ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہٗ پڑھاتے ہیں اور مراقبہ بھی کرواتے ہیں۔قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
حلقہ کشف المحجوب کے اس باب طریقت میں پیر علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے جو فرمایا اس کا خلاصہ کرتے ہوئے شیخ الوظائف نے اپنے درس میں فرمایا: ہمارے پیش نظر جب بھی صوفیا کرام رحمہم اللہ کی زندگی آتی ہے ہم سمجھتے ہیں شاید اس زندگی کے اندر وہ ہو گا جو موجودہ مزاج ورواج میں صوفیا ء کرام رحمہم اللہ کا تعا رف کروایا جاتا ہے۔ میں بعض کتابوں میں دیکھتا ہوں ان میں صرف صوفیا ء کرام رحمہم اللہ کا حال مذکور ہوتا ہے اوروہ حال جب وہ عشق الٰہی کی حالت ِنشہ میں ہے قال کا تو کہیں کوئی ذکر ہی نہیں کیا جاتا۔ آپ مجھے ایک بات بتائیں ! کسی کے والد صاحب ذہنی طور پہ پاگل ہو جائیں اور وہ کچھ ایسی حرکتیں کریں کیا بیٹا ان کی اتباع میں ویسا کرے گا ؟بلکہ وہ انکا علاج کروائے گا بس کچھ ایسی مثال حال کی ہے یہ یاد رکھیں کہ اولیا کرام رحمہم اللہ پاگل نہیں ہوتے، جو سچے اللہ کے ولی ہوتے ہیں وہ پاگل نہیں ہوتے اللہ پاک ان کو اپنی محبت، عشق کے پیالے ایسے پلاتے ہیں کی بعض اوقات انکی کیفیات میں خمار ہوتا ہے وہ ایسے خمار میں ہوتے ہیں جو تیری میری سمجھ سے بالا تر ہے لہٰذااگر ان کے منہ سے کوئی ایسا لفظ نکلے یا انکے عمل میں کوئی ایسی بات آئے تو اس پر نہ ہی کچھ بولنا ہے اور نہ ہی اس کا رد کرنا ہے۔ انکی یہ حالت ایسی نہیں کہ ہم اسکا عمومی اظہار کریں۔مخلوق خدا کو پتہ نہیں کہ یہ حال کیا ہوتا ہے اس لئے انھیں اس کی سمجھ بھی نہیں آئے گی۔ہماری زندگی بس ایک محور اور ایک مرکز کے گرد گھومے اور وہ شریعت محمدی ہے۔ہمارا اوڑھنا بچھونا صرف اللہ اور اسکے رسول ﷺ ہیں بس !یہ مختصر سی ایک ترتیب ہے اوراسکے علاوہ کچھ نہیں ہے۔جس دورمیں حضرت علی ہجویری ؒ نے آنکھ کھولی تھی اس دور میں ایسے ایسے لوگ اور ایسے عجیب و غریب ناموں سے گروہ آ گئے جنکا اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کی شریعت سے کوئی تعلق تھا ہی نہیں، مجبور ہو کرحضرت پیر علی ہجویری ؒنے ان لوگوں کیلئے یہ کتاب لکھی جو اصل اورصحیح دین مانگتے تھے اور انھیں پتہ نہیں چلتا تھا کہ اصل دین کیا ہے۔ (جاری ہے)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں