ہیپاٹائٹس
میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے پیٹ کے بائیں طرف ناف کے ساتھ ہر ماہ دو ماہ کے بعد شدید درد ہوتا ہے، درد کی اور اینٹی بائیوٹک گولیاں کھانے سے آرام آجاتا ہے۔ خون‘ پیشاب‘ سٹول ٹیسٹ مکمل کرائے۔ الٹراساﺅنڈ کرایا اور دل کے ٹیسٹ کرائے۔ سب اللہ کے فضل سے ٹھیک نکلے۔ لیڈی ڈاکٹر سے مکمل چیک اپ کروایا، نارمل تھا۔ لیڈی ڈاکٹر سے درد چیک کروانے گئی تو اس نے کہا کہ ایچ سی وی کروائیں تو رزلٹ پوزیٹو نکلا، جس سے پریشانی ہوئی۔ میری عمر 38 سا ل ہے۔ پانچ بچے ہیں سب سے چھوٹا بچہ تین سال کا ہے۔ میرا وزن 127پاﺅنڈ ہے۔ قد 5-7"۔ وزن کبھی ایک دو پاﺅنڈ بڑھ جاتا ہے کبھی کم ہو جاتا ہے۔ سر میں کبھی کبھی درد ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کبھی کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ خدا کے فضل سے بالکل ٹھیک ہوں اور ہر چیز کھا لیتی ہوں۔ ایچ سی وی رزلٹ کے بعد پریشانی ہوئی ہے۔(طاہرہ بہاولنگر)
جواب: آپ بادی چیزیں خاص طور پر بڑا گوشت، آلو، چاول وغیرہ بالکل استعمال نہ کریں۔ جوارش کمونی، جوارش جالینوس اور خمیرہ ابریشم مستقل جاری رکھیں انشاءاللہ تعالیٰ پھر تکلیف نہ ہوگی۔ یہ کوئی خطرناک درد نہیں لیکن احتیاط اور علاج لازم ہے۔
چارٹ سے غذا نمبر 8,7,6,5 استعمال کریں ۔
چھوٹا قد
میری عمر 16سال ہے، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرا قد بہت چھوٹا ہے جس کی وجہ سے میں احساس کمتری کا شکار رہتا ہوں میرا قد پانچ فٹ سے کچھ کم ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ کوئی ایسا نسخہ تجویز فرمائیں کہ میرا قد 4انچ بڑا ہو جائے۔ دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ پچھلے سال میری بائیں آنکھ میں ناک کی جانب سے سوجن آئی۔ زیادہ توجہ نہ دی اور میں سمجھا کہ شاید ہر وقت زکام اور نزلہ رہتا ہے اسی کی وجہ سے ہے مگر وہ سوجن نہ گئی۔ کئی ڈاکٹروں کو دکھایا۔ اب ایک ڈاکٹر کو دکھایا تو اس نے بتایا کہ ناک میں غدود ہے اور اس کا آپریشن کرنا پڑے گا میں اب بہت پریشان ہوں۔ میرے اس مسئلے کا حل بھی بتائیں‘ شکرگزار ہوں گا۔ (میا ں عمران، خانپور)
جواب: آپ مندرجہ ذیل نسخہ مستقل کچھ عرصہ استعمال کریں۔ اطریفل‘ اسطخدوس‘ خمیرہ ابریشم حکیم ارشد والا۔ اطریفل غددی کسی اچھے دواخانے کی لے کر اوپر لکھی ترکیب کے مطابق استعمال کریں۔ کھٹی ٹھنڈی بادی چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔ چند ماہ ضرور استعمال کریں۔ ہلکی ورزش سے بھی فائدہ ہوگا۔ چارٹ سے غذا نمبر 4,3 مسلسل استعمال کریں ۔
جھریاں ہیں
میرا پہلا مسئلہ یہ ہے کہ میری آنکھوںکے نیچے حد سے زیادہ جھریاں اور حلقے ہیں۔ میری عمر اٹھارہ سال ہے اس لیے نہ تو عمر کا مسئلہ ہے جو اتنی زیادہ جھریاں پڑ گئی ہیں۔ براہ مہربانی کوئی ایسا نسخہ تجویز کر دیں کہ یہ جھریاں صاف ہو جائیں اور میرا دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے منہ اور ہاتھوں کا رنگ میرے باقی سارے جسم سے بالکل نہیں ملتا یعنی چہرے کا رنگ سانوالہ ہے اور باقی جسم کا رنگ بہت سفید ہے اور نیند بہت کم آتی ہے سونے کی بہت کوشش کرتی ہوں لیکن کافی دیر بعد نیند آتی ہے۔ براہ مہربانی کوئی مناسب مشورہ دیں، جس سے میرے یہ مسئلے حل ہو جائیں اور میں ذہنی سکون حاصل کر سکوں آپ کی مہربانی ہو گی۔(نبیلہ، سکھر)
جواب: صبح بادام اور کشمش کھائیں۔ دوپہر، رات کو غذا کے بعد عمدہ انگور کھائیں پانی زیادہ پئیں۔ ہلکی پھلکی ورزش‘ کھیل کود بھی کریں خالص عمدہ شہد ہر غذا کے بعد ایک چمچی ضرور کھائیں۔ دود ھ چاول اور سرد اشیاءسے پرہیز کریں مگر دھوپ میں نہ جائیں۔ چارٹ سے غذا نمبر 7,6 مکمل پرہیز کے ساتھ استعمال کر یں ۔
الرجی/ نزلہ
میری عمر30سال ہے مجھے بچپن ہی سے الرجی یا نزلہ کی شکایت ہے۔ دھول مٹی اور دھوئیں سے میری ناک میں سوزش ہوتی ہے، پھر ناک سے پانی کی طرح ریشہ بہنا شروع ہو جاتا ہے۔ کبھی کبھی رات میں بھی ناک بہنا شروع ہو جاتی ہے۔ جسے صاف کرنے کیلئے ایک رومال بھی ناکافی ہوتا ہے۔ یہ ریشہ ناک سے حلق میں گرتا ہے، جسے بار بار تھوکنا پڑتا ہے۔ میں ریشہ اتنا تھوکتا ہوں کہ پلاسٹک کا شاپر اچھا خاصا بھر جاتا ہے۔ ریشہ تھوکنے کے ساتھ ساتھ میرے سینے سے سیٹی جیسی آوازیں آتی ہیں۔آہستہ آہستہ سانس لینے میں دشواری محسوس ہوتی ہے اور دم گھٹنے لگتا ہے۔ بادام اور چھوہارے کھانے سے نزلہ تو ٹھیک ہو جاتا ہے لیکن سانس کی تکلیف بڑھ جاتی ہے۔ بیماری کی وجہ سے جسمانی اور ذہنی طور پر بہت کمزور ہو گیا ہوں ۔ مہربانی فرما کر ایسا نسخہ بتائیں جس کے باقاعدہ استعمال سے میں مکمل طور پر صحت یاب ہو جاﺅں میری سانس کی بیماری دور ہو جائے۔(رب نوا ز.... کراچی)
جواب :یہ دمہ کی شکایت ہے ۔کشتہ طلاءکلاں اصلی دو چاول عمدہ اصلی خمیرہ ابریشم حکیم ارشد والا پر ڈال کر صبح کھائیں سوتے وقت لعوق صنوبر اصلی ایک چائے کی چمچی کھائیں۔ اسطخدوس کا جوشاندہ دن میں دو بار پئیں۔ شدید ضرورت پر انہیلر یا کوئی بھی علاج ہمراہ لیتے رہیں۔ وہ تمام پرہیز کریں جو اس سلسلے میں ہم لکھتے ہیں اور غذا بھی ہمارے مشورو ں کے مطابق کھائیں۔ اس بات کا یقین رکھیں کہ اگر درست علاج میسر آجائے اور غذائی پرہیز اور سردی سے مکمل بچاﺅ رہے تو شفا یابی یقینی ہے( ان شاءاللہ)۔ دمہ کوئی مستقل یا لاعلا ج مرض نہیں ہے ۔ اکثر مریضوں کو تو پرہیز کا ہی پتہ نہیں ہوتا کہ کیا کرنا ہے؟ اکثر کے ذہن میں الرجی جیسا مبہم لفظ ہوتا ہے وہ دھویں، گرد سے بھاگتا رہتا ہے۔ سردی گرمی خشکی تری کے بنیادی فلسفے سے اس کی واقفیت صفر ہوتی ہے تو بچاﺅ اور پرہیز کیسا؟غذا کے معاملے میں چارٹ سے غذا نمبر 3 استعمال کریں ۔
بال گرتے ہیں
میری عمر انیس سال ہے تقریباً تین سال سے میرے بال متواتر گر رہے ہیں اور بال اتنے زیادہ پتلے ہوچکے ہیں کہ میں حد سے زیادہ احساس کمتری میں مبتلا ہو چکا ہوں۔ میں نے سر کے بال بالکل منڈوا دیئے تاکہ بال گرنا بند ہو جائیں، لیکن بالکل فرق نہیں پڑا۔ آپ برائے مہربانی میرے بالوں کیلئے ایسی دوائی تجویز کر دیں کہ میرے بال جلدی سے لمبے اور گھنے ہو جائیں۔ میرے بالوں میں کبھی کبھار خشکی بھی بہت ہو جاتی ہے اور بال خراب بھی ہوتے جارہے ہیں۔ میرے بھائی کی عمر اٹھارہ سال ہے اسے بھی بالوں کا مسئلہ ہے کیا وہ بھی وہی دوائی استعمال کر سکتا ہے جو آپ مجھے تحریر کریں گے۔ میرا دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے معدے کی تکلیف بھی ہے ۔ کھانا کھانے کے بعد جلن محسوس ہوتی ہے۔ تلی ہوئی چیز دیکھنے سے بھی دم گھٹتا ہے۔ بھوک لگتی بہت ہے لیکن جب کھانا کھاتا ہوں تو سکون نہیں ملتا ۔ صحت پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔ کمزور ہوتا جارہا ہوں۔ معدے کی تکلیف تقریباً ایک سال سے ہے۔ (عبدالقدیر، سعودیہ)
جواب: آپ معدے کے علاج کی طرف توجہ دیں، معدے کے ٹھیک ہونے پر دوبارہ لکھیں، نظام ہضم ٹھیک نہ ہو تو غذا سے غذائیت حاصل نہیں ہوتی۔ جس کی وجہ سے کمزوری ہو کر بال گرنے لگتے ہیں۔ رہی سہی کسر صابن اور شیمپو پوری کر دیتے ہیں۔ عمدہ قسم کے بادام، خالص شہد، زیتون کا تیل یا مکھن خالص اور عمدہ انگور غذا میں شامل رکھیں۔ روغن بادام شیریں خشک بالوں میں مالش کریں بشرطیکہ معدہ ہضم بھی کرے ورنہ پھر پہلے معدہ کا حال ہمیں تفصیل سے لکھیں‘ مرچ گرم مصالحے‘ کٹھائی وغیرہ سے فی الحال پرہیز رکھیں۔ چارٹ سے غذا نمبر 4,3,2 کو استعمال کریں ۔
قبض کی شکا یت
سوال :عرض یہ ہے کہ میں بہت پریشان ہوں ۔قطروں کی بیماری ہے۔ کافی عرصہ پہلے شدید قبض ہو گئی تھی میں نے زور لگایا تو خون کے ساتھ ایک رگ (نس) باہر نکل آئی اور کافی تکلیف ہوئی۔ اب بھی اکثر اجابت کے وقت یہ نس باہر نکل آتی ہے،کمر میں بھی کافی درد رہتا ہے اور جسم کے تمام جوڑو ں میں درد ہوتا ہے۔ شرمندگی کی وجہ سے کسی ڈاکٹر کو دکھا نہیں سکتا اور ڈر بھی لگتا ہے کہ کہیں کسی غلط آدمی کے ہاتھ نہ لگ جاﺅں۔ براہ مہربانی میری پریشانی کا کوئی حل نکالیں شکریہ۔ (دانیال خان ،کراچی)
جواب:حب مقل غذا سے آدھا گھنٹہ پہلے ایک ایک گولی پانی سے کھائیں ۔ قبض نہ رہنے دیں۔ گائے کا گوشت نہ کھائیں۔ کوئی اچھی سی ٹیوب کسی میڈیکل سٹور سے لے لیں حسب ترکیب وہ بھی استعمال کریں یعنی اجابت کے بعد لگائیں۔ قبض نہ رہنے دیں، روزانہ پانی پئیں اورپپیتہ خوب کھائیں۔ اگر کوئی ممانعت کا سبب نہ ہو تو خالص عمدہ مکھن رور ناشہ میں کھائیں۔ گرم چیزوں سے مکمل پرہیز کریں۔ چارٹ سے غذا نمبر7,6,5 کومکمل پرہیز سے استعمال کریں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 574
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں