ارادے سے باز
خواب: میں نے دیکھا کہ میرے پرانے سکول کی ایک لڑکی آرہی ہے میں اس کو پسند کرتا ہوں پھر دیکھا کہ سکول کے برآمدے میں بہت سے لوگ کھانا کھارہے ہیں میں اور میرا ایک کزن بھی کھارہے ہیں‘ سکول کے ایک کمرے سے مجھے اس لڑکی کی باتیں کرنے کی آواز آتی ہے میں پھر اسے دیکھنے کیلئے جاتا ہوں‘ کمرے کا دروازہ بند ہوتا ہے میں کوشش کرتا ہوں اسے دیکھنے کی مگر وہ نظر نہیں آتی ہے کمرے کے قریب ہی لڑکی کا بھائی کھڑا ہوتا ہے میں اس سے پانی مانگتا ہوں وہ مجھے پانی دیتا ہے مگر پانی تھوڑا گرم ہوتا ہے‘ ایک دو گھونٹ پینے کے بعد میں پانی پھینک دیتا ہوں۔ واپس اپنی جگہ آتا ہوں جہاں ایک جگ پانی اور ایک گلاس رکھا ہوتا ہے میں پانی پینے بیٹھ جاتا ہوں مگر دیکھتا ہوں کہ یہ جگہ تو میری نہیں ہے پھر دیکھا کہ ہمارے کچھ عزیز آئے ہوئے ہیں میں خوشی سے ان سے ہاتھ ملاتا ہوں وہ مجھے مٹھائی دیتے ہیں اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (محمد سہیل‘ اسلام آباد)
تعبیر: آپ کے حق میں وہ لڑکی اور اس کے رشتے دار عزت و رحمت کا باعث نہیں ہونگے بلکہ مستقل ذہنی اذیت کا آپ شکار رہیں گے اس لیے اس ارادے سے باز آجائیں۔
رشتہ آپ کو خوشیاں نہ دے سکتا تھا
خواب: میرے بارے میں میری ایک سہیلی نے خواب دیکھا کہ میری شادی میرے گھر والے ایک شخص جسے وہ بھی جانتے ہیں‘ کررہے ہیں اور میں رو رہی ہوں‘ یہ ہی خواب اس نے مسلسل تین رات اسی طرح دیکھا‘ میری سہیلی چوتھے روز بڑی پریشانی میں میرے پاس آئی‘ مجھ سے پوچھا کہ کیا معاملہ ہے میں بہت ہنسی کیونکہ ایسا کوئی قصہ نہیں تھا۔ اس کے تین چار ماہ گزرے ہونگے اسی طرف سے رشتہ آیا مگر شادی نہیں ہوسکی۔ (سویرا‘ لاہور)
تعبیر: آپ کا وہاں رشتہ نہ ہوا‘ بہت اچھا ہوا‘ کیونکہ وہ رشتہ آپ کو خیرو خوشیاں نہ دے سکتا تھا‘ اس لیے ہرگز پریشان نہ ہوں بلکہ کسی بھی نیک رشتے کو قبول کرلیں۔
اچھے انگور
خواب: میرے گھر کے ایک کمرے میں انگور لگے ہوئے تھے‘ میں نے بہت کوشش کی کہ انگور توڑوں مگر میرا ہاتھ وہاں تک نہیں پہنچ سکا۔ پھر میری خالہ اور اس کے دیور کی بیٹیاں (خالہ کا گھر میرے گھر کے ساتھ ہے) میرے میکے گئی تھیں جب وہ واپس آئیں تو میری خالہ بہت خوش تھیں اور کہہ رہی تھیں کون کہتا ہے کہ خدا نہیں دیتا خدا جب بھی دیتا ہے تو ایسے ہی دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کے۔ تمہاری ساس اپنے بیٹے کا رشتہ میری بیٹی کیلئے لائی ہیں وہ بہت خوش تھیں اور بار بار یہی کہہ رہی تھیں کہ دیور کی بیٹیاں بھی بہت خوش تھیں۔ خالہ کہہ رہی تھیں کہ اب مہندی کی رسم ہوگی منگنی کی تیاری ہوگی۔ یہ سن کرمیں بہت روتی ہوں اور کہتی ہوں کہ ساس بیٹے کا رشتہ خالہ کے گھر کیوں لے گئی میری بہن کیلئے رشتہ کیوں نہیں بھیجا۔ پھر میری دو بہنیں آتی ہیں تو میں کہتی ہوں کہ تمہیں پتہ ہے میری ساس خالہ کے گھر رشتہ لے گئی ہیں۔ میں افسوس کرکے پھر روتی ہوں۔ میری بہن کہتی ہے تم کچھ نہ کہو تمہاری جٹھانی نے اس دن کہا تھا کہ تم دیور سے جلتی ہو۔ میں نے کہا میں نے کبھی اس کے سامنے یہ بات نہیں کی۔ پھر لڑکے کی ممانی کی بیٹی اور بیٹا آجاتے ہیں میں ان سے کہتی ہوں کہ آپ کو پتہ ہے میرے دیور کا رشتہ خالہ کی بیٹی کے ساتھ ہوچکا ہے۔ بیٹی بہت غصے میں لگتی ہے اور کہتی ہے نہیں‘ ہمیں کون بتائے گا۔ میں پوچھتی ہوں کہ آپ کی امی نہیں آئیں وہ کہتی ہے نہیں‘ وہ ناراض ہیں۔ پھر میں ممانی کے بیٹے سے کہتی ہوں وہاں کمرے میں بہت اچھے انگور لٹک رہے ہیں میں نے توڑنے کی بہت کوشش کی مگر میرا ہاتھ نہیں پہنچ سکا۔ اس نے کہا آئو میں تمہیں توڑ کے دیتا ہوں جب ہم کمرے کے دروازے پر پہنچ جاتے ہیں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(شائستہ‘ شیخوپورہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کی بہن کے رشتے میں رکاوٹ حائل ہے۔ آپ بعد نماز عشاءگیارہ سو گیارہ بار ”یَالَطِیفُ“ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ اول آخر گیارہ مرتبہ درود شریف ضرور پڑھ لیا کریں۔
بیٹے کا قاتل
خواب: میں اور میرا دوست عبدالسلام کہیں جارہے ہیں کہ راستے میں ایک کتا نظر آتا ہے۔ میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ واصف مجھے لگتا ہے کہ کتا پاگل ہے‘ اس سے بچنا ہوگا۔ میں نے کہا کہ ٹھیک ہے۔ کتا جب نزدیک آیا تو میں بھاگتا ہوں‘ کتا میرا پیچھا کرنا شروع کردیتا ہے‘ میرا دوست وہیں کھڑا رہا جہاں سے میں بھاگا تھا‘ میں بھاگتا رہا لیکن کتے نے میرا پیچھا نہ چھوڑا جب میں نے سمجھا کہ کتا اب مجھے کاٹ لے گا تو میں نے بندوق سے کتے کو مار دیا حالانکہ بندوق میرے پاس موجود نہ تھی‘ پتہ نہیں کہاں سے ملی‘ جب کتا مرگیا تو آدمی اکٹھا ہونا شروع ہوگئے‘ جب کچھ لوگ اکٹھے ہوئے تو مجھے کہنے لگے کہ شریف تو پاگل تو نہیں ہوگیا‘ میں نے کہا کیوں؟
تو وہ لوگ رونے لگے ان لوگوں نے دوبارہ مجھے کہا کہ تو پاگل ہوگیا ہے۔ میں نے کہا میں کیسے پاگل ہوگیا ہوں؟ تو انہوں نے کہا کہ پاگل نہیں تو اور کیا ہے تو نے اپنے بیٹے کو مار دیا ہے۔ جب ان لوگوں نے یہ بات کہی تو میرے ہوش اڑ گئے میں نے کہا یہ آپ کیا کہہ رہے ہو؟ تو انہوں نے کہا کہ ہاں ہم ٹھیک کہہ رہے ہیں میں نے کہا کہ میں نے تو کتے کو مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتا نہیں تھا تیرا بیٹا تھا تو میں واپس اپنے دوست کے پاس پہنچا جو میرے ساتھ تھا جس نے کہا تھا کہ کتے سے بچنا ہے۔ دوست نے بھی کہا واصف تو نے بہت غلط کیا ہے میں نے دوست سے کہا یہ تو کہہ رہا ہے تو اس نے کہا ہاں میں کہہ رہا ہوں۔ مجھے بہت خوف محسوس ہونے لگا کتے کو دیکھنا یاد ہی نہ رہا کہ دیکھوں کتا ہے یا میرا بیٹا اور اسی خوف سے میری آنکھ کھل گئی۔ (محمد شریف‘ لاڑکانہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے کچھ دوست نما دشمن آپ کے گھر کو برباد کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ آپ ہر فیصلہ اچھی طرح سوچ سمجھ کر کیا کریں اور سنی سنائی باتوں کا اعتبار نہ کیا کریں۔ پانچ وقت نماز کی پابندی لازمی کریں اور ہر نماز کے بعد 21 بار یَاھَادِیُ یَاحَفِیظُ پڑھ لیا کریں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 627
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں