حضرت فاطمة الزہراءرضی اللہ عنہا کا سارے جہانوں کی عورتوں کی سردار ہونے کا بیان
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ حضرت فاطمة الزہراءرضی اللہ عنہا آئیں اور ان کا چلنا ہو بہو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چلنے جیسا تھا۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی لخت جگر کو خوش آمدید کہا اور اپنے دائیں اور بائیں جانب بٹھا لیا‘ پھر چپکے چپکے ان سے کوئی بات کہی تو وہ رونے لگیں۔ تو میں نے ان سے پوچھا آپ کیوں رو رہی ہیں؟ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے کوئی بات بات چپکے چپکے کہی تو وہ ہنس پڑیں۔ پس میں نے کہا کہ آج کی طرح میں نے خوشی کو غم کے اتنے نزدیک کبھی نہیں دیکھا۔ میں نے (حضرت فاطمة الزہراءرضی اللہ عنہا) سے پوچھا: آپ سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا فرمایا تھا؟ انہوں نے جواب دیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے راز کو فاش نہیں کرسکتی۔ جب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوگیا تو میں نے ان سے (اُس بارے میں) پھر پوچھا تو انہوں نے جواب دیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے یہ سرگوشی کی کہ جبرائیل ہر سال میرے ساتھ قرآن کریم کا ایک بار دور کیا کرتے تھے لیکن اس سال دو مرتبہ کیا ہے‘میرا خیال یہی ہے کہ میرا آخری وقت آپہنچا ہے اور بے شک میرے گھر والوں میں سے تم ہو جو سب سے پہلے مجھ سے آملو گی۔ اس بات نے مجھے رلا دیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم اس بات پر راضی نہیں کہ تم تمام جنتی عورتوں کی سردار ہو یا تمام مسلمانوں عورتوں کی سردار ہو! تو اس بات پر میں ہنس پڑی۔ (یہ حدیث متفق علیہ ہے۔)
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک فرشتہ جو اس رات سے پہلے کبھی زمین پر نہ اترا تھا اس نے اپنے پروردگار سے اجازت مانگی کہ مجھے سلام کرنے حاضر ہو اور مجھے یہ خوشخبری دے کہ فاطمہ (رضی اللہ عنہا) اہل جنت کی تمام عورتوں کی سردار ہے اور حسن و حسین (رضی اللہ عنہم اجمعین) جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔ (ترمذی‘ نسائی‘ احمد)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے فاطمہ! کیا تو نہیں چاہتی کہ تو تمام جہانوں کی عورتوں‘ میری امت کی تمام عورتوں کی اور مومنین کی تمام عورتوں کی سردار ہو!“ (نسائی‘ حاکم)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں