محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!شفایابی کے لئے میں نے ایک کتاب سے ایک بزرگ حضرت امام ابوالقاسم عبدالکریم بن ہوازنؒ کے آزمودہ روحانی علاج کے بارے میں پڑھا تو اسے مختلف مواقع پر مختلف بیماریوں کی صورت میں آزمایا اور واقعی مجرب پایا۔اس طریقہ روحانی علاج سے بیمار سے بیمار شخص بھی بہت جلد اللہ کے کلام کی برکت سے شفاء یاب ہو جاتا ہے۔وہ روحانی علاج اور جو واقعہ میں نے کتاب میں پڑھااسے بھی تحریر کرر ہا ہوں ۔مجھے یقین ہے اس سے قارئین کو ان شاءاللہ بہت فائدہ ہو گا۔
امام ابوالقاسم عبدالکریم بن ہوازنؒ اپنے زمانے کے بڑے اولیاءؒ میں سے ہیں۔ آپ نے حضرت ابوالحسن خرقانیؒ اور حضرت سیدعلی ہجویریؒ کے ہمعصر اور صاحبِ کشف و کرامت بزرگ تھے۔ آپ کے ایک صاحبزادہ کی علالت اور صحت یابی کے متعلق علامہ تاج الدین سبکیؒ نے اپنی کتاب میں ایک واقعہ درج فرمایا ہے۔ علامہ صاحب تحریر فرماتے ہیں:حضرت ابوالقاسمؒ کے ایک صاحبزادے سخت بیمار ہو گئے یہاں تک کہ ان کے بچنے کی کوئی اُمید نہ رہی۔ آپؒ اس سے بہت پریشان ہوئے (انہی دنوں) آپ نے خواب میں غیبی آواز سنی جس میں آپ کے بیٹے کی شفایابی کے لئے فرمایا گیا کہ قرآن مجید میں آیاتِ شفاء کو اکٹھا کر کے بچے پر پڑھ کر دَم کرو اور ان آیات کو کسی برتن میں لکھ کر پانی سے دھو کر وہ پانی بچے کو پلائو۔ چنانچہ آپ ؒنے ایسے ہی کیا اور بچہ بالکل تندرست ہو گیا۔ آیاتِ شفاء درج ذیل ہیں:
(۱) وَ یَشْفِ صُدُوْرَ قَوْمٍ مُّؤْمِنِیْنَ۔
(۲) وَ شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ۔
(۳) فِیْهِ شِفَآءٌ لِّلنَّاسِ۔
(۴) وَ نُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْاٰنِ مَا هُوَ شِفَآءٌ وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ-وَ لَا یَزِیْدُ الظّٰلِمِیْنَ اِلَّا خَسَارًا۔
(۵)وَ اِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ یَشْفِیْنِ۔
(۶) قُلْ هُوَ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا هُدًى وَّ شِفَآءٌ۔
علامہ سبکیؒ یہ واقعہ لکھنے کے بعد تحریر فرماتے ہیں کہ ’’میں نے بہت سے مشائخ ؒکو دیکھا ہے کہ وہ یہ آیاتِ شفاء لکھ کر ان کا پانی شفایابی کیلئے مریض کو پلاتے تھے‘‘۔ (بحوالہ: طبقات شافعۃ الکبریٰ، ص۱۸۵، ج۵)۔
قارئین اگرآپ کا کوئی عزیز کسی بیماری میںمبتلا ہے تو اسے دن میں چند بار سات سات مرتبہ یہ آیات پڑھ کر دم کریں۔اس کے علاوہ کسی چینی کے برتن میں یہ آیات کالے رنگ کی گھلنے والی سیاہی سے لکھیں۔اس برتن میںپانی ڈال کر مریض کو وقفہ وقفہ سے پلائیں‘جلد ہی مریض شفایاب ہو جائے گا‘ان شاءاللہ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں