Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - مارچ2016ء

خاوند دوسری عورت کے ساتھ:میں دس برس سے یہ خواب دیکھ رہی ہوں کہ مجھے یا تو خبر ملتی ہے یا میں خود دیکھتی ہوں کہ میرا خاوند کسی دوسری عورت کے ساتھ ہے اور اس نے دوسری شادی کی ہوئی ہے۔ میں نے ابھی دیکھا کہ جیسے میرا ایک بیٹا ہے جو کہ بہت سفید اور نیلی آنکھوں والا ہے اس کی عمر تین چار مہینے ہے اور جب میں اس کا غسل خانے میں منہ ہاتھ دھلا رہی ہوں تو وہ مجھ سے باتیں کرنا شروع کردیتا ہے مثلاً وہ اپنا نام میرے پوچھنے پر وہ بتاتا ہے جو کہ اصل میں میرے چھوٹے بیٹے کا نام ہے تو میں حیران رہ جاتی ہوں کہ یہ کس طرح سے باتیں کررہا ہےکہیں یہ کوئی اور مخلوق تو نہیں۔ پھر میں دیکھتی ہوں کہ جیسے اندرون شہر کا کوئی گھر ہے اور وہ گھر میری والدہ کا ہے۔ اس گھرمیں پریشان بیٹھی ہوں کہ میرے شوہر مجھ سے ناراض ہوکر کہیں گئے ہیں تو میں جب اس جگہ فون کرتی ہوں تو کوئی عورت اٹھاتی ہے اور مجھ سے اس انداز میں بات کرتی ہے جیسے کہ مجھے پہلے سےعلم ہے کہ یہ میرے خاوند کی دوسری بیوی ہے وہ مجھے کہتی ہے کہ وہ تم سے بات نہیں کرنا چاہتے۔ میں اس کی منت سماجت کرتی ہوں مگر وہ فون بند کردیتی ہے۔ فون بند ہونے کے بعد میں اپنے آپ کو کوستی ہوں کہ میں نے اپنے شوہر کی شادی پر اگر واویلا مچایا ہوتا اور چپ نہ ہوتی تو آج ایسا نہ ہوتا۔ (غ۔ش)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ کسی ناگہانی پریشانی اور بیماری سے پورے گھر کے ڈسٹرب ہونے کا اندیشہ ہے تاہم کچھ صدقہ حسب توفیق اپنا اور گھر والوں کی طرف سے فوری طور پر دیں اور یَاحَفِیْظُ انیس بار ہر نماز کے بعد پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔
دکھاوے کا ثواب: میں نے دیکھا کہ میری نانی میرے ماموں کے ساتھ ہمارے گھر آئیں‘ پھر ماموں نانی کو ہمارے گھر چھوڑ کر واپس چلے گئے۔ میں نے دیکھا کہ میری نانی نے بہت بڑی موٹی اور کالے رنگ کی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔ میری امی میری نانی کو کمرے میں لے گئیں اور نانی کو پلنگ پر بٹھایا، پھر کالی موٹی چادر جو خوب لپٹی ہوئی تھی (نانی نے) اتاری۔ پھر نانی لیٹ گئیں وہ اس طرح لیٹیں کہ پاؤں قبلہ کی طرف تھے اور بائیں کروٹ لیٹیں، اس وقت میرے دل میں خیال آیا کہ نانی کا تو انتقال ہوچکا‘ پھر نانی ہمارے گھر کیسے آئیں؟ پھر نانی رونے لگیں اور اپنی کمر دکھائی جہاں نیل کے نشانات تھے اور اپنی بیٹیوں کے نام لیے کہ ان دونوں نے میرا بُرا حال کردیا ہے۔ (مائرہ‘ اسلام آباد)
تعبیر: خواب کے مطابق اس بات پر متنبہ کیا گیا ہے کہ جو بھی عبادات نفلی ہوں یا فرائض، اخلاص نیت کے ساتھ کی جائے اور دکھاوے کا شائبہ بھی نہ ہو اور نہ ہی کسی سے اس بات کا ذکر کرے کہ فلاں نفلی عبادات کا ثواب فلاں کو بھیجا ہے۔ دوسری نصیحت اس خواب میں یہ کی گئی ہےکہ سنت طریقے کے مطابق کیا ہوا تھوڑا سا عمل بہت ہی فائدہ مند ہے۔ بہ نسبت غیرسنت طریقے سے کیے گئے بڑے بڑے اعمال کے۔ دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں اخلاص اور سنت رسول ﷺ کی پیروی نصیب فرمادیں۔ (واللہ اعلم)
مشکلات اور رکاوٹیں:میں اکثر خواب میں سکول یا کوئی عمارت دیکھتی ہوں‘ جہاں ہرطرف پانی ہی پانی ہوتا ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے سیلاب آرہا ہے اور جیسے ہم پانی میں بیٹھے پڑھ رہے ہیں۔ ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔(ن۔ج)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ بعض اہم کاموں میں مشکلات اور رکاوٹیں بہت ہورہی ہیں آپ حسب استطاعت کچھ صدقہ دیں اور چلتے پھرتے پڑھتی رہا کریں۔ واللہ اعلم۔
بیرون ملک سفر خطرناک: میں اکثر خواب میں اپنی ایک پرانی دوست کو دیکھتی ہوں(جس کی شادی ہوچکی ہے‘ اور وہ ملک سے باہر ہے) میں دیکھتی ہوں جیسے میں اس سے ملنے اس کے گھر جارہی ہوں اور اس کا گھر مجھے نہیں ملتا‘ عجیب عجیب سی گلیوں سے گزرتی ہوں کسی پل سے گزرتی ہوں لیکن اس سے نہیں مل پاتی‘ جب اس سے ملتی ہوں تو وہ بہت غمزدہ نظرآتی ہے۔ایک دفعہ دیکھا کہ وہ مجھے کہتی ہے کہ یہ دیکھو میری بیٹی اور میرے گھروالوں نے زبردستی میری شادی کردی ہے‘ میں سن کر بہت دکھی ہوتی ہوں۔(ش،کراچی)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کیلئے بیرون ملک سفر کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اس لیے حتی المقدور کم از کم ایک سال تک کیلئے احتیاط کرلیں۔ پھر بھی اگر مجبوری ہوجائے تو 313 بار سورۂ قریش پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور حسب توفیق کچھ رقم بطور صدقہ دے دیا کریں۔ انشاء اللہ غیبی حفاظت ہوگی۔ واللہ واعلم۔
کزن کا نکاح: میں نے خواب دیکھا کہ میری کزن کا نکاح ہے‘ میں اور میری امی نکاح سے واپس اپنے گھر آرہے ہیں تو راستے میں ایک آدمی ہمارا پیچھا کرتا ہے میں اور میری امی چلتے جاتے ہیں‘ آگے گلی میں بہت اندھیرا ہوتا ہے‘ ہم وہاں چھپ جاتے ہیں وہ آدمی وہاں سے چلا جاتا ہے اور ہم بچ جاتے ہیں۔ (ثمینہ‘ لاہور)
تعبیر:آپ کی بیٹی کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ اسے کسی پریشانی یا بیماری میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے تاہم اگر مناسب احتیاطی تدابیر کرلی گئیں تو یہ بیماری جلد دور ہوجائے گی۔ واللہ اعلم۔
ناگہانی پریشانیاں: میں نے دیکھا کہ میں اور میری دو بڑی بہنیں کسی کے گھر سے اپنے گھر ٹرین پر آرہی ہیں‘ راستے میں جتنے اسٹیشن آتے ہیں وہ بہت ویران اور کھنڈرات کی صورت میں ہوتے ہیں جس اسٹیشن پر ہم اترتے ہیں اس کا نام (سرسیام) لکھا ہوتا ہے‘ وہ اسٹیشن بھی ویران ہے اور خوفناک قسم کا ہے‘۔ ہم اسٹیشن پر اپنے گھر کی سڑک تک پیدل آتی ہیں اور ایک وین ہمارے پاس آتی ہے جس میں کچھ حبشی ہیں وہ ہمارا سامان اتار کر ہمیں دیتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ (صبا، ملتان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ کچھ دن ناگہانی پریشانیوں کا سامنا آپ کو کرنا پڑے گا تاہم جلدی حالات کی بہترین کا بھی اشارہ ہے۔ آپ اپنا اور اپنے گھر والوں کی طرف سے حسب توفیق کچھ صدقہ دیں اور یَاحَیُّ یَاقَیُّومُکثرت سےپڑھتی رہا کریں۔ واللہ اعلم۔

Ubqari Magazine Rated 4.5 / 5 based on 582 reviews.