Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

حسن و صحت اور فٹنس کیلئے سدا بہار تجربات 7

ماہنامہ عبقری - جنوری 2014

بالوں کو ملائم چمکدار‘ سیاہ بنانے کا ٹوٹکہ

تازہ یا خشک اخروٹ کی بیرونی چھال ایک چھٹانک پھٹکڑی سفید 3ماشہ، روغن بنولہ دو چھٹانک، روغن کدو ایک پاؤ، روغن زیتون آدھ پاؤ ان سب کو ملا کر کسی برتن میں ڈال کر آگ پر پکائیں جب تمام اشیاء روغن میں جل جائیں تو تیل کو چھان کر کسی شیشی میں محفوظ رکھیں۔ بوقت ضرورت بالوں پر لگائیں بال سیاہ فام ہوجائیں گے اور اصلی قدرتی بالوں کے مانند نہایت ملائم اور چمکیلے ہوجائیں گے۔

دافع زہر

شہد، پیاز اور نمک کے ساتھ اخروٹ پیس کر دیوانے کتے کے کاٹے پر باندھ دیں‘ زہر دور ہوجائے گا۔

سوزش جگر کیلئے

مغز بادام چھلے ہوئے دس عدد، الائچی خورد 5 عدد، سونف دو ماشہ، منقیٰ 5 عدد، جملہ ادویات کو پانی یا مناسب عرقیات میں گھوٹ کر گھوٹابنالیں۔ مصری کا اضافہ کرکے دن میں دو یا تین بار پلانا مقوی دل اور دماغ ہے۔ پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ معدہ اور جگر کی سوزش کیلئے مؤثر ہے۔

سخت نزلہ زکام کیلئے

دو لیموں کے رس میں ڈیڑھ پاؤ کھولتا ہوا پانی ڈال کر اور اسے حسب ذائقہ شہد سے میٹھا کرکے رات کو سوتے وقت پینا زکام میں اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

درد گردہ کیلئے اکسیر

انگور کی بیل کے پتے دو تولہ کو پانی میں پیس کر چھان لیں اب اس میں لاہوری نمک ملا کر پلادیں۔ درد گردہ کا تڑپتا ہوا مریض چین پائے گا۔

شربت بھوک افزاء

میٹھے انار کا رس دوچھٹانک، ترش انار کا رس دو چھٹانک، سیب کا رس ایک پاؤ، لیموں کا رس ایک پاؤ، سبز پودینہ کا رس ایک پاؤ، مصری دو کلو، شربت تیار کریں۔ خوراک تین تولہ صبح و شام استعمال کریں۔ یہ عجیب وغریب شربت معدہ اور جگر کی خرابیوں کو دور کرکے بھوک خوب لگاتا ہے۔ ہیضہ کے ایام میں استعمال کرنا بہت مفید ہے۔

اپینڈکس کا روحانی علاج

ایک چٹکی نمک لے کر اس پر گیارہ دفعہ آیۃ الکرسی اور یَاعَظِیْمُ سات بار پڑھ کر نمک پر دم کرکے اس کو پانی میں ڈال کر پی لیں۔ اس عمل کو دن میں تین مرتبہ کریں۔ انشاء اللہ اپنڈکس ختم ہوجائے گا۔

اچھے رشتے کی خواہش

اگر کوئی اس بات کا خواہاں ہو کہ اس کا رشتہ اچھی جگہ پر ہوجائے تو اس کیلئے یہ عمل فائدہ مند ہے۔ ہر روز بعداز نمازفجر اور عشاء کسی سے بھی کلام کیے بغیر اپنے مقصد کو پیش نظر رکھ کر 40 مرتبہ سورۂ فاتحہ اول و آخر درود شریف گیارہ مرتبہ پڑھ کر دعا مانگیں انشاء اللہ 40 یوم کے بلاناغہ عمل سے مراد پوری ہوگی۔ عاجزی و انکساری لازمی ہے۔

اصلی شہد کی پہچان کیلئے تجربات

اگر اصلی شہد کی اصلیت یعنی اس کا خالص ہونا پرکھنا ہے تو اس کے مختلف طریقے ہیں:۔ اگر شہد خالص میں روٹی تر کرکے اس کو جلائیں تو اصل شہد سالم جل جاتا ہے اگر مصنوعی ہو تو کوئلہ رہ جاتا ہے۔روٹی شہد میں تر کرکے کتے کوڈالیں تو کتا نہیں کھائے گا اگر مصنوعی ہوگی توکتا کھاجائے گا۔عام مکھی کو پکڑ کر شہد میں دو انچ دبادیں۔ شہد اصلی ہوگاتو مکھی زندہ باہر آجائے گی اور اڑجائے گی اور دو نمبر ہوگا یا شیرا ہوا تو مکھی مرجائے گی۔شہد ہتھیلی پر رکھ کر نمک کی ڈلی ملائیں اور پھر چکھیں اگر نمک کا ذائقہ محسوس ہو تو یہ جعلی ہے۔

اتفاق و محبت کیلئے

جس گھرمیں ناچاقی کی فضا ہروقت قائم رہتی ہو تو اس مقصد کیلئے گھر کا کوئی بھی فرد باوضو ہوکر اکیس مرتبہ سورۂ فاتحہ اول و آخر درود شریف گیارہ بار پڑھ کر گھر کے تمام افراد پر اور گھر کے چاروں کونوں میں پھونک ماردیں یا پانی پر دم کرکے سب کو پلائیں اور گھر کی چار دیواری پر چھڑک دیں۔ (روحانی عملیات)

خوشبو کے فوائد

خوشبو کا روح انسانی سے خصوصی تعلق ہے۔ خوشبو طبیعت میں خوشگواری پیدا کرتی ہے۔ خوشبو سونگھنے سے دل ودماغ معطر ہوجاتا ہے۔ خوشبو اور قوت باہ میں گہرا تعلق ہے اور مقناطیسی قوت کشش ہے۔ اس لیے شادی کے موقع پر دلہنوں کو پھولوں کے گجرےپہنائے جاتے ہیں اور خوشبو میں بسایا جاتا ہے۔نبی کریم ﷺ کو خوشبو بہت پسند تھی، کستوری آپ ﷺ خاص طور پر پسند کرتے تھے۔ حضرت ابوسعید الخدری رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ روایت فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’سب سے بہترین خوشبو کستوری یعنی مشک ہے۔‘‘ (مسلم‘ مسند احمد) آنحضرت ﷺ اپنے سر مبارک اور ڈاڑھی مبارک پر مشک لگایا کرتے تھے۔ ’’حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کو قربانی والے دن اور طواف کعبہ سے پہلے خوشبو لگاتی تھی اس میں کستوری شامل ہوتی تھی‘‘ ( بخاری و مسلم)نبی کریم ﷺ کی عام طور پر عادت شریفہ تہجد کے وقت خوشبو لگانے کی تھی۔ آپ ﷺ سونے سے بیدار ہوتے تو قضائے حاجت سے فراغت پر وضو فرماتے پھر لباس پر خوشبو لگاتے۔ آپ ﷺ خوشبو سر مبارک اور پیشانی پر بھی لگایا کرتے تھے۔ سفر السادۃ میں لکھا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی خدمت میں جب کوئی خوشبو پیش کرتا تو آپ ﷺ اس کو رد نہ فرماتے اور آپ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ اگر کوئی شخص خوشبو دے تو اس کو رد نہ کریں۔درج ذیل اوقات میں خوشبو لگانا مستحب ہے۔ سفر پر جانے سے پہلے۔ ذکر وتلاوت سے پہلے۔ مسجد میں جانے سے پہلے۔ حدیث پاک کے درس سے پہلے۔ علماء اور صلحاء کی مجلس میں جانےسے پہلے۔ قارئین! آپ تکان کاکام کرتے ہیں یا دماغی تو عطر ضرور لگایا کریں اگر آپ عطر نہیں لگانا چاہتے تو گلاب کا پھول یا کوئی خوشبودار پھول سونگھ لیا کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ خوشبو سونگھنے سے آپ کا دماغ معطر ہوجائے گا۔ جسمانی اور ذہنی سکون ملے گا۔اگر آپ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں تو عطر روح گلاب ہلکا سا اپنے لباس پر لگالیا کریں اس سے آپ کو ذہنی سکون ملے گا۔ تیز خوشبو والا عطر استعمال نہیں کرنا چاہیے اس سے بعض اوقات دوسروں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہلکی اور اچھی خوشبو والا عطر استعمال کرنا چاہیے جو لوگ کیمیکل فیکٹریز میں کام کرتے ہیں وہ ضرور ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ عطر روح گلاب یا کوئی اور خوشبودار عطر استعمال کرلیا کریں۔ اس سے ان کا ذہنی دباؤ ختم ہوجائےگا۔

جادو، جنات نظربد سے چھٹکارے کیلئے

اسم یَاقَھَّارُ کو ایک سو گیارہ بار پڑھ کر کسی بھی عطر پر دم کرلیں۔ اول و آخر تین بار درودشریف بھی پڑھیں۔ یہ عطر روزانہ کسی بھی وقت استعمال کریں جادو جنات سے چھٹکارا مل جائے گا۔ انشاء اللہ۔

محبوب بننے کیلئے

اگر عورت خاوند کیلئے 3 ہزار مرتبہ اسم یَاوَدُوْدُ پڑھ کر کسی قسم کے عطر پر دم کرے پھر وہی عطر لگا کر خاوند کے سامنے آجائے تو خاوند اس عورت کو بے حد محبوب رکھے گا۔ ناجائز تعلق میں اس مبارک نام کو استعمال کرنا سخت منع ہے۔ نقصان کے ذمہ دار خود ہونگے۔

تمام بیماریوں کیلئے نسخہ طب نبویﷺ

جدید دور میں ایسی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں جس کا علاج کرنا مشکل ہورہا ہے حالانکہ جدید مشینی آلات، الٹراسونکس، الیکٹرو سکوپ وغیرہ جیسے آلے موجود ہیں۔ پھر بھی ڈاکٹرز مریض کو لاعلاج قراردے رہے ہیں۔ مجھے ان ڈاکٹروں پر افسوس ہے۔ آئیے! میں آپ کو شفاء کی طرف لے جاتا ہوں۔ فرمان رسول ﷺ ہے: ’’اللہ کے بندو علاج کیا کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے کوئی ایسی بیماری نہیں اتاری جس کا علاج نہ اتارا ہو۔‘‘ (بحوالہ احمد، ابوداؤد) اس نسخے میںحکماء کا پوشیدہ راز(بھید) ہے۔ یہ پوشیدہ راز میں عبقری کے قارئین کو بطور ہدیہ پیش کررہا ہوں۔ یہ نسخہ معمولی چیز نہیں ہے بلکہ لاکھوں نسخوں میں سے ایک قیمتی نسخہ ہے۔ یہ نسخہ تمام بیماریوں کا علاج ہے۔ جتنا آپ اس نسخے کی قدر کریں گے اتنا اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند فرمائیں گے۔

شہد کے متعلق ارشاد الٰہی ہے

فیہ شفاء للناس ’’اس میں لوگوں کیلئے شفاء ہی شفاءہے۔‘‘ (سورۂ النحل آیت نمبر69) فرمان رسول ﷺ ہے جو شخص ہر ماہ میں تین دن تک صبح کے وقت شہد چاٹے گا اسے کوئی بڑی بلا بھی تکلیف نہیں دے گی۔ حضرت ابونعیم نے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے نزدیک شہد بہت پیارا اور عزیز تھا۔ حضرت ابونعیم نے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے نقل کیا ہے کہ پینے کی چیزوں میں رسول کریم ﷺ کے نزدیک دودھ بہت عزیز تھا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے ’’کلونجی میں  موت کے سوا ہر بیماری سے شفاء ہے۔ ( بحوالہ: بخاری و مسلم) حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ سورۂ فاتحہ میں شفاء ہے‘ سورۂ فاتحہ دم ہے۔ (بحوالہ: بخاری شریف) فرمان الٰہی ہے وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا ہُوَ شِفَآءٌ وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ ’’اور ہم قرآن نازل کرتے ہیں جو مومنوں کیلئے شفاء اور رحمت ہے‘‘ ( بنی اسرائیل 82) ھوالشافی: شہد خالص ایک کلو‘ کلونجی 20 گرام‘ کلونجی کو باریک پیس کر شہد میں ڈال کر مکس کردیں۔ نسخہ تیار ہے۔ کسی شیشے کی بوتل میں محفوظ رکھیں۔ سورۂ فاتحہ باوضو گیارہ دفعہ پڑھ کر دوائی پر دم کردیں۔ اول و آخر ایک بار درود شریف بھی پڑھیں۔ خوراک: صبح و شام ایک چمچ ایک کپ نیم گرم دودھ میں گھول کر مریض کو پلائیں۔ گرمیوں کے موسم میں تازہ دودھ یا پانی میں گھول کر استعمال کریں۔

جسم کی مالش کیلئے نسخہ حاضر خدمت ھوالشافی

روغن زیتون 20 ملی لیٹر‘ روغن کلونجی 20 ملی لیٹر‘ روغن بادام 20 ملی لیٹر‘ روغن کدو شیریں 40 ملی لیٹر‘ تمام تیلوں کو آپس میں خوب اچھی طرح ملا کر کسی شیشی کی بوتل میں محفوظ رکھیں۔ سورۂ فاتحہ گیارہ دفعہ اول آخر ایک بار درود شریف پڑھ کر تیل پر دم کریں۔ روزانہ دن میں ایک بار تیل کی پورے جسم پر مالش کریں۔ فرمان رسول ﷺ ہے: ’’زیتون کا تیل کھاؤ اور لگاؤ یہ ایک مبارک درخت ہے اور اس میں ستر بیماریوں سے شفاء ہے‘‘ ( ترمذی و ابن ماجہ) قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے انجیر اور زیتون کا ذکر قسم کھا کر کیا ہے یہ دونوں مبارک پھل ہیں۔ (قسم ہے انجیر اور زیتون کی) سورۂ التین 1)حضور نبی اکرم ﷺ کھانے کی چیزوں میں سے کدو کو پسند فرماتے تھے۔ قارئین! کھانے والا اور لگانے والا یعنی دونوں نسخے آپ ہر بیماری کے علاج کیلئے یقین اور اعتماد کے ساتھ استعمال کریں۔ (انشاء اللہ) اللہ تعالیٰ آپ کو شفاء عطا فرمائیں گے۔

شہد سے سر پر بال اُگائیے

زیتون کے تیل کے دو چمچ، ایک چمچ شہد اورایک چمچ سفوف دارچینی لے کر پیسٹ بنائیں اور نہانے سے 15 منٹ پہلے سر پر لگائیں اور اس کے بعد سردھولیں۔

بال سفید ہونے سے بچائیں

بال اگر وقت سے پہلے سفید ہونا شروع ہوجائیں تو رات سونے سے پہلے ایک پاؤ دودھ میں چند قطرے روغن بادام کے ملالیں اور حسب ذائقہ چینی اس میں ملا کرپی لیں۔ ایسا کرنے سے کچھ عرصہ بعد بال سفید ہونا بند ہوجائیں گے اور جو بال سفید ہوچکے ہیں وہ بھی اپنی رنگت سیاہی مائل کرلیں گے۔ یقین نہ آئے تو آزما کر دیکھ لیں۔

 گنجے پن کا شافی علاج

ایک ماہ تک بال استرے سے منڈاتے رہیں اور صبح و شام روغن زیتون کی سر پر مالش کرتے رہیں‘ انشاء اللہ گنجا پن دور ہوجائے گا۔

سرکے بال جھڑتے ہوں

ہیرا ہینگ کو کالی مرچ اور سرکہ کے ساتھ پیس کر لگانے سے بالوں کا جھڑنا دور ہوجاتا ہے۔

عقل مند ایک وقت میں دو کام کرتے ہیں

عقل مند وہ ہیں جو ایک وقت میں دو کام کرتے ہیں ہاتھ پیر سے دنیا کماتے ہیں اور زبان و دل سے آخرت کماتے ہیں یعنی دنیاوی کاموں کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت کا ذکر بھی کرتے رہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے رسول ﷺ کی زبان ذکر اللہ سے ہر وقت تررہتی تھی۔ ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہم اپنے گھریلو کاموں کے ساتھ ساتھ ذکر الٰہی بھی کرتی رہتی تھیں۔ وہ کھانا جو اس طرح پکایا جائے زیادہ بابرکت اور لذیذ ہوگا۔ انشاء اللہ۔

آنتوں کے امراض کیلئے

آموں کا تازہ رس خوب پتلا اور میٹھا پانچ تولہ‘ میٹھا دہی ایک یا دو تولہ، ادرک کا رس ایک چمچ سب کو اچھی طرح ملا کر پی لیں۔ دن میں تین وقت استعمال کریں۔ پرانے دست، غذا کا خام حالت میں دستوں سے نکلنا، آنتوں میں معدہ کی کمزوری اور بواسیر کیلئے مفید ہے۔

خون کی کمی کو دور کرنے کا لاجواب نسخہ

نہایت پختہ اور شیریں آم کا رس جو پتلا اور تازہ ہو ایک پاؤ‘ گائے کا دودھ تازہ آدھ پاؤ‘ خالص دیسی گھی ایک چمچ، ادرک کا تازہ رس ایک چمچہ سب کو خوب اچھی طرح ملا کر اور پھر آدھی چھٹانک شکر حل کر کے پی لیا جائے۔ آم کا رس آہستہ آہستہ بڑھاتے رہیں‘ ایک دو مہینے تک صرف یہی مرکب استعمال کرتے رہیں۔ اس کے سوا کوئی چیز غذا میں نہ کھائی جائے۔فوائد: کمی خون کی شدید سے شدید صورت کو بھی دور کرتا ہے‘ خون بکثرت پیدا کرتا ہے۔ لاغر جسم کوموٹا اور طاقتور بناتا ہے۔ جسم کی خشکی، بے رونقی، زردی اور ضعف زائل ہوجاتی ہے۔ اس سے بہتر غذائی علاج کا ملنا مشکل ہے۔

دماغ کو طاقتور بنانے والا اکسیر نسخہ

آم کا تازہ رس ایک پاؤ، تازہ دودھ ایک چھٹانک، ادرک کا تاز رس ایک چمچ (اگر جی چاہے تو بقدر ذائقہ شکر بھی شریک کرلی جائے) سب کو اچھی طرح مکس کرکے پی لیں۔ روزانہ اسی طرح تیار کرکے استعمال کریں۔فوائد: بے حد مقوی دماغ ہے‘ ضعف دماغ کی وجہ سے دائمی سردرد، گرانی اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا آنے کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ کمزور جسم کو توانا اور مضبوط بناتا ہے۔ مؤلد خون بھی ہے‘ قلب و جگر کو بھی طاقت دیتا ہے اور فرحت بخشتا ہے۔ سانس مشکل سے چلتا ہو‘ رنگ زرد ہورہا ہو‘ کمزوری بڑھ رہی ہو تو اسے آزمائیے۔ انشاء اللہ فائدہ ہی فائدہ ہوگا۔

قے حاملہ کیلئے اکسیر نسخہ

آم کا رس دو تولہ، عرق گلاب دو تولہ، گلوکوز ایک تولہ، کیلشیم واٹر (یعنی چونے کا پانی) ڈھائی تولہ، سب کو ملا کر ایسی دو تین خوراک روزانہ دینے سے وہ فوائد ظہور میں آئیں گے کہ قیمتی انجکشن بھی مقابلہ میں فیل ہوجاتے ہیں۔

ہاضمہ کیلئے اکسیر نسخہ

میٹھے آم کا رس پانچ تولہ، سونٹھ دو ماشہ، سونٹھ پیس کر رس میں ملائیں اور صبح کے وقت پلائیں۔ یہ ہاضمہ کیلئے زبردست نسخہ ہے۔

بلڈپریشر کیلئے ہزارمریضوں کا آزمودہ نسخہ: 7عدد خشک آلو بخارے رات کو ایک پیالی میں بھگو دیں صبح مسل اور چھان کر نہار منہ استعمال کریں۔ مسلسل ایک ہفتہ استعمال کریں۔ انشاء اللہ بلڈپریشر ٹھیک ہوجائے گا۔

ہرمرض کیلئے روحانی علاج: جو شخص سو دفعہ یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ پڑھ کر پانی پر دم کرکے مریض کو پلائے گا انشاء اللہ تین روز میں شفاء پائے گا۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 271 reviews.