Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

روحانی بیماریوں کا روحانی علاج

ماہنامہ عبقری - نومبر 2012

روانی زبان
میں ایک طالبعلم ہوں۔ یوں تو میری زبان روانی سے چلتی ہے لیکن مخصوص حروف صحیح تلفظ کے ساتھ بولنے سے قاصر رہتا ہوں بہت کوشش کرتا ہوں کہ زبان ٹھیک ہو جائے لیکن کامیاب نہیں ہوتا۔ اچانک غلط تلفظ ادا کرنے سے صورتحال مضحکہ خیز ہو جاتی ہے اور لوگوں کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رشتہ داروں اور دوستوں سے حتی الامکان دور رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔(محمد عارف‘ لاہور)

جواب: اگر زبان کی ساخت میں کوئی مسئلہ نہیں ہے تو مندرجہ ذیل عمل سے انشاء اللہ ضرور فائدہ ہو گا۔ایک ہزارمرتبہ کھٰیٰعصپڑھ کر ایک کاغذ پر دم کریں اور کاغذ پر بھی حروف لکھ دیں اس کاغذ کو اپنے تکئے کے اندر رکھ دیں۔ خیال رہے کہ آپ کا تکیہ کوئی دوسرا شخص استعمال نہ کرے۔ رات کو سوتے وقت بھی صرف ذہن میں آہستگی سے گیارہ بار دہرائیں اور سو جائیں جب بھی بات کریں رک کر اور آہستگی کے ساتھ کریں تاکہ زبان کی حرکت پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول حاصل رہے۔
ذہنی یکسوئی ختم
جسمانی طور پر کوئی شکایت نہیں لیکن ذہنی یکسوئی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے کسی غیبی طاقت نے دماغ کو جکڑ رکھا ہے۔ گھر میں نہ ختم ہونے والے مسائل کا سلسلہ جاری ہے۔ خاندانی رنجشیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ گھر کا ماحول ایسا ہے کہ بعض اوقات گھر چھوڑدینے کا خیال آ جاتا ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رائے اور مشورے سے نوازیں۔(سویرا‘گجرات)

جواب: آدمی اپنے گردوپیش کو بالکل بدل نہیں سکتا اور نہ قطعی طور پر اس سے لاتعلق ہو سکتا ہے۔ تاہم ان حالات میں اسے چاہئے کہ خود کو تفکرات سے اس طرح دور رکھے کہ اس کی ذہنی توانائی کم سے کم ضائع ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ یَاحَیُّ یَا قَیُّومُ کا ورد ہراعتبار سے بہتر ثابت ہو گا۔ زیادہ سے زیادہ پڑھتی رہا کریں۔

اچانک مایوسی

ہمہ وقت دماغی الجھن میں مبتلا رہتی ہوں۔ اچانک مایوسی اور افسردگی طاری ہو جاتی ہے دل نہ پڑھنے کو چاہتا ہے اور نہ ہی کسی کام کی امنگ باقی رہتی ہے۔ کسی سے بات کرنا نہایت برا محسوس ہوتا ہے۔ اکثر مستقبل کے بارے میں سوچتی ہوں اور شدید ناامیدی گھیر لیتی ہے۔ اچانک رونا آ جاتا ہے۔ پہلے معمول کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی لیکن اب حال برعکس ہے۔ کبھی کوئی ارادہ کرتی ہوں اور کبھی دوسرا منصوبہ دل میں گھر کر لیتا ہے۔ غرض عجیب کشمکش میں دماغ گرفتار رہتا ہے۔(فوزیہ‘راولپنڈی)
جواب :انسان کی بنیاد وہم اور یقین پر ہے۔ مذہب کی اصطلاح میں اسی کو شک اور ایمان کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ دماغ میں شک کو جگہ دینے سے منع فرماتے ہیں اور ذہن میں یقین کو پختہ کرنے کا حکم دیتے ہیں۔ یہی شک اور یقین ہے جو دماغی خلیوں میں ہمہ وقت عمل کرتا رہتا ہے۔ جس قدر شک کی زیادتی ہو گی اسی ہی قدر دماغی خلیوں میں ٹوٹ پھوٹ واقع ہو گی۔ انہی دماغ خلیات کے زیر اثر تمام اعصاب کام کرتے ہیں اور اعصاب کی تحریکات ہی انسانی زندگی ہے۔ جب ذہن پر شک کا غلبہ ہوتا ہے تو آدمی مفروضہ خیالات کو حقیقت کا درجہ دینے لگتا ہے اور یہ خیالات ایسے ہوتے ہیں جن میں شکست و ریخت ہوتی ہے مثلاً عمل کے ضائع ہونے کا خدشہ، مستقبل کے متعلق ناامیدی وغیرہ۔
ان تمام باتوں کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے خیالات میں شک کو زیادہ سے زیادہ دور کرتے ہوئے یقین کو بیدار کریں مستقبل کے متعلق اندیشوں کو قطعی طور پر ذہن سے دور کر دیں۔ کسی ایک کام کا ارادہ کریں تو اس کے علاوہ کسی دوسری طرف دھیان نہ دیں۔ نماز کی پابندی کریں اور نماز فجر اور نماز عشاء کے بعد اکیس اکیس مرتبہ سورئہ فاتحہ پڑھ کر اپنے قلب پر دم کریں انشاء اللہ بہت جلد دماغی کشمکش ختم ہو جائے گی۔

دل گھبراتا ہے

عمر انیس سال ہے اور جماعت دہم کا طالب علم ہوں حالت ایسی ہے کہ کوئی کام نہیں کر سکتا تمام جسم درد کرتا ہے اور جسم میرے ارادوں کا ساتھ نہیں دیتا ہر وقت اپنی بیماری کے متعلق سوچتا رہتا ہوں خیال آتا ہے کہ شاید اب زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھوں گا ایک وہم میرے دماغ سے چمٹ کر رہ گیا ہے دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں جسم کی ہڈیاں نظر آتی ہیں دل گھبراتا ہے اور ہاتھ پائوں ٹھنڈے ہو جاتے ہیں علاج کرا رہا ہوں۔(انور علی‘ملتان)
جواب : رات کو ایک وقت مقرر کر کے اندھیرے میں بیٹھ جائیں پانچ منٹ تک ان الفاظ کو پڑھیں اَلْعَظْمَۃُ لِلہِ مَافِی السَّمٰوَاتِ بعد ازاں دس منٹ تک خاموش بیٹھے رہیں اس عمل کو کم از کم دو ماہ تک کیا جائے۔ علی الصبح پانی پر 41بارالٰرٰ تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتَابِ الْمُبِیْنِ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ دم کر کے پی لیا کریں یہ عمل نوے دن تک کیا جائے علاج اور وظیفہ روحانی سے انشاء اللہ آپ کی ذہنی و جسمانی صحت بحال ہو جائے گی۔

تعلیمی کامیابیاں

میں ایک طالب علم ہوں اور حصول علم کا بہت شوق ہے لیکن دماغ ساتھ نہیں دیتا ذہن مائوف رہتا ہے کوئی بات دماغ میں ٹھہرتی نہیں اگر یاد ہو جائے تو چند گھنٹوں بعد ذہن کے اسکرین سے مٹ جاتی ہے کسی بات کو سمجھنے میں بھی دیر لگتی ہے فہم و ذکاوت بھی کم محسوس ہوتی ہے ذہنی یکسوئی کی کمی ہے مطالعے کے لیے بیٹھتا ہوں تو دماغ مختلف سمتوں میں بھٹکنے لگتا ہے اگر یہی حال رہا تو تعلیم میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکوں گا۔(شائستہ خان ‘پشاور)
جواب:9 انچ لمبے اور چھ انچ چوڑے عمدہ کاغذ پر قطاروں میں 9 کا ہندسہ نیلی روشنائی سے لکھ لیں اس کاغذ کو کسی گتے وغیرہ پر چسپاں کر لیں تاکہ سامنے رکھنے میں آسانی ہو رات کو سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد دس دس منٹ تک نظریں جما کر اس کاغذ کو پانچ فٹ کے فاصلے سے دیکھا کریں مسلسل اس عمل کو جاری رکھنے سے انشاء اللہ ذہنی کارکردگی کو فائدہ ہو گا۔
میں مرنے والی ہوں؟؟؟
بچی کی پیدائش کے ایک ماہ بعد پڑوس میں کسی کے انتقال پر تعزیت کے لئے چلی گئی اس کے بعد سے میری حالت بہت خراب ہے رات کو نیند نہیں آتی اور ڈرائونے خواب دکھائی دیتے ہیں ہر وقت یہ خیال رہتا ہے کہ میں مرنے والی ہوں کھانا کھانے کو بالکل دل نہیں چاہتا بہت کمزور ہو گئی ہوں گھر کا نظام تہہ و بالا ہو گیا ہے شوہر میری طرف سے بہت پریشان رہتے ہیں۔(عائشہ‘ گوجرانوالہ)

جواب: کسی ماہر امراض نسواں سے اپنا معائنہ کرائیں اور ان کی ہدایت پر عمل کریں صبح اور رات کو پانی پر یَااَللہُ یَارَحِیْمُ یَا مُرِیْدُ سو سو مرتبہ دم کر کے پیا کریں انشاء اللہ تمام حالات و کیفیات ختم ہو جائیں گی۔

شدید ذہنی کوفت

دو سال سے ذہنی دبائو میں مبتلا ہوں۔ خیالات میں ثقل غالب رہتا ہے خاص طور پر صبح بیدار ہونے کے بعد شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذہنی و جسمانی توانائی کے ضیاع سے صحت دن بدن گرتی جا رہی ہے۔ جسم میں خون کی کمی ہے اور جسم توانائی سے محروم دکھائی دیتا ہے۔ دوست میرا مذاق اڑاتے ہیں جس سے میری ذہنی اذ یت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔(نوید‘کوئٹہ)
جواب: ہر نماز کے بعد گیارہ مرتبہ یَاسَلَامُ اَلْمُھَیْمِنُ اَلْقُدُّوْسُ پڑھ کر ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ چہرے پر پھیر لیا کریں۔ اس ورد کو آنکھیں بند کر کے پڑھیں اور ذہن میں الفاظ کو واضح اور الگ الگ دھرائیں۔ نماز فجر کے بعد کسی کھلی جگہ چہل قدمی کریں۔ ذہن کو تمام خیالات سے خالی کر کے آہستگی کے ساتھ سانس اندر لیں اور باہر نکالیں۔ اس عمل کو مستقل کرتے ہوئے ذہن میں یَاحَفِیْظُ کا ورد جاری رکھیں۔ بعد ازاں پانی پر اکیس مرتبہ الٰرٰ تِلْکَ اٰیٰتُ الْکِتَابِ الْمُبِیْنِ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ اَلرَّحِیْمْ یَااَللہُ یَاحَفِیْظُ دم کر کے پی لیا کریں۔

آسمان کا تصور

دل و دماغ پر ایک بوجھ سا رہتا ہے طبیب ذہنی سکون کی گولیاں تجویز کرتے ہیں سرکاری ملازمت کرتا ہوں دفتر میں کوئی شخص میری بات نہ مانے تو سر بھای ہو جاتا ہے اور جھٹکے سے لگتے ہیں دماغی کیفیات قابو سے باہر ہو جاتی ہیں طرح طرح کے خیالات ذہن پر یلغار شروع کر دیتے ہیں سارا دن دماغی الجھن میں گزر جاتا ہے۔ آج سے دس برس قبل میں بالکل ٹھیک تھا لیکن پھر اس کیفیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی زمانے میں اور پھر بعد میں بعض گھریلو الجھنوں کا سامنا کرنا پڑا کبھی سوچتا ہوں کہ یہ سب کچھ میری وجہ سے ہوا ہے اور کبھی جادو سحر کا خیال آتا ہے لوگوں سے اچھی طرح ملنے کی کوشش کرتا ہوں لیکن ذہنی دبائو مجھے متوازن نہیں رکھتا۔ لوگوں سے اس طرح بات کرتا ہوں جیسے جذبات سے عاری کوئی شخص بات کرتا ہے خود کو تبدیل کرنا چاہتا ہوں لیکن تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔(محمد حیات‘ سکھر)
جواب: صبح سورج نکلنے سے پہلے باوضو ہو کر یہ عمل کریں۔ ایک لوٹےیا گلاس میں پانی لے کر کسی کیاری یا گملے کے قریب بیٹھ جائیں چلو بھر پانی لیں ایک مرتبہ یاودود پانی پر دم کر کے پانی اس طرح ناک کے نتھنوں میں داخل کریں‘ جیسے وضو کرتے وقت کیا جاتا ہے پانی اتنا داخل کریں کہ ناک کی جڑوں تک اوپر چلا جائے۔ پھر اس پانی کو کیاری یا گملے میں گرا دیں اس عمل کو سات مرتبہ کریں رات کو سونے کے لئے لیٹیں تو آنکھیں بند کر کے تصور کریں کہ بند آنکھوں سے آپ آسمان کو دیکھ رہے ہیں۔ اس تصور کو قائم رکھیں یہاں تک کہ نیند آ جائے۔ اول الذکر عمل کو تین ہفتے اور آسمان کے تصور پر کم از کم دو ماہ تک عمل کیا جائے انشاء اللہ جن ذہنی الجھنوں کا آپ نے تذکرہ کیا ہے وہ بہت جلد دور ہو جائیں گی۔

نیند کوسوں دور …

غیر اہم اور اہم خیالات ذہنی الجھن بن جاتے ہیں پوری رات انہی خیالات میں کروٹیں بدل کر گزار دیتا ہوں نیند آنکھوں سے کوسوں دور رہتی ہے روز بروز قلبی اور جسمانی طور پر انحطاط سے دو چار ہوں۔ خوف کی یہ حالت ہے کہ قبرستان کے پاس سے گزرتے ہوئے دل تیز دھڑکنے لگتا ہے اور حلق میں کانٹے پڑ جاتے ہیں محسوس ہوتا ہے کہ میرا کوئی واقف اس جگہ دفن ہے اور میں بھی جلد اس جگہ آنے والا ہوں۔ مختصر یہ کہ ذہنی پریشانی اور جسمانی کمزوری کی منہ بولتی تصویر بن گیا ہوں امید ہے کہ راہنمائی اور مشورے سے نوازیں گے۔
جواب : ایک نو انچ لمبا اور چھ انچ چوڑا شیشہ لیں شیشہ سے مراد آئینہ نہیں ہے بلکہ سادہ شیشہ ہے جس کے آر پار نظر آتا ہے اس شیشے پر ایک طرف نیلا پینٹ کرا لیں اور درمیان میں ایک سفید رنگ کا دائرہ بنوائیں اور اس کے اندر نیلے رنگ سے اسم ذات اللہ لکھوا لیں۔ رات کو سونے سے پہلے اور صبح بیدار ہونے کے بعد دس دس منٹ تک اس اسم کو پانچ فٹ کے فاصلے سے دیکھا کریں دیگر اوقات میں زیادہ سے زیادہ یَا اَللہُ یَارَحْمٰنُ کا ورد کرتے رہا کریں۔ کم از کم چالیس روز ان دونوں باتوں پر عمل پیرا رہیں انشاء اللہ خوف کی کیفیت مغلوب ہو جائے گی۔

دل میں کچھ ہوتا ہے

میں ایک دینی ادارے میں درس و تدریس کا کام کرتی ہوں نماز کی پوری طرح پابند ہوں لیکن مجھ میں اتنی صلاحیت اور طاقت نہیں کہ خواتین کے سامنے کھڑے ہو کر تقریر کر سکوں یا دین کی باتیں انہیں بتا سکوں۔ تقریر کرتے ہوئے دل میں کچھ ہوتا ہے اور زبان سے کچھ اور نکلتا ہے الفاظ پر کنٹرول کھو بیٹھتی ہوں۔ گھبراہٹ اور پریشانی میں کانپنے لگ جاتی ہوں۔ کسی پر میرا اثر اور رعب طاری نہیں ہوتا۔ میری طبیعت تیزی اور چستی سے بھی محروم ہے۔ جس سے بھی دوستی ہوتی ہے وہ مجھ سے دور ہو جاتا ہے۔ بہت کچھ بننے کا ارادہ رکھتی ہوں لیکن ناکامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا۔(ساجدہ ندیم‘ مردان)
جواب : رات کو سونے کے لئے لیٹیں تو وضو کر لیں۔ پشت کے بل لیٹ کر آنکھیں بند کر لیں اور اندازاً پانچ منٹ تک اس آیت کریمہ کو ذہن میں پڑھتی رہیں۔اِنَّمَآ اَمْرُہٗٓ اِذَآ اَرَادَ شَیْـًٔا اَنْ یَّقُوْلَ لَہٗ کُنْ فَیَکُوْنُ (یٰسین82) بعد ازاں یہ تصور کریں کہ بند آنکھوں کے سامنے ایک سیاہ رنگ کا پردہ ہے۔ اس پردے پر تصور کی قوت سے نورانی حروف میں بار بار یَافَتَّاحُ لکھتی رہیں۔ جس طرح قلم الفاظ لکھتا ہے اسی طرز پر ذہن کی قوت سے اسم یَافَتَّاحُ کو لکھتی رہیں۔ اندازاً دس منٹ کے عمل کے بعد سو جائیں۔ پہلے سات دن یہ عمل کر کے نتائج ملاحظہ کریں پھر مزید سات دن یہ عمل کریں۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو دنوں کی تعداد بڑھا کر اکیس دن کر دی جائے۔ اکیس دن سے زیادہ یہ عمل نہ کریں۔ اس عمل کے نتائج سے بذریعہ خط راقم کو مطلع کریں۔ انشاء اللہ تمام معاملات میں آپ کی خوابیدہ قوتیں متحرک ہو جائیں گی۔ تاہم چند باتیں مدنظر رکھیں۔ کسی پر رعب ڈالنے یا اثر ڈالنے کا خیال دل میں نہ لائیں۔ جو باتیں آپ کہنا چاہتی ہوں ان کا مجموعی خلاصہ ذہن میں رکھیں اور ٹھہر ٹھہر کر اطمینان کے ساتھ بیان کریں۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 299 reviews.