محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!عبقری قارئین کی خدمت ایک زبردست روحانی عمل لے کر حاضر ہوا ہوں جو آزمودہ ہے۔اگر کوئی شخص یا آپ کا کوئی عزیز کسی نشہ کی علت میں مبتلا ہے تو اس عمل کو لازمی کریں‘ان شاءاللہ ہر نشہ سے نجات مل جائی گی۔ اللہ کی پاک ذات سب کو اس لعنت سے محفوظ رکھے۔ آمین!۔ ہم خود اس اذیت میں تھے اور بفضلِ تعالیٰ اس سے باہر نکل آئے ہیں۔ ہم سے مراد گھر کا ایک فرد تھا جس کی وجہ سے پورا گھر متاثر ہو رہا تھا۔ہمارا وہ عزیز ہر وقت شراب کے نشہ میں دھت رہتا تھا‘کافی تگ و دو کی‘سختی کی تاکہ کسی طرح اس علت سے اسے نجات مل جائے لیکن ہماری تمام تر کوششیں ناکام رہیں۔شراب جیسے حرام کام کی وجہ سے وہ شخص مزید کئی علتوں میں مبتلا ہو رہا تھا۔گھر والوں سے کٹ کر رہ گیا تھا‘باقی افراد بھی اس سے کنارہ کشی اختیار کرنے لگے تھے مگر اس کے باوجود بھی وہ شراب چھوڑنے پر رضا مند نہ ہو سکا۔اس معاملے میں ہم بے بس ہو چکے تھے ۔اس کی زندگی تقریبا ً برباد ہو چکی تھی‘سارا دن کوئی ہوش نہ رہتا ‘ہر وقت بہکی بہکی اور فضول قسم کی باتیں کرتا تھا۔اللہ سے التجا کرتے تھے کہ کسی طرح کوئی کرشمہ ہو جائے اور اسے شراب سے نجات مل جائے۔اس ایک فرد کی وجہ سے ہمارے ہمسائے تمام گھرانے کو تنگ نظری سے دیکھتے تھے اورنفرت کرنے لگ گئے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے ایک نیک بندے نے کسی بھی قسم کے نشے سے نجات پانے کے لئے ایک روحانی عمل بتایا ‘اس کا اجر اللہ کی پاک ذات انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں عطا کرے۔ آمین!۔
ہم نے جب یہ عمل کیا تو چند دن بعد ہی فائدہ ہونا شروع ہو گیا اور آہستہ آہستہ اسے شراب سے نفرت ہو گئی اور نجات مل گئی۔وہ عمل عبقری قارئین کے لئے پیش خدمت ہے۔
بسم للہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ پڑھ کر پانی پر دَم کرکے متاثرہ شخص کو کسی طرح پلائیں اگر ممکن نہ ہوتو اس کا تصور کر کے پڑھیں اور پانی پی لیں۔ ان شاء اللہ شراب جیسی لعنت سے جان چھوٹ جائے گی۔ ہم نے یہ عمل آزمایا جس سے مکمل فائدہ ہوا اور آج پندرہ سال ہو چکے ہیں اللہ تعالیٰ نے استقامت دی ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ جو متاثرہ شخص ہے اس نے خود بتایا کہ اب میرا دل اس طرح کی محفل اور لوگوں میں جانے کو نہیں کرتا۔ اگر کوئی بلائے تو کہتا ہوں میں شہر سے باہر گیا ہوا ہوں اگر پڑھنے میں کوتاہی کریں تو بھی پوچھ لیتا ہے کہ آج کل آپ پڑھائی نہیں کر رہے۔ ہمت اور حوصلے سے پڑھتے رہیں، ثمر ضرور ملے گا۔ اللہ تعالیٰ کی ذات سب کے پردے رکھے اور ایسے گناہوں اور علتوں سے نجات عطا فرمائے‘آمین!۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں