مرا ہوا ہاتھی زندہ ہوگیا
دیکھا کہ پرانے گھر میں ہوں۔ ساتھ میں میرے دوست بھی ہیں۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں ایک ہاتھ مرا پڑا ہے۔ میں اور دوست قریب جاتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ یکایک ہاتھی زندہ ہونا شروع ہو جاتا ہے اور اس کے بدن میں حرکت پیدا ہوتی ہے اور آنکھوں کھولتا ہے۔ اگر یہ اٹھ کھڑا ہوا تو سب تہس نہس کردیگا، لہٰذا ہم وہاں سے بھاگ جاتے ہیں۔(یاسر، لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے کسی ایسے کام یا کاروبار میں جو کہ بالکل ختم ہونے پر تھا (ناکام ہونے کی حالت میں تھا) اچانک کامیابی سے ہم کنار ہو جائے گا۔ آپ ہر نماز کے بعد اکیس باریَاحَیُّ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ واللہ اعلم۔
اللہ والوں کا فیض نصیب
دیکھا کہ جیسے میں ایک جگہ کھڑی ہوں، درمیان میں سڑک ہے اور اردگرد جگہ کھدی ہوئی ہے۔ اطراف میں مکان بنےہیں، سڑک اونچی اور مکان نیچے ہیں۔ اسی سڑک کے آخر میں سیڑھیاں چڑھ کر ایک مزار آتا ہے، میں اس مزار کی چھت پر جاتی ہوں، اس چھت پرمجھے اردگرد اور بہت سے خوبصورت مزار نظر آتے ہیں، ایک مزار کا گنبد نیلا ہوتا ہے اور ایک مزار کا محراب کی طرح کا دروازہ ہوتا ہے، جیسے مسجد کے محراب ہوتے ہیں۔
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہےکہ ان شاء اللہ آپ کو اللہ والوں کا فیض نصیب ہوگا اور روحانی ترقیاں ہوں گی۔ آپ درودشریف کثرت سے پڑھا کریں۔ نیز ہر نماز کے بعد گیارہ بار سورئہ اخلاص پڑھ کر تمام اولیاء اللہ کواس کاثواب پہنچا دیا کریں۔ واللہ اعلم۔
فوراً بچی کی طرف سے صدقہ دیں
میں نے خواب دیکھا کہ ہم ڈرائنگ روم میں بیٹھےہیں میںممتا بھرے دل سے بالکونی میں جاتی ہوں کہ بچی کوپیار کروں۔ بچی اور بچہ دونوں بھائی بہن بالکونی کی دیوار پر بیٹھے ہیں۔ بچی اٹھ کر میری طرف آنے لگتی ہے تونیچے گر جاتی ہے۔ میں گھبرا کر اندر آتی ہوں۔ بچوں کے والد کوبتاتی ہوں کہ بچی نیچے گر گئی ہے۔ میں یہ سوچتے ہوئے نیچے بھاگتی ہوں کہ دوسری منزل ہے، بچی زندہ ہوگی؟ نیچے جاتی ہوں تومجھے سیڑھیاں بہت زیادہ نظر آئیں اور سامنے ایمبولینس آئی ہوئی ہے۔ بچی کو خون سے لت پت اسٹریچر پر لٹا کر لے جارہے ہوتے ہیں۔ (ج، کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کی بچی کسی پریشانی یا بیماری میں مبتلا ہوسکتی ہے۔ آپ فوری طور پر اس کی طرف سے حسب توفیق کچھ صدقہ دیں اور یَاسَلَامُ یَاحَفِیْظُ ہر نماز کے بعد 19بار پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ ان شاء اللہ حفاظت رہے گی۔ واللہ اعلم
بڑی پریشانی سے نجات ملی
میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے گھر کے اوپر سمندر ہے اور اس میں ایک بڑی سی مچھلی ہے۔(محمدریاض،دبئی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کااشارہ ہے کہ کسی بڑی مصیبت یاپریشانی سے نجات ملی ہے۔ آپ شکرانہ کے طور پر کسی مسکین کو پیٹ بھر کر کھانا کھلادیں۔
مرحوم دادا کی نصیحت
میری کزن نے خواب میں اپنے دادا جی کو دیکھا ہے جن کی وفات دس سال پہلے ہوچکی ہے۔ سخت گرمیوں کے دن ہیں، وہ کمرے میں بیٹھی رو رہی ہے اور دادا جان اندر آتے ہیں اور ان کے ہاتھ میں ایک دودھ سے بھری بالٹی ہوتی ہے جو کہ بہت ٹھنڈا ہوتا ہے اور دوسری سائیڈ پربغل میں انہوں نے دودوپٹے دبائے ہوتے ہیں جن میں ایک کا رنگ لال اوردوسرے کارنگ سبز ہوتا ہے۔ قریب آکرپوچھتے ہیں تم کیوں رو رہی ہوتومیری کزن جواب دیتی ہے کہ میرامنگنی کا دوپٹہ جل گیا ہے تو دادااسے ٹھنڈا دودھ پلاتے ہیں اور پھر دادا اسے وہ لال دوپٹہ پہنا دیتے ہیں۔(وسیم، ملتان)
تعبیر:آپ کی کزن کےخواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ ان کے تمام کام خیر و خوبی سے انجام پاجائیں گے اور ان پر آنے والی پریشانیاں بھی باآسانی دور ہو جائیں گی۔ تاہم وہ ہر نماز کے بعد 13بار سورئہ اخلاص پڑھ کر اپنے دادا کی روح کو اس کا ثواب پہنچا دیا کریں۔ واللہ اعلم۔
پاگل نے سب کو مار دیا
ایک جگہ کافی تعداد میں لوگ بیٹھےہیں اور ان کوروٹی چاہئے، سالن ان کے پاس ہے کافی لوگوں کوروٹیاں مل بھی چکی ہیں اورکچھ رہ گئے ہیں۔میںاس جگہ کے قریب کھڑی ہوں اور تندور اندر ایک کمرے میں ہے۔ وہاں تندور پردوتین مرد کام کررہے ہیں۔میں نے ہاتھ میں روٹی پکڑی ہے۔ اچانک ایک روٹیاں لگانے والا آدمی آتاہے۔ جو پاگل سا ہوجاتا ہے اور سب کو قتل کردیاہے۔ میں بھاگ کر باہر اپنی ماں کے پاس آتی ہوں اور بتاتی ہوں کہ پاگل نے سب کوماردیا مگر ہم بچ گئےہیں۔(صائمہ،لاہور)
تعبیر: اندیشہ ہے کہ مالی مشکلات اور روزی میں تنگی کا آپ کو اورآپکےگھر والوں کو سامنا کرنا پڑے، جتنا ہوسکے، استغفار کریں اور رشتہ داروں کے درمیان صلہ رحمی رکھیں۔
آپ کی دلی مراد جلد پوری ہوگی
میرے پاپا ہم دونوں بہنوں کے لیے بہت خوبصورت جوڑے لیکر آئے ہیں، ان میں ایک بہت ہی خوبصورت ہے، وہ میرا ہوتا ہے۔ اس جوڑے پر میں بہت ہی خوش ہوں، اتنا خوبصورت جوڑا میراہے،دو جوڑے اور بھی ہیں۔ ایک میری امی کا ہے، ایک بہن کا ہے، بہن کا پنک اور وائٹ ہے اور وہ بھی اچھا ہے،میری امی کا ریڈ اور وائٹ ہے مگر میں خوش ہوں کہ آج پہلے میں نے جوڑا لے لیا اگر بہن آتی تو وہ لیتی۔(س، نوشہرہ)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ آپ کی دلی مراد جلد پوری ہوگی اور خوشی، خوشحالی اور عزت نصیب ہوگی۔ آپ ہر نماز کے بعد اکیس بار ’’یابشیر یاخبیر‘‘ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
اجنبی عورت
میں نے خواب دیکھا کہ میری گود میں دو ماہ کی بچی ہے اور میں نے برقع پہن رکھا ہے۔ میرے ساتھ شاید میری 14سالہ بیٹی بھی ہے اور میں غالباً چھوٹی بچی کو ڈاکٹر کے پاس لے کر گئی تھی اور واپسی پرمجھے یاد آتا ہے کہ گھر میں گرم مصالحہ ختم ہے، مجھے وہ خریدنا ہے،سامنے ہی دکان پر گرم مصالحہ خریدنے چلی جاتی ہوں۔ میں ایک بینچ پر بیٹھ جاتی ہوں، وہ عورت اور لڑکی بھی میرے پاس بیٹھ جاتی ہیں۔ وہ عورت پیار سے میرے سر پر ہاتھ رکھ کرکہتی ہے کہ تمہارا نام ک سے ہے لیکن میں اس سے جھوٹ بولتی ہوں کہ میرا نام تور سے ہے لیکن وہ نہیں مانتی اورکہتی ہے، نہیں تمہارا نام یہی ہے اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(ک۔م۔ فیصل آباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اس بات پر متنبہ کیا گیا ہے کہ ہر ایک پر جلدی سے بھروسہ نہ کرلیا کریں ورنہ کسی مصیبت یا پریشانی میں مبتلا ہوسکتی ہیں۔ آپ ہرنماز کے بعد19بار ’’یاحفیظ‘‘ پڑھ کرحفاظت کی دعا کرتی رہا کریں۔ واللہ اعلم۔
خوشحالی کا اشارہ
میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر کی چھت پر کھڑی ہوں،باہر کھیتوں کا منظر بہت سہانا ہے، موسم بھی بہت اچھا ہے، بارش ہوچکی ہے۔ سب کچھ بہت ہی خوبصورت لگ رہاہے، میںچھت کی سیڑھیوں پر آکر کھڑی ہوتی ہوں۔ نیچے گھر میں دیکھتی ہوں، امی دکھائی دیتی ہیں وہ بول رہی ہیں، میں کھیتوں میں جارہی ہوں۔ میںکھیتوں کی طرف دیکھتی ہوں۔کھیتوں میںاتنا پانی بھراہوتا ہےکہ باہر سڑک پربھی آجاتا ہے۔ پانی صاف شفاف ہے۔ میں دل میںکہتی ہوں امی کوبتائوں باہر پانی بہت ہے، لیکن نہیں کہتی۔ اچانک سیڑھیاں لوہے کی بن جاتی ہیں۔ مجھے یہ خواب میںبہت بارنظر آیا ہے۔
تعبیر: آپ کےخواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ اگرچہ کہ گھر میں خوشحالی اور رزق کی فراوانی آئے گی لیکن اسکے ساتھ ساتھ خاندانی رنجشیں بڑھنے کا بھی اندیشہ ہے۔ آپ سورئہ فلق اور سورئہ ناس ہر نماز کے بعد گیارہ گیارہ بار پڑھ کر دعا کرلیا کریں، واللہ اعلم
کامیابی کی خبر
میں نے خواب دیکھا کہ میں نے امتحان دیا ہے۔ پھر پتہ چلتا ہے کہ میرا ’اے‘‘ گریڈ آیا ہے۔ میں جب دیکھنے جاتی ہوں تو ’اےون‘ گریڈ لکھا ہوتا ہے، میں واپس آکر امی ابو کو بتاتی ہوں کہ میرا ’اے‘ گریڈ نہیں، اےون گریڈ آیا ہے، میںبہت خوش ہوتی ہوں کہ میرا ’اے ون‘ گریڈ آیا ہے۔
تعبیر: آپکے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ آپ کو بڑی کامیابی ملنے والی ہے۔ تاہم خوشخبری پانے کے بعد دو نفل شکرانہ کی نیت سے ضرور پڑھ لیں۔ واللہ اعلم۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں