قبض پرانے امراض میں سے ایک مرض ہے بہت کم لوگ اس کی طرف توجہ دیتے ہیں اور اسے ایک عام سی چیز تصور کرکے علاج کرنے کی بجائے نظرانداز کردیتے ہیں۔ حالانکہ اس کو معمولی مرض نہیں سمجھنا چاہیے اور اس کی طرف خصوصی توجہ ضروری ہے۔ آج پریشانیوں کا دور دورہ ہے اس کے ساتھ نہ خالص خوراک میسر ہے نہ آرام و سکون حاصل ہے اور خالص ماحول بھی محال ہے۔ یہی حال دوائیوں کا بھی ہے۔ ایسے میں انسان کے جواہر خمسہ لازماً متاثر ہوں گے معدہ چونکہ انسانی جسم میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اس لیے زیادہ متاثر ہی معدہ ہوگا۔ اگرمعدہ درست ہوگا تو بہت بیماریوں سے بچائو ممکن ہوگا۔ ورنہ پیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریاں بھی لاحق ہوں گی پیٹ کی بڑی اور عام دو بیماریوں میں ایک دست و پیچش ہے اور دوسری بیماری قبض کی بیماری ہے۔ اگر ہر وقت مکمل علاج نہ کیا جائے تو دیگر بیماریاں لاحق ہونی لازماً ہوجاتی ہیں۔ حکماءقدیم اور حکماءجدید نے بھی قبض کو ایک بڑی بیماری کہا ہے جس طرح دست و پیچش انسان کو کمزور کرکے بالکل نڈھال اور کئی بیماریوں میں مبتلا کردیتا ہے اس میں بدنی کمزوری سرفہرست ہے۔ اسی طرح قبض بھی بذات خود ایک بڑی بیماری ہے بلکہ یہ کہنا بجا ہوگا کہ یہ دیگر بیماریوں کی جڑ ہے اور اس سے دیگر بیماریوں کا ہونا کوئی عجیب اور نئی بات نہیں کیونکہ جس درخت کی جڑ مضبوط ہوگی اس کا تنا بھی مضبوط اور طاقتور ہوگا اس کے مقابلہ میں جس درخت کی جڑ میں بیماری ہو وہ نہ تو اچھی طرح سے پروان چڑھتا ہے اور نہ ہی پھل پھول درست ہوں گے۔ دفع قبض ہی سے کئی بیماریوں سے بچائو ممکن ہے کیونکہ زنانہ اور مردانہ اکثر بیماریاں قبض ہی کی وجہ سے ہوجاتی ہیں۔ اس لیے اس طرف خصوصی توجہ بے حد ضروری ہے۔
یوں تو قبض کیلئے انگریزی اور دیسی ادویات کے علاوہ کئی گھریلو ٹوٹکے بھی موجود ہیں اور اس سے فیض یابی ہوتی رہتی ہے آج میں آپ کو ایک فقیری اور مجرب نسخہ بتاتا ہوں یہ نسخہ حضرت بابا فرید گنج شکر رحمة اللہ علیہ سے منسوب ہے۔ کافی عرصہ پہلے مجھے یہ نسخہ ایک صاحب سے ملا تھا۔ تجربہ کرنے پر بہترین ثابت ہوا۔ چنانچہ استعمال کے بعد تحریر کرکے محفوظ کرلیا۔ تاکہ کسی کے کام آسکے۔ ہمارے ایک واقف کار کو عرصہ سے قبض کی شکایت تھی اور کبھی کبھی اس میں شدت بھی آجاتی تھی۔ اس نے بتایا کہ کھانے کو دل نہیں چاہتا دل پر بوجھ‘ دماغ پر پریشانی اور بے سکونی کی کیفیت ہوتی‘ اکثر سر میں درد کی شکایت رہتی ہے کافی دوائیاں استعمال کیں۔ فائدہ ہوجاتا ہے لیکن عارضی طور پر‘ مکمل آرام نہیں آتا‘ اسپغول‘ تیل ارنڈ اور کبھی کبھی ہومیو پیتھک علاج بھی کرتا مگر آرام نہیں آتا۔ ایک دن میں اور وہ ایک جگہ بیٹھے تھے انہوں نے اپنی سب شکایتیں بیان کیں۔ میں نے ان کو یہی نسخہ لکھ کر دیا اور نسخہ بنانے کو کہا کہ اللہ کا نام لے کر چند دن استعمال کرکے آزمالیں۔ اس دوائیوں کے مارے نے ٹوٹے دل سے نسخہ بنا کر استعمال کیا۔ کافی دنوں بعد اس سے ملاقات ہوئی۔ بیماری کے متعلق دریافت کیا تو بتایا کہ چند دن کے استعمال سے کافی افاقہ ہوا۔ میں نے تقریباً 25-20 دن استعمال کیا اور اسی فیصد آرام آگیا اب گھر میں بنا کر رکھا ہوا ہے کبھی کبھی استعمال کرتا ہوں۔ الحمدللہ بہت فائدہ ہوا ہے۔ اب دل اور دماغ پر بوجھ نہیں اور کھانا بھی شوق سے کھالیتا ہوں اور کئی ضرورت مندوں کو دیا خدا کے فضل سے انہوں نے بھی فائدہ اٹھا کر تعریف کی اور ایسا کیوں نہ ہو کہ صاحب نسخہ (حضرت بابافرید گنج شکر رحمة اللہ علیہ) خود ایک کامل ولی اور قابل تعریف ہستی ہیں خدا ان کے درجات اور بھی بلند فرمائے۔ آمین۔
تو لیجئے نسخہ حاضر خدمت ہے ہر ضرورت مند بھائی بہن استعمال کرکے فائدہ اٹھائیں اور ہم سب کو اپنی دعائوں میں شامل فرمائیں۔ نسخہ: نمک لاہوری 2 تولے‘ الائچی کلاں ایک تولہ‘ مرچ سیاہ ایک تولہ‘ ثناءمکی ایک تولہ‘ سونٹھ ایک تولہ‘ کلونجی اور گل سرخ 3-3گرام‘ تمام ادویات صاف کرکے باریک کوٹ چھان لیں اور محفوظ کریں۔ رات سوتے وقت 6 گرام پانی سے کھالیا کریں ہفتہ میں ایک 2 مرتبہ روغن ارنڈیا روغن بادام رات سوتے وقت دودھ میں کچھ مدت استعمال کریں خدا نے چاہا تو پرانے قبض کا بھی خاتمہ ہوجائے گا اور اللہ کا شکر ادا کریں مگر کچھ مدت متواتر کھانا ضروری ہے۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 646
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں