میرا مسئلہ یہ تھا کہ میرے شوہر کے کچھ عورتوں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور یہ سب عرصہ دراز سے چل رہا ہے‘ شاید شادی سے پہلے سے ہی۔ میری شادی کو 8 سال ہوگئے ہیں۔ میرے دو بچے ہیں۔ میرے شوہرکا اپنا کاروبار ہے۔
روزانہ کی ڈاک چیک کرتے ہوئے یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کے مزید تجربات ومشاہدات سامنے آئے جو میں قارئین کی نذر کررہا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ اس وظیفے کے فوائد آپ تک پہنچاؤں تاکہ آپ کو بھی اگر کوئی مشکل‘ پریشانی ہو تو آپ بھی اس وظیفے کے کمالات سے فوائد حاصل کرسکیں۔
شوہر راہ راست پر
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!سب سے پہلے تو آپ کیلئے بہت ساری دعائیں خداتعالیٰ آپ کا سایہ شفقت ہم سب ’’عبقری‘‘ پڑھنے والوں پر قائم دائم رکھے اور آپ کو عمر خضر عطا فرمائے۔میں گزشتہ 3 سال سے عبقری پڑھ رہی ہوں اور اس رسالہ کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے میرے گھر میں خیروبرکت بھردی ہے۔ اس کو پڑھنے سے ہر مسئلہ حل مل جاتا ہے۔ ہر ماہ اس کا بے چینی سے انتظار رہتا ہے۔
محترم حضرت حکیم صاحب !میرا ایک مسئلہ ہے جوکہ میں کافی عرصہ سے آپ سے بیان کرنا چاہ رہی تھی‘ پھر اس کی رہنمائی مجھے عبقری میں موجودورد یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ سے مل گئی۔ میرا مسئلہ یہ تھا کہ میرے شوہر کے کچھ عورتوں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور یہ سب عرصہ دراز سے چل رہا ہے‘ شاید شادی سے پہلے سے ہی۔ میری شادی کو 8 سال ہوگئے ہیں۔ میرے دو بچے ہیں۔ میرے شوہرکا اپنا کاروبار ہے۔ ہمارے گھر میں بہت امن و سکون ہے‘الحمدللہ اللہ کا دیا سب کچھ ہے‘کسی قسم کی معاشی پریشانی نہیں۔ بس اسی بات (شوہر کی بے راہ روی)پر ہم دونوں میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا۔ میں بہت کوشش کرتی کہ ان باتوں کو نظرانداز کردوں لیکن اکثر اوقات تو مجھ سے برداشت نہیں ہوتا تھا‘ میرا جی چاہتا کہ سب کچھ چھوڑ دوں یا سب کو آگ لگادوں۔ صرف اسی مسئلہ نے میری زندگی کو جہنم بنایا ہوا تھا۔ میں صرف یہ چاہتی تھی کہ میرے گھر کا ماحول خراب نہ ہو میرے شوہر راہ راست پر آجائیں۔پھر اس سے زیادہ پریشانی یہ ہونا شروع ہوگئی کہ کچھ عرصہ پہلے ہمار ے گھر میں پانی کے چھینٹے آنا شروع ہوگئے جوکہ صبح تقریباً آٹھ بجے اور نو بجے کے درمیان گھر کے صحن میں موجود ہوتے۔ اس بات نے مجھے اور پریشانی میں مبتلا کردیا۔مجھے یقین تھا کہ ہو نہ ہو یہ سب ان غلط قسم کی عورتوں کے کرتوت ہی ہیںکیونکہ ان کی نظر میرے شوہر سے زیادہ میرے شوہر کے کاروبار پر ہے‘ وہ لالچی عورتیں میرے شوہر سے نکاح کرنا چاہتی ہیں مگر میرے شوہر رضامند نہیں۔ میں نے یقین کے ساتھ عبقری رسالہ میں سے دیکھ کر یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھنا شروع کردیا۔ میں نے یہ عمل پانچ ماہ مسلسل کیا ہے اور الحمدللہ اب بھی کررہی ہوں۔ پانچ ماہ کے بعد اللہ کا شکر ہے کہ میں مطمئن ہوگئی ہوں۔ میرے شوہر کا رویہ بہت بدل گیا ہے‘ ان کا دل ان غلیظ عورتوں سے بدظن ہوگیا ہے۔ ہمارے گھر میں وہ پانی کے چھینٹے بھی اب نہیں گرتے اور نہ ہی ہمارا آپس میں کوئی جھگڑا ہوتا ہے۔اس وظیفے نے سب سے مسائل چھٹکارا دلا دیا ہے۔یہ سب اس وظیفے کی تسبیحات کا کمال ہے کہ وہ عورتیں اپنے غلیظ مقصد میں کامیاب نہیں ہوئیں۔
دس لاکھ خود گھر آکر دے گیا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو سدا سلامت رکھے اور آپ کے تسبیح خانہ کو تاقیامت شاد و آباد رکھے۔ آمین!۔ آپ کے درس بھی سنتی ہوں‘ آپ جو درس میں فضائل بتاتے ہیں وہ بھی ہم بڑے ذوق شوق سے کرتے ہیں۔ہمارے ساتھ ایک مسئلہ تھا کہ میرے شوہر کے کاروباری معاملات میں کسی نے اُن کے دس لاکھ دبا لیے‘ تقریباً ایک سال ہوا چاہتا تھا مگر وہ پیسے دینے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا‘ میرے شوہر کے پاس کوئی ثبوت بھی نہ تھا کہ اس نے پیسے لیے ہیں۔ہم سب گھر والے بہت پریشان تھے‘ اسی دوران آپ کا درس نیٹ پر سن رہے تھے تو آپ نے درس میں یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کے فضائل بتائے۔ ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے یہ درس آپ خاص ہمارے لیے ہی دے رہے ہیں۔ ہم نے آپ کے بتائے ہوئے وظیفے یَارَبِّ موسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ سارا دن کھلا پڑھنا شروع کردیا۔ یہ وظیفہ کرتے ہوئے چار ماہ ہوئے تھے کہ اس بندے نے خود میرے شوہر سے رابطہ کیا اور کچھ دنوں بعد خود گھر آکر دس لاکھ روپے دے گیا۔ ہم سب ایسے حیران کہ ہمیں سمجھ نہ آئی کہ یہ کیا ہوگیا۔ یہ سب اسی وظیفے کا کمال تھا کہ ایک شخص جو پیسے دینے سے ہی انکاری تھا خود گھر آکر ہمیں دس لاکھ جیسی بڑی رقم پکڑا گیا۔میں آپ کے درس سے سن کر سورۂ کوثر بھی سارا دن کرتی ہوں الحمدللہ!گھر میں بہت برکت ہے‘ کسی بھی قسم کی محتاجی نہیں ہے۔
قارئین! میں آپ کے سینے کی امانت آپ تک پہنچا رہا ہوں ‘آپ کو اس وظیفے سے جو فائدہ پہنچے‘ ضرور امانت سمجھ کر مجھے لکھیں‘انتظار رہے گا۔ ایڈیٹر!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں