محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!کچھ عرصہ پہلے آپ سے باجرے کے فوائد سنے تو مجھے اپنا 30 سال پرانا واقعہ یاد آگیاجو آج عبقری کے قارئین کے لئے لکھ رہی ہوں‘مجھے یقین ہے اس سےبے شمار لوگوں کو نفع ہو گا۔
جسم سوکھ کر کانٹا ہو گیا
آج سے تیس سال پہلے کی بات ہے میں لیکوریا کے مرض کا شکار ہو گئی۔اس بیماری نے میرا جینا محال کر دیا۔سارا دن شدید کمر درد کی شکایت رہتی اور بہت زیادہ کمزوری ہو گئی۔اس بیماری ہی کی وجہ سے میرا جسم سوکھ کر کانٹے کی طرح ہو گیا۔میں شدید اذیت میں مبتلا تھی۔اس وقت کم عمر تھی‘شرم کی وجہ سے اپنی اس بیماری کا کسی سے تذکرہ بھی نہ کرسکی۔ان دنوں میں نے کسی جگہ لیکوریا کے مرض سے نجات کے لئے باجرے کا ایک ٹوٹکا پڑھا۔میں نے فیصلہ کیا کہ آسان سا ٹوٹکہ ہے اسے آزما کر دیکھ لوں‘ ممکن ہے اس سے شفاء مل جائے۔وہ ٹوٹکہ باجرے کا دلیہ تھا جو میں نے بتائی گئی ترتیب کے مطابق بنایا اور استعمال کیا۔چند بار یہ نسخہ استعمال کرنے سے مجھے افاقہ ہوا اوریقین ہو گیا کہ بہت جلد ان شاءاللہ مکمل نجات بھی مل جائے گی۔میں نے یہ نسخہ مسلسل سات دن تک استعمال کیا جس سے لیکوریا کا مرض جڑ سے ختم ہو گیا۔آج اس با ت کو تیس سال گزر چکے ہیں الحمدللہ دوبارہ کبھی بھی اس مرض کی شکایت نہیں ہوئی۔آج تک میں نے یہ نسخہ اور واقعہ چھپائے رکھا مگر آج عبقری قارئین کے لئے تحریر کر رہی ہوںتاکہ میری طرح دوسری خواتین بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔نسخہ کی ترتیب درج ذیل ہے۔
باجرہ ایک کپ‘ گندم کا دلیہ ایک کپ‘ دیسی گھی ایک کپ‘ اگر بوجہ مجبوری دیسی گھی موجود نہ ہو تو عام بناسپتی گھی بھی لےسکتے ہیں مگر دیسی گھی سے زیادہ فائدہ ہوگا‘شکریا چینی حسب ذائقہ اور پانی تین کپ لیں۔گندم کا دلیہ گھی میں بھون لیں اور جب برائون ہو جائے تو باجرہ شامل کردیں‘باجرے کو شامل کرتے ہی اس میں تین کپ پانی شامل کردیں اور ساتھ شکریا چینی بھی ملا لیں۔جب پانی پوری طرح پک کر خشک ہو جائے تو اتار لیں۔اب باجرے کے اس گرم گرم حلوے کو ناشتے میں کھائیں۔صرف سات دن یہ نسخہ استعمال کر لیں‘ ان شاءاللہ لیکوریا کے مرض کا نام و نشان بھی باقی نہ رہے گا۔اس کے علاوہ اگر مزید بھی کھاتے رہیں تو اور بہت سے فوائد ہیں جن کا شیخ الوظائف بھی تذکرہ کر چکے ہیں۔
سرد موسم میں لاجواب تحفہ
سردی کا موسم ہے اسی مناسبت سے باجرے کا ایک اور تحفہ یاد آیا وہ بھی تحریر کر رہی ہوں۔اکثر کسی بیماری کی وجہ سے انسانی صحت بہت زیادہ کمزور ہو جاتی ہے یا اس کے علاوہ کسی بھی وجہ سے کسی بھی طرح کی کمزوری ہو تو یہ نسخہ آزمائیں۔میں ہر سال سردیوں میں اپنے بچوں کو بھی باجرے کی پنجیری بنا کر دیتی ہوں جس سے الحمدللہ وہ بیماریوں سے بچے رہتے ہیں‘ صحت مند‘ توانا اور یادداشت بھی بہترین ہوتی ہے۔
آدھا کلو باجرہ ‘ آدھا کلو کھویا‘ ایک پائو بادام‘ ناریل کش کیا ہوا ایک پائو‘اخروٹ ایک پائو‘ پستہ ایک پائو اور دیسی گھی آدھا کلو۔ترکیب:باجرے کو گرینڈ ر میں پیس لیں اور گھی میں بھون لیں۔جب برائون ہو جائے تو کھویا شامل کر لیں اور اچھی طرح بھون لیں۔جب اچھی طرح بُھن جائے تو پھر اس میں بادام ‘پستہ‘ اخروٹ کو کوٹ لیں اور انہیں بھنے ہوئے باجرےمیں شامل کردیں۔اب انہیں اچھی طرح مکس کر لی۔بس اب مزیدار طاقت کا خزانہ تیار ہے۔ناشتے میں گرم گرم دودھ یا چائےکے ساتھ کھا لیں۔
قارئین!اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ باجرہ صرف پرندوں کی نہیں بلکہ انسانوں کے لئے بھی بہت مفید اور شفاء بخش غذا ہے۔مختلف بیماریوں اور جسمانی کمزوری میں اس کا استعمال بہت فائدہ مند ہے ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں