میرے بچے بہت موٹے ہیں
میرے تین بچے ہیں۔ ماشاءاللہ ان کی صحت قابل رشک ہے۔ پانچ سال کا بچہ آٹھ سال کا لگتا ہے۔ تین سال کا بچہ چھ سال کا دکھائی دیتا ہے۔ اب تک یہ مجھے بہت اچھے لگتے تھے مگر دن بدن ان کا وزن بڑھتا جارہا ہے جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوگئی ہوں۔ کیا یہ بچے اور موٹے ہوجائیں گے؟ مجھے مشورہ دیجئے کہ ان کا موٹاپا کیسے دور ہوسکتا ہے؟ (شاہدہ پرویز‘ لاہور)
مشورہ: تندرستی ہزار نعمت ہے‘ وزن غیرمعمولی ہوجائے تو نعمت زحمت بن سکتی ہے۔ عام طور پر ڈاکٹر حضرات موٹاپے کو موروثی کہہ کر ٹال دیتے ہیں مگر تازہ ترین تحقیق کے مطابق صرف 30 فیصد بچے وراثت میں موٹاپا لے کر پھول کر کُپا بنتے ہیں جبکہ 70 فیصد بچے اپنے ماحول‘ غذائی عادات اور دیگر اسباب کی بنا پر موٹے ہوتے ہیں۔ ہمارے ملک میں چکنائی کا استعمال بہت زیادہ ہے۔ بچوں کو شروع ہی سے چاکلیٹ‘ پیپسی‘ پیسٹری‘ کیک‘ اصلی گھی‘ مکھن اور ڈبل روٹی وغیرہ دی جاتی ہے۔ دوسری اہم بات یہ کہ بچے ٹیلی ویژن بہت دیکھتے ہیں اور بیٹھے بیٹھے چپس اور ٹافیاں کھاتے رہتے ہیں۔ آج کے بچوں میں چلنے پھرنے کا رجحان بہت کم ہے اسی لیے ان پر موٹاپا چھا جاتا ہے۔
آپ کو چاہیے کہ آہستہ آہستہ بچوں کی خوراک سے چکنائی والی چیزیں نکال دیجئے۔ باقاعدگی سے اپنے فریج کا جائزہ لیجئے اور اس میں سے مشروبات‘ چاکلیٹ وغیرہ نکال کر موسمی پھل بھردیجئے‘ بچپن کا موٹاپا تمام عمر رہتا ہے جس سے کئی امراض جنم لیتے ہیں۔ مثلاً بلڈپریشر‘ ذیابیطس‘ امراض قلب وغیرہ۔ بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے صاف ستھری تازہ غذا دینی چاہیے اور پھلوں‘ سبزیوں کا عادی بنانا چاہیے۔ بچوں کو کھیل کود اور ورزش بھی کرنی چاہیے‘ اچھل کود سے ان کا جسم دبلا رہتا ہے سب سے اہم بات یہ کہ ان کو ہر وقت کھانے کیلئے نہ دیں۔ ایک کھانے سے دوسرے کھانے کے بیچ میں کوئی چیز نہیں کھانی چاہیے اس طرح بتدریج وزن کم ہونے لگتا ہے۔ آپ اپنے بچوں کو مسجد میں نماز کیلئے لازمی بھیجا کریں۔ ہمارے گھر ایک موٹی بچی قرآن پڑھنے آتی تھی بہت خوبصورت بچی تھی لیکن اس کا موٹاپا بڑھتا جارہا تھا۔ وہ ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتی رہتی تھی وہ نوسال کی عمر میں اٹھارہ سال کی لگتی تھی۔ گھروالوں کی چہیتی تھی اس لیے وہ اسے منع نہیں کرتے تھے حالانکہ وزن کی وجہ سے اس کے ٹخنوں میں ہروقت درد رہتا تھا اب پتہ نہیں وہ کس حال میں ہوگی؟ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر تھوڑی سی سختی کریں اور انہیں رات کو عشاءکے بعد سونے کی تاکید کریں تاکہ وہ صبح اٹھ کر نماز اور قرآن پڑھ سکیں۔ اب کی تھوڑی سی سختی زندگی بھر ان کے کام آئے گی۔
آپ اپنے بچوں کو سلاد اور تازہ پھل کھلائیے۔ تھوڑی سی احتیاط آپ کے بچے کو صحت مند رکھے گی اور ان کا موٹاپا ختم ہوجائے گا۔
مریضوں کیلئے دعا
میں ایک ڈاکٹر ہوں۔ گھر سے ہسپتال جاتے ہوئے مجھے اپنی کار میں آدھا گھنٹہ لگتا ہے۔ پچھلے سال میرا ایک مریض بہت بیمار تھا۔ علاج کے باوجود شفا یاب نہیں ہورہا تھا۔ ایک روز گھر سے ہسپتال جاتے ہوئے میں نے سوچا کہ مریض کیلئے دعا مانگنی چاہیے۔ میں نے قرآن پاک کی چند آیات پڑھیں اور اپنے مریض کا تصور کرکے تمام راستے اس کیلئے دعا کرتی گئی۔ بار بار یہی کہتی رہی ”اے میرے رب! توہی شافی ہے تو ہی شفاءدینے والا ہے‘ میرے مریض کو شفاءدے دے ایسی شفاءکہ اس کی بیماری ختم ہوجائے۔“
جب میں ہسپتال پہنچی تو دیکھا کہ وہ مریض اطمینان سے بیٹھا سیب کھارہا ہے۔ اس نے بتایا ”ایک گھنٹہ پہلے مجھے ایسا لگا جیسے میرا سارا جسم ہلکا ہوتا جارہا ہے۔ میرے جسم سے بوجھ ختم ہوگیا ہے اورمیں بالکل ٹھیک ہوں“میں نے اس کا چیک اپ کیا‘ جسم کی ہر چیز معمول کے مطابق تھی۔ احتیاطاً دو دن ہسپتال میں رکھ کر چھٹی دیدی۔ اب میرا یہ وطیرہ ہے کہ میں اپنے مریضوں کے لیے دعا کرتی رہتی ہوں اللہ تعالیٰ ان کو شفاءدے دیتا ہے۔ میں آپ کو یہ سب کچھ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ پاکستان کے ڈاکٹر بھی اپنے مریضوں کیلئے دعا کریں۔ انشاءاللہ ان کے مریض شفاءیاب ہوجائیں گے۔ (ڈاکٹر طاہرہ‘ لندن)
مشورہ: طاہرہ صاحبہ! آپ اپنے مریضوں کیلئے دعا کرکے بہت اچھا کرتی ہیں دعا میں بڑی برکت ہے۔ قرآنی آیات پڑھنے سے مریض پر بہت اچھا اثر مرتب ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے سے قلب صاف ہوجاتا ہے۔ ذکر اللہ‘ خدا کی خوشنودی کا باعث ہوتا ہے۔ ہمارے ڈاکٹر بھی اگر مریضوں کیلئے دعا کرنے لگیں تو کتنا اچھا ہو۔ میری ایک ملنے والی سرجن ڈاکٹر جب کسی خاتون کا آپریشن کرتی ہیں تو وہ نفل مان لیتی ہیں۔ آپریشن کے بعد وہ نفل ضرور پڑھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سارے ڈلیوری کیس ٹھیک ہوتے ہیں۔
فلپائن میں ایک عیسائی سرجن تھیں وہ جب آپریشن کرتیں تو اس سے پہلے مریض کے پاس کھڑی ہوکر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتیں گریہ زاری کرتے ہوئے اللہ سے اس کیلئے شفاءمانگتیں پھر آپریشن کرتیں۔ اب ہمارے ہاں تو دعا کا تصور نہیں رہا۔ دعا کریں اور ہسپتال آتے جاتے راستے میں مریضوں کا نام لے کر ان کی صحت کیلئے دعا مانگیں دعا میں بہت طاقت ہے۔
بچوں کے سر کی جوئیں
میرے بچے سکول جاتے ہیں اکثر ان کے سر میں جوئیں پڑجاتی ہیں۔ ہمارے گھر کا یہ اہم مسئلہ ہے۔ میں جوئیں نکال نکال کر تھک چکی ہوں۔ خدا کیلئے اس کا کوئی علاج بتائیے۔ میں پریشان ہوکر خط لکھ رہی ہوں۔ (مسزلطیف‘ راولپنڈی)
مشورہ: آج کل بازار میں انگلش شیمپو کے پیکٹ ملتے ہیں۔ یہ شیمپو لگا کر دس منٹ بعد سر دھوئیں۔ نیم کی خشک نمولیاں مل جائیں تو ان کو پیس کر پانی میں ملا کر سر کے بالوں کی جڑوں میں ہر ہفتے چھٹی کے روز رات کو لگائیے۔ صبح سر دھو کر بال سوکھنے دیجئے۔ ابھی بال تھوڑے گیلے ہوں تو جڑوں میں کافی سارا بورک پائوڈر لگائیے۔ ایک گھنٹہ کے بعد باریک کنگھی کیجئے۔ ساری جوئیں اور لیکھیں نکل جائیں گی۔ بورک سے بالوں پر کوئی مضراثر نہیں ہوگا لیکن اسے ہفتے میں صرف ایک ہی دن استعمال کریں۔ بہت ساری خواتین نے یہ طریقہ آزمایا ہے اور ان کے بچوں کے سر اب صاف ہیں‘ کوئی جوں اور لیکھ نہیں۔بچے جیسے ہی سکول سے آئیں آپ سب سے پہلے ان کے سر میں ایک بار کنگھی کردیا کیجئے کوئی جوں سر میں ہوگی تو نکل آئیگی۔ نیم کی چھ سات نمولیاں رات کو پیس کر پانی میں ملا کر سر میں لگادی جائیں اور صبح سر دھولیا جائے تو جووں سے نجات مل جاتی ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں