Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2012

والد صاحب کا مسئلہ

والد صاحب کو عرصہ دو سال سے دورہ سا پڑتا ہے اچانک کھڑے یا بیٹھے گر جاتے ہیں اور اس طرح تڑپنے لگتے ہیں جیسے کوئی پرندہ پھڑپھڑاتا ہے ایک گھنٹہ تک غنودگی کی حالت میں رہنے کے بعد ہوش میں آتے ہیں اور اس وقت ان کا رنگ زرد ہوتا ہے اور شدید کمزوری ہو جاتی ہے حتی الوسع علاج اور دیگر طریقے آزمائے ہیں لیکن حالت بدستور وہی ہے۔(شفیق اکرم… قصور)
جواب :کسی ماہر امراض دماغ و اعصاب سے معائنہ کرانا ضروری ہے تاکہ دورے کی وجہ سامنے آ سکے بعد ازاں علاج کارگر ہو گا صبح پانی پر یَارحَیْمُ یَاکَرِیْمُسو مرتبہ دم کر کے پلائیں اور رات کو سونے سے پہلے سر پر تین مرتبہ یَاوَدُوْدُ دم کیا جائے انشاء اللہ مرض کے خاتمے اور صحت میں یہ وظائف ممدو معاون ثابت ہوں گے۔

نزول و صعود کے دائرے

ایک برس قبل میں نے ایک ورد شروع کیا اور میں مسلسل اس کلمہ کو پڑھتا رہا۔ حتیٰ کہ اٹھتے بیٹھتے اس کا ورد
جاری رکھا۔ رات کو جب میں سوتا تو جسم اتنا ہلکا ہو جاتا کہ وزن کا احساس باقی نہیں رہتا۔ چند ماہ یہی کیفیت رہی پھر مجھے عام طور سے خواب نظر آنے لگے۔ پہلے پہل ڈرائونے خواب دکھائی دیتے لیکن نیند سے بیدار ہوتا تو خود کو بلا ارادہ وہی کلمہ شریف پڑھتے پاتا۔ چند ماہ بعد یہ حالت بدل گئی اور مجھے سچے خواب دکھائی دینے لگے جو کچھ خواب میں دیکھتا وہ کچھ عرصہ بعد یا چند دنوں بعد حقیقت بن کر سامنے آ جاتا اس کے بعد مجھے لوگوں کے خیالات معلوم ہونے لگے۔ بات کرتے قت مخاطب کے خیالات اس کے بولنے سے پہلے میرے ذہن میں وارد ہو جاتے اب حالت یہ ہو گئی ہے کہ ذہن مسلسل دبائو کی حالت میں رہتا ہے اور لگتا ہے کہ تحت الشعور میں مسلسل حرکات واقع ہو رہی ہیں۔ ذہن کی اس فعال حالت کو محسوس کرنے سے میرا دماغ تھک جاتا ہے اور میں نڈھال ہو جاتا ہوں۔ پڑھائی کا سخت حرج ہوتا ہے اس حالت کے تدارک اور مستقبل کے لائحہ عمل سے مطلع فرمائیے۔(عبدالمنان ‘ قلعہ سیف اللہ)

جواب : روح کی حرکات کے دو دائرے ہیں ایک نزول اور صعود، عام طور سے صعود کی حالت سے انسان بے خبر رہتا ہے صرف خواب کی حالت ایسی ہے جس میں صعودی کیفیات تجربے میں آتی ہیں اگر آئینہ قلب صاف ہو تو انسانی شعور صعودی کیفیات کو نہ صرف خواب میں روشن دیکھنے لگتا ہے بلکہ بیداری میں بھی حسیات ان کا احاطہ کرنے لگتی ہیں اس نوع کے تجربات کیوں کہ معمول میں داخل نہیں ہیں اس لئے اعصاب پر وزن پڑتا ہے استاد کامل ان واردات و کیفیات سے شاگرد کو اس طرح گزارتا ہے کہ وہ اس کے ذہن پر بار ثابت نہ ہوں۔ آپ کے لئے فی الوقت ضروری ہے کہ وظیفہ و ذکر کو ترک کر دیں روزانہ نماز فجر کے بعد کسی قطعہ گھاس یا زمین پر ننگے پاؤں چہل قدمی کیا کریں اور چند کھجوروں پر اکتالیس مرتبہ یَارحَیْمُ دم کر کے کھا لیا کریں کیفیات میں توازن پیدا ہو جائے گا۔
بے چین کیے ہوئے
میری شادی اپنی پسند سے ہوئی۔ والدین اس شادی سے خوش نہیں تھے۔ چاہتی ہوں کہ والدین مجھ سے ناراضگی ختم کردیں۔ شادی کے بعد والدین سے جدائی کا احساس بہت گہرا ہوگیا ہے کہ میں والدین کے موجود ہوتے ہوئے ان سے نہیں مل سکتی۔ یہ احساسات روز بروز گہرے ہوکر مجھے بے چین کیے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف میرے شوہر کے گھرانے میں ان کے والد بھی راضی نہیں تھے البتہ گھر والے راضی تھے۔ میری دلی خواہش ہے کہ سب لوگ اپنی ناراضگی ختم کردیں۔ (سارہ‘ ملتان)

جواب: روزانہ رات کو سونے سے پہلے سورۂ بقرہ کی آیت 117 اول و آخر درود شریف کے ساتھ گیارہ بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں اور والدین کا تصور کرکے دم کردیں۔ اس عمل کو اکیس دنوں تک انجام دیں۔ علاوہ ازیں نماز فجر کے بعد اکتالیس بار یَاکَرِیْمُ یَاجَلِیْلُ پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ چہرے پر پھیرلیا کریں۔ یہ عمل کم از کم نوے دنوں تک انجام دیں۔

کام نہیں بنتے

ہر کام اور ہرمعاملے میں رکاوٹوں کا سامنا ہے کوشش کے باوجود کام نہیں بنتے۔ کوئی طاقت راستے میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔ ایک پریشانی ختم نہیںہوتی کہ دوسری آجاتی ہے ایک لڑکا اچھے گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اس سے شادی کی خواہش مند ہوں۔ (ماریہ‘ فیروزوالہ)
جواب: ہر نماز کے بعد اکیس بار آیت کریمہ معانی کو دھیان میں رکھتے ہوئے پڑھیں اور نماز عشاء کے بعد آیۃ الکرسی بھی اکیس بار پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے مشکلات کے حل‘ آسانیوں کے حصول اور اپنے مسائل کیلئے دعا کریں۔ کم از کم نوے دنوں تک ضرور اس معمول پر کاربند رہیں اور جن دنوں میں نہ پڑھ سکیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

سفلی علم

دوسروں کی نظروں میں شاید یہ مسئلہ اتنا اہم نہ ہو لیکن میرے لیے یہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔ آج سے چند سال قبل جب میں نے فرسٹ پروفیشنل کا امتحان دیا تو چند حاسدوں نے مجھ پر سفلی عمل کرادیا۔ کئی تعویذ و نقش بھی پائے گئے۔ اس واقعے کے بعد میرا حال یہ ہوگیا کہ پڑھائی سے دل قطعی اچاٹ رہنے لگا۔ کالج جانا بہت کم ہوگیا۔ امتحان ہوا تو چند مضامین میں ناکام ہوگئی۔ اب یوں لگتا ہے کہ میں یہ مضامین کبھی پاس نہیں کرسکوں گی۔ پڑھنے کوقطعی دل نہیں چاہتا۔ پڑھنے بیٹھتی ہوں تو ذہن کام نہیں کرتا۔ میرا اعتماد بالکل ختم ہوگیا ہے اور یہ بات دل میں بیٹھ گئی ہے کہ میں کامیاب نہیں ہوسکوں گی۔ (ر۔ اسلام آباد)
جواب: آپ میں صلاحیتیں موجود ہیں۔ نماز فجر اور نماز عشاء کے بعد بسم اللہ شریف اکیس بار اور سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 117 گیارہ بار پڑھ کر اپنے قلب پر دم کرلیا کریں۔ کم از کم چالیس بار ضرور یہ عمل کریں۔ اپنے ذہن سے سفلی عمل کا ڈر خوف ختم کردیں۔انشاء اللہ کوئی اثر نہیں ہوگا۔ حصول علم اور اس کی تیاری کیلئے تدابیر اور منصوبہ بندی سے کام لیں۔ انشاء اللہ کامیاب ہوں گی۔
ذہنی انتشار
میں ذہنی طور پر انتشار کا شکار ہوں۔ مایوسی کا غلبہ ہوگیا ہے۔ ہر شخص سے بدگمان ہوگیا ہوں۔ ہر شخص میرے ساتھ برائی کرتا ہے اور میں لوگوں کے حسد کا شکار ہوں۔ ایک عامل صاحب کا کہنا ہے کہ مجھ پر سحر کیا گیا ہے اور کاموںمیں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں یہی وجہ ہے میرے مقدر میں ناکامیاں ہی ناکامیاں سامنے آرہی ہیں۔ (محمد مبین‘ کوئٹہ)

جواب: آپ مخلوق کے خوف‘ بدگمانی اور شک سے بچیں۔ آپ کے حالات کا سحر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہمت اور محنت سے کام لیں تو اللہ تعالیٰ ضرور مہربانی فرمائیں گے۔ یَاحَیُّ یَاقَیُّوْمُکثرت سے پڑھا کریں۔ انشاء اللہ ہر قسم کی برکات و آسانیاں حاصل ہوں گی۔

آپریشن

دو سال قبل پتے کا آپریشن ہوا۔ اس کے بعد سے مجھے چکر آنے کی تکلیف شروع ہوگئی ہے۔ نظام ہضم بھی متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں کانوں میں عجیب سی آوازیں آتی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی انجن چل رہا ہے۔ کان بھی بند محسوس ہوتے ہیں۔ لوگ بات کرتے ہیں تو آواز سننے اور سمجھنے میں مشکل محسوس ہوتی ہے۔ ہر قسم کا علاج ہوا ہے لیکن ابھی تک کوئی خاص اثر مرتب نہیں ہوا ہے۔ (عائشہ‘ لاہور)
جواب: علاج جاری رکھیں۔ روزانہ تین عدد عمدہ چھوہاروں پر ایک سو ایک مرتبہ یَااَللہُ یَارَبُّ یَارَحِیْمُ دم کرکے کھالیا کریں۔ صبح شام سورۂ فاتحہ تین بار پڑھ کر سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی پر دم کرکے ہاتھ دونوں کانوں پر پھیرلیا کریں۔ انشاء اللہ شفائے کلی حاصل ہوجائے گی۔

بری عادات

میرا تعلق ایک متوسط خاندان سے ہے۔ اللہ کے فضل سے شادی ہوئی اور رفیقہ ٔ حیات بھی اچھی ملی۔ اللہ نے دو بیٹے اور ایک بیٹی عطا کی لیکن نہ جانے کیا بات ہے کہ ہماری اچھی تربیت کے باوجود بچوں کے اندر بعض بری عادات پیدا ہوگئی ہیں۔ بچے کہنا نہیں مانتے اور معمولی باتوں پر لڑنے لگتے ہیں۔ میں نے بچوں کی عادات کے بارے میں ان کی والدہ سے کئی بار بات کی اور ہم نے کوشش بھی کی لیکن یہ عادات بدستور ان کے اندر راسخ ہیں۔ بچوں کی یہ حالت دیکھ کر دلی سکون ختم ہوگیا ہے اور مستقبل کی طرف سے سخت متفکر ہوگیا ہوں۔ (احسان اللہ‘ کراچی)
جواب: گھر کے ماحول میں یا بچے گھر سے باہر جس ماحول میں وقت گزارتے ہیں ضرور کوئی نہ کوئی کمی یا کمزوری ہے جس کی وجہ سے بچوں میں نافرمانی اور لڑنے جھگڑنے کی عادات پیدا ہورہی ہیں اور یہ بات آپ لوگوں کے ذہنوں میں غیراہم ہے۔ بہت غور کے ساتھ تمام باتوں کو دیکھیں تو ضرور بعض وجوہات سامنے آجائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عمل کریں کہ بچے سونے کے لیے جو تکیے استعمال کرتے ہیں ان پر روزانہ رات کو ایک بار سورۂ کوثر دم کردیا کریں۔

بول نہیں سکتی

میںجتنا اچھا سوچ سکتی ہوں اتنا اچھا اور متاثر کن بول نہیں سکتی۔ بولتے ہوئے الجھ جاتی ہوں اور درست الفاظ ادا نہیں کرسکتی۔ اسی الجھن میں اعتماد ختم ہوجاتا ہے اور شدید نروس ہوجاتی ہوں۔ میں طالبہ ہوں اور مجھے آئے دن کمرۂ جماعت میں اپنی باتوں کو بیان کرنا پڑتا ہے۔ بولتے ہوئے زبان اٹک جاتی ہے اور الفاظ درست طریقے سے ادا نہیں کرسکتی حلق خشک ہوجاتا ہے۔ ایک لفظ کو بار بار ادا کرنے لگتی ہوں۔
جواب: آپ کی شخصیت میں صلاحیتیں پوشیدہ ہیں۔ نو انچ لمبا اور چھ انچ چوڑا ایک عمدہ کاغذ لیں۔ اس کاغذ پر قطاروں میں مناسب حجم کا جو نہ بہت چھوٹا اور نہ بہت بڑا نو کا ہندسہ (9) لکھیں‘ یہاں تک کہ کاغذ پُرہوجائے۔ اس کاغذ کو کسی گتے یا بورڈ پر چسپاں کرلیں۔ روزانہ رات سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد دس پندرہ منٹ تک پوری توجہ سے دیکھا کریں‘ ذہنی و ارادی قوت کو بڑھانے میں یہ عمل بہت مؤثر ثابت ہوتا ہے جس سے خوداعتمادی بھی حاصل ہوجاتی ہے۔

میں ایک طالبہ ہوں

میں ایک طالبہ ہوں لیکن جب کسی سے بات کرتی ہوں تو بہت جھجک اور گھبراہٹ محسوس کرتی ہوں۔ میرے اندر اعتماد بہت کم ہے۔ لوگوں کی باتوںسے متاثر ہوجاتی ہوں۔ اگر کوئی غلط بات بھی کہہ دے تو اسے ٹوک سکتی ہوں نہ انکار کرسکتی ہوں۔ ذہنی طور پر فعال اور تیز بننا چاہتی ہوں اور ذہنی قوتوں کو متحرک کرنے کی خواہش مند ہوں۔ (سیما حیات‘ لاہور)
جواب: روزانہ رات کو سونے سے پہلے سورۂ آل عمران کی دوسری آیت اکیس بار پڑھ کر آنکھیں بند کرلیں اور یہ تصور کریں کہ آسمان سے آپ کے اوپر بارش ہورہی ہے۔ بارش اور بادلوں کا تصور کم و بیش پندرہ بیس منٹ ضرور مستقلا قائم رکھیں اور پھر سوجائیں۔ انشاء اللہ کثیر فوائد و برکات حاصل ہوں گی۔

 

بے کیف زندگی

میری زندگی حد درجہ بے کیف اور بے مقصد گزر رہی ہے۔ ہروقت کچھ کھونے کا احساس غالب رہتا ہے۔ بے عملی طاری رہتی ہے۔ نماز بھی بمشکل ادا کرتی ہوں۔ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے بہت سی نعمتوں سے مجھے نوازا ہے اور اس رحیم و کریم کا احسان ہے۔ پھر بھی نہ جانے کیوں پورے وجود پر ایک بے کیفی طاری رہتی ہے۔ میں عملی طور سے کچھ کرنا چاہتی ہوں اور خود کو مصروف رکھنا چاہتی ہوں تاکہ ذہنی طور سے شیطان سے دور رہوں۔ میں کوئی ملازمت بھی نہیں کرسکتی کہ میرا ماحول اس کی اجازت نہیں دیتا۔ میں خود سے وابستہ رشتوں کو کمزور بھی نہیں کرنا چاہتی۔ غرض ایک ذہنی کشمکش میں گرفتار رہتی ہوں۔ عمر کے اس دور میں ہوں جب شادی ہوجانی چاہیے لیکن ابھی تک کوئی رشتہ بھی نہیں آیا ہے خود کو مطمئن اور پرسکون دیکھنا چاہتی ہوں۔ (میمونہ‘ گجرات)
جواب: صبح سورج نکلتے وقت نمودار ہونے والی روشنی کو دیکھتے ہوئے سورۂ اخلاص ایک بار پڑھ لیا کریں۔ یہ عمل چالیس روز کیا جائے اور جن دنوں نہ کرسکیں وہ شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔ کسی فلاحی کام یا ضرورت مندوں کی مدد میں خود کو مصروف رکھیں۔ جب بھی فارغ ہوں یَاحَیُّ یَاقَیُّومُ جس قدر آسانی سے پڑھ سکیں پڑھ لیا کریں۔ معلوماتی اور اچھی کتابوں کا مطالعہ کیا کریں۔ پھول پودے لگا کر ان کی نگہداشت کریں۔ انشاء اللہ ذہن پر سے بے کیفی کا غلبہ ختم ہوجائے گا۔ 

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 356 reviews.