لاکھوں کا فراڈ ہوا، معاشی حالت ابتر
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!ہم بہت پریشان ہیں۔ ایک دوست نے مجھے آن لائن کاروبار کا کہا، ہڑتال کے دن تھے تو میں ویسے بھی فارغ تھا میںنے کسی سے پوچھے بغیر ہی کام شروع کر دیا، اس کام میں میرے ساتھ فراڈ ہو گیا۔ جبکہ میںنے اس کام کے لئےکچھ قریبی رشتہ داروں سے بھی رقم ادھار لی تھی اور اپنے پیسے بھی اس کام میں لگا دیے تھے، اب میں لاکھوں کا مقروض ہوں، اہلیہ کے زیور بھی بیچ دیے۔ اب کوئی کام نہیں مل رہا اور لوگ پیسے واپس مانگ رہے ہیں اور میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ میںنے سیکیورٹی اداروں میں درخواست دی ہے لیکن وہ بھی کچھ نہیں کر پا رہے۔ میرے لئے دعا فرمائیے کہ یہ آزمائش اور مشکل حل ہو جائے ، میرا قرض ادا ہو جائے اور معاشی حالات اچھے ہو جائیں۔( ملک محمد فرقان، سیالکوٹ)
جواب: محترم آپ کے مسئلے کے مطابق بہت طاقتور عمل دے رہا ہوں۔اس آیت " اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِیْنُ"کو سارا دن وضو بے وضو کسی بھی حالت میں ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں پڑھیں، اللہ کی رحمت متوجہ ہو گی، آپ کے معاملات میں عافیت ہو گی‘ بغیر مشقت کے رزق بے بہاملے گا اور قرض اتر جائے گا ۔
جائیداد کے مسائل
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!طویل عرصے سے ہمارے جائیدادکے معاملات الجھے ہوئے ہیں۔آپس میں ملنا جلنا بھی ختم ہو گیا ہے، ہمیں کوئی عمل بتائیے جس سے یہ مسئلہ احسن طریقے سے حل ہو جائے۔(تہمینہ عباس، لاہور)
جواب: جائیداد کے مسائل اور خاندان میں آپسی رنجشیں ختم کرنے کے لئے آپ صبح و شام ایک تسبیح اور ہر نماز کے بعد سات مرتبہ یہ وظیفہ پڑھیں" وَ اُفَوِّضُ اَمْرِیْٓ اِلَى اللّٰهِ"۔ اس وظیفے میں بہت طاقت و تاثیر ہے، ان شاء اللہ آپ کے تمام مسائل بہترین انداز میں حل ہو جائیں گے۔
سسرال کے مظالم
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!میری شادی کے پہلے تین سال میرے لئے عذاب کے تھے ، شوہر ہر وقت لڑائی کرتے مارتے، حتی کہ میرا بیٹا پیدا ہوا چھوٹا سا تھا‘ اسے بھی ساتھ مارنے سے دریغ نہ کرتے، تین سال بعد وہ بیرون ملک چلے گئے،شوہر کا خاندان بڑا تھا، وہ اپنے رشتہ داروں کے لئے ہر طرح کے تحفے تحائف اور گھریلو سامان کی اشیاء بھجواتے لیکن مجھے اور بچوں کو کبھی کچھ نہیں بھیجاہمیں انہوںنے ہر چیز سے محروم رکھا، ہم نے کبھی مانگا بھی نہیں میں نے صرف یہی کہا کہ مجھے میرابنیادی حق عزت کے ساتھ دے دیں۔ اب 23 سال کے بعد وہ واپس پاکستان آئے ہیں ، اب بھی وہی رویہ ہے ہمیں مار مار کر روگی کر دیا ہے‘ دو بیٹے ہیں دونوں کو مار تے ہیں۔ میں بچے لے کر والدین کےگھر آگئی ہوں ۔ آپ اپنی روحانی نگاہ سے دیکھ کرمیرے مسئلے کے حل کے لئے وظیفہ عنایت فرمادیجئے ۔(خ،ن)
جواب: اللہ تعالیٰ تمام گھرانوں اور خاندانوں کو سکون ‘محبت اور اتفاق عطا فرمائے۔اگر گھریلو زندگی پر سکون نہ ہو اور دنیا کی باقی ساری نعمتیں بھی مل جائیں تو بھی کسی چیز سے خوشی اورسکون حاصل نہیں ہو سکتا، اس لئے شیطان کا سب سے بڑا وار میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا کروانا ہے، اس طرح پورا گھر تباہ ہو جاتا ہے۔ میں آپ کو ایک عمل دیتا ہوں آپ کے شوہر کے دل میں جو بد گمانی اور روگ ہو گا وہ ختم ہوجائے گا اور گھر میں آپسی محبت اور اتفاق پیداہو گا۔ آپ سورہ مزمل کی تلاوت کریں اور اپنے شوہر کے دل کو اس کا ہدیہ کریں، عمل میں جتنا یقین، توجہ اور سچی طلب ہو گی اتنا جلدی آپ کو اس عمل کے کمالا ت ملیں گے۔
جادو جنات اوربندش کا توڑ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میرا مسئلہ یہ ہے کہ ہماری جسمانی اور روحانی صحت پر بندش لگی ہوئی ہے،ہر کام میں رکاوٹ آتی ہے، میرے بچوں کی صحت بہت خراب رہتی ہے‘ کھاتے پیتےکچھ نہیں جس کی وجہ سے ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گئے ہیں ۔میری اور شوہر کی بھی صحت ٹھیک نہیں ایک بیماری ختم ہوتی ہے کہ دوسری شروع ہو جاتی ہے۔ ہم پر خصوصی توجہ فرمائیں ‘کوئی وظیفہ کروں تو اس میں بھی رکاوٹ آ جاتی ہے۔ ہمارے گھر میں خون اور پانی کے چھینٹے پڑتے ہیں ، روٹی پکاتے ہوئے کالے رنگ کی چیز روٹی پر چڑھتی ہے، میں دعائیں پڑھ پڑھ پھونکتی ہوں تو وہ کالی چیز پڑنا بند ہو جاتی ہے ، عجیب نحوست اور بے برکتی ہے، آپ اپنی خاص نظر فرمائیں اور ہمیں کوئی ایسا عمل بتائیں جس سے ہمیں جادو جنات سے چھٹکارا مل جائے ۔(ہمایوسف، کراچی)
جواب:جادو، جنات اور بندش کے توڑ کے لئےروحانی دنیا کا بہت باکمال اور زبردست عمل بااجازت دے رہا ہوں کچھ عرصہ یہ وظیفہ پڑھنے سے آپ کے گھر میں جادو جنات ، نحوست اور بربادی ختم ہو جائے گی اور گھر میں روحانیت نورانیت اور سکون سے بھر جائے گا۔عمل یہ ہے کہ فجر اورعشاء کی نماز کے بعد313مرتبہ "سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوْحْ " پڑھیں۔ اللہ تعالیٰ کی طاقت کا استحضار رکھ کر عمل کریں،بہت فائدہ ہو گا۔
استخارے کا عمل
محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!اللہ پاک آپ کو صحت و برکت والی لمبی زندگی عطا فرمائے ،آمین۔ جب سےتسبیح خانہ سے جڑے ہیں اللہ پاک نے بے شمار خیریں عطا کی ہیں دعا ہے اللہ پاک مجھے میری نسلوں کو تسبیح خانہ سے ہمیشہ جوڑے رکھے اور آپ جو خیرکا کام کر رہے ہیں وہ پوری دنیا میں عام ہو اور اس کے بدلے اللہ پاک آپ کو اور آپ کی نسلوں کو دنیا آخرت میں خیریں برکتیں اور درجات کی بلندی عطا فرمائے ۔آمین ‘ میرا بیٹا ہسپتال میں ملازمت کرتا ہے ، گھر کے اخراجات وہی اٹھا رہا ہے۔ اس کا جرمنی جانے کا ارادہ ہے۔ برائے مہربانی ہمیں کوئی استخارہ کا عمل بتا دیجئے تاکہ جس کام میں بہتری ہو واضح ہو جائے ۔ (آسیہ بی بی)
مشورہ:آپ عشاء کی نماز کے بعد ایک تسبیح یَالَطِیْفُ یَاعَلِیْمُ یَاخَبِیْرُپڑھیں، بیرون ملک جانے کے حوالے سے نقصان نفع واضح ہو جائے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں