جناب محترم طارق محمود چغتائی صاحب
بعد سلام عرض ہے کہ آپ کا رسالہ ”عبقری“ بہت ذوق و شوق سے پڑھتی ہوں۔ تمام سلسلے ہی بہترین ہیں۔ اتنا اچھا اور بہترین ماہنامہ شاید ہی میری نظروں سے گزرا ہو۔ میری والدہ پڑھتی تھیں تو انہوں نے ہی مجھے پڑھنے کیلئے دیا اور میں دیوانی ہو گئی ۔ آپ کا ہفتہ وار درس ہدایت پڑھ کر آنسو رواں ہو جاتے ہیں اور ایمان پختہ ہو جاتا ہے۔ خدا آپ کو نیکیوں کا اجر دے ( آمین)۔ اس رسالے میں چھوٹے چھوٹے ٹوٹکے اور کچھ پڑھنے کا عمل کسی مقصد کیلئے جو کہ قارئین حضرات بھیجتے ہیں۔ صدقہ جاریہ ہی ہے۔ ان میں سے کچھ عمل میں نے کئے بہت فائدہ ہوا جو بھیجتے ہیں ان کو ثواب اور آپ کو زیادہ ثواب کہ آپ شائع کرتے ہیں۔ قارئین کی تحریریں‘ آپ کا خواب اور تعبیر‘ قارئین کے سوال قارئین کے جواب‘ روحانی بیماریوں کا روحانی علاج‘ نفسیاتی گھریلو الجھنیں‘ جسمانی بیماریوں کا شافی علاج‘ خواتین پوچھتی ہیں وغیرہ تمام سلسلے ہی لاجواب ہیں۔ حکیم صاحب‘ مجھے لکھنے کا شوق ہے ابھی نووارد ہی ہوں۔ آپ کی حوصلہ افزائی درکار ہے۔ ایک مضمون لکھ کر بھیج رہی ہوں کہ شاید اس رسالے کی زینت بن سکے۔
(فریحہ اعجاز‘لاہور)
محترم حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی صاحب
السلام علیکم! ایک مرتبہ اپنے عزیز کے گھر جانا ہوا تو وہاں مجھے انہوں نے عبقری رسالہ دکھایا۔ میں نے اسے پڑھا مجھے بہت پسند آیا اور گھر آ کر اپنے اخبار فروش سے اس رسالہ کا ذکر کیا اور عبقری کا اجراءکروا لیا ۔ اب میں اسے باقاعدگی سے پڑھتی ہوں۔ بہت سے لوگوں کے مسئلے مسائل حل ہوتے دیکھے۔ (سلمیٰ شاہین)
محترم ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم! سب سے پہلے تو آپ کے اس ماہنامے اور اس کوشش کے بارے میں کہنا چاہوںں گی۔ جس سے آپ لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ آپ کی خدمت بے مثال ہے۔ میری نظروں سے عبقری کے چند ایک شمارے گزرے جو واقعی لاجواب ہیں۔ جس میں آپ لوگوں کی روحانی جسمانی ‘ نفسیاتی غرضیکہ ہر بیماری کا علاج بلا معاوضہ کر رہے ہیں۔جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ حکیم صاحب میرے کچھ مسائل ہیں جن کے معاملے میں آپ کی رہنمائی چاہتی ہوں۔ میں اپنی زندگی کو بدلنا چاہتی ہوں۔ اپنے مذہب کے مطابق اپنے اللہ کی چاہت کے مطابق اور اس راہ میں میرے لئے عبقری مشعلِ راہ ثابت ہو رہا ہے ۔
(پاکیزہ‘ وزیر آباد)
محترم حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی صاحب
السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
محترم حکیم صاحب تقریباً 10ماہ سے میرے ایک عزیز مجھ کو بہت مجبور کر رہے تھے کہ آپ ”ماہنامہ عبقری“ لیں ۔بس کچھ مصروفیات اور لا پرواہی کی وجہ سے میں لیٹ ہو گیا اور بالآخر اب آخر عبقری کا مطالعہ کیا تو بہت خوشی ہوئی کہ آپ دین کا کام کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ لوگوں کی تکالیف اور بیماریوں کا علاج کر رہے ہیں اور لاکھوں لوگوں کو فیض یاب کرر ہے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی آپ پر خاص مہربانی ہے کہ آپ کے ہاتھوں سے لوگ شفا یاب ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو آپ کی محنت کا پھل دے ۔ عبقری رسالہ کے آخر میں مختلف کورس کے بارے میں پڑھا اور پھر میری سوچ تھوڑی سی منفی ہوئی جیسا کہ ہمارے معاشرے میں حکماءصاحبان اکثر فراڈ بازی کر رہے ہیں۔ پبلسٹی اور مختلف طریقوں کے ذریعہ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔ خاص کر مردانہ امراض خاص ہیں اور پھر کچھ منٹوںکے بعد میری سوچ واپس اپنی جگہ پر آئی کیونکہ میں نے اس رسالے کے اندر کہیں بھی کوئی اشتہار نہیں دیکھا جبکہ کسی بھی رسالے کو چلانے کیلئے اشتہار سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے ۔حالانکہ میں پہلی دفعہ عبقری کا مطالعہ کر رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں اور اسلام کو پھیلارہے ہیں۔ مختلف وظائف کے ذریعے اور دوائیوں کے ذریعے لوگ فیض یاب ہو رہے ہیں۔
(غلام یٰسین ‘ آفیسرز کالونی ملتان)
محترم حکیم صاحب
السلام علیکم! کے بعد عرض ہے کہ میں ایک ادنیٰ سی قاری ہوں آپ کے عبقری شمارے کی دلدادہ ہوں اور ہر مہینے اس کے آنے کا انتظار رہتا ہے۔ بہت بہترین شمارہ ہے اور اس میں سب واقعات اوروظیفے سب ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر ہیں۔ جو وظیفے آتے ہیں ان کی میں پابندی کرتی ہوں ‘ نماز کی پابند ہوں۔ حکیم صاحب آپ سے ملنے کی بڑی خواہش ہے۔ آپ مجھے اپنے والد کی طرح محترم ہیں۔ حکیم صاحب !میرے پاس کچھ شمارے مِس ہو گئے ہیںوہ اگر آپ کے پاس ہوں تو بڑی مہربانی ہو گی کہ وہ مجھے بذریعہ ڈاک بھجوا دیں۔ میں آپ کی مشکور ہونگی۔ اتنی اچھی باتیں ‘ اقوالِ زریں‘ واقعات‘ وظائف گھر بیٹھے ہم پڑھ کر عمل کر کے اپنے بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں جو صرف عبقری میں ہی مل سکتا ہے۔ میں تو تا حیات اس کو ہر قیمت پر خریدنے کیلئے تیار ہوں(انشاءاللہ)۔ روحانی محفل میں خصوصی دعا میں شامل کریں ‘ ہر مہینے کے شمارے کی روحانی محفل میں شامل ہوتی ہوں۔ آپ کی دعاﺅں کی طالب۔
( سردار بیگم)
محترم ایڈیٹر صاحب
مجھے مطالعہ کا جنون کی حد تک شوق ہے اس لئے میں اکثر کتابوں کی تلاش میں پھرتا رہتا ہوں۔ جب عبقری شائع ہونا شروع ہوا تو میں نے خریدااور یہ مجھے موجودہ وقت کے تمام رسالوں اور ڈائجسٹوں سے بالکل جدا لگا۔ تب سے اب تک شاید ہی کوئی شمار ہو جو میں نے نہ پڑھا ہو اور اس عرصے میں میری زندگی میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے اور میں نے اس رسالے سے جسمانی اور روحانی دونوں طرح کا فیض حاصل کیا ہے۔خصوصاً درسِ ہدایت ‘ قارئین کی خصوصی تحریریں اور رسالے میں موجود باکس بہت لاجواب اور بے مثال ہوتے ہیں اور جو واقعی دلوں کے راز ہوتے ہیں اور میں نے اکثر ان کو آزمایا بھی ہے ۔ اس شاندار رسالے کو پھیلانے پر میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آپ کے لئے اور آپ کے معاونین کیلئے دعا گو رہتا ہوںاور اس رسالے کو پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کرتا رہتا ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ مخلوقِ خدا کو نفع پہنچے۔ اللہ اس صدقہ جاریہ کو تا قیامت جاری و ساری رکھے اور اسے تمام امت کے لئے نفع اور ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ (آمین) دعاﺅں کا محتاج
(محمد ابو بکر‘ کراچی)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں