بحیثیت مسلمان ہم جس بااخلا ق نبیﷺ کے پیرو کا ر ہیںانکا غیر مسلموں سے کیا مثالی سلوک تھا‘ آپ نے سابقہ اقساط میں پڑھا اب ان کے غلاموں کی روشن زندگی کو پڑھیں۔ سوچیں! فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے
صوفیائے کرام نے انسان دوستی کو بہت اہمیت دی ہے اس میں ان کے ہاں مذہب و فرقہ‘ قوم و نسل کی کوئی قید نہیں وہ بے لوث دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اگرچہ اس میں غیرمسلم ہی کیوں نہ ہو بہت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ ذیل میں چند اولیاء کرام کے چند اقوال اور تعلیمات نقل کی جاتی ہے جس سے آپ کو انداز ہوگا کہ صوفیائے کرام کے ہاں غیرمسلموں سے حسن سلوک کی کیا اہمیت ہے۔
حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ دعا کیا کرتے تھے اے اللہ میرا وجود اتنا بڑا کردے کہ دوزخ میں صرف میرا وجود سما سکے اس میں کسی اور کے سمانے کی گنجائش ہی نہ رہے۔ حضرت شبلی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے۔ صوفی اس وقت تک صوفی نہیں ہوتا جب تک وہ تمام خلق خدا کو اپنے عیال کی طرح نہ سمجھے یعنی ان پر شفقت نہ کرے۔ شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ایک بار میرے پیرو مرشد شہاب الدین سہروردی رحمۃاللہ علیہ ساری رات دوزخ کے خوف سے نہیں سوئے اورصبح کے وقت میں نے سنا کہ وہ دعا میں فرمارہے ہیں اے اللہ کیا اچھا ہوتا کہ دوزخ میرے وجود سے بھردی جاتی تاکہ دوسرے سارے انسانوں کی رہائی ہوجاتی۔ خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے کہ صوفی وہ ہے جس میں سخاوت دریا کی طرح ہو‘ شفقت آفتاب کی طرح ہو‘ تواضع زمین کی طرح ہو۔ خواجہ عبداللہ انصاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں گل بن خار نہ بن‘یار نہ بن اغیار مت بن۔شمس تبریز رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اگر دوزخ سے رہائی چاہتے ہیں تو خدمت خلق کرو۔ ابو معاشر بلخی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں مجھ پر چھ چیزیں واجب ہیں اور ان میں سے ایک خلق خدا پر شفقت کرنا بھی ہے۔ صوفی عزیز الدین نسفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں دوست اوردشمن کے ساتھ تواضع سے پیش آؤ تاکہ دوست زیادہ دوست بنے اوردشمن زیادہ دشمن نہ بنے بلکہ وہ بھی دوست بن جائے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں