Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

حضور ﷺ کی حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ سے محبت

ماہنامہ عبقری - مارچ 2013

 حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ سے کردیا پھر جب باامر خداوندی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہٗ کا بھی انتقال ہوگیا تو آپ ﷺ نے فرمایا ’’اگر میری اور لڑکی بھی ہوتی تو میں وہ بھی عثمان کے نکاح میں دے دیتا۔‘‘

زوجہ عثمان حضرت رقیہ بنت محمد ﷺ کے انتقال کے بعد ایک مرتبہ آپ ﷺ نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ سے اس حال میں ملاقات فرمائی کہ وہ انتہائی پریشان اور مغموم حالت میں بیٹھے تھے۔ حضور ﷺ نے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے فرمایا: اے عثمان! کیا حال ہے؟‘‘ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ نے عرض کیا ’’یارسول اللہ!ﷺ جو صدمہ مجھ پر گزرا ہے کسی پر نہ گزرا ہوگا‘ صاحبزادی رسول اللہ ﷺ انتقال کرگئیں جس بنا پر آپ کا اور میرا سسرالی کا رشتہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگیا‘‘ اس پر حضور ﷺ نے فرمایا ’’اے عثمان! تم یہ کیا کہہ رہے ہو؟ جبرائیل نے مجھ کو اللہ تعالیٰ کا یہ پیغام پہنچایا ہے کہ میں رقیہ رضی اللہ عنہا کی جگہ ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح اس کے مہرمثل کے عوض میں اسی طرح تمہارے ساتھ کردوں‘‘ چنانچہ حضور نبی کریم ﷺ نے حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا کے انتقال کے بعد حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا کا نکاح بھی حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ سے کردیا پھر جب باامر خداوندی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہٗ کا بھی انتقال ہوگیا تو آپ ﷺ نے فرمایا ’’اگر میری اور لڑکی بھی ہوتی تو میں وہ بھی عثمان کے نکاح میں دے دیتا۔‘‘
ایک رکعت میں پورا قرآن
عبدالرحمن بن عثمان رضی اللہ عنہٗ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے (غالباً حج کے موقع پر) مقام ابراہیم کے پیچھے کھڑے ہوکر نماز پڑھنی شروع کردی اور اتنی لمبی نماز پڑھ لی کہ یہ خیال ہوا کہ اب اس میں مجھ سے کون سبقت لے جائے گا اتنے میں اچانک ایسا شخص آیا اور اس نے مجھے اپنی طرف متوجہ کیا لیکن میں نے اس کی پرواہ نہیں کی پھر جب اس نے دوبارہ ایسا کیا تو میں نے دیکھا کہ یہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ تھے میں فرط ادب سے اپنی جگہ سے ہٹ گیا‘ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ وہاں کھڑے ہوگئے اور آپ نے ایک ہی رکعت میں پورا قرآن پڑھ ڈالا اور واپس چلے گئے۔
خلافت کے بعد پہلا خطبہ
جب اہل شوریٰ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ کے ہاتھ بیعت ہوگئے تو اس وقت وہ بہت غمگین تھے ان کی طبیعت پر بہت بوجھ تھا وہ حضور اقدس ﷺ کے منبر پر تشریف لائے اور لوگوں سے بیان فرمایا: پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء بیان کی پھر نبی کریم ﷺ پر درود بھیجا‘ اس کے بعد فرمایا: ’’تم ایسے گھر میں ہو جہاں سے تمہیں کوچ کر جانا ہے اور تمہاری عمر تھوڑی باقی رہ گئی ہے لہٰذا تم جو خیر کے کام کرسکتے ہو موت سے پہلے کرلو‘ صبح یا شام تمہیں موت آنے ہی والی ہے غور سے سنو! دنیا سراسر دھوکہ ہی دھوکہ ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ترجمہ:’’ سو تم کو دنیا دھوکہ میں نہ ڈالے اور نہ وہ دھوکہ باز (شیطان) تمہیں اللہ سے (دھوکہ میں ڈالے)‘‘ اور جو لوگ جاچکے ہیں ان سے عبرت حاصل کرو اور خوب محنت کرو اور غفلت سے کام نہ لو کیونکہ موت کا فرشتہ تم سے کبھی غافل نہیں ہوگا‘ کہاں ہیں دنیا کے وہ دلدادہ جنہوں نے دنیا میں کھیتی باڑی کی اور اسے خوب آباد کیا اور لمبی مدت تک اس سے فائدہ اٹھایا؟ کیا دنیا نے انہیں پھینک نہیں دیا؟ چونکہ اللہ نے دنیا کو پھینکا ہوا ہے لہٰذا تم بھی اسے پھینک دو اور آخرت کو طلب کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی اور آخرت کی۔۔۔ جو کہ دنیا سے بہتر ہے دونوں کی مثال اس آیت میں بیان کی۔ ترجمہ: اور آپ ان لوگوں سے دنیاوی زندگی کی حالت بیان فرمائیے کہ وہ ایسی جگہ ہے جیسے آسمان سے ہم نے پانی برسایا ہو پھر اس کے ذریعہ سے زمین کی نباتات خوب گنجان ہوگئی ہو‘ پھر ہر چیز پر پوری قدرت رکھتے ہیں مال اور اولاد دنیا کی زندگی کی ایک رونق ہے اور جو اعمال صالحہ باقی رہنے والے ہیں وہ آپ کے رب کے نزدیک ثواب کے اعتبار سے بھی ہزار درجہ بہتر ہیں اور امید کے اعتبار سے بھی۔‘‘بیان کے بعد لوگ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ سے بیعت ہونے لگے۔
حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ کا آخری خطبہ
خلیفہ ثالث حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ نے مجمع کے اندر جو آخری بیان فرمایا اس میں مندرجہ ذیل کلمات ارشاد فرمائے: ’’ اللہ تعالیٰ نے تمہیں دنیا اس لیے دی ہے کہ تم اس کے ذریعہ سے آخرت حاصل کرو‘ اس لیے نہیں دی کہ تم اسی کے ہوجاؤ‘ دنیا فنا ہونے والی ہے اور آخرت ہمیشہ باقی رہنے والی ہے نہ تو فانی دنیا کی وجہ سے اترانے لگو اور نہ اس کی وجہ سے آخرت سے غافل ہوجاؤ فانی دنیا پر ہمیشہ باقی رہنے والی آخرت کو ترجیح دو کیونکہ دنیا ختم ہوجائے گی اور ہم سب نے لوٹ کر اللہ کے پاس جانا ہے اور اللہ تعالیٰ سے ڈرو‘ کیونکہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنا ہی اس کے عذاب سے ڈھال اور اس کی بارگاہ میں پہنچنے کا وسیلہ ہے اور احتیاط سے چلو کہ کہیں اللہ تمہارے حالات نہ بدل دے اور اپنی جماعت سے چمٹے رہو اور مختلف گروہوں میں تقسیم نہ ہوجاؤ۔ ’’اور تم پر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے اس کو یاد کرو جب کہ تم ایک دوسرےکے دشمن تھے پس اللہ تعالیٰ نے تمہارے قلوب میں الفت ڈال دی تو سو تم خداتعالیٰ کے انعام سے آپس میں بھائی بھائی ہوگئے۔
دورفتن میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ کی حالت
ابوالاشعث الصنعانی سے روایت ہے کہ ملک شام میں مختلف خطیب خطبہ کیلئے کھڑے ہوئے ان میں حضور نبی کریم ﷺ کے صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی تھے پھر ایک شخص کھڑے ہوئے جنہیں مرہ بن کعب رضی اللہ عنہٗ کہتے تھے انہوں نے فرمایا: اگر میں نے رسول اللہ ﷺ سے ایک حدیث نہ سنی ہوتی تومیں کھڑا نہ ہوتا۔ رسول اللہ ﷺ نے فتنوں کا ذکر کیا اور ان کا قریب ہونا بیان فرمایا پھر ادھر سے ایک شخص منہ پر کپڑا ڈالے گزرا‘ فرمایا اس دن یہ ہدایت پر ہوگا‘ میں نے اٹھ کر ان کو دیکھا تو وہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہٗ تھے۔ میں نے ان کا چہرہ آنحضرت ﷺ کے سامنے کرکے عرض کی کہ ’’یہی ہیں‘‘ فرمایا ’’ہاں! یہی ہیں۔‘‘
حضرت عثمان ؓ اور اتباع سنت کا جذبہ
ایک مرتبہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ اپنے کچھ مصاحبین کے ہمراہ تشریف فرما تھے اتنے میں مؤذن آیا تو حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ نے ایک برتن میں پانی منگوایا اور اس سے وضو کیا پھر فرمایا ’’میں نے حضور ﷺ کو ایسا ہی وضو کرتے ہوئے دیکھا ہے جیسا وضو میں نے ابھی کیا ہے۔ ایسا وضو کرنے کے بعد حضور ﷺ نے فرمایا تھا جو میرے اس وضو جیسا وضو کرے گا پھر کھڑے ہوکر ظہر کی نماز پڑھے گا تو اس کے ظہر اور فجر کے درمیان کے گناہ معاف کردئیے جائیں گے‘ پھر وہ عصر کی نماز پڑھے گا تو ظہر اور عصر کے درمیان کے سارے گناہ معاف کردئیے جائیں گے پھر وہ مغرب پڑھے گا تو مغرب اور عصر کے درمیان کے گناہ معاف کردئیے جائیں گے‘ پھر وہ ساری رات بستر پر کروٹیں بدلتے گزار دے گا۔ پھر وہ اٹھ کر وضو کرکے فجر کی نماز پڑھے گا تو اس کے فجر اور عشاء کے درمیان کے گناہ معاف کردئیے جائیں گے‘ یہی وہ نیکیاں ہیں جو گناہوں کو دور کردیتی ہیں۔‘‘ حضرت عثمان رضی اللہ عنہٗ کے ساتھیوں نے دریافت کیا ’’اے عثمان! (رضی اللہ عنہٗ) یہ تو حسنات ہوگئیں تو باقیات صالحات کیا ہوں گی؟‘‘ آپ رضی اللہ عنہٗ نے فرمایا: ’’باقیات صالحات یہ کلمات ہیں:۔ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَسُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَاللّٰہُ اَکْبَرْ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں‘ اللہ پاک ہے‘ تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں‘ اللہ سب سے بڑا ہے‘ نیکی کرنے کی طاقت اور برائی سے بچنے کی قوت اللہ ہی کی طرف سے ہے۔‘‘

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 516 reviews.