شاہ عزیز اللہ غزنوی رحمتہ اللہ علیہ کے مستند وظائف
سفلی اور گندے علم سے حفاظت
اگر کسی شخص کو یہ شبہ ہو کہ اس پر سفلی یعنی گندہ علم کرایا گیا ہے یا آئندہ دشمن گندہ علم کرا کے نقصان پہنچائے گا تو اس سے حفاظت کےلئے ضروری ہے کہ انسان نماز کی پابندی کرے اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھے۔ نوافل کی کثرت رکھے ‘ ہر نماز کے بعد تین مرتبہ آیت الکرسی اور تین تین بار قرآن پاک کی آخری دونوں سورتیں مکمل (قُل اَعُوذُ بِرَبِّ الفَلَقِ اور قُل اَعُوذُ بِرَ بِّ النَّاسِo)تین تین بار پڑھ کر دونوں ہتھیلیوں پر دم کر کے پورے جسم پر پھیر لے اور ہر نماز کے بعد ایک سو (100) بار درود ابراہیمی پڑھے۔ اگر ہر نماز کے بعد درود ابراہیمی پڑھنا مشکل ہو تو بعد نمازِ عشاءپانچ سو بار درودِ ابراہیمی پڑھ لیا کرے۔ اس عمل کے ساتھ ساتھ ہر وقت پاک رہے اور باوضو رہنے کی کوشش کرے اگر وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ وضو کر لے۔ ایسا کرنے سے انشاءاللہ تعالیٰ سفلی جادو اور گندے علم سے محفوظ رہے گا۔
دل سے ڈر ‘ خوف‘ بزدلی اور گھبراہٹ دور کرنا
بعض لوگوں کے دل میں بلا وجہ ڈر خوف پیدا ہوتا ہے‘ طرح طرح کے وسوسے‘ بزدلانہ خیالات اور وہم دل میں بزدلی اور گھبراہٹ پیدا کر دیتے ہیں۔ ایسا آدمی ہر طرح سے لائق اور قابل ہونے کے باوجود کسی کام کانہیں رہتا۔ پریشانیاں قدم قدم پر رکاوٹ بنتی ہیں۔ بے جا ڈر‘ خوف اس کو کسی سے بات کرنے اور کسی جگہ جم کر کام کرنے سے روکتا ہے۔ بعض مرتبہ زنا کاری‘ عیاشی اور گناہوں کے سبب بھی آدمی بزدل بن جاتا ہے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ گناہوں سے سچے دل سے توبہ کرے اور ہر وقت پاک صاف اور با وضو رہنے کی کوشش کرے اور نماز با جماعت ادا کرے۔ دل سے ڈر خوف نکالنے کےلئے روزانہ با وضو تین سو ساٹھ (360) بار یہ کلمات پڑھیں۔
یَاسَلَامُ یَاحَفِیظُ یَا قَوِیُّ
یہ کلمات ہمیشہ پڑھنے سے انشاءاللہ تعالیٰ دل سے ہر قسم کی بزدلی دور ہو گی۔ ڈر خوف نکل جائے گا۔ پڑھنے میں ناغہ نہ کریں۔
ناکامیوں سے کامیابی کی طرف
بعض مرتبہ انسان ہر طرح سے موزوں اور لائق ہوتا ہے۔ اس کی صحت ‘ اس کا دماغ ‘ اس کی علمی قابلیت اور اس کا ہنر اس قابل ہوتا ہے کہ ہر شخص اسے آنکھوں پر بٹھائے۔ اس کی قدر کرے اور اس کے کام سے خود بھی فائدہ اٹھائے اور اس شخصیت کو بھی فائدہ پہنچائے لیکن بد قسمتی سے سب خوبیوں کے باوجود ایسا شخص تنگدست ‘ بھوک سے نڈھال اور پیسے پیسے سے محتاج ہوتا ہے۔ جہاں قدم رکھتا ہے ناکامی ہوتی ہے‘ جہاں امید باندھ کر جاتا ہے صاف جواب مل جاتا ہے۔ ایسی صورت میںبعض لوگ ذہنی مریض بن جاتے ہیں یا احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پھر آخر میں تنگ آ کر خود کشی کر لیتے ہیں۔ خود کشی سخت گناہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم ایسے شخص سے سخت ناراض ہوتے ہیں۔ لہٰذا ایسی حرکت سے باز رہنا چاہیے۔ایسے شخص کوچاہیے کہ گناہوں سے توبہ کرے۔ نماز با جماعت کی پابندی کرے۔ ہر وقت با وضو اور پاک و صاف رہنے کی کوشش کرے۔ جب گھر سے نکلے با وضو نکلے اور بعد نمازِ عشاءتین سو ساٹھ (360) مرتبہ یَامَالِکُ اور بعد نمازِ فجر تین سو ساٹھ(360) مرتبہ یَامَجِیدُ پڑھا کرے۔ دونوں عمل کے اول و آخر درود شریف گیارہ گیارہ بار ضرور پڑھے۔ یہ عمل تین چلے مسلسل بلا ناغہ کرے( یعنی ایک سو بیس دن) انشاءاللہ تعالیٰ رحمتِ حق کے دروازے کھل جائیں گے‘ باعزت روزگار ملے گا‘ رزق میں برکت ہو گی‘ دل و دماغ سے نا امیدی کی بیماری نکل جائے گی۔
رزق میں برکت
قرضہ ہونے کی صورت میں حوصلہ ہارنے کی ضرورت نہیں بلکہ رب کا دروازہ کھٹکھٹانے کی ضرورت ہے۔ اسی کے قبضے میں ہر قسم کے خزانے ہیں۔ رزق کا مالک بھی وہی ہے جب وہ راضی ہو جائے گا تو رزق بھی خوب ملے گا۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کےلئے یہ عمل ضروری ہے۔ نماز کی پابندی کی جائے۔ با جماعت نماز کی ادائیگی میں اللہ تعالیٰ کی رحمت زیادہ متوجہ ہوتی ہے۔ ہر نماز کے بعد ایک سو (100) بار پڑھیں۔ اَستَغفِرُ اللّٰہ رَبِّی مِن کُلِّ ذَنبٍ وَّ اََتُوبُ اِلَیہِ۱ نماز فجر کے بعد ایک سو (100)بار پڑھیں۔ الٓمَّo اَللّٰہُ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الحَیُّ القَیُّومُ(آل عمران:1,2)عشاءکی نماز کے بعد یہ کلمات تین سو ساٹھ (360) بار پڑھیں۔ یَااَللّٰہُ یَارَزَّاقُ یَاوَاسِعُ اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف ضرور پڑھیں۔ یہ عمل بلا ناغہ ہمیشہ کریں۔ انشاءاللہ تعالیٰ رزق کے دروازے کھل جائیں گے۔ رزق میں برکت ہو گی‘ قرض سے نجات ملے گی۔
نظر بد کا علاج
بعض مرتبہ بچوں کو نظر لگ جاتی ہے جس کے سبب وہ بیمار ہو جاتے ہیں یا کھانا چھوڑ دیتے ہیں یا بعض مرتبہ الٹیاں شروع ہو جاتی ہیں اور بچہ چڑ چڑا اور بد مزاج ہو جاتا ہے۔
نظر بد کے لئے یہ عمل بہت موثر اور مفید ہے ۔سات سرخ مرچ لے کر ہر ایک مرچ پر سات مرتبہ یہ آیت پڑھ کر دم کر کے مریض کے اوپر سے سات مرتبہ اتار کر آگ میں جلا دیں۔ سات مرچ پر سات مرتبہ کے حساب سے یہ آیت انچاس (49) مرتبہ پڑھی جائے گی ۔ وہ آیت یہ ہے۔ سَلٰم قف قَولاً مِّن رَّبٍّ رَّحِیمٍ (یٰسین:58)جب مریض نظر بد کا شکار ہو گا تو مرچیں جلنے سے دھسک (دھانس) یعنی چھینکیں وغیرہ نہیں آئیں گی۔ جب تک مرچ سے جلنے سے دھسک نہ آئے برابر یہ عمل جاری رکھیں۔ عمل زیادہ سے زیاد ہ سات دن تک کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں