9بچوں کے باپ نے دھوکہ سے بیٹی سے شادی کرلی!
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور ہمیشہ ہمیشہ ہمارے سروں پر آپ کا سایہ سلامت رکھے‘ آمین۔تسبیح خانہ میں شب جمعہ کی روحانی محفل اور اسم اعظم کے دم میں حاضری دینے سے بہت فائدہ ہوا‘ میری اور میرے بچوں کی بہت سی مشکلات کا خاتمہ ہوا۔بچے نافرمان تھے لیکن اب فرمانبردار ہو چکے ہیں۔آپ کی نہایت شکر گزار ہوں کہ آپ نے ہمیں اللہ اور رسول اللہ ﷺ سے ملنے کا راستہ بتایا‘واہ کیا کمال وظیفہ ہے۔اپنے چند مشاہدات عبقری رسالہ کے لئے تحریر کر رہی ہوں۔میں نے آپ کا بتایا ہوا سورئہ والضحیٰ کے نو کاف والاعمل پڑھا جس سے میرے بہت سے الجھے مسائل سلجھ گئے‘رکاوٹیں اور پریشانیاں حیران کن طور پر جلد ہی ختم ہو گئیں۔میں نے سورئہ والضحیٰ کے نو کاف والا صبح شام ایک ہفتہ پڑھا اوردوسرے ہفتے میں نے ہر فرض نماز کے بعد پڑھنا شروع کر دیا۔ میں نے9’’ ک‘‘ پر 9 دعائوں کا تصورکیا تھا۔ ان میں سے جو سب سے اہم چار دعائیں تھیں الحمدللہ وہ پوری ہوں گئیں اور باقی بھی ان شاءاللہ امید ہے جلد ہو جائیں گی۔اس عمل کا ایک مشاہدہ تحریر کر رہی ہوں۔
بیٹی واپس مل گئی
میری جوان بیٹی کی کم عمر میں ہی پسند کی شادی ہو گئی۔اسے لاکھ سمجھایا مگر اس وقت اس نے کسی کی نہ سنی۔تھوڑے ہی عرصہ بعد اس کے شوہر کی حقیقت سامنے آگئی۔وہ پہلے سے شادی شدہ اور9 بچوں کا باپ تھا مگر اس بات کو اس نے پوشیدہ رکھ کر ہمیں دھوکہ دیا۔اب بیٹی کے سامنے حقیقت کھل چکی تھی‘ وہ اس بیچاری پر ظلم و ستم کرتا‘بیٹی شرم کے مارے مجھے کچھ نہ بتاتی لیکن اس وہ دھوکہ باز اور ظالم شخص نہ ہی اس کے حقوق پورے کر رہا تھا اور نہ ہی اسے طلاق دے رہا تھا۔ میں نے بیٹی کی نیت سے سورئہ والضحیٰ کے 9 کاف والا عمل کرنا شروع کیا کہ اس درندہ صفت انسان سے بیٹی کو نجات مل جائے۔الحمدللہ چند ماہ بعد بیٹی گھر واپس آگئی‘اس ظالم سے نجات مل گئی۔بیٹی نے آکر بتایا کہ وہ بات بات پر مارتا اور تشدد کرتا تھا۔اس دوران وہ چپ چاپ ظلم سہتی رہی‘ بس نماز اور قرآن کے ذریعے اللہ سے مدد مانگتی رہی۔اس نے بتایا کہ میں چاہتی تھی کہ عبقری سے کوئی وظیفہ ملے جس سے مجھے اس اذیت بھری زندگی سے نجات مل جائے مگر کوئی بھی عبقری رسالہ لا کر نہ دیتا تھا۔حضرت جی جولائی 2016 سے عبقری رسالہ پڑھ رہی ہوں‘اس رسالہ کی تعریف کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں۔سورئہ والضحیٰ کے 9 کاف والے عمل کا طریقہ درج ذیل ہے۔
سورئہ والضحیٰ میں9کاف ہیں‘جب بھی تلاوت کے دوران کاف آئے تو 9 بار یَا کَرِیْمُ پڑھیں‘اپنی مرادوں کا تصور کرتے ہوئےاس عمل کو صبح و شام یا ہر نماز کے بعد کریں۔
بغیر آپریشن ریڑھ کی ٹوٹی ہڈی ٹھیک ہو گئی
میرا ایک بھائی سینٹری کی دکان پر کام کرتا ہے جہاں اکثر اسے منوں کے حساب سے وزن اٹھانا پڑتا ہے۔ایک دن بھائی نے معمول سے بہت کم یعنی تقریباً تیس کلو وزن کا توڑا اٹھایا ہوا تھا‘ اس نے بتایا کہ کسی اندیکھی چیز نے اسے اٹھا کر زور سے فرش پر پٹخا جس سے اس کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہو گئی اور وہ بستر پر لیٹ گیا۔اس کا چلنا پھرنا ختم ہو چکا تھا‘ حتیٰ کہ حاجت کے لئے بھی کمر پر بیلٹ باندھ کر جانا پڑتا تھا۔میں نے اس کا تصور کر کےدو رکعت صلوۃ الحاجات پڑھنے کے بعداول و آخر تین بار درود پاک کے ساتھ تین مرتبہ سورئہ یٰسین پڑھی۔یہ عمل مسلسل دو ہفتے کیا جس کے بعد بھائی صحت یاب ہو گیا‘ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود بھی موٹر سائیکل بھی چلانے لگ گیا‘ڈاکٹر خود حیران تھےکہ یہ کرشمہ کیسے ہو گیا۔ یہ اعمال سے پلنے‘ بننے اور بچنے کی طاقت تھی جس کا یقین ہمیں شیخ الوظائف کی وجہ سے ملا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے‘ آمین!
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں