کسانوں کے روزمرہ مسائل اور عبقری کے آسان ٹوٹکے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اگر کسی کے پودوں‘ درختوں اور ہری بھری فصلوں کونظربد لگ جاتی ہو۔ دیکھ بھال ‘ پانی اور کھاد مناسب ہونے کے باوجود فصل نشوونما نہ پارہی ہو تو سمجھ لیں کہ نظربد لگی ہے۔ اس کے علاج کیلئے ایک بڑی بالٹی میں پانی بھر کر 101 مرتبہ اللہ نور السموات والارض اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کریں اور یہ پانی پودوں میں ڈال دیں۔ ہر تین روز بعد اس عمل کو دہرائیں۔ (فرحت‘ لاہور)
جانور اب کھیتوں کونقصان نہ پہنچائیں گے
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں عبقری رسالہ گزشتہ پانچ سال سے مسلسل پڑھ رہا ہوں۔ انتہائی لاجواب رسالہ ہے۔ اس کے تمام سلسلے ہی میرے پسندیدہ ہیں۔ آپ کا نیا سلسلہ ’’کسان دوست عبقری ‘‘پڑھ کر انتہائی خوشی ہوئی۔ اس سلسلہ سے ہمارے کسان بھائیوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔اسی سلسلے کیلئے میرے پاس بھی ایک روحانی ٹوٹکہ ہے۔ میرے پاس بھی الحمدللہ زمین ہے اور میں اس پر کھیتی باڑی کرتا ہوں‘ اللہ نے چند جانور بھی دے رکھے ہیں۔ چند سال پہلے میرے تین عدد بیل مجھے بہت زیادہ تنگ کرنا شروع ہوگئے‘ کھڑی فصلوں کو برباد کرکے رکھ دیتے‘ اتنا تنگ کیا کہ میں نے ان کو قصائی کے ہاتھ بیچنے کا سوچ لیا۔ اسی دوران میں نے عبقری میں روحانی کلاس کے بارے میں پڑھا۔ میں بتائی گئی تاریخ پر لاہور جاکر تیسری روحانی میں شامل ہوا۔ تیسری روحانی کلاس میں مجھے جہاں اور کئی وظائف اور نسخہ جات سننے کو ملے وہیں حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم نے ایک روحانی ٹوٹکہ بتایا کہ اگر کوئی جانور تنگ کرے تو صم بکم عمی فھو لایتکلمون لکھ کر اور جانور کا نام لکھ کر زمین میں دبا دیں‘ جانور کھیت کا نقصان نہیں پہنچائے گا۔ مجھے ایسے لگا جیسے حضرت حکیم صاحب نے خاص میرے لیے یہ روحانی ٹوٹکہ بتایا ہے۔ میں نے جلدی سے ساتھ بیٹھے ساتھی سے کہا مجھے یہ لکھ دیں۔ انہوں نے مجھے لکھ کر دے دیا۔ اسی رات اپنے گھر واپس پہنچا صبح اٹھتے ہی میں اپنی مسجد کے امام صاحب سے تین چار مرتبہ یہ الفاظ لکھوائے اور اپنے کھیت کےچاروں جانب زمین میں نیچے کرکےدبادئیے۔ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ جس جس جانور کے میں نے نام لکھے وہ اور میرے وہ بیل میرے کھیت کی طرف دیکھتے بھی نہیں۔ مزید میرے بیلوں نے اب سرکشی اور ضد کرنا بالکل ہی چھوڑ دیا ہے۔میری تمام کسان بھائیوں سے درخواست ہے کہ اگر آپ کے جانور بھی تنگ کرتے ہیں تویہی عمل آزمائیں انتہائی آزمودہ اور لاجواب ہے۔(محمد شبیر‘اوکاڑہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں