Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

دماغ کو تیز ‘ اور بیدار رکھنے کیلئے ماہرین کے مشورے

ماہنامہ عبقری - فروری 2017ء

ذہن صاف رکھئے! آپ کا دماغ آپ کی سب سے قیمتی متاع ہے‘ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال پر وقت‘ توجہ اور رقم صرف کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں‘ اسے ہر طرح سے درست‘ متوازن اور چوکس رکھنا خود آپ کی ذات کیلئے سود مند ہے۔

انگریزی کی ایک مشہور ضرب المثل ہے‘‘ نقش اول ہی نقش آخری ہوتا ہے‘‘۔ اسی حقیقت کو ماہرین نفسیات نے اس طرح بیان کیا ہے کہ آپ پہلی نظر میں اپنے مخاطب کے ذہن پر جو نقش چھوڑتے ہیں‘ اس کا اثر اکثر و بیشتر تاحیات قائم رہتا ہے۔ انسانی شخصیت کے بے شمار پہلو ہیں جو دیکھنے اور ملنے والوں پر اثر انداز ہوتے ہیں یا جن کی روشنی میں لوگ آپ کی شخصیت کی دلکشی اور جاذبیت کو پرکھتے اور جانچتے ہیں۔ ان میں آپ کی ظاہری شکل و صورت‘ لباس‘ آواز‘ گفتگو کا انداز اور رویہ سرفہرست ہے‘ زندگی میں کامیابی اور کامرانی حاصل کرنے کیلئے ان پر مناسب توجہ ضروری ہے۔ یہ کام زیادہ مشکل نہیں‘ تھوڑی سی کوشش اور محنت سے اپنا مقصد بخوبی حاصل کیا جاسکتا ہے‘ مختلف ماہرین نفسیات نے اس سلسلے میں جو چند رہنما اصول اور ہدایت وضع کی ہیں‘ ان کی بدولت یہ کام مزید آسان ہوگیا ہے۔ اپنا حلیہ ٹھیک رکھئے! اس حقیقت کو اچھی طرح ذہین نشین کرلیجئے کہ مخاطب کی نظریں سب سے پہلے آپ کی صورت‘ حلئے اور لباس پر پڑتی ہیں‘ اس لئے ان کا ٹھیک اور موزوں ہونا ازحد ضروری ہے۔ میلے کچیلے کپڑے‘ بکھرے بال اور بے ترتیب ڈاڑھی دوسروں پر ناگوار اثر ڈالتی ہے۔ اس کے برعکس صاف ستھرے اور اچھی طرح دھلے ہوئے کپڑے انسانی شخصیت کی قدروقیمت کو بڑھا دیتے ہیں۔ ان کا اثر نہ صرف مخاطب پر اچھا پڑتا ہے بلکہ خود آپ کی ذات میں بھی بے پناہ اعتماد اور چمک پیدا ہوجاتی ہے‘ کبھی آپ نے سوچا آپ اپنی ظاہری شکل و صورت‘ لباس اور حلئے پر کتنی توجہ اور وقت صرف کرتے ہیں؟ یاد رکھئے اس ہدایت کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ صرف اعلیٰ تر اور قیمتی کپڑے ہی زیب تن کرنے سے انسان کی شخصیت نکھر سکتی ہے‘ وگرنہ نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ تھوڑی سی سوجھ بوجھ اور سلیقہ ہوتو کپڑوں کے صرف ایک جوڑے سے بھی بخوبی کام چلایا جاسکتا ہے۔ کسی روز قد آور شیشے کےسامنے کھڑے ہوکر اپنے عکس پر ایک بھرپور اور پرسکون ناقدانہ نظر ڈالئے اور پھر اپنے آپ سے سوال کیجئے کہ اس حلئے میں اگر آپ کا سامنا کسی اجنبی سے ہوجائے تو اس کے تاثرات کیا ہوں گے؟ کیا وہ کہے گا کہ آپ بڑے جامہ زیب، باسلیقہ‘ صفائی پسند اور دلچسپ انسان ہیں یا پھوہڑ‘ گندے اور تاجرانہ ذہن کے مالک ہیں؟
ذہن صاف رکھئے! آپ کا دماغ آپ کی سب سے قیمتی متاع ہے‘ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال پر وقت‘ توجہ اور رقم صرف کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں‘ اسے ہر طرح سے درست‘ متوازن اور چوکس رکھنا خود آپ کی ذات کیلئے سود مند ہے‘ آپ کے تمام افعال اس کے تابع ہیں‘ ان میں ہم آہنگی اور تیزی پیدا کرنے کیلئے ذہن کو غیر ضروری خیالات اور اندیشوں سے ہمیشہ پاک اور صاف رکھنے کی کوشش کریں۔ ذہن کو تیز اور چوکس و بیدار رکھنے کیلئے ماہرین نے مطالعے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا ہے یہ ایک بہترین محرک ہے‘  کوشش کرکے اپنی مصروفیات میں سے روزانہ کم از کم دس پندرہ منٹ ضرور ایسے نکالیں‘ جو مطالعے میں صرف کئے جاسکیں۔ اچھے ناول پڑھئے‘ سوانح عمریوں‘ تاریخ‘ ڈرامے اور شعر و شاعری کا مطالعہ کیجئے۔ مذہب‘ آرٹ اور سائنسی موضوع پر لکھی ہوئی کتابیں پڑھئے‘ ان کے مطالعے سے نہ صرف آپ کی سوچ اور فکر کو مناسب غذا مہیا ہوتی رہے گی‘ آپ نئے نئے خیالات سے روشناس ہوں گے بلکہ آپ کی علمی قابلیت میں بھی معتدبہ اضافہ ہوتا جائے گا اور آپ دوسروں کو متاثر کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔ مطالعے کے ساتھ ساتھ ماہرین نفسیات نے نت نئے مشغلے اپنانے یا کھیلوں میں حصہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے، اس کا بڑا مقصد انسانی ذہن میں جلا پیدا کرنا ہے‘ ہر نئے مشغلے یا کھیل کے آغاز میں انسان ضروری معلومات حاصل کرنے یا نئے دوست بنانے کیلئے جو ذہنی اور جسمانی تگ و دو کرتا ہے اس کا ہیجان ذہن کو بیدار اور چوکس رکھنے میں ممد اور معاون ثابت ہوتا ہے‘ ریڈیو اورٹیلی ویژن پر عام دلچسپی کے مختلف پروگرام پیش کئے جاتے ہیں‘ ان میں سے اپنی پسند کے علمی یا تفریحی پروگرام منتخب کرلئے جائیں تو یہ ذہن کیلئے لازماً ایک بہترین محرک ثابت ہوتے ہیں۔ لہجے کی کرختگی دور کیجئے! روز مرہ زندگی میں لب و لہجے کی کرختگی کا اثر بآسانی محسوس کیا جاسکتا ہے‘ عزیز ترین دوست یا رشتہ دار سے چند لمحوں کیلئے اکھڑے اکھڑے انداز میں گفتگو کریں‘ وہ بہت جلد آپ کی ذات سے متنفر ہوجائے گا۔لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے کیلئے اس خامی کو دور کرنا ضروری ہے‘ میٹھی زبان‘ ہر دلعزیزی کی جان ہے۔ بعض افراد میں یہ صفت پیدائشی موجود ہوتی ہے لیکن بعض لوگ اس سے عاری ہوتے ہیں‘ ایسی صورت میں گھبرانے یا پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں۔ ماہرین نفسیات نے ایسے بے شمار طریقے اور ورزشیں وضع کی ہیں جن پر عمل کریں تو چند ماہ کی کوشش اور محنت سے لب و لہجے میں حلاوت اور ملائمت پیدا ہوجاتی ہے اور آواز پہلے سے کہیں زیادہ صاف‘ شیریں‘ اور پرکشش بن جاتی ہے۔ اگر زبان میں لکنت کا قدرتی نقص اور عیب بھی موجود ہوتو محسوس نہیں ہوتا۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے اگر آپ کی آواز کرخت ہے تو مخاطب سے دھیمے لب و لہجے میں بات کیجئے‘ کسی بات پر بے چینی یا تنائو محسوس ہوتو گفتگو کے آغاز میں ایک گہرا سانس لے لیجئے‘ اس سے نہ صرف آپ کا اضطراب اور عصبی تنائو قدرے کم ہوجائے گا بلکہ آواز میں بھی کرختگی پیدا نہیں ہونے پائے گی۔ اپنے لب و لہجے کو متوازن بنانے کیلئے بلند آواز سے مطالعہ بھی مفید ہے‘ اپنی پسند کے مطابق نثریا شاعری کا کوئی اچھا سا ٹکڑا منتخب کرکے روزانہ تھوڑی دیر کیلئے بلند آواز سے پڑھیں‘ نثر کی سلیس عبارت جہاں آپ کے لب و لہجے میں روانی اور سلاست پیدا کرے گی‘ وہاں شاعری کی بدولت نغمگی اور ملائمت بھی راہ پائے گا۔ اپنا سراغ لگائیے! یاد رکھئے! جب تک آپ اپنی خداداد صلاحیتوں سے کما حقہ‘ آگاہ نہیں ہوں گے شخصیت میں دلکشی اور جاذبیت پیدا کرنے کی ہر کوشش رائیگاں جائے گی‘ دوسرے لوگوں کیلئے آپ کی ذات اسی وقت مفید اور پرکشش ثابت ہوسکتی ہے‘ جب آپ خود اس سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہوں اور آپ کو اس کے اچھے اور برے دونوں پہلوئوں کا گہرا علم ہو۔ یقین کیجئے ایک بار آپ نے اپنی صلاحیتوں کا صحیح احاطہ کرلیا تو زندگی میں ترقی و کامرانی کا حصول چنداں دشوار نہیں رہے گا۔ انداز فکر کا محاسبہ کیجئے! اکثر لوگ زندگی میں محض اپنے غیر صحت مندانہ انداز فکر کی وجہ سے ناکام ہوتے ہیں‘ اپنی مصروفیات یا الجھنوں کی وجہ سے وہ لاشعوری طور پر اکھڑ، سنکی اور شکی مزاج ہوجاتے ہیں اور ان کے اندر فکر میں منفی رنگ جھلکنے لگتا ہے‘ ایسے لوگ صرف زندگی کی محرومیوں‘ ظلم و تشدد اور بدقسمتی کا رونا ہی روتے ہیں‘ ان کی نظر انصاف اور کائنات کی خوبصورتی اور دلکشی کے روشن پہلوئوں پر کبھی نہیں پڑتی۔ لمحہ بھر کیلئے اپنا جائزہ لے کر دیکھ لیجئے‘ کہیں آپ بھی تو اس عادت بد کا شکار نہیں‘ اگر ایسا ہے تو جان لیجئے کہ آپ نہ صرف خود اپنی خوشیوں کے دشمن ہیں بلکہ اپنے ارد گرد بسنے والوں کی خوشیوں پر بھی ڈاکہ ڈال رہے ہیں‘ 
اس انداز فکر کو بدل دیجئے‘ آپ کی تمام شکایتیں اور مشکلیں دور ہوسکتی ہیں۔ موجودہ دور کچھ ایسا ہے کہ انسان زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر مایوس ہوکر افسردگی کا شکار ہوجاتا ہے اور اسے احساس مظلومی ستانے لگتا ہے‘ اگر آپ اپنی شخصیت میں فی الواقعہ نکھار پیدا کرنے کے متمنی ہیں تو زندگی میں ایسے لمحات کی عمر کو حتیٰ الامکان مختصر کرنے کی کوشش کریں‘ اپنے اندر چیزوں کے روشن اور خوشگوار پہلو دیکھنے کی عادت ڈالیں‘ اس طرح آپ ناامیدی اور احساس مظلومی کو تشکر اور مایوسی اور نفرت کو محبت کے سانچوں میں بآسانی بدل سکیں گے۔ فرصت کے اوقات کو وقتاً فوقتاً بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کیلئے صرف کرنے کی عادت ڈالیں‘ اس طرح آپ کے علم‘  معلومات‘ شناسائی اور تعلقات میں جو اضافہ ہوگا ان کی بدولت آپ کی شخصیت نکھر کر مزید بھرپور اور دلآویز ہوجائے گی۔

 

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 442 reviews.