یاقادر یانافع پر صحابی بابا کے تجربات
اسی دوران میں صحابی بابا بولے اگر بات یَاقَادِرُ یَانَافِعُ پر چل پڑی ہے تو پھر میں آپ کو اپنے کچھ واقعات سناتا ہوں: فرمانے لگے ایک مرتبہ میں اسی طرح حضرت خواجہ اویس قرنی رحمۃ اللہ علیہ کی زیارت کرنے گیا اور ان کے پاس بیٹھا ہوا تھا پرانی سی اپنی گدڑی سی رہے تھے اور کتے بھی اور بھیڑئیے اور بکریاں بھی ساتھ اکٹھی بیٹھی ہوئی تھیں۔ بھیڑیا بکریوں کی طرف خونخوار نظروں سے نہیں دیکھ رہا تھا اور بکریاں بھیڑیوں اور کتوں کی طرف خوفناک نظروں سے نہیں دیکھ رہی تھیں۔ دونوں پرامن بیٹھے ہوئے تھے اور میں حضرت خواجہ اویس قرنی رحمہ اللہ کو دل ہی دل یا زبان ہی زبان میں ایک ذکر کرتے ہوئے دیکھا۔ میں نے پوچھا شیخ اگر آپ مناسب سمجھیں تو مجھے اس ذکر کے بارے میں بتادیں کہ آپ کیا ذکر کررہے ہیں۔ تو صحابی بابا فرمانے لگے کہ انہوں نے میری طرف دیکھا اور فرمانے لگے کہ تم جنات کے قبیلے میں سے ہو‘ میں نے عرض کیا جی ہاں… تو فرمانے لگے کیا اس قبیلے سے ہو جس قبیلے کے لوگ لوگوں کو راستہ دکھاتے ہیں‘ کھانا کھلاتے ہیں‘ پانی پلاتے ہیں‘ میں نے کہا جی
یاقادر یانافع اور امن ہی امن
فرمایا کیا اس قبیلے سے ہو جو لوگوں پر احسان کرتے ہیں‘ لوگوں کو تکلیف نہیں دیتے اور لوگوں کی پریشانیاں دور کرتے ہیں۔ میں نے کہا جی !فرمایا: کیا تم نے ہمارے نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زیارت کی‘ فرمایا بہت عرصہ اور بہت زیادہ۔ تو پوچھا کہ کیا تم اس قبیلے سے ہو؟ جو کالے دھوئیں سے نہیں بنے اور سفید آگ سے بنے ہیں اور وہ جنات سب سے زیادہ شفاف اور بہترین ہوتے ہیں۔ میں نے عرض کیا جی۔ فرمایا اگر تم اتنے اچھے قبیلے کے نہ ہوتے تو آج میں تمہیں یہ لفظ ہرگز نہ بتاتا۔ فرمایا ان بکریوں کے دل میں بھیڑیا اور کتوں کا خوف ایک لفظ نے ختم کیا ہے اور ان بھیڑیوں کے دلوں میں بکریوں پر جھپٹنے کا عزم ایک لفظ نے چھینا ہے اور وہ لفظ میں مسلسل پڑھتا رہتا ہوں اور وہ لفظ مجھے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے ایک ملاقات میں بتایا تھا۔ میں نے پوچھا آپ مجھے بھی بتاسکتے ہیں؟ فرمایا ہاں تمہیں بتانے کیلئے ہی میں نے یہ وضاحت کی ہے۔
وہ لفظ ہیں یَاقَادِرُ یَانَافِعُ ۔ پھر آگے فرمایا اے قوم جن کے فرد سن میری بات غور سے سن اور اپنے دل کے دامن میں ان لفظوں کی طاقت اور تاثیر باندھ لے جو شخص کسی خوف کی جگہ پر ان لفظوں کو چالیس بار پڑھے گا خوف سے امن پائے گا۔ کسی سے غرض ہے اس لفظ کو پڑھے گا تو اس کی غرض پوری ہوگی‘ کسی سے طمع ہے اس لفظ کو پڑھے گا اس کی ضرورت پوری ہوگی۔ فرمایا جس کو کوئی غرض ہو اس غرض کیلئے پڑھے کوئی طمع اس کیلئے پڑھے کوئی مشکل ہو اس کیلئے پڑھے اور کسی کاکوئی مسئلہ اٹکا ہوا ہو۔ پڑھتا ہوا جائے اس کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ بکریوں کے دلوں میں خوف ختم ہوجائے گا‘ بھیڑیوں کے اندر سے خونخواری ختم ہوجائے گی
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں