روشن آسمان: میں نے روشن آسمان دیکھا جس میں بہت سارے ستارے ہیں اور یہ ستارے پھوٹتے ہیں تو ان میں سے اور ستارے نکلتے ہیں ۔ نہایت خوبصورت منظر دیکھا جو ابھی تک آنکھوں کے سامنے گھومتا ہے ۔(ش۔ش) ۔
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ ان شا ء اللہ آپ کی اولاد میں علمائے دین پیدا ہوں گے ۔ واللہ اعلم ۔
مراد پوری ہو گی: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کزن کے ساتھ ان کے شہر کے بازار میں کھڑی ہوں ۔ اچانک آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں اور وہ دکانیں جن کے سامنے ہم کھڑے ہوتے ہیں ‘ ان کی جگہ پانی کا ڈیم بن جاتا ہے ۔ میں اس ڈیم کو دیکھ کر ڈر جاتی ہوں اور اپنے کزن سے کہتی ہوں کہ یہاں سے چلیں ‘ ابھی اس ڈیم میں بہت سارا پانی آئے گا اور بہت تباہی ہو گی ۔ وہ میری بات نہیں مانتے ‘ میں کزن کو وہاں چھوڑ کر خود ایک اور جگہ پر آ جاتی ہوں ۔ میں سوچتی ہوں کہ کزن خود ہی میرے پیچھے آ جائیں گے لیکن جب وہ نہیں آتے تو میں واپس کزن کے پاس آتی ہوں اور دیکھتی ہوں کہ ڈیم میں پانی پوری رفتار سے نیچے گر رہا ہوتا ہے لیکن نیچے گر کر وہ پانی چھوٹی چھوٹی لہروں میں تبدیل ہو جاتا ہے ۔ ارد گرد کے سب لوگ بہت خوش ہو کر اس پانی میں نہا رہے ہوتے ہیں ۔ میں اپنے کزن کو دیکھتی ہوں تووہ کسی اور لڑکی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ‘میں ان سے معافی بھی مانگتی ہوں لیکن کزن نہیں مانتے بلکہ پانی میں بننے والی لہریں آہستہ آہستہ ان کو مجھ سے دور کر رہی ہوتی ہیں ۔پھر میں دیکھتی ہوں کہ میرے کزن میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہم دونوں اس ڈیم سے گرنے والے پانی کو دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔ (مائرہ ‘ لاہور) ۔
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے دل کی مراد پوری ہو گی ‘ پریشانیاں ختم ہوں گی اور خوشی اور خوشحالی آپ کا مقدر بنے گی ‘ بشرطیکہ اللہ کو راضی کرنے والے کام کرنا اپنا مقصد بنا لیں ۔ واللہ اعلم ۔
حصول روزگار کا وظیفہ: میں نے دیکھا کہ جیسے بارش ہو کر تھم گئی ہے ۔ میں اور میرا دوست کھڑے ہیں ۔ ایک شخص آتا ہے اس کو کچھ روپے دیتا ہے کہتا ہے یہ لو روپے ‘ جو تم نے لوہا دیا تھا وہ میں نے فروخت کر دیا ۔ میں سوچتا ہوں اس نے چوری کر کے لوہا فروخت کر دیا ۔ یہ تو بہت بری بات ہے ‘ پھر وہ ایک قبر پر پائوں والی سائیڈ پر پکی قبر کے اوپر بیٹھ جاتا ہے اور کچھ پڑھنے لگتا ہے ۔ میں حیران ہوتا ہوں کہ یہ تو پڑھائی بھی کرتا ہے ۔ اچانک سیاہی پھیلتی ہے اور منظر بدلتا ہے ۔
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے کاموں میں اوپری اثرات کی وجہ سے رکاوٹیں ہیں ‘ تا ہم آپ صدقہ دیں اور آیت الکرسی روزانہ 125 مرتبہ پڑھ کر روزگار کے حصول کے لئے دعا کر لیا کریں نیز ہر جمعہ کے دن بعد نماز عصر تا مغرب یَا اَللہُ یَا رَحْمٰنُ یَا رَحِیْمُ لاتعداد پڑھتے رہیں اور اذان مغرب کے فورا ً بعد اپنے مقصد کے لئے دعا کر لیں ۔ انشا ء اللہ دوسرے یا تیسرے جمعہ تک آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔
اخبار کا ورق: میں نے دیکھا کہ میرے پاس ایک اخبار کا ورق ہے ‘ اس پر چھوٹے سائز کی تصویریں بنی ہوئی ہیں جو فلمی اداکاروں اور کھلاڑیوں وغیرہ کی لگتی ہیں ۔ ان میں مرد اور عورتیں دونوں ہوتے ہیں ‘ اچانک ایک جگہ پر اللہ کا نام ظاہر ہوتا ہے ان تصاویر کے ارد گرد ہی ‘ تو میں اپنی بہن کو آواز دیتا ہوں کہ دیکھو اللہ کا نام ظاہر ہوا ہے پھر وہ نام دوسری جگہ پر ظاہر ہوا تو میں نے جلدی سے چوما پھر تیسری ‘ چوتھی اور پانچویں جگہ پر ظاہر ہوا ۔ کم از کم تقریبا ً پانچ جگہ پر اللہ کا نام ظاہر ہوا اور میں اپنی بہن کو آوازیں دیتا رہا کہ آئو دیکھو لیکن وہ نہیں آئی حالانکہ وہ صحن میں ہی تھی ۔(ارشد‘ خانیوال)
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اس بات پر متوجہ کیا گیا ہے کہ دنیا میں لگ کر اللہ پاک کو نہ بھولیں اور پنج وقتہ نماز کی پابندی کریں گے تو ان شا ء اللہ دنیا کے تمام مسئلے اورپریشانیاں اپنے آپ حل ہوتی جائیں گی ۔ واللہ اعلم۔
لوگ مسجد سے بھی جوتا چُرا لیتے ہیں؟: میں نے دیکھا کہ میرا جوتا مسجد سے واپسی پر ملا نہیں اور میرے ساتھ کچھ لڑکے بھی ہیں ‘ میں ان کو یہ سارا قصہ سناتا ہوں اور کہتا ہوں کہ میرے ساتھ لاہور میں بھی ایسا ہی ہوتا تھا اور میں ان سے یہ کہتا ہوں یار لوگ مسجد سے بھی جوتا چرا لیتے ہیں ‘ حیرت ہے ۔(مقبول احمد‘ قصور)۔
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اپنی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔ آپ پنج وقتہ نماز کی پابندی کرتے ہوئے ہر نماز کے بعد 100 مرتبہ یَا ھَادِیُ پڑھ کر دعا کر لیا کریں ۔ نیز درود شریف چلتے پھرتے کثرت سے پڑھتے رہا کریں ۔ ان شا ء اللہ غیبی طور پر رہنمائی کے اسباب پیدا ہو جائیں گے ۔ واللہ اعلم ۔
ہتک آمیز رویہ: میں نے دیکھا کہ میرے نانا جو فوت ہو چکے ہیں ۔ وہ بہت زیادہ بوڑھے ہو چکے ہیں ۔ میں اور میرے خاوند ان کے سر کے پاس کھڑے ہوتے ہیں۔ سب لوگ کہتے ہیں ‘ یہ مرنے والے ہیں ۔ میرے خاوند ان کا مذاق اڑا رہے ہوتے ہیں۔(ثوبیہ‘ اٹک) ۔
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے شوہر کا رویہ آپ کے میکے والوں سے بالخصوص ننھیال والوں سے ہتک آمیز ہو رہا ہے ‘ تا ہم آپ مناسب طریقے سے ان معاملات کو طے کریں اور یَاھَادِیُ یَالَطِیْفُ ہر نماز کے بعد 21 ۔ 21 بار پڑھ کر بہتری کی دعا کرتی رہا کریں ۔
سرخ و سفید خط: میں نے دیکھا کہ میں انڈیا کے اداکار کے گھر کے پاس ہوں ۔ میں نے اس کے نوکر کو خط دیا ہے ۔ فورا ً اس کے خط کا جواب آیا ۔ اس کا خط ایک طرف سے سرخ ہے اور دوسری طرف سفید ۔ سرخ ورق پر چاک سے خط لکھا ہوا ہے کہ میری عمر 43 سال ہے ‘ میرا نام (ش۔خ)ہے ۔ میں اپنے خوابوں میں صرف اس کو دیکھتا ہوں۔ (اسماعیل‘جڑانوالہ)
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اس طرف متوجہ کیا گیا ہے کہ اپنا وقت فضول مشاغل میں ضائع کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ سےا پنا تعلق بنانے کی فکر کریں تا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی مقدر بن سکے ۔ واللہ اعلم ۔
بہن کی منگنی پر لال گائے اور نیلا سانپ: میں نے دیکھا کہ میری بہن کی منگنی ہو رہی ہے ۔ سب بہت خوش ہیں ‘ جشن کا سماں ہے ۔ ایک دم شور ہوتا ہے اور ایک دیوار کے اوپر سے لال رنگ کی گائے آتی ہے جو ضرورت سے زیادہ موٹی ‘ لمبی اور اونچی ہوتی ہے ۔ وہ دیکھتے ہی دیکھتے نیلے رنگ کا سانپ بن جاتا ہے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے چھوٹے چھوٹے سانپوں کی شکل میں تبدیل ہو جاتا ہے ۔ وہ سانپ میری طرف آتے ہیں اور میرے جسم میں چڑھ رہے ہوتے ہیں ۔(شانزے‘ راولپنڈی)
تعبیر : آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کو معدہ کی تکلیف کی وجہ سے پریشانی اٹھانی پڑے ‘ تاہم آپ سورئہ ماعون اور سورئہ قریش 7 ۔ 7 بار پڑھ کر پانی پر دم کر کے پی لیا کریں ۔ انشا ء اللہ تکلیف جلد ہی دور ہو جائے گی ۔ واللہ اعلم ۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں