محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!اللہ تعالیٰ آپ کو برکت و عافیت‘صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور آپ کی نسلوں کودنیا و آخرت میں کامیابیاں عطا فرمائے ‘ آمین۔عبقری اور تسبیح خانہ سے تعارف کے بعد زندگی میں ایسا چین و سکون نصیب ہوا ہے جو پہلے میسر نہ تھا۔عبقری رسالہ کے لئے ٹائیفائیڈ بخار سے متعلق اپنا ایک آزمودہ نسخہ تحریر کر رہا ہوں ‘جو کوئی بھی اس بیماری میں مبتلا شخص استعمال کرے گا‘ امید کرتا ہوں اس سے بہت نفع ہو گا۔
ٹائیفائیڈ بخار انتڑیوں کی ایک ایسی بیماری ہے جو ایک خاص قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے۔یہ خصوصاً سینہ ، شکم اور پشت پر نمایاں ہوتے ہیں۔ اس کا مرکز’’ آنتیں‘‘ ہیں۔ یہیں اس جراثیم کے بُرے اثرات خون میں شامل ہوتے ہیں۔ اس بخار کے جراثیم چھوٹی آنتوں کے غدود میں ورم اور قرح (وہ زخم جس میں پیپ بھی پیدا ہوجائے) پیدا کرتے ہیں۔یہ جراثیم جگر، تلی، پتہ، دماغ کی جھلیاں اور ہڈی کے گودے میں بھی سرایت کر جاتے ہیں اور فضلات کے ذریعے خارج ہوتے رہتے ہیں۔ اِن کی افزائش آنتوں میں بہت تیزی سے ہوتی ہے۔ گندہ پانی، مضرصحت خوراک، ٹائیفائیڈ کی بڑی وجہ ہیں، اس مرض سے شفاء یاب ہونے کے بعد بھی کچھ لوگوں کے فضلات میں اس مرض کے جراثیم مہینوں تک خارج ہوتے رہتے ہیں۔ یہ بیماری برسات اور گرم موسم یعنی جون ‘جولائی اور اگست میں زیادہ پھیلتی ہے۔اس بیماری سے نجات کے لئے مسلسل ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن بعض لوگوں کا مرض زیادہ بڑھ جاتا ہے جس کے علاج کے لئے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔
بیماری کا جڑ سے خاتمہ
آئیے اس بیماری سے متعلق اپنا ایک آزمودہ نسخہ پیش کرتا ہوں‘ ٹائیفائیڈ بخار میں مبتلا افراد کچھ عرصہ اسے استعمال کریں ‘ ان شاءاللہ بیماری جڑ سے ختم ہو جائے گی۔
ایک پائو گلو‘ایک پائو اجوائن لے کر انہیں اچھی طرح صاف کر کے چار لٹر پانی میں اچھی طرح پکائیں۔جب آدھا لٹر سے کم پانی باقی رہ جائے تو اسے اتار کر چھان لیں اور دوسرے برتن میں چینی ڈال کریہ پانی اس میں ڈال دیں اور جب گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں‘ ٹھنڈا کر کے کسی بوتل میں ڈال لیں۔ خالی پیٹ صبح کے وقت ایک چمچ اور رات کو کھانے کے بعد ایک چمچ استعمال کریں۔سات دن مسلسل استعمال کرنے کے بعد سات دن ناغہ کرکے دوبارہ سات دن اسی ترتیب کے ساتھ استعمال کریں‘ ان شاءاللہ چند دن میں ہی ٹائیفائیڈ بخارکا مرض ختم ہو جائے گا۔یہ نسخہ میں نے کئی لوگوں کو بتایا‘ استعمال کروایاجس سے انہیں شفاء نصیب ہوئی۔
نوٹ:اس نسخہ کو استعمال کرنے کے دوران روٹی کھانے سے پرہیز کریں‘نرم غذائوں کا استعمال کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں