بھائی کے سر پہ سفید پگڑی
خواب :میںنے دیکھاکہ میں اپنی چھوٹی پھپھو کے ساتھ کہیں جا رہی ہوں۔ تھوڑی دور جانے کے بعد میرے منگیتر کا گھر آجاتا ہے۔ میری سب سے چھوٹی نند میرے پاس آ کر کھڑی ہو جاتی ہے، مگر کچھ بولتی نہیں ہے۔اتنے میں میرے بھائی میرے پاس آتے ہیں۔ان کے سر پہ سفید پگڑی ہوتی ہے، ہم ابھی ادھر ہی کھڑے تھے کہ سامنے سے میرے سسر آ جاتے ہیں۔ میرے بھائی انہیں دیکھ کر مجھے کہتے ہیں اگر انہیں آپ پر رحم آجائے تو سارا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ میرے سسر ہمارے پاس آتےہیں ۔ میرے سر پر ہاتھ رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے گھر آ جاؤ ۔ میں نہیں جاتی مگر میرے بھائی سفید پگڑی میں منہ چھپائے ان ان کے گھر چلے جاتے ہیں ۔ کچھ دیر بعد میری دوسری نندیں بھی میرے پاس آتی ہیں۔ وہ بہت پریشان ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ ہم تو بہت چاہتے ہیں مگر والد صاحب نہیں مان رہے (ص،ا۔فیصل آباد)
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کسی نے حسد کی وجہ سے اس رشتے کو ختم کرنے کے لئے جادو کا عمل کروایا ہے تاہم پریشان نہ ہوں کیونکہ اس بات کا اشارہ بھی ہے کہ یہ جادو کا اثر جیسے ہی ختم ہوا ان شاء اللہ حالات نارمل ہو جائیں گے ۔آپ اور آپ کے گھر والے مل کر سورہ ماعون 11 بار پڑھ کر پانی پر دم کر کے پی لیا کریں ‘یہی عمل سسرال میں بھی کر لیں ۔
انسانی شکل میں فرشتے
خواب:میںنے خواب میں دیکھا کہ دوپہر کا ٹائم تھا۔ میںنے ڈرائنگ روم کی کھڑکی سے دیکھا کہ گھر کے سامنے دونوں طرف سے ایک ایک آدمی آیا جبکہ تیسرا آدمی گیٹ سے اندرآیا۔ وہ میرے دوست کے روپ میں تھا، میںنے اپنے دل میں سوچا کہ کسی کو نہیں پتہ کہ یہ فرشتے ہیں۔ میںنے سوچا ان سے دعا کے لئے کہوں گا کیونکہ فرشتوںکی دعا قبول ہوتی ہے۔ جو فرشتہ میرے دوست کے روپ میں تھا میںنے اسے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں اور آپ آمین کہیں ، میں نے اپنی ساری دعائیں مانگیں اور وہ آمین کہتا گیا ۔ پھر اس نے مجھے جنت اور جہنم کے بارے میں بتایا اور اس نے مجھے دوزخ دکھائی ، میں اللہ کے ڈر کی وجہ سے رو رہا تھا کہ اللہ مجھے معاف کر دے ، پھر آخر میں ان کے جاتے جاتے میں نے ان سے ایک آخری بار دعا کروائی کہ یا اللہ میری ہر دعا قبول ہو ، انہوںنے آمین کہا ، پھر میری آنکھ کھل گئی۔(محمد حسین ، ملتان)
تعبیر:آپ کا خواب ماشاء اللہ بہت اچھا ہے اور اس بات کی بشارت دی گئی ہے کہ آپ کی دعائیں قبول ہوں گی۔ تا ہم آپ استغفار کثرت سے پڑھتے رہا کریں ۔
بزرگوں کے مزارات
ؐخواب:میںنے خواب دیکھا کہ میری نانی کی ماں یعنی پڑ نانی خواب میں میرے ساتھ ہیں اور ان کی میری ماں کو دی ہوئی سونے کی انگوٹھی میںنے اپنی انگلی میں پہن رکھی ہے۔ ہم کچھ بلڈنگوں کے پاس ہیں اور وہاں بہت سے گمنام بزرگوں کے نا معلوم مزارات ہیں ۔ا ن عمارتوں میں خواب میں ان بزرگوں کے نام بھی پکارے گئے لیکن جاگنے پر مجھے یاد نہیں رہے ۔(حاجرہ ، لاہو ر)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اللہ والوں کا فیض روحانی نصیب ہو گا اور نیک اعمال کی توفیق بھی نصیب ہو گی ۔
تہہ خانے کی سیڑھیاں
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اور میری والدہ گھر کے تہہ خانے میں الگ الگ چارپائیوں پر لیٹے ہیں ، وہاں بجلی کی تاریں بھی ہیں۔ میرے بڑے بھائی کہتے ہیں کہ بجلی کی تاروں سے احتیاط کریں اور وہاں سے چلے جاتے ہیں، اتنے میں دو آدمی سیڑھیوں سے اتر کر وہاں آتے ہیں ، ان کے پیچھے اور بھی لوگ ہوتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ تمہارے بھائی سے جھگڑا ہوا ہے اس لئے تمہیں پکڑ لیا ہے۔ پھر وہ بھائی سے فون پر بات کرتے ہیں۔ وہ ڈر جاتے ہیں کہ اس کا بھائی تو لڑنے آ رہا ہے، وہ وہاں سے چلے جاتے ہیں اور ایک عورت کو میرے پاس چھوڑ جاتے ہیں۔(ماریہ شہزاد)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ کوئی شخص آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو خفیہ طور پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن اسے اس کا موقع نہیں مل پا رہا۔ آپ اپنے اور گھر والوں کی طرف سے صدقہ دیں اور صبح و شام ایک تسبیح یَا مُھَیْمِنُ کی پڑھیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں