پیغمبر اسلام کا غیر مسلموں سے حسن سلوک
قبیلہ دَوس کے حق میں دُعا
حضرت طفیل بن عمرو دَوسی رضی اللہ عنہ نے مشرف با اسلام ہونے کے بعد اپنے قبیلہ میں جاکر اسلام کی دعوت دی تھی اور دَوس نے ان کی دعوت کو ٹھکرا دیا۔ وہ یمن سے مدینہ منورّہ پہنچ کر آستانِ نبوت پر حاضر ہوئے اور التماس کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !قبیلہ دوس کی شہوت پرستی میری تبلیغی جدوجہد پر غالب آگئی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کیلئے بددعا کیجئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بددُعا کی جگہ یہ دعا کی: اللہم اہد دوسا(یااللہ دوس کو سیدھی راہ پر لگا)۔ اس کے بعد فرمایا کہ اپنی قوم میں واپس جاﺅ اور انہیں اسلام کی طرف بلاتے رہو اور ان کے ساتھ نرمی سے پیش آﺅ۔ چنانچہ انہوں نے جا کر دوبارہ تبلیغ کا سلسلہ شروع اور اپنے مساعی میںکامیاب ہوئے۔ (سیرت ابنِ ہشام)
مادرِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی سعادت ایمانی
اعداءکے حق میں دعائے خیر کا ایک واقعہ مادرِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا قبول اسلام سے متعلق ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میری والدہ مشرکہ تھیں اور میں ان کو اسلام کی طرف بلایا کرتا تھا لیکن انہیں قبول اسلام سے سخت انکار تھا۔ ایک دن جب میں نے ان کو قبول اسلام کی ترغیب دی تو انہوں نے پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم کوبہت برا بھلا کہا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سخت توہین کی۔ مجھے اس توہین کا اتنا صدمہ ہوا کہ میں بدحواس ہو گیا اور اس حالت میں آستانِ نبوت میںحاضر ہوا کہ میری آنکھوں سے سیل اَشک رواں تھا۔ میں نے استدعا کی یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! مادرِ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کیلئے ہدایت کی دعا کیجئے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ میں اس دُعائے ہدایت کے بعد نہایت فرحاں وشاداں اپنے گھرکو لوٹا، جب گھر پہنچا تو دروازہ بند پایا۔ میری ماں نے میرے پاﺅں کی آہٹ سن کر اندر سے کہا کہ ابھی ذرا باہر ہی ٹھہرے رہو۔ میں نے پانی گرنے کی آواز سنی، میری والدہ غسل کر رہی تھیں۔ غسل کرکے والدہ نے جلدی سے کپڑے پہنے اور دروازہ کھول کرکہنے لگیں ، ابوہریرہ! میں اس بات کا اقرار کرتی ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں اور یہ کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں۔ والدہ کی زبان سے کلمہ شہادت سن کر میں رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایسی حالت میں حاضر ہوا کہ خوشی کے مارے رو رہا تھا۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی والدہ کے قبول اسلام کا مژدہ سنایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے الحمد للہ کہا اور بہت خوش ہوئے۔(مسلم)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں