یہ واقعہ ہماری ایک ملنے والی باجی نے بتایا کہ ان کی بہن کے سسرال میں کوئی شادی تھی جس کے لیے 2,3 فیملیوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ جانا تھا۔ وہاں پہنچ کر اتنے لوگوں کے قیام کا مسئلہ تھا‘ ان کے رشتہ داروں کے محلے میں ہی ایک ذاتی گھر موجود تھا۔ لہٰذا طے یہ پایا کہ تین دن مہندی‘ بارات اور ولیمے کیلئے اسی گھر میں قیام کرلیا جائے۔
چنانچہ وہ لوگ وہاں پہنچ گئے اور اپنا سامان وغیرہ رکھ کر اطمینان سے اپنے کاموں میں مشغول ہوگئے۔ نوجوان طبقہ حسب معمول خوش گپیوں‘ لایعنی اور لغویات وغیرہ میںمصروف ہوگیا جب رات ہوئی تو گانوں وغیرہ کا خوب شور شرابا شروع ہوگیا۔
ڈھولک بجانے لگے‘ نماز سے بالکل غافل ہوگئے۔ اچانک چھت کی طرف سے ہلکی ہلکی ریت گرنا شروع ہوگئی جس کا ان لوگوں نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ پھر اگلے دن ان کے کھانے میں ریت گرنا شروع ہوگئی اسی طرح ریت گرنے کا وقفہ کم ہوتا گیا۔ رات پھر وہی ہلہ گلہ شروع ہوگیا۔ پھر ریت گرنا شروع ہوگئی حتیٰ کہ ان کی آنکھوں میں‘ چیزوں میں غرض ہر چیز پر گرنا شروع ہوگئی۔ رات کے وقت شادی کے پروگرام سے فراغت کے بعد پھر ہلہ گلہ ہوا تو یہ کیفیت اور بڑھ گئی۔ بظاہر کچھ نظر نہ آتا تھا لہٰذا تقریباً دو تین بجے گھر کے مالک جن کی رہائش قریب ہی تھی انہیں بلایا گیا صورت حال سے آگاہ کیا تو ان کا ایک لڑکا جس کے متعلق مشہور تھا کہ اس پر جن آتا ہے اس نے ایک دم غصے کا اظہار کیا۔
چہرے کی ہیت بدل گئی اور غصے میں تمام لوگوں سے مخاطب ہوکر کہنے لگا تم لوگوں نے اچھا نہیں کیا‘ اتنا شور شرابا کیا کہ ہماری عبادت میں خلل آنے لگا۔ ہم سے تہجد نہ پڑھی گئی‘ تم لوگ کیسے مسلمان ہو کہ شادی جو سادگی کا موقع ہے اسے لغویات سے بھردیا اور نماز سے بالکل غافل ہوگئے۔ ہم نے تنبیہہ کیلئے تم پر ریت گرائی پھر بھی تم لوگ باز نہ آئے۔ اس کے بعد ایک لڑکا ابراہیم جو ان سب سے الگ تھلک تھا اس کی طرف اشارہ کرکے کہنے لگا کہ یہ لڑکا بھی تو تمہی لوگوں میں سے ہے جو تمہارے ساتھ ان کاموں میںمشغول نہیں تھا۔ یہ واقعی بہت اچھا لڑکا ہے۔ یادرکھو کہ اس دفعہ تم لوگوں کو معاف کیا جاتا ہے لیکن اب یہاں سے نکل جائو اور آئندہ اپنی شادیوں میں اللہ کے احکام مت توڑنا ورنہ بہت برا ہوگا۔ چلو سب توبہ کے نفل پڑھو اور سچی توبہ کرو پھر سب لوگوں نے اس سے کہا کہ ہم سب توبہ کرتے ہیں ہمیں یہ بتادو کہ کیا ہم ولیمے کیلئے یہاں ٹھہر سکتے ہیں تو اس نے کہا کہ نہیں اب ہرصورت تمہیں یہاں سے جانا ہے ورنہ شدید نقصان اٹھائوگے۔
غرض کہ سب لوگوں نے صلوٰة توبہ پڑھی۔ پھر فجر کی نماز پڑھی اس کے بعد اس نے کہا کہ ٹھہرو پہلے یہ مٹھائی کھالو۔ تم لوگوں کی خوشی کا موقع ہے۔ تقریباً دس کلو کے قریب مٹھائی تھی یا اس سے بھی زیادہ۔ جو اس نے بھی کھائی اور سب کو کھلائی۔ پھر خود ہی کافی بندوں کا سامان ایک بار میں اٹھا کر ان کی نئی جگہ پر منتقل کردیا۔ اس سارے واقعے کے بعد وہ لڑکا جس پر جن آیا ہوا تھا بے ہوش ہوگیا۔ ہوش آنے کے بعد اس سے پوچھا تو کہنے لگا مجھے توکچھ پتہ نہیں۔ میں تو بہت نقاہت محسوس کررہا ہوں۔ اس طرح جنات نے انسان سے توبہ کرائی۔
٭٭٭٭٭٭
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 193
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں