روحانی اجتماع نے زندگی ہی بدل ڈالی
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! امید ہے خیریت سے ہوں گے اور ہمیشہ کی طرح امت کی خیرخواہی کے لیے کوشاں ہوں گے۔ اللہ آپ کے اس جذبے اور کوشش کو قبول فرمائے۔ اللہ کریم آپ کو اور آپ کی نسلوں کو صحت، عافیت اور بے شمار رحمتیں اور نعمتیں عطا فرمائے۔ اللہ آپ کی حفاظت، کفایت اور کفالت فرمائے۔
الحمدللہ! عبقری کے روحانی اجتماع میں بمع فیملی شرکت کی توفیق ملی۔ کچھ دوستوں کو بھی ساتھ لے کر گیا۔ انہیں بھی اور خود کو بھی بے حد نفع ہوا۔ عبقری روحانی اجتماع نے زندگی ہی بدل کر رکھ دی۔ پہلے اعمال میں کچھ سستی تھی لیکن جب سے اجتماع سے واپسی ہوئی الحمدللہ!۔ ابھی تک کوئی نماز قضا نہیں ہوئی اور نہ ہی صبح و شام کی دعائیں اور تسبیحات قضا ہوئی ہیں۔ روزانہ پانچ وقت نمازیں‘ ایک پارہ قرآن کریم تلاوت و تینوں تسبیحات‘ 129 مرتبہ صبح و شام سورۂ کوثر اور مسنون دعاؤں کا مکمل اہتمام ہے۔ اس کے علاوہ سورۂ کوثر کا ورد پڑھنے کا کہا تھا۔ وہ بھی اب الحمدللہ ایک ہزار یا کبھی اس سے زیادہ تک روزانہ پڑھ لیتا ہوں۔ عبقری روحانی اجتماع کے دوران تسبیح خانہ کی خدمت کی برکت سے اللہ کریم نے بہت اچھا اور کامیاب روزگار دیا ہے۔ (نعمان شہزاد)
گناہوںپر ندامت اور توبہ کی توفیق ملی
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔ عبقری روحانی اجتماع میں بھرپور طریقے سے شرکت کی‘ آپ کے دیدار اور اعمال سے فیض یاب ہوا۔ دلی سکون اور چین نصیب ہوا۔ گناہوں پر ندامت اور توبہ کی توفیق ملی۔ اللہ آپ کے خیرخواہی کے اس جذبے کوقبول فرمائے اور آپ کو اور آپ کی آنے والی نسلوں کو نعمتوں اور رحمتوں سے مالامال کرے۔ دعا ہے اللہ ہمارا تعلق تسبیح خانہ سے ہمیشہ بنائے رکھے۔ اب سے پہلے اعمال میں سستی اور نمازوں میں کوتاہی تھی لیکن تسبیح خانہ آنے کے بعد اب اعمال پر توجہ ہے گو کوتاہی پہلے سے کم ہے۔ آپ کی دعاؤں سے انشاء اللہ وہ بھی ختم ہوجائے گی۔ (محمد اشفاق)
سکون کہیں ملا تو تسبیح خانہ میں ملا
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں تقریباً چھ ماہ سے عبقری کا قاری ہوں‘ میں اپنے شہر کے سرکاری ہسپتال میں چوکیدار ہوں۔ میں نے نومبر 2015ء میں عبقری روحانی اجتماع تین روزہ میں شرکت کی اور بیعت بھی ہوا ہوں۔ اللہ کے فضل سے میں پہلے بھی پانچ وقت کانمازی تھا اور آپ کا درس سننے کے بعد میرا جذبہ اور بھی بڑھ گیا ہے۔ محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!آپ کو اور آپ کے اس جذبے کو ہمیشہ قائم رکھے۔ آمین! میری بہت عرصہ سے خواہش تھی کہ میں تسبیح خانہ جاؤں اور آپ کا دیدار کروں۔ آپ کے اجتماع نے میری یہ خواہش بھی پوری کردی ‘ میں اللہ تعالیٰ کا بہت شکرگزار ہوں اور روزانہ دو نفل شکرانہ کی نیت سے پڑھتا ہوں۔ روحانی اجتماع میں شرکت کرکے اتنا سکون ملا کہ میں بتانہیں سکتا۔ اب ہروقت حلال کمانے اور حلال کھانے کی فکر لگی رہتی ہےاور دعا کرتا ہوں یااللہ تمام مسلمانوں کو حلال کمانے اور حلال رزق کھانے کی توفیق دے۔ (رانا محمود الحسن‘ خوشاب)
کاروبار میں برکت
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! بعد سلام عرض ہے کہ میں گھر میں بہت پریشان تھی‘ گھر بھی کرائے کا ہے‘ بچوں اور شوہر کے کاروبار میں بھی رکاوٹ تھی‘ اتفاق سے مجھ سے میری ایک قریبی رشتہ دار نے کہا کہ لاہور چلوگی‘ میرے لیے تو لاہور آنا بالکل ناممکن تھا اور میں بچوں کو چھوڑ کر نکل بھی نہیں سکتی تھی‘ اچانک وہ میرے گھر آئیں‘ مجھ سے پوچھا تو شام کو میں نے اپنے شوہر سے ڈرتے ڈرتے بات کی تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ انہوں نے اجازت دے دی اور میں حیران کن طور پر لاہور پہنچ گئی۔ میں نے عبقری روحانی اجتماع میں شرکت کی‘ یقین مانیے یہاں آکر مجھے بہت روحانی سکون محسوس ہوا اور سب سے حیرت انگیز بات یہ کہ جب سے میں روحانی اجتماع میں شرکت کرکے واپس گھرآئی ہوں میرے شوہر کے کاروبار میں بھی ٹھیک ٹھاک برکت محسوس ہورہی ہے اور ہم سب بہت خوش ہیں۔ (زوجہ عبدالحمید)
گنہگار پر بھی نظرکرم
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!اللہ تعالیٰ آپ کے درجات مزید بلند فرمائے‘ آمین ثم آمین! سائل کو اللہ تبارک و تعالیٰ کی توفیق سے حالیہ عبقری روحانی و اصلاحی اجتماع میں شرکت کا موقع ملا اور آپ نے کمال شفقت و مہربانی فرماتے ہوئے مجھ گنہگار کو بمع دوسروں کے بیعت کا شرف بھی عطا کیا جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں۔ عبقری روحانی اجتماع میں شرکت کرنے کے بعد احساس ہوا کہ بندہ نے اپنی زندگی کے 60 سال گناہوں میں ہی گزار دئیے۔ میں اب اجتماع میں بتائے ہوئے وظائف پر عمل کرنے کی پوری کوشش کررہا ہوں اور اللہ عزوجل سے سے دعا گو رہتا ہوں کہ وہ مجھے اس پر استقامت نصیب کرے۔ آمین ثم آمین! اس سلسلے میں مجھ گنہگار پر بھی نظرکرم فرمائیے۔ (ج،چ)
اطمینان و سکون اور پریشانیاں ختم
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں اور میری زوجہ نومبر 2015ء میں عبقری روحانی اجتماع میں شریک ہوئے‘ بہت ہی روح پرور اجتماع تھا۔ دل کو جو اطمینان و سکون حاصل ہوا وہ بیان نہیں کرسکتے۔ میں ، میری زوجہ ‘ میری دونوں بیٹیاں اوربیٹا بھی بیعت ہوئے۔میرے حالات بہت خراب تھے‘ عرصہ بیس سال سے پریشان تھا‘ بہت جگہ جاچکا تھا۔ آپ کے اجتماع میں شریک ہونےسے ایک رات پہلے تیاری وغیرہ کرکے سوئے تو مجھےاورمیری بیوی کو ایک ہی وقت نماز فجر کے بعد خواب آیا کہ ہم دونوں نے اپنے گھر میں بہت سے سانپوں کو مار دیا ہے۔ (نثاراحمد)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں