پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان دنوں سردی کا موسم عروج پر ہے ۔موسم بدلنے سے ہمارے جسم اور ذہن میں بھی متعدد تبدیلیاں آتی ہیں اور طبی ماہرین بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہیں۔ان تبدیلیوں کو مدنظر رکھنا سارا سال صحت مند رہنے کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے۔بدلتے موسم میں کئی افرادسردی لگ جانے کے باعث طبیعت کی ناسازی سے بھی پریشان رہتے ہیں۔ تاہم اس موسم میں صحت مند رہنے اور مختلف بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو کچھ آسان اقدامات سے آپ ان سے محفوظ رہ کر موسم کی خوبصورتی سے باآسانی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
مقوی غذا ئوںکا استعمال
غذا جسم کی پرورش کے لئے کھائی جاتی ہے۔ موسم کے مطابق غذا لینے سے جسم زیادہ طاقتور ہوتا ہے اور جسمانی کمزوری پیدا نہیں ہوتی۔سردیوں کے موسم میں ٹھنڈی ہوا جسم کو چھوتی ہے تو ٹھنڈ زیادہ لگتی ہے‘ نتیجتاً ہم گرم کپڑے پہنے رکھتے ہیں اور جسم کی گرمی باہر نہیں نکلتی۔ یہ گرمی اندر ہی رہتی ہے۔ اس سے غذا ہضم کرنے کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے‘دن چھوٹے ہوتے ہیں اور رات لمبی جس سے جسم کو زیادہ آرام کا وقت ملتا ہے۔اس موسم میں بھاری اور مقوی غذا آسانی سے ہضم ہوجاتی ہے۔جب تیز سردی پڑنے لگے تب مقوی غذا اور موسمی پھلوں کا استعمال شروع کر دینا چاہئے۔ مقوی غذا میں دودھ ‘مکھن ‘حلوہ‘ کھیر‘ ریوری، خالص گھی کی جلیبی ‘دودھ اڑد(ماش) کی دال کے پکوان، گاجر کا حلوہ‘ کاجو ‘پستہ بادام‘ اخروٹ وغیرہ خشک پھلوں کا خاص طور سے استعمال کرنا چاہئے۔ موسمی چیزوں میںکیلا ‘گاجر ‘ امرود ،شہد پختہ ٹماٹر، پالک، میتھی وغیرہ کو اپنی غذا میں شامل کرکے ان کا استعمال ضرورکرنا چاہئے۔ روزانہ ایک مرتبہ کھانا کھانے کے ایک گھنٹہ بعد اور سونے سے ایک گھنٹہ قبل ایک گلاس دودھ ضرور پئیں۔ اس کے ساتھ ایک چمچ خالص گھی کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر شہد کا استعمال کرنا چاہئیں تو دودھ بالکل ٹھنڈا کر لیں اور دو چمچ خالص شہد دودھ میں حل کرکے پئیں۔ دودھ ایک ایک گھونٹ اور رک رک کر پینا چاہئے۔
تِل اور گُڑ کے لڈو
تیز سردی میں تل اور گڑ کے لڈو کھائیں۔نہانے کے بعد سرسوں کے تیل کی سارے جسم پر مالش کریں۔ جب پت جھڑ کا موسم آجائے اور نیم کے درخت کی سبز کونپلیں پھوٹنے لگیں، تو ان دنوں نیم کی پندرہ نرم کونپلیں روزانہ ایک ماہ تک کھائیں۔ اس سے سال بھر خون کی خرابی جلد کی بیماری اور بخار سے جسم کی حفاظت ہو گی۔
لذیذ حلوہ !قوت حافظہ اور کمزور جسم طاقتور
اجزاء:بادام کی گری 250 گرام، خشخاش 125 گرام ، مونگ کا آٹا ایک کٹوری‘ چینی 250 گرام ‘دودھ ایک کپ ‘ پانی دو کپ ‘خالص گھی ایک کٹوری‘ الائچی حسب ضرورت۔
ترکیب :بادام اور خشخاش رات کو ٹھنڈے پانی میں بھگو دیں۔ صبح بادام چھیل لیں اور سل پر یا گرائینڈر میں بادام اور خشخاش کو باریک پیس لیں۔ کڑاہی میں گھی ڈال کر گرم کریں ‘ پسے بادام اور خشخاش ڈال کر ہلکی آنچ پر خوب گلابی ہونے تک بھونیں۔ جب خوشبو آنے لگے تب اس میں مونگ کا آٹا ڈال کر ہلاتے رہیں اور تب تک بھونتے
رہیں جب تک گھی نہ چھوٹنے لگے۔ اب ایک برتن میں دودھ اور پانی ڈال کر ابالیں۔ جب یہ ابلنے لگے‘ تب اس میں بھونے ہوئے حلوے میں ڈال دیں اور آنچ تیز کر کے ہلا ہلا کر پکاتے رہیں۔ بس اب حلوہ تیار ہے۔ یہ حلوہ دماغ کو تراوٹ اور قوت پہنچانے میں لاجواب ہے۔ یہ حلوہ ہر عمر کے افراد طالب علموں، دماغی کام کرنے والوں‘ کمزور دماغ والوں کو سردیوں کے موسم میں ضرور استعمال کرنا چاہئے۔
اس کے علاوہ اگر ممکن ہو سکے توسرد موسم میں بادام کا یہ نسخہ بنا لیں۔ بادام گری 200 گرام، ببول کا گوند 50 گرام‘ چینی 250 گرام‘ خالص گھی ضرورت کے مطابق۔طریقہ :- بادام پانی میں بھگو کر چھلکا اتار دیں اور خشک کرکے پیس لیں۔ گوند کو خالص گھی میں ملا کر پھولے بنا لیں اور باریک پیس لیں۔ اب ان میں چینی ملائیں اور پسے بادام بھی شامل کر لیں۔اب روزانہ صبح دو چمچ ایک کپ نیم گرم دودھ کے ساتھ لیں اور اس کے تین گھنٹے کے بعد کھانا کھائیں۔ دوسری خوراک شام کے کھانے کے دو گھنٹے بعد صرف ایک چمچ دودھ کے ساتھ سونے سے ایک گھنٹہ پہلے لیں۔ یہ نسخہ دو تین ماہ تک استعمال کریں۔ یہ سرد موسم میں صحت کے لئے بہت ہی مفید اور لاجواب ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں