کوئی چھ سات دن ہوئے تھے کہ جسم میں ایسی جان آئی‘ ایسی طاقت آئی جیسے بجلی دوڑ رہی ہو‘ میں خود حیران ہوگیا‘ مجھے ایسے محسوس ہوا کہ میں کبھی بیمار تھا ہی نہیں۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ تسبیح خانہ اور تسبیح خانہ میں آنے والے ہر فرد کی حفاظت فرمائے اور اللہ تعالیٰ آپ کی اور آپ کی نسلوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین! میں ہیپاٹائٹس سی (کالایرقان) کا مریض تھا‘ جس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھا‘ عبقری شمارہ میں پہلے ہی پڑھتا تھا‘ اس نامراد مرض سے نجات کیلئے میں نے ٹیکوں کورس لگوانے کا سوچا‘ جب میں نے تین ماہ کے ٹیکے لگوا لیے تو ایک دن میں عبقری پڑھ رہا تھا تو اس میں مجھے سورۂ اخلاص کا عمل ملا‘ میں نے سوچاآج ہی عمل شروع کردیتا ہوں مگر پھر دل میں خیال آیا کہ نہیں پہلے ٹیکے لگوالوں اگر بعد میں بھی آرام نہ آیا تو پھر علاج شروع کرلوں گا۔ مگر ٹیکوں سے ہونے والی کمزوری نے پریشان کردیا۔ اس کے بعد ایک مرتبہ میں تسبیح خانہ درس سننے کیلئے گیا‘ وہاں درس سن رہا تھا کہ آپ نے بھی سورۂ اخلاص کا وظیفہ بتادیا‘ پھر سوچا دعا کے ساتھ دوا بھی کرنی چاہیے‘ میں نے ٹیکوں کے ساتھ جو کیپسول ہوتے ہیں وہ کھانا چھوڑ دئیے اور صرف سورۂ اخلاص کا عمل جو علامہ لاہوتی پراسراری صاحب نے اپنے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں بتایا تھا وہ کرنا شروع کردیا۔ حتیٰ کہ کھانا کھاتے وقت سورۂ اخلاص پڑھتا اور وضو کے دوران پڑھتا‘ کوئی چھ سات دن ہوئے تھے کہ جسم میں ایسی جان آئی‘ ایسی طاقت آئی جیسے بجلی دوڑ رہی ہو‘ میں خود حیران ہوگیا‘ مجھے ایسے محسوس ہوا کہ میں کبھی بیمار تھا ہی نہیں۔ پھر میں نے دوبارہ ٹیسٹ کروائے جب رپورٹ لینے گیا تو ہسپتال میں داخل ہوتے ہی سورۂ اخلاص پڑھنا شروع کردی اور ساتھ ہی ساتھ ہسپتال والوں اور تمام بیماروں کیلئے دعائیں مانگ رہا تھا۔ جب رپورٹ میرے ہاتھ میں آئی تو میں بہت خوش ہوا‘ اللہ کا شکر کیا‘ رپورٹ کے مطابق مجھے کالا یرقان نہیں ہے اور وہ مجھے خود بھی محسوس ہورہا تھا کہ اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔ سورۂ اخلاص کے عمل کے ساتھ میں پانی پینے کے دوران یَاقَہَّارُ بھی پڑھا کرتا تھا۔
سورۂ اخلاص کا عمل درج ہے:
رات ایک بجے کے بعد 4 نفل اکٹھے ایک ہی سلام کے ساتھ پڑھنے کی نیت کرے پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 101 بار سورۂ اخلاص مع تسمیہ پڑھے اس طرح ہر رکعت میں پڑھے بس دھیان اور توجہ اللہ کی طرف اور خاص حضوری ہو (ہاتھ میں تسبیح لے سکتے ہیں) سلام کے بعد سربرہنہ کرلیں اور دائیں بازو سے قمیص نکال کر بازو اور کندھا ننگا کرلیں جیسے حالت احرام میں ہوتا ہے پھر 500 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اول و آخر درود شریف 11 بارپھر جتنی دیر سارے عمل میں لگتی ہے اتنی دیر خوب گڑگڑا کر بھکاری بن کر دعا کریں رو رو کر مانگیں کہ جسم کا رواں رواں کھڑا ہوجائے بہت لمبی اور عاجزانہ دعا کرکے پھر 100 بار سورۂ اخلاص پڑھیں اور پھر سورۂ اخلاص پڑھتے ہوئے لیٹ جائیں۔ یہ عمل کچھ عرصہ یا کچھ دن مستقل کریں۔اور قدرت کے کمالات اور حمایت اپنی طرف متوجہ ہوتے دیکھیں آپ حیران رہ جائیں گے۔
واجد علی ‘ جھٹانوالی
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں