Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

قارئین کی خصوصی اور آزمودہ تحریریں قارئین

ماہنامہ عبقری - جون 2016

 آپ بھی بخل شکنی کریں آپ نے کوئی روحانی جسمانی نسخہ ‘ ٹوٹکہ آزمایا ہواور اس کے فوائد سامنے آئے ہوں یا آپ نے کوئی حیرت انگیز واقعہ دیکھا یا سنا ہوتو عبقری کے صفحات آپ کیلئے حاضر ہیں‘ اپنے معمولی سے تجربے کو بھی بیکار نہ سمجھئے‘یہ دوسرے کیلئے مشکل کا حل ثابت ہوسکتا ہے اور آپ کیلئے صدقہ جاریہ ۔چاہے بے رابطہ ہی لکھیں صفحات کے ایک طرف لکھیں ‘ نوک پلک ہم خود ہی سنوار لین گے

اللہ کا نام لو اور داہنے ہاتھ سے کھاؤ
حضور نبی کریم ﷺ نے بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کہہ کر اور دائیں ہاتھ سے کھانے کے ساتھ ساتھ اپنے سامنے سے کھانے کا بھی حکم فرمایا ہے۔ سیدنا عمر بن ابی سلمہ رضی اللہ عنہٗ سے مروی ہے کہ ’’میں بچہ تھا اور حضور نبی کریم ﷺ کے زیرتربیت تھا‘ کھانے میں ایک دن میرا ہاتھ پلیٹ میں ادھر اُدھر جاتا تھا۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ‘‘اے لڑکے! اللہ کا نام لو‘ داہنے ہاتھ سے اور اپنے سامنے سے کھاؤ‘‘ سیدنا انس رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ جب کھانا تناول فرماتے تو اپنی انگلیاں مبارک چاٹ لیا کرتے اور فرماتے جب تم میں سے کسی کا لقمہ گرجائے تو اسے چاہیے کہ اٹھالے اور اگر اس میں کچھ لگ جائے تو اسے صاف کرکے کھالے اور شیطان کیلئے اسے نہ چھوڑے۔ سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ جب کھانے سے فارغ ہوتے اور دسترخوان اٹھاتے تو فرماتے:’’تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں اے ہمارے پروردگار اس سے کفایت ہے نہ بے نیازی‘‘ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ رسول اکرم  ﷺ نے ارشاد فرمایا کھانے کے بعد جو یہ دعا پڑھے اَلْحَمْدُلِلہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنِیْ ھَذَا الطَّعَامَ وَرَزَقَنِیْہٖ مِنْ غَیْرِحَوْلٍ مِنِّیْ وَلَا قُوَّۃٍ۔ ترجمہ: تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں جس نے مجھے یہ کھانا کھلایا اور رزق عطاکیا حالانکہ میری اس میں کوئی طاقت و قوت نہیں۔‘‘ تو اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کردئیے جائیں گے۔ (کتاب: مثالی مسلمان ص489) (ک۔ا۔ش، ڈیرہ اسماعیل خان)
رمضان کا فیض
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم ! اللہ آپ کو اور آپ کی قیامت تک کی نسلوں کو عرشوں کے بھاگ لگائے اور دنیا و آخرت دونوں میں آپ کو سرخرو فرمائے۔ آمین!
جب سے آپ کی نسبت ملی ہے مجھ جیسی حقیر و کمتر بندی بھی ذکر الٰہی کی نام لیوا بن گئی ہے، آپ سے ملنے سے پہلے ہم اللہ سے اس طرح سے متعارف نہیں تھے اللہ سے اس طرح دعا مانگنا اور منوانا نہ آتا تھا جس طرح کہ آپ نے سکھایا اور سمجھایا۔ ا للہ آپ کو دنیا جہاں کی رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے آپ کے صدقے پچھلا رمضان ایسا گزرا کہ بس مزا ہی آگیا۔ شکرکے شربت اور تخم ملنگا(تخم بالنگو)کے استعمال (یعنی ایک گلاس شکر کے شربت میں ایک چمچ تخم ملنگا اچھی طرح مکس کرکے نوش جاں فرمائیں) نے مجھے اور سب گھر والوں کو روزے کی حالت میں بھی ہشاش بشاش اور ترو تازہ رکھا یقین رکھیں ہر افطار اور سحری کے وقت میں اللہ کا شکر ادا کرتی اور آپ کے حق میں بے شمار دعائیں کرتی ہوں۔ (عذرا جمال )
پانچ طاق راتوں کے نوافل
اکیسویں رات: چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعدسورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھے بعد سلام کے 70 مرتبہ درود پاک پڑھے۔ انشاء اللہ اس نماز کے پڑھنے والے کے حق میں فرشتے مغفرت کی دعا کریں گے۔ (1) رمضان میں اسی رات کو 21 مرتبہ سورۂ قدر پڑھنے کا ثواب بے شمار ہے۔ تیئسویں رات: اس رات نماز عشاء اور تروایح کی ادائیگی کے بعد ایک مرتبہ سورۃ یٰسین اور ایک مرتبہ سورۃ رحمٰن پڑھنا باعث برکت فضلیت ہے۔ (2) اس رات 4 رکعت نفل نماز 2,2 رکعت کرکے، ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد 1 بار سورۃ قدر اور 3,3 مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھیں۔ بفضل تعالیٰ گناہوں کی معافی ہوگی۔ (3) 8 رکعت نفل نماز 2,2 رکعت کرکے اسی طرح کہ سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ قدر اور ایک بار سورۃ اخلاص پڑھیں بعد نماز ستر مرتبہ کلمہ تمجید پڑھیں اور پھر گناہوں کی معافی مانگے۔ پچیسویں رات: (1) 4 رکعت نماز دو سلام سے پڑھیں سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ قدر ایک بار، سورۃ اخلاص 5,5 مرتبہ ہر رکعت میں پڑھیں۔ بعد سلام کے کلمہ طیبہ ایک سو دفعہ پڑھیں۔ رب کریم کی طرف سے بے شمار ثواب ملے گا۔ (2)۔ 4 رکعت نماز نفل دو دو کرکے پڑھیں ہر رکعت میں بعد سورۃ فاتحہ کے سورۃ قدر 3,3 مرتبہ، سورۃ اخلاص 3,3 مرتبہ۔ بعد سلام ستر دفعہ استغفار پڑھیں۔ یہ نماز بخشش کیلئے بہت افضل ہے۔ (3) ۔دو رکعت نماز نفل ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ قدر ایک ایک بار، سورۃ اخلاص پندرہ پندرہ مرتبہ پڑھیں، بعد سلام کے ستر دفعہ کلمہ شہادت پڑھیں، یہ قبر کے عذاب سے بچاتی ہے۔ (4) اس رات 7 مرتبہ سورۃ دخان پڑھیں،اس کے پڑھنے کے باعث عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے گا۔ (5) اس رات 7 مرتبہ سورۃ فتح پڑھنا بہت افضل ہے۔ انیتسویں رات: اس رات 4 رکعت نماز دو سلام سے پڑھیں ہر رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد سورۃ قدر ایک ایک بار، سورۃ اخلاص 3,3 مرتبہ پڑھیں۔ بعد سلام سورۃ الم نشرح 70 مرتبہ پڑھیں۔ اس نماز کے پڑھنے والے کو ان شاء اللہ تعالیٰ مکمل ایمان کے ساتھ دنیا سے اٹھایا جائے گا۔ (2) اس رات 4 رکعت نماز دو سلام سے پڑھیں اور ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ اخلاص 5,5 مرتبہ پڑھیں۔ بعد سلام ایک سو دفعہ درود شریف پڑھیں۔ ان شاء اللہ بخشش و مغفرت عطا کی جائے گی۔ (3) سات مرتبہ سورۃ واقعہ پڑھیں، ترقی رزق کے لئے افضل ہے۔ (4) بعد نماز عشاء سات مرتبہ سورۃ قدر پڑھنا بہت افضل ہے ان شاء اللہ اس کے پڑھنے والے کو ہر مصیبت سے پناہ ملے گی۔ (سنبل طہٰ۔ پنڈدادنخان)
گرمی کی شدت، رمضان اور انوکھا مشروب
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کو اور آپ سے جڑی ہوئی ہر شخصیت کو اللہ تعالیٰ صحت کاملہ عطا فرمائے۔ محترم حضرت حکیم صاحب! جولائی 2013ء وہ مہینہ ہے جب ماہنامہ عبقری کے ساتھ میرا تعلق قائم ہوا جو اللہ کے کرم سے اب تک قائم ہے۔ جولائی 2013ء کے رسالہ میں میں نے ایک مشروب بنانے کا طریقہ پڑھا جو کہ اس وقت میری اشد ضرورت تھا۔ ہروقت معدے میں جلن‘ جسم میں بے قراری‘ تیزابیت‘ کھانے کے بعد گلے میں جلن کے ڈکار جیسی بہت سی تکالیف تھیں۔ ایک بار اس شربت کو بنایا اور ایک ہفتہ کے استعمال سے ہی وجود میں ایسی تبدیلی آئی کہ میری تمام ادویات جو کہ معدے کی وجہ سے استعمال کررہا تھا آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوگئیں اور اس کے بعد تو میں گرمی کے موسم میں بلاناغہ یہ شربت استعمال کرتا ہوں اور ساتھ میں اپنے گھروالوں کو بھی استعمال کرواتا ہوں۔ اپنے بہت سے دوستوں کو بھی یہ نسخہ گفٹ کے طور پر دیا سب نے اس کی بے حد تعریف کی اور اب وہ بھی اس کو استعمال کررہے ہیں۔چونکہ مجھے یہ نسخہ رمضان المبارک سے پہلے ملا تھا جس کی وجہ سے الحمدللہ وہ اور اب تک کے دو اور رمضان بہت ہی پرسکون طریقہ سے گزرے‘اب چونکہ رمضان جون میں آرہا ہے اور گرمی اپنے عروج پر ہوگی۔ اس لیے میں یہ نسخہ اپنے لیے بازار سے لینے جانے لگا تھا کہ اچانک ذہن میں خیال آیا کہ نہ جانے اور کتنے لوگوں کو اس کی ضرورت ہوگی اسی خیال کے پیش نظر سابقہ رسالے سے یہ نسخہ دوبارہ قارئین کیلئے تحریر کررہا ہوں۔ھوالشافی: گل نیلوفر‘ گلاب کے پھول‘ آملہ‘ بہیڑہ‘ ہڑیڑ‘ گاؤزبان‘ املی‘ آلو بخارا کے علاوہ باقی تمام پچاس پچاس گرام اور املی آلو بخارا ایک ایک پاؤ۔ ان سب کو تقریباً آٹھ کلو پانی میں ہلکا کوٹ کر رات کو نیم گرم پانی میں بھگودیں۔ صبح اٹھ کر ہلکی آنچ پر ابالیں جب تین کلو پانی جل جائے تو اتار کررکھیں اور ٹھنڈا ہونے پر پانی نتھارلیں۔ اس میں پانچ کلو چینی ملا کر ہلکی آنچ پر پکاتے رہیں۔ اچھی طرح گاڑھا پکا کر خشک بوتلوں میں محفوظ رکھیں بس شربت تیار ہے۔ چاہے حسب پسند کوئی خوشبو ڈال سکتے ہیں۔ ترکیب استعمال: چار بڑے چمچ دن میں چار بار‘ بڑوں کیلئے اور چھوٹوں کیلئے ایک چمچ سے تین چمچ دن میں چار بار‘ حسب طبیعت مقدار میں کمی بھی کرسکتے ہیں۔ کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں اور نہ کوئی برے اثرات ہیں صحت ہی صحت تندرستی ہی تندرستی۔۔۔(نقاش‘ ساہیوال)
32 کی عمر میں 26 کی لگتی ہوں؟
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری ماہنامہ عبقری سے دوستی بہت پرانی ہے۔ 2007ء سے عبقری کی قاریہ ہوں۔ اس کے جن جن ٹوٹکوں کو میں نے آزمایا‘ لاجواب پایا۔ آج میں چند روحانی و طبی ٹوٹکے بتارہی ہوں جن سے میں نے بہت کچھ پایا۔ پچھلے سال دسمبر میں ایجوکیٹرز کی آسامیاں آئی تھیں اور حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم نے گھر سے نکلتے وقت کی دعا کے فوائد بتائے تھے کہ جب کسی اہم کام میں کامیابی پانی ہو تویہ مسلسل پڑھتے رہیں میں نے بھی اس دعا کو مسلسل پڑھا اور مجھے پیپرز میں 73 فیصد نمبرز ملے۔ الحمدللہ یہ سب محض اللہ پاک کے کلام اور مرشد پاک کی محبت سے ملے۔ٹریفک جام میں سورۂ الم نشرح کا مسلسل ورد کرنے سےحیران کن نتائج ملے۔ الحمدللہ حضرت حکیم صاحب آپ کے بتائے ہوئے اعمال کو یاد کرکے میں سفر میں محفوظ رہتی ہوں۔سورۂ قریش کو جب بھی سواری پانے کیلئے پڑھا الحمدللہ ملی ہے۔ وضو کے تین گھونٹ پانی پینے اور چوتھا گھونٹ منہ سے نکال کر ہاتھوں پر ڈال کر آنکھوں پر ملتی ہوں اس نیت سے کہ اللہ پاک میرے حلقے ختم کردے‘پابندی سے ہر نماز کے وضو کے ساتھ ایسا کرتی ہوں۔ بہت بہتر ہوں۔ اس کےعلاوہ عبقری دواخانہ کی ’’دیسی کریم‘‘ روزانہ رات کو لگا کر سوتی ہوں۔ 32 سال میری عمر ہے‘ غیرشادی شدہ ہوں لیکن دیکھنے والے مجھے 26 سال کا کہتے ہیں‘ چھوٹی بہنوں کوبڑا کہتے ہیں۔ (ثمن‘ لیاقت پور)
یرقان کے مریضوں کیلئے تحفہ خاص
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میری طرف سے قارئین عبقری خاص کر جو یرقان جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں ان کیلئے ایک تحفہ ہے جو درج ذیل ہے:۔
ھوالشافی:سرکہ خالص دس تولہ‘ گلاب کا پانی بیس تولہ‘ مصری تین پاؤ، دستور کے مطابق شربت تیار کریں۔ کاسنی اور سونف کے عرق میں تھوڑا ڈال کر صبح و شام پئیں۔ یرقان کیلئے مجرب ہے۔ 2۔ ’’مارموت‘‘ ایک جڑی بوٹی ہے جو پہاڑوں پر ہوتی ہے۔ مارموت کا سفوف چھ ماشہ لے کر کاسنی کے عرق کے ساتھ استعمال کریں تو یرقان کو ختم کردیتی ہے۔ اس کے علاوہ جس کی تلی بڑھ جائے اسے چاہیے کہ پانچ عدد انجیر کے دانے لیں اور اس کو پانچ تولہ سرکہ خالص میں رات کو بھگودیں اور صبح کو انجیروں کو نکال کر کھائیں صرف اکیس دن میں انشاء اللہ صحت یاب ہوجائیں گے۔ (ڈاکٹر نثار احمد مینگل بروہی‘ شکارپور) (قارئین اگر ’’مارموت‘‘ بوٹی کےمزید نام کسی کے علم میں ہوں تو ضرور بتائیں۔ ایڈیٹر)
نسخہ برائے دردگردہ و پتھری
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ایک صاحب میرے دوست ہیں وہ درد گردہ اور گردے کی پتھری کیلئے فی سبیل اللہ دوائی دیتے ہیں‘ انہوں نے بتایا کہ 18 سال قبل ان کے گردے میں بڑی شدید تکلیف شروع ہوگئی۔ ایک ہفتے تک وہ ٹیکے لگواتے رہے جونہی ٹیکے کا اثر ختم ہوتا درد پھر شروع ہوجاتا۔ ڈاکٹر گردے میں پتھری بتاتے تھے۔ ایک دن تکلیف ہی میں ان کو کسی رشتہ دار کے گھر جانا پڑگیا جہاں ان کی بیٹی کےر شتے کی تاریخ لینے کیلئے کچھ لوگوں نےا ٓنا تھا یہ اپنی تکلیف ضبط کرکے بیٹھے ہوئے تھے۔ مہمانوں میں ایک بزرگ بھی تھے۔ انہوں نے پوچھا بیٹا کیا تکلیف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے گردے کی تکلیف ہے۔ بزرگ نے جیب سے ایک بوتل نکالی اس میں سے ایک خوراک دوائی (پھکی) دی اور کہا کہ ابھی چائے کے ساتھ کھالو، بزرگ نے یہ بھی کہا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں ورنہ میں چائے بھی منگوا دیتا۔ میرے دوست نے دوائی کھالی‘ بزرگ نے کہا کہ ایک کاغذاور پنسل بھی پکڑلو پھر انہوں نے لکھوایا۔ھوالشافی:
سُنڈھ۔ ریوند چینی۔ میٹھا سوڈا۔ ان تینوں کو ہم وزن لے کر گرائنڈ کرکے پھکی بنالیں۔ یہ دوائی لوگوں کو بغیر معاوضہ دیں انشاء اللہ اللہ شفاء دے گا۔ دوائی کی خوراک: آدھا چائے والا چمچ چائے کے ساتھ صبح دوپہر اور شام کو لیں۔ پہلی خوراک لینے کے صرف پندرہ منٹ بعد ہی آرام آجاتا ہے۔ دو تین دنوں میں گردے سے پتھری بغیر تکلیف کے نکل جاتی ہے۔ میرے دوست کو صرف ایک خوراک سے ہی آرام آگیا اب وہ دوائی فی سبیل اللہ لوگوں کو دیتے ہیں۔ ان کو اس دوائی کے بہت زیادہ رزلٹ مل رہے ہیں۔ میں نے یہ نسخہ ان سے لے کر عبقری کیلئے بھیج دیا ہے تاکہ جہاں سینکڑوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے وہاں لاکھوں کو پہنچے گا اور میرے لیےاور میرے دوست کیلئے صدقہ جاریہ بنے گا۔قارئین! آپ بھی ضرور آزمائیں اور اس کے فوائد دفتر ماہنامہ عبقری کو ضرور لکھیے تاکہ مزید لوگوں کو اس کے فوائد پتہ چلیں۔(شفاعت حسین‘ لاہور)

Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 861 reviews.