جوانی کے زمانے میں جُھک کر آپ اپنے ہاتھوں کی انگلیوں سے پیروں کی انگلیوں کو باآسانی چُھو لیتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی عمر میںایسا کرنا انتہائی مشکل اور بعض کیلئے ناممکن ہوتا ہے۔بدنی لچک کے ختم ہونے کو ناگزیر سمجھا جاتا ہے لیکن ایسا نہیں۔ بدنی حرکت کیلئے لچک انتہائی اہم ہے۔ لچک ختم ہونے سے بدن کی کئی بدنی حرکتیں محدود ہو جاتی ہیں اگر حرکت کی بھی جائے تو درد محسوس ہوتا ہے۔
جسمانی لچک کا اہم کردار
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اوربعض لوگ بوجہ مجبوری کچھ ایسے شعبہ جات سے منسلک ہو جاتے ہیںجس سے جسمانی حرکت کافی حد تک محدود ہوجاتی ہے جس سےجسمانی لچک بھی ختم ہو جاتی ہے اور انسانی جسم اور ہڈیاں کمزور پڑنا شروع ہو جاتی ہیں مگر خوشخبری کی بات یہ ہے کہ اگر کسی وجہ سے جسمانی لچک ختم ہو گئی ہو تو اسے دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔بدن کے سخت ہونے کا مطلب ہے کہ آپ کی جسمانی حرکت اور اس کے نتیجے میں زندگی محدود ہو گئی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسمانی لچک سے ہڈیوں اور جوڑوں میں وزن کی برابر تقسیم ہوتی ہے۔جسمانی لچک کم ہونے سے کولہوں، ٹانگوں اور کمر میں چوٹ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، کمر ٹیڑھی ہو جاتی ہے اور کولہے آگے کو سرک جاتے ہیں‘ اس وجہ سے معمولی حادثہ بھی سخت نقصان کا باعث بن جاتا ہے۔
بدن کی لچک کو بحال کرنے کے لئےورزشوں میں آہستہ آہستہ آگے بڑھنا ہے۔ ہر کام ایک ہی دَم نہیں ہو جاتا اس کیلئے صبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ کسی عضلے پر زور اور دبائو نہیں ڈالنا چاہیے جب اعضاء کو پھیلانے کی ورزش کی جائے تو عضو کو پھیلاتے وقت سانس کو خارج کریں اور اس کے چھوڑتے وقت سانس لیں۔ ڈھیلے کپڑے پہنیں اور ان ورزشوں سے پہلے پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیں۔
پائوں کی ورزش
فرش پر بیٹھ کر اپنی دونوں ٹانگیں اپنے سامنے پھیلا دیں۔ دونوں پیر ایک دوسرے کے قریب رکھیں اب اپنے بازو سامنے پھیلا کر پیروں کی انگلیوں کو چُھونے کی کوشش کریں اس عمل کے دوران سانس کو خارج کریں۔ یہ کام جھٹکے سے نہ کریں، آہستہ آہستہ یہ مشق چند بار کریں۔اس سے بازئوں کی لچک بحال ہو گی اور ان کی ہڈیاں بھی مضبوط ہوں گی اور کمر پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا۔
ٹانگوں کی ورزش
فرش پر کمر کے بل لیٹ جائیں۔ ایک ٹانگ کو عموداً بلند کریں، گھٹنے کو موڑیں نہیں۔ دوسری ٹانگ کو کچھ اپنی طرف کھینچ کر گھٹنے کو اوپر اور پیروں کو فرش پر رکھیں پھر بلند کی ہوئی ٹانگ کو سر کی طرف لے جانے کی کوشش کریں لیکن اسے موڑیں نہیں اس عمل میں سانس خارج کریں۔ سر کی طرف ٹانگ جتنی جا سکتی ہے اتنی لے جائیں پھر آرام کریں پھر دوسری ٹانگ سے یہی ورزش کریں۔ دن میں دو تین بار یہ ورزش کافی ہے۔اس کے علاوہ ٹانگوں کی دوسری ورزش میں فرش پرکمر کے بل لیٹ جائیں ۔ دونوں ٹانگوں کو موڑ کر چھاتی اور پیٹ کے قریب لا کر بازئوں سے ان کے گرد گھیرا ڈال کر جکڑ لیں اس عمل میں سانس خارج کریں۔ زور لگانے اور جھٹکے سے یہ کام کرنے کی ضرورت نہیں۔ چند بار ایسا کریں۔اس سے ٹانگوں کی لچک بحال ہو گی جس سے ہڈیاں مضبوط اور طاقتور ہوں گی۔
پیٹ کے لئے مفید
یہ ورزش کھڑے کھڑے اور بیٹھے بیٹھے دونوں طرح ہو سکتی ہے۔ کولہوں پر ہاتھ رکھیں اور دھڑ کو آہستہ آہستہ دائیں طرف گھمائیں اس عمل میں سانس کو خارج کریں پھر ایسا ہی بائیں طرف گھمائیں۔پیٹ کے لئے بہت مفید
رانوں کی ورزش:دیوار پر دایاں ہاتھ رکھ کر کھڑے ہو جائیں۔ بائیں باو سے بائیں پیر کو پکڑ کر کولہوں تک لائیں۔ ران کو تنا ہوا رکھیں۔ آہستہ آہستہ ایسا کریں اور سانس کو خارج کریں پھر دیوار پر بایاں ہاتھ رکھ کر دائیں بازو سے دائیں پیر کو کولہوں تک لائیں۔ دو تین بار کافی ہے۔
سر کو کندھوں کی طرف جھکانا:کھڑے یا بیٹھے، سر کو دائیں کندھے کی طرف جھکائیں اس عمل میں سانس کو خارج کریں پھر ایسا ہی دوسری طرف کریں۔ سر کو آگے یا پیچھے نہ جھکائیں۔
پائوں کو دائیں بائیں موڑنا:ایک تکیہ لے کر کرسی پر بیٹھ جائیں۔ ٹانگوں کو اوپر کھینچ کر گھٹنوں کی اندرونی طرف تکیہ اس طرح رکھیں کہ آپ کے دونوں پائوں آزادی سے لٹکنے لگیں اب پہلے بائیں پائوں کو بائیں طرف گھمائیں ایسا کرنے کے بعد پائوں کی انگلیاں اوپر کو رکھیں تاکہ پائوں کا تلوا بھی پھیل جائے پھر یہی عمل دوسرے پائوں سے کریں۔
گردن کی ورزش:جو لوگ کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں اور گردن آگے جھکی رہتی ہے ان کیلئے یہ ورزش بہت مفید ہے۔ دن میں ایک دو مرتبہ کسی دیوار کے ساتھ کمر لگا کر بیٹھ جائیں (یا کھڑے ہو جائیں) سر کو سیدھا اور دیوار کے ساتھ لگا کر رکھیں، ٹھوڑی کو نیچے دبا کر رکھیں۔ بار بار ایسا کریں۔
کندھوں کی ورزش:بیٹھے بیٹھے کندھوں کو اوپر اُٹھائیں پھر نیچے لائیں ۔ چند بار کریں۔اگر باقاعدگی سے آپ یہ ورزشیں کرتے رہیں تو آپ کو لطف بھی آئے گا اور ان شاء اللہ آپ کی کھوئی ہوئی لچک بڑی جلدی لوٹ آئے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں