آپ کے بال گھنے بھی لگیں گے اور ان میں لچک بھی آئے گی۔ مائوس کو بالوں کی جڑوں تک لگا کر خشک ہونے دیجئے۔ پھر دیکھئے آپ کے بالوں میں کیسی رونق آتی ہے۔ ساتھ ہی اگر آپ سر کے کسی مخصوص حصے میں مائوس کا استعمال کرنا چاہتی ہیں تو اس کیلئے بالوں کو خشک کرکے مائوس متاثرہ جگہ پر لگائیے۔ دراصل خشک بالوں میں زیادہ واضح ہو جاتا ہے کہ آپ کومائوس کس جگہ لگانا ہے۔ اس کیلئے اپنی انگلیوں کی مدد سے اس حصہ پر مائوس لگائیے۔ بہتر یہی ہے کہ تمام بالوں پر اس کا استعمال کیا جائے۔
مائوس کااستعمال کب کریں
مائوس کا استعمال اس وقت کریںجب آپ کے بالوں پر کسی کیمیکل کا استعمال ہو چکا ہو یا پھر آپ کے بال خشک اور روکھے ہوں۔ اگر آپ کے بال خشک ہیں اور آپ کوئی اسٹائل بنانا چاہتی ہیں تو مائوس کا استعمال اس کا آسان حل ہے۔ یہ تمام باتیں جان کر یقینا آپ کی پریشانی کافی حدتک دور ہو چکی ہوگی۔ آپ بڑے آرام سے جیلز (Gels)، اسپرے اور مائوس کے استعمال سے کسی بھی قسم کا ہیئر اسٹائل بنا سکتی ہیں اوراپنے بالوں میں جان ڈال سکتی ہیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 715
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں