Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

قارئین کی خصوصی اور آزمودہ تحریریں

ماہنامہ عبقری - مئی 2013ء

دل کے تین بند والو کھل گئے

(نور احمد‘ لاہور)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میں آپ کا ماہنامہ عبقری ہر مہینے بڑے شوق سے پڑھتا ہوں‘ اس رسالہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے‘ محترم حکیم صاحب! میں دل کا مریض تھا‘ میں کارڈیالوجی ہسپتال میں علاج کیلئے گیا انہوں نے عارضی طور پر دوائیاں دیں اور انجیوگرافی کیلئے تاریخ دیدی جب انجیوگرافی کی گئی تو رپورٹ میں بتایا گیا کہ دل کی تین شریانیں بند ہیں اس کے بعد انہوں نے میرا ویبلٹی سکین بھی کیا تو انہوں نےکہا کہ آپ کا میجرآپریشن ہوگا اور بائی پاس کیلئے اپنے سرجن کو مارک کردیا کہ ان سے آپریشن کا ٹائم لے لیں لیکن سرجن صاحب نے کہا کہ آپ کے دل کےپٹھے بہت کمزور ہیں آپریشن نہیں ہوسکتا آپ صرف دوائی استعمال کریں۔ ایک اور فزیشن کو انجیوگرافی کی سی ڈی چیک کروا کر مشورہ لیا تو انہوں نے کہا کہ آپریشن لازمی کروائیں اس کے بغیر چارہ نہیں۔ میں لاہور سارے ہسپتالوں میں گیا لیکن ہر سرجن نے بائی پاس کرنےسے انکار کردیا۔ شاید اللہ کو یہی منظور تھا کہ آپریشن نہ ہو میں سخت تکلیف میں تھا کئی کئی مرتبہ زبان کے نیچے گولیاں رکھتا رہتا۔ ایک دن میں نے رحمۃ اللعالمین ﷺ کا فرمان حدیث مبارکہ میں پڑا۔ آپ ﷺ نے فرمایا قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے کہ جبرائیل علیہ السلام میرے پاس آئے اور مجھے خبر دی کہ جسمانی ظاہری‘ باطنی بیماریوں اور خصوصاً دل کی بند شریانوں کیلئے اور کسی قسم کا مرض ہو تو اللہ کریم ساری بیماریوں کو جو اس بدن میں ہونگی سب دور کردے گا اور صحت و تندرستی عطا فرمائے گا اور حضور ﷺ نے فرمایا: ساری بیماریوں کو اس کی رگوں‘ گوشت اور ہڈیوں اور تمام اعصاب سے نکال دے گا وہ کلام ربانی کا نسخہ مندرجہ ذیل ہے:۔ سورۂ فاتحہ 70 مرتبہ‘ معوذتین (فلق و ناس) 70 بار‘ سورۂ اخلاص 70 بار‘ آیۃ الکرسی 70 بار‘ سورۂ حشر کی آخری چار آیات 70 بار‘ سورۂ بقرہ کی آخری 3 آیات 70 بار‘ یَاقَوِّیُّ الْقَادِرُ المُتْقَدِرُ قَوِّنِیْ وَقَلْبِیْ 70 بار۔ یہ تمام بارش کے پانی پر پڑھ کر پھونک مارلیں اور روزانہ نماز فجر کے بعد نہار منہ تین گھونٹ پی لیں۔ سات‘ چودہ یا اکیس روز تک یہ پانی پئیں اور آدھا گھنٹہ تک کچھ نہ کھائیں۔ انشاء اللہ تمام بیماریوں سے کامل شفاء ہوجائے گی۔ جب میں نے یہ عمل کیا تو اللہ تعالیٰ نے میری ہر تکلیف دور فرمادی۔ آپ بھی یہ مبارک عمل کیجئے اور تمام بدنی بیماریوں سے شفاء پائیے۔

بچوں کے ٹیڑھے ہاتھ پاؤں کا نایاب نسخہ

(ظاہر خان‘کوئٹہ)
جس بچے کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہوں‘ ہاتھ پاؤں مسلسل ہل رہے ہوں۔ لُولے‘ لنگڑے ہوں ان کے لیے ایک چمچ چائے والا صبح نہار منہ دودھ کے ساتھ ایک چمچہ رات کو دودھ کے ساتھ استعمال کروائیں تقریباً تین یا چار مہینے میں بالکل ٹھیک ہوجائیں گے انشاء اللہ۔ اس کے علاوہ جس انسان کے جسم میں بہت گرمی ہو یا بیماری میں ڈاکٹروں کے کیپسول اور گولیوں کی وجہ سے بہت گرمی ہو‘ سرچکراتا ہو یا چلتے چلتے چکرا کر گرجاتا ہو‘ جسم میں بہت گرمی کیلشیم کی کمی یا کسی بھی بیماری کی وجہ سے‘ گردن‘ ہاتھ‘ پاؤں‘ ٹانگیں‘ سر وغیرہ مسلسل کانپتا ہو اس کیلئے بھی بہت شافی علاج ہے۔ یہ نسخہ ہم نے جس کسی کوئی بھی استعمال کروایا اللہ نے اسے شفاء دی ہے۔ایک چمچہ درج ذیل سفوف صبح‘ ایک چمچہ رات کو دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ چند ہفتوں میں اللہ پاک مکمل شفاء عطا فرماتے ہیں۔ نسخہ درج ذیل ہے:۔
ھوالشافی: آکاش بیل اکثر کیکر کے درختوں میں قدرتی پیدا ہوتی ہے یا زمین پر جہاں بہت زیادہ کانٹے ہوتے ہیں ان میں اوپر کی سطح پر پیدا ہوتی ہیں زمین پر ان کی جڑ نہیں ہوتی ہے۔ اس لیے اس کو آکاش بیل کہتے ہیں۔ آکاش بیل کو سائے میں خشک کرلیں پھر پیس کر پاؤڈر بنالیں اس میں دوسری کوئی چیز نہیں ملانی ہے۔

نایاب نسخے عبقری قارئین کی نذر

(فضل الٰہی‘ شیخوپورہ)
محترم حکیم صاحب السلام علیکم! بندہ پہلی بار کسی رسالے میں لکھ رہا ہے‘ میری عبقری سے ملاقات عجیب انداز میں ہوئی‘ بندہ ایک دن سائیکلوں کی دکان پر سائیکل مرمت کروانے گیا تو وہاں پر ایک ہاکر سائیکل کو پنکچر لگوا رہا تھا‘ بندہ نے رسالہ عبقری اس کے پاس دیکھا تو اجازت لے کر دیکھا اور فوراً خرید لیا یہ تقریباً تین سال قبل کی بات ہے۔
ویسے تو بندہ بارہ تیرہ سال سے حکمت کا شوق رکھتا ہے اور اس سلسلے میں کافی معلومات دوسری کتب سے بھی حاصل کی ہیں جو سب کچھ عبقری میں ملا میری سوچ سے بھی زیادہ معلومات کا حامل ہے۔ یہ ایک مکمل اسلامی اور حکمت سے بھرپور رسالہ ہے۔بندہ نے چند نسخہ جات حکیم صاحب کی کتاب سے آزمائے ہیں بہت ہی اچھے ہیں۔ ’’حکماء کی زندگیوں کے طبی نچوڑ‘‘ صفحہ نمبر 105 پر قوت باہ کیلئے بہت مفید نسخہ ہے۔ اسے استعمال کرنے والے بیحد خوش ہوں گے اور بڑی بڑی قیمتی دواؤں کو بھول جائیں گے۔ میں نے یہ نسخہ خود استعمال کیا ہے بہت مفید ہے اور تجربہ شدہ نسخہ ہے۔ ھوالشافی: تالمکھانہ‘ بیج بند‘ تخم اوٹنگن ہر ایک ایک تولہ‘ شقاقل مصری‘ موصلی سفید‘ موصلی سیاہ ہر ایک 2 تولہ‘ پھول مکھانہ آرد سنگھاڑہ ہر ایک چار تولہ‘ کمرکس چھ تولہ‘ کھانڈ سب کے برابر علیحدہ باریک کرکے یک جان کریں۔ خوراک9 ماشہ ہمراہ دودھ گائے صبح و شام استعمال کریں۔
اسی کتاب کے صفحہ نمبر128 پر جوڑوں کا درد اور جسم کے دردوں کیلئے کالی موصلی 6 ماشہ ہرمل 1 تولہ دونوں چیزیں باریک کرکے منقیٰ بیج نکال کر ایک تولہ کے ساتھ رگڑ کر گولیاں بنالیں گولی بقدر دانہ ماش بنالیں ایک گولی صبح ایک شام حلق میں ڈال کر ایک گھونٹ پانی سے نگل لیں اور اسی کتاب کے صفحہ نمبر 161 پر درد دانت اور پیٹ درد کے واسطے تخم دھتورہ سیاہ آدھا تولہ‘ نوشادر ایک تولہ‘ فلفل سیاہ دو تولہ‘ گیری ایک تولہ پیس کر محفوظ رکھیں۔ درد دانت کے واسطے بطور منجن استعمال کریں۔ پانچ منٹ بعد کلی کریں۔ پیٹ درد کیلئے آدھی رتی ہمراہ آب نیم گرم اور اسی کتاب کے صفحہ نمبر 306 امراض‘ قبض دائمی‘ نسخہ برگ سنامکی ایک تولہ‘ بادیان 1 تولہ‘ نبات سفید 2 تولہ ہر ایک اشیاء کو علیحدہ علیحدہ کوٹ کر سفوف تیار کرلیں۔ خوراک 4 ماشہ ہمراہ نیم گرم پانی کھانا کھانے سے پہلے استعمال کریں۔یہ تمام نسخہ جات میرے اور میرے دوستوں کے آزمائے ہوئے ہیں اور ان کے علاوہ جو نسخہ جات میرے آزمودہ ہیں وہ درج ذیل ہیں۔ چاروں نمک ایک چھٹانک‘ چاروں اجوائن ایک چھٹانک ‘سنامکی دو تولہ کوٹ پیس کر محفوظ رکھیں کھانا کھانے کے بعد چار ماشہ پانی کے ساتھ استعمال کریں۔ فوائد: قبض‘ گیس‘ پیٹ درد‘ بدہضمی وغیرہ۔
سفوف جریان منی: کوزہ مصری دس تولہ‘ اسپغول کا چھلکا 5 تولہ‘ گوند کتیرہ 5 تولہ‘ چھوٹی الائچی ایک تولہ‘ طباشیر دانہ دار ایک تولہ الائچی‘ طباشیر دانہ دار ایک تولہ‘ الائچی کے دانے نکال کر تمام چیزوں کا سفوف بنالیں۔ آدھا کلو دودھ نیم گرم میں ایک بڑا چمچہ ڈال کر رات کے وقت دہی کی طرح جاگ لگادیں صبح نہار منہ استعمال کریں۔ جگر مثانہ کی گرمی‘ جریان و منی میں مفید ہے۔
سفوف مقوی باہ: موصلی سیاہ‘ موصلی سفید‘ ثعلب مصری‘ تالمکھانہ‘ بیج بند‘ اندر جو‘ تودری سفید‘تودری سرخ‘ دار چینی خولنجاں‘ بہمن سفید‘ بہمن سرخ‘ شقاقل تمام ایک تولہ مصری 12 تولہ سب کو باریک پیس کر سفوف بنالیں‘ پھر مصری ملالیں۔ مقدار خوراک 3 سے 6 ماشہ تک دودھ کے ہمراہ صبح و شام کھائیں ۔
یہ تمام نسخہ جات میرے آزمودہ اور بہترین ہیں۔

سورۃ الرحمٰن کی فضیلت اور برکات

(حرمت حنا‘ خانیوال)
بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان اللہ اور اس کی آخری کتاب قرآن پاک پر ہے جو کہ ہمارے آخری نبی حضور نبی اکرمﷺ پر نازل ہوئی ہے۔ قرآن پاک ایک ایسی کتاب ہے جو ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ایسی کون سی بات ہے جو اس میں موجود نہیں۔ زندگی گزارنے کے طور طریقے‘ ہر بیماری سے شفا اور ہر پریشانی کا حل موجود ہے ویسے تو قرآن کی ہر سورت کی کوئی نہ کوئی فضیلت ہے لیکن آج جس سورت کا ذکر ہے وہ تو قرآن پاک میں ایک دلہن کی حیثیت رکھتی ہے۔ یعنیٰ ’’سورۃ الرحمٰن‘‘ اس سورت میں کئی خوبیاں پنہاں ہیں اس سورت میں ہر بیماری کا علاج اور شفاء‘ ہر پریشانی کا حل ہے‘ ویسے تو ہم سب اس کی تلاوت بڑے خشوع و خضوع سے کرتے ہیں لیکن اس کی تلاوت سننے سے بھی دل کو بڑا سکون ملتا ہے۔ اس سورت کی تلاوت قاری عبدالباسط صاحب کی آواز میں بنا ترجمہ کے سنیے۔ تلاوت سننے کے دوران آنکھیں بند کرلیں اور پوری توجہ اور خشوع و خضوع سے سنئیں ساتھ میں ایک گلاس پانی رکھ لیجئے جب تلاوت مکمل ہوجائے تو پانی کو تین گھونٹ میں پی لیں اور ہر گھونٹ پر اللہ کہنا ہے چاہے زبان سے کہیے یا دل میں اس کے بعد دعا کرلیں۔ یہ عمل ایک ہفتے میں تین مرتبہ کرنا ہے اور ایک ہفتے بعد اس کو اپنا معمول بنالیں اور دن میں کسی بھی وقت ایک بار اس کی تلاوت ضرور سنیے۔ اس طرح کرنے سے نہ صرف سکون ملے گا بلکہ ساتھ بیماری سے شفا اور پریشانی کا حل بھی ملے گا۔ یہ طریقہ کار بہت سوں کا آزمایا ہوا ہے۔ لاتعداد مریض چاہے ان کو کیسی بھی بیماری ہو اس سے شفایاب ہوئے ہیں۔ بہت سے لوگوں کی پریشانیاں حل ہوئی ہیں۔ بہت سے بے اولاد لوگ اولاد کی نعمت سے سرفرازہوئے ہیں۔ بس اس سورت کی تلاوت سنیے اور اثر دیکھئے۔ آپ کے دل کو سکون ملے گا۔ خود میرا آزمایا ہوا عمل ہے۔ آپ خود بھی عمل کیجئے اور دوسروں کو بھی بتائیں کیونکہ علم پھیلانے سے کبھی کم نہیں ہوتا۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے: ’’بہترین عمل وہ ہے جو مسلسل کیا جائے چاہے وہ کتنا ہی تھوڑا ہو‘‘

سورۂ فاتحہ سے دوستی کیجئے

(محمدفرقان‘ کراچی)
محترم جناب حکیم صاحب السلام علیکم! کے بعد عرض ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہر شخص پریشان حال ہے جس کے پاس دولت ہے وہ بھی پریشان ہے اور جس کے پاس نہیں وہ بھی پریشان حال۔۔۔ محترم حکیم صاحب! ہر شخص الجھا ہوا ہے ‘ کسی کو بیماریاں نہیں چھوڑتیں کسی کو دوسرے مسائل نہیں چھوڑتے۔ بیماریاں اتنی ہوگئی ہیں کہ جتنی مخلوق آدم ہے ہر انسان بیزارنظر آتا ہے۔ میں نے ایک کتاب میں پڑھاکہ جو شخص سورۂ فاتحہ سے دوستی کرلے وہ اس کی تمام مشکلات اور پریشانیوں کیلئے کافی ہے۔میں نے سوچا میں یہ بات عبقری کے قارئین کو بھی بتاؤں کیونکہ ہر جگہ بیماریوں نے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے۔ علاج اتنے مہنگے ہیں کہ ’’اللہ کی پناہ‘‘ کیوں نا قارئین ہم سورۂ فاتحہ سے دوستی کرلیں کیونکہ یہ سورت ’’سورۂ شفا‘‘ کہلاتی ہے۔ ہم سب اس سے دوستی کرلیتےہیں۔ یہ سورۂ تمام بیماریوں کا علاج ہے۔ اس سورۂ کو اپنے ساتھ جوڑ لیں۔۔۔ وہ کیسے۔۔؟؟؟ وہ ایسے کہ جب بھی ہم پانی پئیں سورۂ فاتحہ دم کرکے پئیں جیسے ہی گلاس بھرنے کیلئے نل کھولیں تو گلاس بھرنے تک ہم سورۂ فاتحہ پڑھ لیں اور اس پر دم کرکے پئیں۔ انشاء اللہ اللہ کے حکم سے بڑی سے بڑی بیماریاں آپ کو چھو نہ سکیں گی۔ بس آپ سورۂ فاتحہ سے جڑ جائیں چاہے آپ سوفٹ ڈرنک‘ چائے‘ کافی‘ دودھ کچھ بھی پی رہے ہوں سورۂ فاتحہ دم کرکے پئیں۔ آج کل کے دور میںیہی ایک سستا علاج ہے۔۔۔ یہ سورت ہر بچے سے لے کر ہر بڑے کو یادبا آسانی ہوجاتی ہے اور چلتے پھرتے پڑھی جاسکتی ہے ۔ بس شرط یہ ہے کہ الحمد شریف سے پکی دوستی کرلیں اور اپنے بچوں کو بھی اس کی عادت ڈالیں۔سورۂ فاتحہ پڑھتے پڑھتے سوجائیں اور ہر قسم کی روحانی اور جسمانی بیماریوں سے چھٹکارا پائیں۔معاشی مشکلات اور جادو کے توڑ کیلئے بھی لاجواب ہے۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 697 reviews.