مراقبے کے جب کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دے گا۔
Meditation یعنی مراقبہ جہاں ازل سے روحانیت کی ترقی اور مشکلات کے حل کا علاج رہا ہے وہاں جدید سائنس نے اسے امراض کا یقینی علاج بھی قرار دیا ہے۔
ہزاروں تجربات کے بعد عبقری کے قارئین کے لئے مراقبے سے علاج پیش خدمت ہے۔ سوتے وقت اگر با وضو اور پاک سوئیں تو سب سے بہتر ورنہ کسی بھی حالت میں صرف 10 منٹ بستر پر بیٹھ کر بلا تعداد ورد کر یں‘ اول و آخر 3 بار درود شریف پڑھیں پھر لیٹ جائیں۔ جس مرض کا خاتمہ یا الجھن کا حل چاہتے ہوں اس کو ذہن میں رکھ کر یہ تصور کریں کہ ’’ آسمان سے سنہرے رنگ کی روشنی میرے سر سے سارے جسم میں داخل ہو کر اس مرض کو ختم یا الجھن کو حل کر رہی ہے اور اس وظیفے کی برکت سے میں سو فیصداس پریشانی سے نکل گیا/گئی ہوں‘‘ یہاں تک کہ اس تصور کو دہراتے دہراتے نیند آجائے۔ شروع میں تصور بناتے ہوئے آپکو مشکل ہو گی لیکن بعد میں آپ پر جب اسکے کمالات کھلیں گے تو حیرت کا انوکھا جہان اور مشکلات کا سو فیصد حل خود آپ کو حیرت زدہ کر دیگا۔ مراقبے کے بعد اپنی کیفیات فوائد اور انوکھے تجربات ہمیں لکھنا نہ بھولیں۔
مراقبہ سے فیض پانے والے:محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری بہت شوق سےپڑھتی ہوں‘ خاص کر مجھے مراقبہ کرنے کا بہت زیادہ شوق ہے۔ میں پچھلے چند سالوں سے مراقبہ کی مشق کررہی تھی‘ کافی عرصہ کے بعد مجھے مراقبہ کی کیفیات ملنا شروع ہوئیں۔ ابھی گزشتہ رات ہی میں نے مراقبہ کیا جس میں میری جو کیفیت بنی وہ درج ہے۔ میں نے ہلکی سی روشنی دیکھی اور میری کیفیت یہ تھی میرا دل تو اللہ اللہ کررہا تھا اس کے ساتھ میرا جسم بھی حرکت میں آگیا تھا۔ اللہ کے نام کی کیفیت میرے جسم نے بھی محسوس کی اور میرے جسم میں کپکپاہٹ اور لرزش تھی، ایسے لگ رہا تھا جیسے جسم پورا اللہ اللہ کررہا ہے، مجھے ایسے لگا جیسے میرے اندر سے بیماریاں‘ پریشانیاں نکل رہی ہیں اور تندرستی کا نور میرے اندر جارہا ہے۔ اسی کیفیت میں میری آنکھ لگ گئی‘ جب صبح فجر کےوقت اٹھی تو بالکل فریش تھی‘ ایسے لگا جیسے میرا جسم پھول جیسا بن گیا ہے۔ (ر۔ا۔ب،لاہور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں