حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمتہ اللہ علیہ فرماتے تھے جن الفاظ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کو یاد فرمایا ہے ان الفاظ سے بہتر اورکوئی الفاظ یاد الٰہی کیلئے موزوں اور محبوب بارگاہ الٰہی نہیں ہو سکتے۔ احادیث میں ایسی بہت سی دعائیں آئی ہیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دو کلمے زبان پر ہلکے پھلکے لیکن میزان اعمال میں بڑے بھاری اور اللہ مہربان کو بہت پیارے ہیں۔
سُبحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمدِہ سُبحَانَ اللّٰہِ العَظِیمِ۔ (بخاری شریف عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ )
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے روزانہ سو مرتبہ کہا سُبحَانَ اللّٰہِ وَ بِحَمدِہ اس کے گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔ اگرچہ کثرت میں سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں۔(بخاری شریف)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسے درخت کے پاس سے گزرے جس کے پتے سوکھ چکے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر اپنا عصائے مبارک مارا تو اس کے پتے جھڑ پڑے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ کلمے سُبحَانَ اللّٰہِ وَالحَمدُلِلّٰہِ وَلَااِٰلہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکبَرُ بندے کے گناہوں کو اس طرح جھاڑ دیتے ہیں جس طرح تم نے اس درخت کے پتے دیکھے۔ (ترمذی شریف عن انس رضی اللہ عنہ )
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص لَاحَولَ وَلَاقُوَّةَاِلاَّبِاللّٰہِ پڑھے یہ اس کیلئے ننانوے امراض کی دوا ہو گی جن میں سب سے چھوٹا مرض غم ہے۔ (حاکم عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ )
روزانہ ایک تسبیح اس کی پڑھی جائے تو اللہ کی عظمت دل میں بڑھتی ہے اور نعمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے سُبحَانَ اللّٰہِ وَالحَمدُ لِلّٰہِ وَلَااِلٰہَ الاَّاللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکبَرُ وَلاَحَولَ وَلاَقُوَّةَ اِلاَّبِاللّٰہِ العَلِیِّ العَظِیمِ۔ (اللہ تعالیٰ پاک ہے سب تعریف اللہ تعالیٰ ہی کیلئے ہے۔ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے۔ اللہ کی حفاظت کے بغیر کوئی گناہ سے نہیں بچ سکتا اور اس کی مدد کے بغیر کوئی کسی قسم کی نیکی نہیں کر سکتا)۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس بندے نے ان الفاظ کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کی اَستَغفِرُ اللّٰہَ الَّذِی لاَ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ الحَیُّ القَیُّومُ وَ اَتُوبُ اِلَیہِ۔ تو وہ بندہ ضرور بخش دیا جائے گا اگرچہ اس نے میدان جنگ سے بھاگنے کا گناہ کیا ہو۔ (ترمذی عن زید رضی اللہ عنہ )
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو بندہ استغفار کو لازم پکڑ لے تو اللہ تعالیٰ اس کیلئے ہر تنگی اور مشکل سے نکلنے اور رہائی پانے کا راستہ بنا دے گا اور اس کی ہر فکر اور ہر پریشانی کو دور کرکے کشادگی عطا فرما دے گا اور اس کو ان طریقوں سے رزق دے گا جن کا اس کو خیال و گمان بھی نہ ہو گا۔ (ابن ماجہ عن عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ )
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا میں تم کو اللہ تعالیٰ کا اسم اعظم نہ بتا دوں جس کے ذریعے دعا کی جاتی ہے تو اللہ تعالیٰ قبول فرماتا ہے اور اللہ تعالیٰ سے سوال کیا جاتا ہے تو پورا فرماتا ہے۔ یہ وہ دعا ہے جس کے ذریعے یونس علیھ السلام نے اللہ تعالیٰ کو تین تاریکیوں (رات کی تاریکی، سمندر کی تاریکی، اور مچھلی کے پیٹ کی تاریکی) میں پکارا تھا۔ وہ الفاظ یہ ہیں لَااِلٰہَ اِلاَّ اَنتَ سُبحَانَکَ اِنِّی کُنتُ مِنَ الظَّالِمِینَ۔ (حاکم)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بے شک قیامت میں لوگوں میں سب سے زیادہ مجھ سے قریب وہ شخص ہو گا جو سب سے زیادہ مجھ پر درود بھیجے گا۔ (ترمذی عن ابن مسعود رضی اللہ عنہ )
کوئی سا بھی درود شریف یا اس درود شریف اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الاُمِّیِّ وَعَلٰی آلِہ وَ اَصحَابِہ وَ بَارِک وَسَلِّم۔ (یااللہ درود وسلام اور برکت نازل فرمائیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی اولاد و اصحاب پر) کی کم از کم تین تسبیح پڑھی جائیں اورزیادہ جتنابھی ہو سکے وہ بھی کم ہی ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں