مجھے چٹھی ملتی ہے
خواب: میں نے دیکھا کہ جس کو میں پسند کرتی ہوں وہ ہمارے گھر آئے ہیں۔ ”حقیقت میں وہ دوسرے شہر میں رہتے ہیں اور میں دوسرے شہر میں۔ ”سب سے ملنے کے بعد وہ مجھ سے اور میری چھوٹی بہن سے باتیں کرتے کرتے سو جاتے ہیں پھر دوسرے دن وہ چلے جاتے ہیں۔ پھر کچھ دیر بعد دو چٹھیاں آتی ہیں۔ میں، میری امی اور میری بہن ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھے ہیں۔ ایک چٹھی میری بہن کو ملتی ہے اور ایک مجھے۔ میری بہن والی چٹھی پر کچھ لکھا ہوتا ہے جو امی پڑھتی ہیں اور میری چٹھی پر (3,7,11) کے ہندسے درج ہوتے ہیں۔ (ج ،گ۔ لاہور)
تعبیر: آپ جس شخص کو پسند کرتی ہیں اگر وہ جائز اور شریفانہ طریق سے آپ کا رشتہ طلب کر لے تو وہ ایک اچھا اور سنجیدہ شوہر ثابت ہو سکتا ہے اور آپ کیلئے مستقبل میں اچھی خوشگوار ازدواجی زندگی کا اشارہ ہے لیکن اگر وہ کسی قسم کا چھچھورا پن دکھائے یا ناجائز راستہ اختیار کرنے کی کوشش کرے تو اس کی تدابیر اس کے منہ پر دے مارو۔ اسی میں دین و دنیا کا بھلا ہے اور جذباتی محبت سے ہرگز مغلوب نہ ہوں۔ آپ رسالہ ”اصلاح خواتین“ کا ضرور مطالعہ کریں۔
حجر اسود میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت
خواب: جمعہ کی رات میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی نانی کے ہمراہ مکہ شریف گئی ہوں۔ وہاں پر لوگ حجر اسود چوم رہے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں جب حجر اسود چومنے کیلئے آگے جھانکتی ہوں تو مجھے حجر اسود میں کعبة اللہ شریف نظر آتا ہے اور اس میں ایک صاحب نماز پڑھ رہے ہیں اور ان کی توجہ میری طرف ہے۔ میں چیخ کر لوگوں کو متوجہ کرتی ہوں۔کہ یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔لوگ میری طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور پھر وہاں پر کھڑے ہوئے سپاہیوں نے لوگوں کو ایک طرف ہٹا کر ایک ایک کو زیارت کیلئے بھیجا۔ اس کے بعد سے جمعہ اور پیر کی رات کوئی نہ کوئی اچھا خواب دیکھتی ہوں۔ لوگ میری باتوں پر مذاق اڑاتے ہیں، میں بہت پریشان ہوں۔ (فاطمہ، شہر کا نام نہیں لکھا)
تعبیر: لوگوں کے مذاق سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں آپ کا خواب مبارک ہے اللہ رب العزت انشاءاللہ اپنے گھر کی زیارت کروائیں گے۔ حج و عمرہ کی سعادت نصیب ہو گی۔ عبادات کی قبولیت کی طرف اشارہ ہے۔ مستقبل میں دین کے پھیلانے کا ذریعہ بنیں گی، درود شریف پڑھنے کا اہتمام کریں۔
میرے دانت ٹوٹ چکے ہیں
خواب:(1) میں نے دیکھا کہ جس لڑکی کو میں پسند کرتا ہوں اس کی شادی ہو رہی ہے اور میں اپنے آپ کو بے بس محسوس کرتا ہوں۔ (2) میں نے دیکھا کہ میں مر چکا ہوں۔ سب لوگ اکٹھے ہیں لیکن کوئی بھی رو نہیں رہا۔ (3) میں نے خواب میں دیکھا کہ میرا ایک سامنے والا اور ایک اس کے ساتھ والا دانت ٹوٹ چکا ہے۔ (ایم شہزاد، کراچی)
تعبیر: پسند کی جگہ پر شادی ہو جانے کی طرف اشارہ ہے آپ کی عمر دراز ہو گی۔ کسی رشتہ دار کے عنقریب انتقال ہو جانے کی طرف اشارہ معلوم ہوتا ہے۔ صوم و صلوٰة کی پابندی کریں۔ فجر اور عشاءکی نماز کے بعد ایک ایک تسبیح ”اَللّٰہُمَّ خَیرَلِی وَاختَرلِی“ پڑھا کریں۔ شادی کے بعد خوشی نصیب ہو گی۔
خدمت میں کوتاہی
خواب: میں بارات کے ساتھ اوچ شریف گیا ہوا ہوں وہاں معلوم ہوتا ہے کہ ایک بڑے بزرگ کا انتقال ہو چکا ہے جو بہت مشہور اولیاءمیں سے تھے۔ میں وہاں ان کا جنازہ پڑھتا ہوں اور ساتھ ساتھ زور سے روتا بھی ہوں۔ اس کے بعد میں ان بزرگ کے مزار کی صفائی کر رہا ہوں کہ دو لڑکیاں جو دونوں میری کزن ہیں، ایک بڑی ہے جس سے میں شادی کرنا چاہتا ہوں اور دوسری اس کی چھوٹی بہن ہے وہاں آتی ہیں۔میں مزار کی صفائی کر رہا ہوتا ہوں کہ مجھے لال رنگ کے کاغذی پھول ملتے ہیں۔ میں بڑی کزن کو دیتا ہوں اور کہتا ہوں اسے باہر پھینک کر آﺅ! وہ کاغذ لال رنگ کے وہیں پھینکتی ہے پھر میں دوسری بہن جو چھوٹی ہے ،اسے دیتا ہوں۔ وہ لال رنگ کے کاغذی پھول باہر پھینک آتی ہے اس کے بعد میں وہیں مزار کے احاطہ میں پانی کے حوض میں نلکے سے پانی ڈال رہا ہوتا ہوں۔ پھر لوگ مجھے بلاتے ہیں کہ بارات جارہی ہے اس کے بعد میں واپس چلا جاتا ہوں۔
تعبیر: آپ کے خواب میں اس طرف اشارہ ہے کہ آپ جس لڑکی کو پسند کرتے ہیں وہ آپ سے محبت تو کرے گی البتہ آپ کی خدمت کرنے میں کوتاہی کرے گی جس سے آپ کو کسی دوسرے کا سہارا لینا پڑے گا اس لیے نہایت سوچ سمجھ کر اپنے ازدواجی معاملے پر قدم اٹھائیں ایسا نہ ہو کہ کل پچھتاوا ہو! اللہ آپ کی دستگیری فرمائے نیز ایسا لگتا ہے کہ بڑی بہن کی بہ نسبت چھوٹی بہن آپ کی اچھی بیوی ثابت ہو سکتی ہے۔
فساد والی عورت
خواب: میں ایک دوست کی شادی میںشریک ہوتا ہوں۔ رات کا وقت ہے جب میں اکیلا باہر نکلتا ہوں تو ایک مور جو بہت خوبصورت ہوتا ہے، میرے پیچھے لگ جاتا ہے۔ اس سے جان چھڑانا چاہتا ہوں اور میں اس سے ڈرتا بھی ہوں۔ اتنے میں میرے دوست آتے ہیں وہ مور کو بڑی مشکل سے بٹھاتے ہیں۔ وہ مور ایک درخت کے اوپر بیٹھ جاتا ہے اور مجھے خشمگیں نظروں سے دیکھتا ہے۔ مجھے اس سے بہت ڈر لگتا ہے اسی کشمکش میں آنکھ کھل جاتی ہے۔ (محمد زید، نواب شاہ)
تعبیر: اگرآپ شادی شدہ نہیں ہیں تو ایک ایسی خاتون جو طبعاً فسادی مزاج کی مالک ہے وہ آپ سے نکاح کرنے کی خواہشمند ہو گی اور ہر طرح کی کوشش کرے گی مگرآپ کی اس طرف رغبت نہیں ہو گی۔ جس کے نتیجے میں آپ کی جان چھڑا دی جائے گی اور اس لیے نکاح کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر اور استخارہ کرکے کیجئے گا ورنہ کسی فسادی عورت کے ہتھے چڑھنے کا اندیشہ ہے۔ واللہ اعلم۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 963
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں